پس ِ منظر
’’دوستو میری سرگزشت ختم ہوچکی ہے ۔اب اس کاپس منظر بیان کررہا ہوں ۔یہ سارے واقعات بھی کہیں میرے باطن میں سرزد ہوئے ہیں ۔پچھلی کہانی باطنی شعور تک محدود تھی یہ پس منظر باطنی لاشعور سے متعلق ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ اس کہانی نے جتنے سوال چھوڑے ہیں ۔شاید ان کے جواب یہاں مل جائیں‘‘
یہ ایک عجیب و غریب غار تھا۔سفید اور سبزی مائل قدرتی طور پر تراشے ہوئے سنگ مرمرکی ایک راہداری سی تھی جو تیس چالیس فٹ کے بعد کسی ہال کمرے کی صورت اختیار کرلی تھی ۔شایدیہ غار کئی صدیوں سے آباد تھی۔ کیونکہ کہیں کہیں دیواروں پر ویسی ہی تصویریں تھیں جیسی ایلورا کے غاروں میں موجود ہیں۔ایک تناسب کے پورے غار میں ہر دس بارہ فٹ کے فاصلے پرکالے رنگ کے پتھر خاصے ابھرے ہوئے تھے ۔جن کے اندر کے حصہ دئیوں کی طرح خالی تھے۔ ان میں سرسوں کاتیل پڑا تھا۔تیل میں سوت کی لپیٹی ہوئی بتی چل رہی تھی۔بالکل ایسا لگتا تھا جیسے پتھر سے آگ نکل رہی ہو ۔ان پتھروں نے غار کے ہر گوشے کو روشن کر رکھا تھا ۔غار کے درمیان ایک تراشی ہوئی چٹان تھی بالکل کسی پلنگ کی طرح مگر برہنہ تھی یعنی بچھا ہوا کچھ نہیں تھا اس پر ایک نوجوان کی لاش پڑی تھی ۔لاش نے صرف لنگوٹی پہن رکھی تھی ۔چہرے پر ایسی داڑھی تھی جیسے برسوں سے شیو نہ کی ہو۔ ایک بہت ہی خوفناک لمبے لمبے سیاہ بالوں والاکتالاش کے پاس زمین پر بیٹھا تھا۔تین آدمی غار میں داخل ہوئے ۔کتے نے چونک کر گردن گھمائی اور حملے کے لیے تیار ہوگیا مگر جیسے وہ قریب آئے ۔کتے نے اٹھی ہوئی گردن گرا دی ۔وہ پہلی جیسی پوزیشن میں آ گیا۔آنے والوں کے بدن پر بھی صرف لنگوٹیاں تھیں ان کی بھی داڑھیاں بے ترتیب اور بے ہنگم تھیں۔ بال بھی بڑے ہوئے تھی ۔ایک آگے چل رہا تھا دو اس کے پیچھے۔ یہ تینوں سادھو تھے۔آگے والے کے گلے میں تسبیح نما مالا تھی جس کے موتیوں سے روشنی نکل رہی تھی ۔ دو نوں چیلے پیچھے بہت مودب تھے ۔تینوں کا جسم تابنے کی طرح چمک رہا تھا ۔ چیلوں کے ماتھوں کے درمیان سفید رنگ کی عمودی لکیر بھی تھی جب کہ بڑے سادھوکا ماتھا بالکل صاف تھا ۔وہ لاش کے قریب آیا۔اس نے لاش کے ماتھے پر چند لمحے ایسے ہاتھ رکھاجیسے ڈاکٹر کسی مریض کے بخار کا اندازہ کرنے کے لیے رکھتے ہیں اورپھر اپنے ساتھ آئے ہوئے سادھووں سے پوچھا ”یہ کتنے دنوں سے اِسی حالت میں ہے “ ایک سادھو بولا ”تیسرا دن ہے جی اس کی روح واپس نہیں آئی ۔میں روز یہاں راون کو کھانا دینے آتاہوں۔“ بڑے سادھو نے کچھ پڑھنا شروع کیا اوررفتہ رفتہ وہ لاش زندہ ہوتی گئی ۔لاش نے آنکھیں گھمائیں اور بڑے سادھو کو دیکھ کرتیزی سے اٹھ کھڑی ہوئی۔جیسے ان کی موجودگی میں لیٹنا کسی گناہِ کبیریا سے کم نہ ہو ۔بڑے سادھو نے اس کی آنکھوں میں تیز نظروں سے دیکھتے ہوئے کہا۔”تم تین دن سے واپس نہیں آئے تھے آقا قافا ۔بڑے بڑے سادھو وں کی روحیں دو دن سے زیادہ اپنے جسموں سے باہر نہیں رہ سکیں اور کئی سادھووں کی روحیں اِسی دورانیے کو بڑھانے کی کوشش میں ہمیشہ کے لیے بھی پرواز کر گئیں ۔کیا تمہیں کسی مشکل کا احساس نہیں ہوا“
آقا قافا بولا”نہیں سادھو بابا “اور پھر کتے سے مخاطب ہو کر کہا ”راون چل اپنی جگہ پر “اور کتا وہاں سے اٹھ کر کونے میں پڑے ہوئے گدے پر بیٹھا۔آقا قافا کہنے لگا’‘میں اِس سے پہلے ایک بار پانچ دن کے بعد بھی جسم میں واپس آیا ہوں ۔ “بڑے سادھو نے کہا ”واقعی ۔یہ حیرت انگیز ہے مگر تم اتنے اتنے دن کہاں پھرتے رہتے ہو“آقا قافا بولا ”بابا ایک منظر پسند آگیا ہے۔ اسی کو آنکھوں میں جمع کرتا رہتاہوں “۔
”کیا ہے اس منظر میں“
”ایک لڑکی ہے سادھو بابا “اوربڑے سادھو نے پریشان ہو کر کہا
”کیسی لڑکی “
”جیسی ہوتی ہے لڑکی “آقا قافانے دبے لہجے میں کہا”سادھو بابا آگے بڑھے اور آقا قافا کی آنکھوں میں دیکھتے ہوئے بولے”تمہیں معلوم ہے تم ایک محدود عرصے کےلئے ہو اور عورت تمہارے لئے تائپان کے زہر سے کم نہیں ‘
آقا قافا نے آنکھیں جھکا لیں اور کہا”میں اُسے صرف دیکھتا ہوں بابا “
”تمہیں کسی صورت میں بھی عورت کے قریب جانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی “
آقا قافانے بڑے اعتماد سے کہا ”سادھو بابا مجھ پر اعتبار کیجئے ۔کیا پہلے کہیں میرے قدم ڈگمگائے ہیں۔کیاکبھی کسی امتحان میں ناکام ہوا ہوں ۔“
”مجھے تم پر اعتبار ہے مگر عورت زاد پر نہیں ۔تم نہیں جانتے بھگوان نے عورت سے زیادہ سحر انگیز اور کوئی چیزنہیں بنائی ۔ میرابھگوان تمہاری حفاطت کرے ۔ تمہارا اللہ تمہارا نگہبان ہو۔یہ یاد رکھنا ۔یہ بات کبھی مت بھولنا۔ یہ پتھر پر لکیر ہے کہ ملاپ تمہاری موت ہے“
یہ کہہ کربڑا سادھواپنے ساتھیوں کے ساتھ واپس مڑگیا ۔ آقا قافا بھی ان کے پیچھے پیچھے چل پڑا۔ ۔بڑا سادھو جیسے جیسے قدم رکھتا تھاتوتھوڑے تھوڑے فاصلے پرپتھرکے دئیوں سے نکلتے ہوئے شعلے کچھ اور بلندہوجاتے تھے۔غار اس جگہ پرروشنی بڑھ جاتی تھی ۔غار کے دھانے پررک کر بڑے سادھو نے کہا ”یہ بات بھی اچھی نہیں کہ تم کئی کئی دن پڑھنے بھی نہیں آتے ہو“
”جی آئندہ ناغہ نہیں کروں گا“
آقا قافا یہ کہہ کر دھانے پررگ گیا۔سادھو پٹ سن کی موٹی موٹی طنابوں سے بُنے ہوئے باریک پل پر آگے بڑھتے چلے گئے ۔پل کے نیچے ہزاروں فٹ گہری سفیدی تھی ۔ہر طرف برف بچھی تھی۔سادھووں کے چلنے سے رسوں کے اردگرد لپٹی ہوئی برف گررہی تھی مگر زمین تک پہنچنے سے پہلے کہیں دھند میں گم ہوجاتی تھی ۔یہ غار کوہ ہمالیہ کی ایک بلند ترین چوٹی پر واقع تھا۔اس کے اردگرد اور بھی غار تھے یہ دراصل چالیس پچاس غاروں کی ایک غیر اعلانیہ بستی تھی ۔یہاں کوئی عورت نہیں تھی ۔یہاں کوئی بچہ نہیں تھا ۔یہاں صرف سادھو رہتے تھے ۔یہاں عام کاآدمی پہنچنا تقریباً ناممکن تھا ۔آقا قافا انہیں جاتے ہوئے دیکھتا رہا ۔پل عبور کرنے کے بعد وہ ایک برف بھری پہاڑی پگڈنڈی پر مڑے اور آنکھوں سے اوجھل ہوگئے ۔اگرچہ مصروفیت کاعالم ایسا تھاکہ سادھووں کے پاس ایک دوسرے سے بات کرنے کابھی وقت نہیں تھا۔وہ سب دن رات اپنی مشقوں اور اپنے مراقبوں میں غرق رہتے تھے ۔مگر ایک دوسرے کا بہت خیال رکھتے تھے ۔وہاں نوجوان صرف آقا قافا تھا۔باقی تمام لوگوں کی عمر پچاس سال سے زائد تھی ۔وہاںسب کی منزل بھی ایک تھی ۔سبھی ایک دوسرے سے بڑھ کر بھگوان کے قریب ہونا چاہتے تھے ۔یعنی سب ایک دوسرے کے رقیب تھے مگر دلداررقابت تھی کہ اس پر محبت قربان کی جاسکتی تھی۔آقا قافا انہیں دیکھ کر اکثر سوچتا تھاکہ یہ بھی عجیب عشق ہے جو رقیب ہیں وہ رفیق کی طرح عزیز ہیں
آقا قافا غار کے اندر آیا اور اپنی چٹان پر بیٹھ گیا ۔
تھوڑی دیر یونہی بیٹھا رہا بالکل ایسے جیسے کوئی شخص خالی الذہن ہو کر کہیں بیٹھ گیا ہو ۔پھر اٹھا غار سے باہر نکل آیا اور ایک پہاڑی پگڈنڈی پر بلندی کی سمت جانے لگا۔یہ پگڈنڈی برف پر پائوں کے نشانات نے بنائی ہوئی تھی ۔پگڈنڈی ایک تراشی ہوئی چٹان کے سامنے جاکر ختم ہوگئی ۔چٹان کے ساتھ ایک چھوٹا سا درخت بھی تھا جس پر برف کےپات لگے ہوئے تھے ۔اس نے برف کی چٹان کو دھکا دیا اور اس میں ایک دروازہ کھلا اور اندر داخل ہوا۔اندر بہت زیادہ روشنی تھی چٹانوں خوبصورتی سے تراش کر ایک بہت ہال کی صورت دل گئی تھی جس میں ہر طرف الماریاں ہی الماریاں تھیں کتابوں سے بھری ہوئی الماریاں ۔سامنے کسی سائن کی طرف ’’شاردا یونیورسٹی لکھا ہوا چمک رہا تھا ۔ایک پختہ عمر کے سادھو اس کا استقبال کیا اور کہا ’’کہیں گئے ہوئے تھے تین دن ہوگئے ہیں نظر نہیں آئے ہو ‘‘ آقا قافا بولا ۔’’ہاں میں یونیورسٹی میں موجود نہیں تھا وہ سادھو جو شاید وہاں لائبریرین تھا کہنے لگا ’’ میں یہیں سوچ رہا تھا کہ تمہیں کہیں جائو نہ جائو ۔ یونیورسٹی میں ہوتے ہو تو لائبریری میں ضرورت آتے ہو۔‘‘ آقا قافا نے پوچھا ’’ کوئی نئی کتاب آئی ہے ‘‘لائبریرین بولا ’’ہاں فزکس کی کچھ کتابیں آئی ہیں ۔تم اُس دن’’کواٹم الجھن ‘‘ کے موضوع پر کسی کتاب کی تلاش میں تھے نا۔ اس موضوع پر کتاب آئی ہے ۔ ‘‘یہ کہتے ہوئے وہ الماری کی طرف بڑھا اور اسے ۔۔۔۔۔۔۔نام کی کتاب نکل کر تھمادی ۔‘‘آقا قافا بولا ۔’’یہ بڑا زبردست کام ہوا ہے ‘‘لائبریرین نے کہا ’’کچھ مجھے بھی سمجھائو گے اس کے بارے میں یہ کواٹم کیا بلا ہے ۔میں نے کتاب پڑھ کے سمجھنے کی کوشش کی ہے مگر کچھ ہاتھ نہیں آیا۔آقا قافا کہنے لگا ’’کواٹم الجھائو دراصل اس صورت حال کو کہتے ہیں جب کسی چیز کو جسمانی طور پر دو حصوں میں تقسیم کردیا ان کے درمیان ہزاروں میلوں کا فاصلہ رکھ دیا اس کے باوجود بھی دونوں ایک تعلق موجود رہے ۔
آقا قافا تقریباً ایک گھنٹہ وہیں بیٹھ کر اُس کتاب کی ورق گردانی کرتا رہاپھر وہاں سے اٹھا اور چلتا ہوا ایک اور دروازہ کے پاس اسے کھولا تو سامنے ایک عجیب منظر تھا ہر طرف برف پڑی ہوئی تھی اور اس کے درمیان پہاڑی نالہ رواں دواں تھا۔جس سے بھاپ اٹھ رہی تھی ۔ہر طرف گندھک کی خوشبو پھیلی ہوئی تھی ۔وہ آگے بڑھا اور گرم پانی اس نالے میں اتر گیا ۔وہ خاصی دیر اس ندی میں نہاتا رہا یعنی اشنان کرتا رہا اس کے بعد نالے کے دوسری جانب سے باہر نکلا وہاں برف بھری سیڑھیاں تھیں وہ ان پر چڑھتا ہوا ایک مندر تک گیا جس میں کئی نوجوان سادھو موجود تھے ۔‘ ٹمپل ایک پہاڑی تراش کر بتایا گیا تھا اس کے بڑے برامدے کے اوپر شاردا دیوی کا بت تھا‘ جو کم از کم ساٹھ اونچا تھا۔برف کی وجہ وہ بت بالکل سفید دکھائی دے رہا تھا۔وہ کبھی اس مندر کے اندر نہیں گیا تھا مگر اسے اُس کے نوجوان دوست رامو نے بتایا تھا کہ مندر میں شاردا دیوی کا جو بت ہے وہ ہوا میں معلق ہے اور چاند راتوں میں اکثر گھومنے لگتا ہے اوراُس عالم میں اگرکوئی بھی شخص شاردا دیوی کو ہاتھ لگا لےتوپسینے میں شرابور ہو جاتا ہے
آقا قافا شاید رامو سے ملنے ہی وہاں آیا تھا وہ چندلمحے وہاں رکا تو رامو مندر سے باہر آیا اور آقا قافا نے اسے لگالایا اور کہا ’’تم آج کل کچھ زیادہ ہی پوجا پاٹ میں لگے ہوئے ہو ‘‘رامو بولا ’’ نہیں یارروانہ ادب طب‘ فلکیات‘ ہیت‘ نجوم اور فلسفے کی کلاسیں لینا میرے ضروری قرار دیا گیا ہے ۔اور تم جانتے ہو کہ مجھے تمام مضامین سے کوئی دلچسپی نہیں ۔ان مضامین میں میرے انتہائی نالائق ہونے کی وجہ سے بڑے سادھو نے میرے روانہ دو گھنٹے شاردا دیوی کی پوجا کا حکم دیا ہے کہ علم و حکمت کی دیوی مجھ پر مہربان ہوجائے مگر لگتاہے دیوی چہروں کے موسم دیکھ کردیکھ کر علم و حکمت کی بارش کرتی ہے ۔‘‘وہ دونوں چلتے ہوئے ایک بہت بڑے غار میں داخل ہوئے جہاں بہت سے بوڑھے تپسیا میں مصروف تھے‘ کئی لوگ دم سادھ کر بیٹھے ہوئےتھے۔ایسا لگتا تھا جیسے مٹی سے بنائے ہوئے بت ہیں ۔آقا قافا کے اشارہ کرنے پر رامو التی پالتی مار کر ایک بوڑھے سادھو کے سامنے بیٹھ گیا۔ سادھونے آنکھیں کھولیں اور رامو کی طرف دیکھنے کی بجائے کھڑے ہوئے آقاقافا کی طرف دیکھا اور کہا ’’اب کیا ہے ‘‘آقا قابولا ۔’’ اس کے دماغ کی گرہیں نہیں کھول رہیں ‘‘ بوڑھے سادھو نے رامو کی آنکھوں میں جھانکا اور کہا ’’اس کو یہیں چھوڑ جائو اور تم جائو ۔ سادھو غار میں ایک مسلے کی آمد بہت مضطرب ہو رہے ہیں ‘‘آقا قافا بولا ’’یہ بات میری سمجھ میں نہیں آتی ایک طرف سادھو بابا اتنے بڑے دل والے ہیں کہ ایک مسلمان کا بیٹا ہونے پر انہوں نے مجھے مسلمان کی حیثیت سے بڑا کیا ہے ۔ دوسرے یہ کچھ سادھو ایسے جو مجھے دیکھتے ہیں تو ان کے تن بدن میں آگ لگ جاتی ہے ۔‘‘ بوڑھا بولا ۔’’ تمہارے سادھو بابا تم نے پر کوئی احسان نہیں کیا ۔وہ جس سلطان باہو کی تم بہت کتابوں پڑھتے ہو ۔وہ شروع دن سے تمہارا ساتھ ہے ۔ تمہارا سادھو بابا تم سے جو کچھ چاہتا تھا وہ تمہیں مسلمان رکھے بغیر حاصل نہیں کر سکتا تھا ‘‘ آقا قافا بولا ۔’’آپ ویسے میرے سادھو بابا کے خلاف ہیں ۔ مجھے جتنی شکتیاں بھی مل جائیں ان سے سادھو بابا کو کیا حاصل ہونا ہے ‘‘بوڑھے کے چہرے پر تبسم سا آیا اور بولا ۔’’وہی کچھ جو ایک فنکار کو شاہکار تخلیق کر کے ملتا ہے ۔ بس اب تم جائو ‘‘ اور آقا قافا تیز تیز قدم اٹھاتا ہوا واپس اپنی غار میں پہنچ گیا اس نے تھوڑی دیر اپنے کتے راون کے ساتھ پیار کیا اور پھر اسی چٹان پر لیٹ گیا ۔ چند لمحوں کے بعد جسم سے باہر آگیا۔ اس نے پرواز کی اورپل بھر میں ہزاروں میل دور دریائے سندھ کے کنارے ایک خوبصورت محل کی خوبصورت تر خواب گاہ میں ایک خوبصورت ترین لڑکی کے پاس موجود تھا۔آقا قافا کو اس لڑکی سے محبت ہوگئی تھی ۔وہ بس وہاں بیٹھ کر اسے دیکھتا رہتا تھا۔وہ لڑکی بھی حسن کا شاہکار تھی۔قدرت نے اسے پوری توجہ سے بنایا تھا۔پہلی بار جب آقا قافا کی نظراس پڑی تھی اسے ایسا لگا تھا جیسے آنکھوں میں بجلی چمکی ہو۔
خواب گاہ میں نورموجود تھی۔نور جہاں رہتی تھی محل کے اُس بلاک میں چار کمرے تھے ۔ایک ڈرائنگ روم تھا ایک بیڈروم تھا اور تیسرے کمرے میں نور نے اپنا وارڈ روب بنایا ہوا تھا۔اسی کے ساتھ ایک وسیع و عریض باتھ روم تھا۔کمپیوٹر اس نے بیڈروم میں رکھا ہوا تھا۔ وہ اس وقت کمپیوٹر ٹیبل پر بیٹھی تھی ۔اس کی خوابناک آنکھیں مانیٹر پر مرتکز تھیں جہاں ناصر کرکٹ کھیلتا ہوا نظر آرہا تھا۔ناصرنے ایک زور دار چھکا مار ا اورنور کھکھلا اٹھی۔ ناصرنے ایک اور چھکا مارا اورگیند سٹیدیم کی دیواروں سے باہراچھال دی۔ نورنے کمپیوٹر کو کوئی کمانڈ دی اور سکرین پر چھکے والا شاٹ بار بارچلنے لگا۔نور بہت خوش نظر آ رہی تھی۔نارو کمرے کے اندر داخل ہوئی ۔چلتی ہوئی نور کی بیک پر آ کھڑی ہوگئی
اورپھر مانیٹرمیں دیکھتی ہوئی بولی۔
”چھوٹی مالکن۔ آپ یہ چھکے والا شارٹ باربار کیوں دیکھتی ہیں؟۔اس میں کوئی خاص بات ہے“
”دیکھتی نہیں ہو۔گیند سٹیڈیم کی اتنی اونچی فصیلوں سے باہر جا گرا ہے۔“
:” ہاں چھوٹی مالکن۔ اونچی فصیلوں سے باہر نکلنا کوئی آسان کام تو نہیں۔“
”فصیلیں جتنی بھی اونچی ہوں صفیہ ۔ارادوں سے اونچی تو نہیں ہو سکتیں۔“
”مگر وہ بھی تو فصیلیں اور اونچی کرتی جا رہے ہیں۔“
”اسی لیے تو مجھے یقین ہوتا جا رہا ہے٬ مرے باپ کا قاتل۔۔۔نواب منورمان ہے“
”بھائی کو بھائی کیسے مار سکتا ہے؟ چھوٹی مالکن“
” اقتدار کے لیے آدمی کچھ بھی کر سکتا ہے۔“
”بھائی کو بھی مار سکتا ہے؟“
نارو نور کی ملازمہ ہی نہیں تھی سہیلی بھی تھی ۔دونوں ہم عمر تھیں اور ایک ساتھ جوان ہوئی تھیں نور نے نارو سے کہا
”بابا کہا کرتے تھے زن زر اور زمین کے لیے قتل کر نا ہماری روایت میں شامل ہے ۔آج دیکھ لو ساری جاگیرپر کس کا قبضہ ہے؟“
کمپوٹر پر ویڈیو چیٹ کا میسج جلتا بجھتادیکھ کرنور نے ناروسے کہا ”تم جاﺅ“
اور پھر ناصر اور نور میں گفتگو ہونے لگی
آقا قافا کوناصرسے رقابت کا احساس نہیں ہوتا تھا۔ نور کے حالات بھی آقا قافا کے سامنے تھے ،اسے کسی دوست کی ضروری تھی۔۔آقا قافا نے سوچا کہ چلو نواب منور کو دیکھا جائے جس کے بارے میں نور کو یقین تھا کہ اس کے باپ کا قاتل وہی ہے۔آقاقافا نور کے کمرے سے باہر آیا ۔اس نے بلندی پر جا کر ماحول کا جائزہ لیا۔ایک طرف ایک اڑھائی فٹ کی ریلوے لائن پر چھوٹی ریل گاڑی آہستہ آہستہ چل رہی تھی۔ ریل گاڑی کے ڈبے مسافروں سے بھرے ہوئے تھے ۔اس ریل گاڑی کو دریا سندھ کے ایک پل سے گزرنا تھا ۔اس پل سے ریل گاڑی بھی گزرتی تھی اور دوسری ٹریفک یعنی کاریں اور بسیں بھی گزرتی تھیں جیسے ہی ریل گاڑی پل کے قریب پہنچتی تو دھن کوٹ اسٹیٹ کے سپاہی نے ریل گاڑی کو سرخ جھنڈی لہرا کر روک دیا ۔ ڈرائیور ریل گاڑی روک کر نیچے اتر آیا اور کہنے لگا” پل تو خالی پڑا ہے “سپاہی نے کہا” نواب صاحب کی گاڑی آنے والی ہے ۔تمہیں دریا چلتے ہوئے دئیے دکھائی نہیں دیتے۔نواب صاحب دئیوں والے میلے کا افتتاح کرکے آرہے ہیں“ٹرین کے ڈرائیور نے دریا کی طرف دیکھاتو لکڑی کے چھوٹے چھوٹے تختوں پر مٹی کے دئیے دریا میں بہہ رہے تھے۔ پورادریا قمقموں سے بھر ا تھا۔شام کے گہرے گہرے سایوں کو ان بہتے ہوئے چراغوں نے کچھ پراسرار بنا دیاتھا
ڈرائیورنے چپ سادھ لی۔ چند منٹوں بعد نواب صاحب کی لینڈکروز آئی اُس کے آگے بھی دھن کوٹ اسٹیٹ کی دو جیپیں سپاہیوں سے بھری ہوئی تھیںاور دوجیپیں پیچھے بھی ۔جب یہ کارواں گزرگیا تو ریل گاڑی پل سے گزرنے کی اجازت ملی۔آقا قافا کی روح بھی اسی قافلے ساتھ ساتھ سفر کرنے لگی۔ دریا ئے سندھ کے کنارے پرکئی فرلانگ تک پھیلا ہوا پوری جاگ چکا تھا۔دیواروں پر بجلی کی مشعلیں روشن تھیں۔درختوں کو برقی قمقوں سے بھردیا گیا تھا۔شاید دھن کوٹ اسٹیٹ کی کوئی خاص رات تھی۔ محل کے مین گیٹ کے باہربھی بیئرر لگا ہوا تھا۔ بہت سے سپاہی کلاشن کوفیں اٹھائے ہوئے کھڑے تھے۔ نواب صاحب کی لینڈ کروزر گیٹ کے اندر داخل ہو ئی لینڈ کروز کے باہرایک طرف پوری سائیڈ پرانگریزی زبان میں لکھا تھا ۔سٹیٹ آف دھن کوٹ۔سپاہیوں کی وردی پر بھی سیٹیٹ آف دھن کو ٹ پرنٹ موجود تھے۔ ہر سپاہی کے کندھے پرا سٹیٹ کا مخصوص بیج بھی لگاتھا۔ لینڈ کروزر کے پچھلی سیٹ پر نواب مان منور بیٹھا ہوا تھا ۔ گیٹ کے اندربھی ہر چھ فٹ کے فاصلے پر ایک کلاشن کوف بردار موجود تھا ۔لینڈ کروز رمحل کے اندر کافی دیر تک چلنے کے بعد ایک جگہ رکی۔سٹیٹ کے منیجرنے تیزی سے آگے بڑھ کر گاڑی کا دروازہ کھولا نواب منورنے بڑے وقار سے نیچے پاﺅں رکھا۔نیچے ریڈ کارپٹ بچھا تھا۔ نواب صاحب اس پر چلتے ہوئے محل کی عمارت کی طرف بڑھنے لگے۔وہ ایک دروازے تک پہنچے تو دو سپاہیوں نے دروازے کے کواڑ کھولے۔ وہ داخل ہوا اور پھردروازہ بند ہوگیا۔ کمرے کے اند راسٹیج تھا جس پر تحتِ طاﺅس جیسی کرسی پڑی تھی۔ نواب منور کرسی پر بیٹھ گیا۔بیٹھتے ہی اس نے کرسی کے بازﺅوں کو مضبوطی کے ساتھ پکڑ لیا۔گرفت اتنی سخت تھی کہ ہاتھوں کی رگیں بھر آئی ابھی بیٹھے ہوئے زیادہ نہیں ہوئی تھی ۔ منیجر سامنے سر جھکائے کھڑا تھا کہ ایک ملازمہ اند ر داخل ہوئی۔ سر جھکا کر سلام کیا اور کہا ”چھوٹی مالکن آپ باہر موجودہیں“
نواب منور کے ماتھے پرموجودشکنیں کچھ اورپھیل گئیں۔ ہاتھوں کی گرفت میں کچھ اورسختی آ گئی۔ ملازمہ نے دروازہ کھول پیچھے ہٹتے ہوئے اشارے سے دروازے سے ادھر کھڑی ہوئی نور کو احترام سے اندر آنے کاکہا۔نور اندر داخل ہوئی اور ملازمہ باہر نکل گئی اور دروازہ بند ہو گیا۔نواب منورنے ترچھی اور سوالیہ نظروں سے نور کو دیکھا۔نور بولی
:”میں اپنے بابا کی قبر پر جانا چاہتی ہوں۔“
: ”قبر پر جانے کی اجازت ہے، کل چلی جانا۔“
نور بڑی بے خوفی سے بولی
: ”آج کیوں نہیں؟“
”کہہ جو دیا ہے، کل چلی جانا“
” میں یہ پوچھ سکتی ہوں ، مجھ پر پابندیاں کیوں بڑھا دی گئی ہیں ، بابا نے زندگی بھر محل سے باہر قدم نہیں رکھنے دیا اور آپ بابا کی قبر تک نہیں جانے دیتے۔“
”میں نے تم سے کہا ہے ، تم مرے بیٹے سے شادی کر لو۔ نواب زادہ انورمان سے شادی کے بعد سب پابندیاں اٹھا لی جائیں گی۔“
نوربولی
”میں پہلے کہہ چکی ہوں ، میرے لئے یہ ممکن نہیں۔“
”تم جانتی ہو کہ نواب آف دھن کوٹ کا حکم نہ مانناکتنا بڑا جرم ہے“
دھن کوٹ کی روایات کے مطابق آپ کسی کو بھی ایسا حکم نہیں دے سکتے
نواب منور یک لخت غصے میں آگیا اور بولا
”تم مجھ سے زیادہ جانتی ہو دھن کوٹ کی روایات ۔گستاخ لڑکی ۔نکل جاﺅ کمرے سے۔کہیں ہمارا قہر نہ جاگ اٹھے“
اور نور خاموشی سے دروازے کی طرف مڑ گئی۔نواب منور مان سے اسے جاتے ہوئے ایسی نظروں سے دیکھ رہا تھا جیسے ابھی حکم دیں گے کہ اسے گولی مار دو۔آقا قافا کے دماغ میں خطرے کی گھنٹی بجی ۔اسے خیال آیا کہ نورکا دل تو کہیں سات سمندر پار اٹکا ہوا ہے، وہ ناصر کے عشق میں گرفتار ہے ۔وہ اسے یہاں سے کیسے نکال کر لے جا سکتا ہے اور آقا قافا نے پرواز کی۔اگلے لمحے وہ برطانیہ کے شہر لیڈز میں ناصر کے بنگلہ میںموجود تھا۔ناصر اس وقت اپنے سٹڈی روم میں تھا کمرے میںایک طرف ایک چاندی جیسے رنگ کی ایک شیلف پڑی تھی جس میں کتابیں تھیں۔اس کے ساتھ اسی رنگ کی مہیں سی کمپیوٹر ٹیبل پڑی تھی جو تقریباً اسی فیصد بلور کی بنی ہوئی تھی۔اس کے اوپر ایپل کا نفیس ساکمپیو ٹربڑی نفاست سے سجا ہوا تھا۔ ساتھ والی دیوار پر ایک لائن میں سات تکونی فریم لگے ہوئے تھے ۔پہلے فریم میں ناصر عمران خان کے ساتھ کھڑا تھا دوسرے فریم میں وسیم اکرم کے ساتھ اس کی تصویر تھی۔ تیسرے فریم میں جاوید میاں داد کے ساتھ موجود تھا۔ چوتھے فریم میں ٹنڈولکر کے ساتھ تھا ۔چھٹے فریم میں شین وارن اور ناصرکی تصویر تھی۔ ساتویں فریم میں بیٹنگ کرتے ہوئے ناصرنظرآرہا تھا۔اس کے سامنے والی دیوار پر تقریباًاٹھ فٹ لمبا اور چار فٹ چوڑا پین بورڈ لگا ہوا تھا۔اس پر لگے ہوئے کپڑے کا رنگ دیواروں کے کلر کی مناسبت سے گہرا نیلا تھا۔اس بورڈ پر ایک ہی لڑکی بے شمار تصویریں پنوں کے ساتھ چسپاں تھیں۔ناصر کمپیوٹر ٹیبل کے سامنے پڑی ہوئی بغیر بازووں والی وائٹ چیئر پر بیٹھا تھااورپرنٹر سے نور کی تصویر کا پرنٹ نکال رہا تھا۔تصویر پرنٹ ہوتی تھی اور ناصراٹھ کر بورڈ پرلگادیتا تھا۔اس نے نور بہت سی تصویریں بورڈ آویزاں کیں ۔ بورڈ بھر گیا۔ایک تصویررہ گئی۔ناصرنے اسے ایک کے شیشے پربڑی صفائی کے ساتھ لگادیا۔پھر سیڑھی اٹھا لایاچھت پر چھ لائنٹس کا ایک گول پینل لگا تھا۔ہر لائٹ مختلف کلر کی تھی اورہر لائٹ کو کسی نہ کسی کی سمت پر مرکوز کیا گیا تھا۔ناصر نے نیلے رنگ والی لائٹ کو گھما کر کھڑکی والی تصویرکی طرف کردیا۔یکدم وہ تصویر ایسے نکھر آئی جیسے شیشے سے باہر آرہی ہو۔ویسے نور بہت ہی خوبصورت لڑکی تھی اور فوٹوجینک بھی بلا کی تھی ۔اس کی ہر تصویر دیکھنے والے کے دل پر ہاتھ ڈالتی ہے ۔ ان تصویروں سے کمرے کی رومانوی فضا اوردلربا ہوگئی تھی ۔کمرے کے ایک کونے میں گٹار بڑی خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ناصرنے گٹار اٹھالیا۔ اُس پر سمفنی کی ایک ملول سی دھن چھیڑدی۔ کھڑکی کے باہربرف میں دریا بہہ رہا تھا ۔اس نے گٹار سے الیکٹرک کے تار علیحدہ کئے اور گٹار لے کر گھر سے باہردریا کے پاس آگیا۔ دریا کی چوڑائی بیس بائیس فٹ سے زیادہ نہیں تھی اس کاپانی کہیں کہیں سے جم چکا تھا۔ناصر پانی کے قریب ایک خزاں زدہ درخت کے پاس کھڑا ہو کر گٹا ر بجانے لگا۔آقا قافا نے ناصر کا اچھی طرح جائزہ لے لیا تھا ۔اسے ناصر کی ذات میں پھیلی ہوئی محبت کی مستی پسندآئی ۔اس کی تہذیب ، اس کا رکھ رکھاﺅ ،اس کا مزاج اچھا لگا۔
آقا قافا واپس نور کے پاس آگیا۔نور محل کے اندر گھوم رہی تھی ۔افسردہ افسردہ ۔اس وقت وہ بڑی فصیل کی طرف دیکھتے ہوئے چل رہی تھی۔بڑے بڑے دروازوں میں پڑے ہوئے بڑے بڑے تالوں کوٹھہر ٹھہر کر دیکھتی تھی۔ ڈیوٹی دینے سپاہی اسے سلام کر کے ایک طرف ہو تے جاتے تھے۔وہ چلتی ہوئی دوسری منزل پر آگئی ۔دور دور تک پھیلی ہوئی خوبصورت پہاڑیوں پر نظر ڈالتی ہوئی ایک جگہ رک گئی اور فصیلوں کے اوپر کھڑے پہرے داروں کو دیکھنے لگی۔وہ فصیل کے ساتھ چلتے چلتے دریا کے کنارے پر آگئی۔دریا کی لہریں پتھروں سے سر ٹکراتی آگے بڑھ رہی تھیں۔کبھی کبھی کوئی مچھلی لہر کے ساتھ اچھلتی تھی اور پھر دریا میں گم جاتی تھی۔ اس محل کے تین طرف دیواریں تھیں اور ایک طرف دریا ۔۔محل بناتے ہوئے اس بات کا خیال رکھا گیا تھا کہ دریا بھی فصیل کا کام دے ۔نورنے وہاں موجود سیڑھیوں سے بھاری بھاری قدم اٹھاتے ہوئے نیچے اترنا شروع کیا ایسے لگ رہا تھا جیسے پاتال میں اتر رہی ہو۔دریا کے کنارے پر بہت خوبصورت لان بنا ہوا تھا کرسیاں بھی بڑی تھیں۔جن کا ڈیزائن مور کے کھلے ہوئے پروں جیسا تھا۔لان میں خود مور بھی گھوم پھر رہے تھے۔ لان جہان ختم ہوتا تھا وہاںبھی سیڑھیاں تھیں جو دریا اتر رہی تھیں۔دریا میں ایک طرف تین لانچیں بھی کھڑی تھیں ۔ پہرے دار بھی موجود تھے ۔ہر طرف اداسی پھیلی ہوئی تھی۔کہیں بھی مسکراہٹ نہیں تھی۔درختوں سے پہرے داروں تک غم بکھرا ہوا تھا۔شام کی آنکھوںمیں ہلکے ہلکے آنسو تھے۔بادل بھی تھے اور سورج بھی موجود تھا۔نور چلتی ہوئی دریا کے کنارے پر آکھڑی ہوئی اور دریا میں ڈوبتے ہوئے سورج کی آخری لہو رنگ شعاعوں کو دیکھنے لگی ۔شعاعیں اڑتی ہوئی سفیدکونجوں کو نارنجی بنارہی تھیں۔نور نے موروں کی توجہ دی اسٹریلین نسل کے سفید مور اورسیاہ رنگ کے دھن کوٹی مور اسے اپنے جیسے لگے ۔وہ کچھ دیر وہاں گھوم پھر کر واپس اپنے کمرے میں آگئی۔نور کی اداسی روز بہ روز بڑھتی جارہی تھی ۔آج تو آقا قافا کو ایسا محسوس ہوا جیسے اداسی کمپیوٹر کے سامنے پڑی ہوئی کرسی پرڈھیر ہوگئی ہے۔ وہ نور کےلئے کچھ کرنا چاہتا تھا مگر ابھی اس کےلئے یہ سب کچھ ممکن نہیں تھا
نورکا بے جان ہاتھ دھیرے دھیرے موس کی طرف گیا ۔اس نے اسی طرح پڑے پڑے کمپیوٹر آن کیا۔۔ مانیٹر پر ایک بندکھڑکی نظر آئی۔ یہ کھڑکی محل کی کھڑکیوں کی طرح تھی۔ سکرین پر اُس کھڑکی کے در آہستہ آہستہ کھلنے لگے اور نور کے مرجھائے ہوئے چہرے پر ہلکی ہلکی مسکراہٹ نمودار ہونے لگی۔پھر سکرین پرناصرچھکا مارتے ہوئے نظر آیا نور کے چہرے پر تھوڑی سی رونق بحال ہوئی۔ پھرسکرین پر سٹیڈیم کی فصیلوں سے اوپر جاتی ہوئی گیند کا شارٹ آیا ۔ہوا میں اڑتی ہوئی گیند آقا قافا نے دیکھی اور ناصر کی طرف پرواز کی اسے خیال آیا کہ ناصر ہی اسے اس قید سے رہائی دلا سکتا ہے۔
آقا قافا نے دیکھا تو اڑتی ہوئی گیند نٹ میں جا کر لگی۔لیڈز کرکٹ گراونڈمیں ناصر پریکٹس کر رہا تھا۔ایک کار گراونڈ کے بالکل ساتھ وہیں آکر رکی جہاں نٹ لگا تھا۔ناصر نے کار کی طرف دیکھا اور پھر کھیلنے لگا۔کار میں بیٹھی ہوئی ارم کچھ دیر کے بعداپنی گھڑی پر ٹائم دیکھنے لگی۔ناصر کھیلتا رہا اور ارم کی جھنجھلا ہٹ بڑھنے لگی۔ جھنجھلاہٹ اور بڑھی اور وہ کار کا دروازے کھول باہر نکل آئی۔ ناصر نے اسے کار سے باہر نکلتے ہوئے دیکھ کرکھیل چھوڑ دیا۔ارم واپس کار کے اندر بیٹھ گئی۔ناصر آیا اور وہ بھی کارمیں بیٹھ گیا ۔ارم نے ناراض نظروں ذرا سا ناصر کی طرف دیکھا۔اور ناصر بڑے میٹھے لہجے میں ارم سے کہا۔
:”آپ کا چہرہ مجھے بتا رہا ہے۔I am only 3 minute late
آپ لوگ کس قدر ٹائم کا نسش ہو، مجھے تو یوں لگتا ہے، جیسے ہر انگریز کے چہرے پر ایک ٹائم پیس لگی ہوئی ہے۔ جو وقت بتاتی رہتی ہے۔“
”تم تھری نہیں ٬ پورے فائیو منٹس لیٹ ہو۔“ ارم ذرا سے تیز لہجے میں کہا۔
ناصر ،ہنس دیا۔
”نو۔۔اونلی ٹو منٹس“
” ٹو منٹس لیٹ ہونے سے آدمی صدیوں پیچھے رہ سکتا ہے۔“ارم نے یہ کہتے ہوئے کار آگے بڑھا دی۔ارم شیشے میں پیچھے پڑی ہوئی خالی سڑک کودیکھنے لگی ۔ناصر بولا
”پیچھے کیا دیکھ کر رہی ہو۔ آگے دیکھو“
”تم جانتے ہو میں مشرق کے فلاسفی آف لو پر تھیسز لکھ رہی ہوں، تم دو منٹ کی بات کر رہے ہو نا۔مجھے بتاﺅ اگرہیر دو منٹ لیٹ پہنچتی تو رانجھا جا چکا ہوتا اور انکی ملاقات کبھی نہ ہوتی تو آج رومانی داستانوں میں ہیر رانجھے کا کوئی قصہ نہ ہوتا۔تم دو منٹ کی بات کرتے ہونا٬ تو یہ بتاﺅ٬ سوہنی کے کچے گھڑے کو ٹوٹنے میں کتنے منٹ لگے تھے٬ دو ہی منٹ لگے تھے نا؟“
تمہارے گرینڈ ڈیڈ پتہ نہیں کیا کیا الٹی باتیں تمہیں بتا تے رہتے ہیں“
” الٹی نہیں وہ صرف سیدھی باتیں بتاتے ہیں۔ اس سڑک کی طرح سیدھی“
کار کچھ دیر چلنے کے بعدآہستہ ہوئی ایک موڑ مڑی اور پھر کسی پارکنگ میں رک گئی ۔ناصر بولا
”تمہیں پتہ ہے میں اس کلب میں نہیں جایا کرتا۔بہتر ہے تم مجھے گھر اتار دو“
ارم ناصر کو گھور نے لگی ناصر خاموش رہا۔ ارم نے پھر کار چلا دی۔
آقا قافا کو یاد آگیا اس سادھو بابانے وعدہ کیا تھا کہ وہ کلاس روزانہ کلاس اٹینڈ کرے گا۔وہ فوراً جسم میں واپس آیا ۔اور اپنی غار سے نکل کر سادھو بابا کی غار میں پہنچ گیا وہاں اٹھارہ طالب علم موجود تھے ۔آقا قافا کا نمبر انیسواں تھا ۔سب ایک دائرے میں بیٹھے تھے آقا قافا کی جگہ خالی پڑی تھی آقا قافا اپنی جگہ پر جا کر بیٹھا تو سادھو نے کہا
”ہم طبیعات کا سبق مکمل کر چکے ہیں آج ہم مابعد الطبیعات پر بحث کریں گے۔ مابعد الطبیعات کی بنیاد ان سوالوں پر رکھی ہے جن کا جواب طبیعات کے موجود نہیں ۔مثال کے طور پرطبیعات میںپانی دو ہواﺅں کا مرکب ہے جب ہم تناسب سے ہائیڈوجن اور آکسیجن کو آپس میں ملاتے ہیں تو پانی بن جاتا ہے۔مگر اہل ِطبیعات کے بعد خاموش ہیں کہ یہ یہ قانون کس نے بنایا۔کیوں بنایا ۔ کس طرح سوچا۔پھر کیسے معلوم کیا کہ پانی سے مخلوق پیدا کی جاسکتی ہے ۔یہاں سے مابعد الطبیعات شروع ہوتی ہے ۔اس کے آگے دو حصے ہیں ۔ایک حصہ موجود حقیقتوں پر بحث کرتا ہے اور ایک غیر موجود حقیقتوں پر ۔موجود حقیقتیں یہ ہیں مثلاًہم ایک طبی قانون کے تحت مردہ وجود کوایک لمحے ہزاروں میل دور منتقل کرسکتے ہیں ۔یہ قانون اپنے پس منظرمیں جتنے سوال رکھتا ہے۔اس سے بحث موجود حقیقتوں کے دائرہ میں آتی ہے۔دوسرا اور اہم حصہ ہے غیر موجود حقیقتوں پر تحقیق ہے۔مثال کے طور زندہ وجود ایک لمحے کیسے ہزاروں میل دورپہنچ سکتا ہے۔چونکہ طبیعات ابھی تک اس عمل کا مشاہدہ کرنے میں ناکام ہے اس لئے اسے غیرموجود حقیقت قرار دیا گیا ہے ۔مذاہب ان دونوں حقیقتوں کو صدیوں سے مانتے آرہے ہیں ۔طبیعات نے ابھی تک مردہ وجود کی منتقلی کو تسلیم کیا ہے ۔عین ممکن ہے کسی وقت زندہ وجود منتقلی پر بھی بحث کرنے لگے ۔بڑے سادھو نے اس سلسلے میں اپنی مذہبی کتابوں سے حوالے دئیے وہا ںقر آن حکیم سے خضرعلیہ اسلام واقعہ بھی سنایا ۔تحت ِ بلقیس کے بارے میں بتایا کہ صاحب ِ علم نے اسے ہزاروں سے پلک جھپکنے سے پہلے کیسے ٹرانسفر کرلیا تھا۔ اس کے بعد اسی موضوع پر خاصی دیر سوال و جواب ہوتے رہے۔آخر میں بڑے سادھو نے کہا کہ کل آقا قافا اور میں نے تیاگ ماڑی جانا ہے اس لئے کل چھٹی ہوگی۔آقا قافا کو تیاگ ماڑی جانے پر تمام سادھووں نے مبارک باد دی ۔آقا قافا وہاں سے سیدھااپنی غار میں آیا ۔غار کی ایک طرف کی دیوار پرمدہم مدہم الماریوں کے خدوخال تھے ۔جیسے آقا قافا ایک الماری کے خدو خال کے قریب ہاتھ لے کر گیا تو دوطاق کھل گئے اور اندر کتابیں ہی کتابیں دکھائی دیں ۔کافی تگ و دو کے بعد آقا قافا ”تیاگ ماڑی “کے بارے میں کچھ معلومات حاصل کر سکا۔
”تیاگ ماڑی“کی ”مہا سادھو“کے دربار کا نام تھا۔جس سادھو کو وہاں تک رسائی مل جاتی ہے، وہ نروان کی منزل پر پہنچ جاتا ہے ۔آقا قافا نے عشاءکی نماز ادا کی اور”ذکرِ ہو“کا ورد شروع کیا صبح کی نماز تک آقا قافا یہی ورد کرتے رہے۔پھر نماز پڑھی ۔دوتین گھنٹے آرام کیا اور پھرجسم کو وہیں چھوڑ کر پرواز کی اور نور کے پاس پہنچ گیا۔نور ابھی تک سو رہی تھی ۔آقا قافا نے سوچا کہ واپس جاکر تیاری کرنا چاہئے ۔پتہ نہیں تیاگ ماڑی میں مجھے کیا کرنا پڑے۔ آقا قافا واپس آگیا اور چٹان پر التی پالتی مار کر بیٹھ گیااور تصور اسم اللہ ذات میں رفتہ رفتہ گم ہوتا چلا گیااور پھر کئی گھنٹوں بعداسے احساس لگا کہ نور کے دریا سے نکال کر کسی نے اسے ساحل پر پھینک دیاہے ۔آقا قافا نے آنکھیں کھولیںتو اسے غار میں داخل ہوتے بڑے سادھو دکھائی دئیے ۔آقا قافا چٹان پر ان کے احترام میں کھڑا ہو گیا۔بڑے سادھو نے آقا قافا سے کہا”میرے ہاتھ پکڑ لے اور آنکھیں بند کرلے “آقا قافا نے ایسا ہی کیا ۔اسے یوں لگا جیسے کوئی تیز ہوا کا جھونکا اس کے چہرے کو چھو کر گزرا ہو۔اس نے بڑے سادھو کے ہاتھ پر اپنی گرفت مضبوط کی اور بڑے سادھو نے آہستہ سے کہا ”آنکھیں کھول دو“آقا قافا نے آنکھیں تو وہ ایک بہت بڑے ہال میں کھڑے تھے ۔آقا قافا نے ماحول کو سمجھنے کے لیے ادھر ادھر دیکھنا شروع کیا۔یہ گول ہال تھا۔اس میں دیواروں کے بالکل ساتھ ساتھ گول گول چبوترے بنے ہوئے تھے اور ان پر سادھے بیٹھے تھے۔دوچبوترے خالی دکھائی دئیے ۔وہ ان چبوتروں پر بیٹھ گئے ۔مہا بڑا سادھو درمیان والے چبوترے پر بیٹھا تھا۔وہیں روشنی نکل کرہر طرف پھیل رہی تھی۔مہا سادھو نے گائے تری منتر پڑھنا شروع کیا۔ایسا لگا جیسے لفظ پتھروں میں اترتے چلے جا رہے ہیں۔
اوم بھور بھوہ سوہ۔تت سویتر ورینئم ۔بھرگو دیوسیہ دھی مہی ۔دھیو یونہ پرچودیات
(ہستی میں مٹی میں جہان میں تمام کائناتوں میں ایک ہی وجود ہے۔عبادت کے لیے۔اے خداہمارے ذہن کو ایسی طاقت عطاکر کہ ہم سیدھے راستے پر چلنے کے قائل ہوجائیں ہماری تیری عبادت کرتے ہیںاور تُو میرے دماغ کو روشن کرنے والا ہے۔)
آقا قافاکا ذہن پھر اس منتر میں الجھ گیا ۔وہ اس منتر کے حروف کی ترتیب سمجھنا چاہتا تھا مگرابھی تک معلوم نہیں کرسکا تھاکہ ان کے لفظ کیوں دل و دماغ پر اثرانداز ہوتے ہیں ۔وہ اس کھوج میں بھی تھا کہ رگ وید کے دس ہزار منتروں میں سے کیوں اسی منتر کو مہا منتر سمجھا جاتا ہے۔ ،چاروں ویدوں میں اسے کلام الہی کا درجہ کیوں دیا گیا ہے۔ اس منتر میں 24 حروف ہیں۔ اس میں آٹھ آٹھ حرفوں کے تین چرن ہیں لیکن براہمن گرنتھوں میں اور بعد کی کتابوں میں ان سے پہلے بھو، بھور، سواہا کا اضافہ کیاگیا اور اس کا آغاز ”اوم“ سے کیا گیا۔اوم کی حیثیت ہندو مت بسم اللہ جیسی ہے ۔ہر وید اسی سے شروع ہوئی اور اسی پرختم ہوئی ۔ہندو مت ،جین مت اور بدھ مت تینون مذاہب میں یہ لفظ عدم اور وجود دونوں کی ابتدا بھی ہے اور انتہا بھی ۔تخلیق اسی سے ممکن ہوئی ۔سادھو با با کے خیال میں مسلمان جسے صدائے کن فیکون کہتے ہیں ۔وہ یہی ہے ۔انہوں نے ایک بار کلاس میں اس لفظ کا مفہوم بتاتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ اس میں اللہ کا الف بھی ہے اور محمد کی میم بھی ۔
اور پھر سادھو بابا کے منہ سے یہ نام سن کر آقا فا چونک گیا ۔مہا سادھو کے دائیں طرف والے چبوترے پر بیٹھا ہوا سادھو کہہ رہا تھا”نرواررام ۔(نرواررام اُس بڑے سادھو کا نام تھا جس کے ساتھ آقا قافا آیا تھا )تم نے ایک مسلمان کو اِ س پوترچبوترے پر بیٹھا دیا ہے۔مہاسادھو پوچھتے ہیں کیا اس جرم میں تمہارے شکتیاں تم سے واپس نہ لے لی جائیں “
نرواررام بڑے سکون سے بولا ”مہا سادھو نے خودمجھے وہاں تک پہنچایا ہے جہاں تمام مذاہب نیچے رہ جاتے ہیں ۔انہوں نے ہی مجھے یہ تعلیم دی ہے کہ نظریوں اور عقیدوں کی بنا پر کسی سے نفرت نہیں کرنی ۔یہ لافانی الفاظ انہی کے ہیں جنہیں میں نے ہمالہ کی ہر چٹان میں اتار دیا ہے کہ اس کائنات میں ہر شخص میرا ہے مجھ جیسا ہے بلکہ مجھ سے بہتر ہے ۔“
ایک اور چبوترے سے کسی نے کہا ”یہ محبت اور نفرت کا معاملہ نہیں ۔تم نے مسلے کو شکتی دی ہے ۔اسے پوتر منتر اورالہامی اشلوک سکھائے ہیں ۔تم دوشی ہو “
نروار رام نے پھر اسی تحمل سے کہا ”نہیں میں نے اسے اشکوک اور منتر نہیں سکھائے۔ اس نے تمام تر شکتیاں اپنے قرآن کی آیتیں پڑھ پڑھ کر حاصل کی ہیں ۔ہاں میں نے طریقہ کار ضرور بتایا ہے ۔تربیت ضرور کی ہے ۔جہاں تک ممکن تھا اسے مسلمان رکھتے ہوئے اس کا بھرپور ساتھ دیا ہے “
ایک چبوترے سے کسی نے کہا”کیا تم یہ کہنا چاہتے کہ جو کرشمہ منتروں میں ہے، وہی قرآن کی آیتوں میں بھی موجود ہے “
ایک اور چبوترے سے آواز آئی ” نروار!تم نے بڑا ظلم کیا ہے ۔اپنے اوپر اور اپنے ماننے والوں کے اوپر ۔تم جانتے ہو کہ ہمارے مذہب کو معین الدین چشتی ،علی ہجویری اور نوشہ میاں نے کتنا نقصان پہنچایا تھا صرف اس لئے کہ وہ یہی شکتیاں حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے تھے ۔“
نروار رام نے کہا ”اس مسلمان کے بارے میں یہ بات بھی ذہن میں رکھی جائے کہ یہ”جثہ ہمجات “ (ہمزاد کا جسم )ہے ۔ جس کی ایک مخصوص عمر ہوا کرتی ہے۔میں نے اس کی عمر بڑھانے کاکامیاب تجربہ کیاہے۔میں یقین رکھتا ہوں کہ یہ مسلمان ہندومت کو کوئی ایسا نقصان نہیں پہنچائے گا جس سے بھگوان کو تکلیف ہو “
ایک اور سادھو نے سخت آواز میں کہا ”ہم اِس دربار میں کسی مسلے کو برداشت نہیں کرسکتے ۔اسے اس ”پوتر منترالی “سے فوراً نکالا جائے “ مہاسادھو کے چبوترے سے آواز آئی ۔اگر تم سچ پر ہو تمہارے پاس سچ کی شکتیاں ہیں۔توتمہیں اجازت ہے اس لڑکے کو اپنی سچائی پر لے آﺅ۔ “
اورپھرہوا میں بالکل ایک اکھاڑا سا بن گیا اور اس سے لمبی لمبی راہداری نکلیں اور دو چبوتروں سے پیوست ہوگئیں ۔نروار رام نے آہستہ سے آقا قافا کو کہا ”ذہن کو صرف اسم اللہ ذات پر مرتکز رکھنا“اور پھر ہاتھ اشارے سے رنگ میں جانے کا حکم دیا ۔آقا قافا اپنے چبوترے سے اٹھا اور رنگ میں جا کر کھڑا ہوگیا ۔دوسری طرف سے وہی سادھوآیا جس نے کہا تھا کہ پوتر منترالی میں کسے مسلے کو برداشت نہیں کیا جاسکتا۔
اس نے بہت منتر پڑھے آقا قافا کی طرف کئی گولے ،کئی سانپ ، کئی بجلیاں پھینکیں ۔ایک قیامت سی آقا قافا کے ارد گرد پھیلی رہی مگر کوئی بھی شے آقا قافا کے قریب نہ پہنچ سکی۔ ایسا لگتا تھا کہ اس کے اردگرد کوئی روحانی دائرہ کھینچ دیا گیا ہے ۔سادھو جب روحانی لڑائی میں ناکام ہوا تو اس نے جسمانی لڑائی شرو ع کی ۔آگے بڑھا اور آقا قافا کو گردن سے پکڑنے کی کوشش کی مگر آقا قافانے تیزی کے ساتھ اسے اٹھایااور رنگ سے باہر پھینک دیا مگرسادھو زمین پر گرنے کی بجائے وہاں پہنچ گیا جہاں بیٹھا تھا۔مہا سادھو نے پوچھا ”کوئی اور مقابلہ کرے گا “بڑے سادھو کے بائیں ہاتھ بیٹھے ہوئے سادھو نے کہا ” میں مقابلہ کرنا چاہتا ہوں مگر اس سے پہلے مجھے مونارام سے ایک سوال پوچھنے کی اجازت دی جائے۔“
مہا سادھو بولا ”تم یہی پوچھنا چاہتے ہونا کہ آگے کیا چیز ہے جو اس تک نہیں پہنچنے دیتی تو میں بتا دیتا ہوں اس نے اسم اللہ ذات پر ارتکاز کیا ہوا ہے ۔ایسا ارتکاز کہ وہاں اس کی اپنی ذات موجود نہیں صرف اسم اللہ ذات کا دائرہ موجودہے ۔ کیا تم اس دائرے کو توڑ سکتے ہو“
خاموشی چھا گئی ۔سناٹوں کی کئی ساعتیں گزریں اور پھر بڑے سادھو کی آواز گونجی ۔”رام تجھے اپنے تجربے کی اجازت ہے ۔تقدیر کا لکھا ہوا اٹل ہے ۔ میں اِس نوجوان کو انعام میں مونارام کی تمام شکتیاں دے رہا ہے ۔“ پھر آقا قافا نے دیکھا کہ کوئی روشنی اس کی وجودکی طرف آئی ہے اور اس میں گم ہوگئی ہے اور اپنے چبوترے پر بیٹھا ہوا موہن داس وہیں گر پڑا ہے۔آقا قافا نے مہا سادھو کے چبوترے کی طرف دیکھا تو وہ خالی ہوچکا تھا یعنی بڑا سادھو چلا گیا تھا ۔اس کے ساتھ دائیں طرف چبوترے سے پوتر منترالی کے اختتام کا اعلان کردیا گیا۔
رام نے آقا قافا کو گلے لگاتے ہوئے مبارک باد ۔باقی سادھو وں نے مبارک بادیں دیں اور پھر واپسی سفر شروع ہوا اس مرتبہ آقا قافا کو نہ آنکھیں بند پڑیں اور نہ ہی اپنے سادھو باباکا ہاتھ تھامنا پڑا۔اس نے اپنی غار کاتصور کیا اور آنکھ جھپکنے سے پہلے غار میں موجود تھے ۔اس نے دیکھا سادھوبابابھی غار میں موجود تھے ۔سادھو بابانے آقا قافاسے کہا دیکھو تمہیں جو شکتیاں ملی ہیں مجھے ان کی مکمل تفصیل نہیں معلوم لیکن میں اتنا جانتا ہوں کہ تم پلک جھپکنے سے پہلے وہاں جسم کے ساتھ موجود ہوسکتے جہاں جانا چاہو ۔اِس شکتی کا ایک استعمال اور بھی ہے۔تم اسی غار میں کھڑکیاں کھولتے جاﺅ ۔ہر کھڑکی جو تم چاہو وہی نظر آئے ۔“آقا قافا نے پوچھا ” کھڑکی کیسے کھولو ں۔“اس نے کہا ”انگلی سے ہوا میں کھڑکی بناﺅ اور پھر اس میں ”یا بصیراً پڑھ کر پھونک دو ۔تم جو تصور کرکے پھونکو گے وہی کھڑکی میں دکھائی دے ۔آقا قافا نے نور کا تصور کیا ۔یا بصیراً پڑھا اور انگلی سے ہوا میں لائنیں کھینچ کر اس میں پھونک دیا کھڑکی نور کی بیدروم میں کھلی ۔بڑے سادھو نے ہاتھ کے اشارے سے آقا قافا کو الوداع کہا ۔آقا فاقافا کچھ کہنے لگا تو بڑے سادھو نے ہونٹوں پر انگلی لگاکر اسے نور کی طرف متوجہ کیا کہ وہ سورہی ہے ۔آقا قافا سادھو کے پیچھے پیچھے چل پڑا غار کے دھانے پہنچ کر آقا قافا نے پوچھا۔ ”کیا میری آواز کھڑکی کے پار سنائی دے گی “ بڑے سادھو نے کہا ”ہاں اور تم بھی وہاں موجود ہو سکتے ہو۔ جیسے پوتر منترالی سے یہاں سے آئے ہو ۔ “یہ کہہ سادھوبابا چلا گیا ۔ آقا قافا واپس اپنی چٹان پر آکرالتی پالتی مار کر بیٹھ گیا۔اب نوراس کے سامنے بستر پر سوئی تھی۔آقا قافا نے کھڑکی بند کردی اور عبادت میں مشغول ہوگیا ۔ اگلی صبح اس نے نور کی کھڑکی کھولی مگر نور اب تک سو رہی تھی۔
آقا قافا نے ناصر کا تصور کیا اور یا بصیراً پڑھ کر ایک اور کھڑکی کھولی۔کھڑکی میں ناصر دکھائی دیا وہ کمپوٹر کے سامنے بیٹھا تھا۔ کمپوٹر کے ڈیسک ٹاپ پر نورکی تصویر پھیلی ہوئی تھی ۔سکائپ پر اس نے نور کو کال کی ۔آقا قافا نے دوسر ی کھڑکی میں دیکھا تو نور کے بیڈ روم میں پڑے ہوئے کمپیوٹر کی سکرین پرناصر کی تصویرکے ساتھ کال ٹون آرہی تھی۔نور گھنٹی کی آواز پر جاگ پڑی اور کمپوٹر کے سامنے آکر بیٹھ گئی اس نے کہیں کلک کیا اور کہا
”ناصر“
ناصر کی آواز آئی ” میں کافی دیر سے کوشش کررہا ہوں تم شاید کمرے میں نہیں تھی “ نور بولی ۔” نہیں ذرا آنکھ لگ گئی تھی
ناصر بولا” میں نے اپنے کمرے میں تمہاری تصویریں لگائی ہیں اورپھر کیمرہ گھما کر ناصر نے نورکو وہ بورڈ دکھایا جس پر اس نے نور کی تصاویر کے پرنٹ لگائے تھے ۔پھر وہ کھڑکی دکھائی۔ نور خاموش رہی ۔ اس کے چہرے اور لہجے میں کوئی تاثر نہیں تھا ۔ناصر بولا ۔میں نے تمام تصویریں یو ایس پی میں سیو کرلی ہے ۔ کل ان کے شاپ سے پرنٹ نکلوا لاﺅںگا بڑے بڑے “نور نے اپنی دلکش نسوانی آوازکو تھوڑا سا ملائم کرتے ہوئے کہا
” تصویر یں مجھے اچھی نہیں لگتیں ٬ سوائے اس تصویر کے جس میں تم ایک گیند کو اپنے بازﺅوں سے اونچی اونچی فصیلوں سے باہر پھینک دیتے ہو۔“
” اسی گنبد کی طرح ایک دن تم انہی بازﺅوں کی طاقت سے اونچی اونچی فصیلوں سے اڑ کر مرے پاس پہنچ جاﺅ گی۔“
” میں خواب نہیں دیکھتی“
” میں تو خواب ہی دیکھتا ہوں۔ تمہارے خواب۔“
”میں دیواریں دیکھتی ہوں بند دروازے ، اونچی فصیلیں، اندھیرے ،پہرے دار، کڑی نگرانی، بھلا خواب کیسے تعبیر کی گلی کی طرف جا سکتے ، تم دیکھ رہے ہو ،کہیں کوئی درز ٬ کوئی روشن دان٬ کوئی کھڑکی ٬ کوئی دروازہ بلکہ بابا کی قبر تک۔۔۔۔“
نورکی آنکھوں میں آنسو بھر آئے اور ناصر بولا
”دیکھنانور میرے ہوتے ہوئے یہ آنسو آنکھ سے گر نہ پڑے“
نور نے آنکھوں کو دوپٹے سے پونجھتے ہوئے کمپیوٹر آف کر دیااور بیڈ پر آکر لیٹ گئی۔
آقا قافا نے ناصر کی کھڑکی میں دیکھا ۔تو وہ نور کوآوازیں دے رہا ہے پھر مایوس ہوکر دوسرے کمرے میں آگیا جہاں اس کا دوست ممنون بیٹھا ہوا ٹی وی دیکھ رہا تھا۔اس نے ناصر کو دیکھ کر کہا
” میں تمہیں ملنے تھامرے دوست مگرتم کہیں اور تھے لگتا ہے تم جاگتے میںخواب دیکھتے ہو۔ ۔پلیز صرف سوتے ہوئے خواب دیکھا کرو۔ورنہ برباد ہو جاﺅ گے“ناصر بولا
” میں برباد ہو چکا ہوں ۔مجھے ہزاروں میل دور بیٹھی ہوئی ایک لڑکی نے برباد کر دیا ہے، اب نہ میں سو سکتا ہوں اور نہ جاگ سکتا ہوں۔ بس ایک ہی چہرہ نظرآتا ہے۔ ہر چہرے میں بس ایک وہی چہرہ ہے اور بس وہی آواز سنائی دیتی ہے ہر آواز میں“
” اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔You must see Dr“
ممنون نے ناصر کو ایک تھپکی دی اورکمرے سے نکل گیا۔
آقا قافا نے نور والی کھڑکی پر نظر ڈالی تو اسے نارو کمرے میں داخل ہوتی ہوئی دکھائی دی۔اس نے کہا
وہ آپ سے ملنے آئے ہیں “
”کون “
”جی نوابزادہ مصورمان “
”ہونہہ “ کہہ کر نور اٹھی اس نے آئینہ کے سامنے اپنے چہرہ درست کیا اور اپنے لیونگ روم میں آگئی جہاں نوابزادہ مصور مان بیٹھا ہوا تھا وہ نور دیکھ کر اٹھ کھڑاہوا اور کہنے لگا
”بابا نے کہا ہے!“
نورنوابزادہ کا جملہ کاٹتے ہوئے کہا
”یہی نا کہ آپ مجھے مرے بابا کی قبر تک لے جائیں۔“
”آپ کی ذہانت کا تو میں ہمیشہ سے قائل ہوں۔“
نور نے غصہ بھری نظروں سے عامر کو دیکھ کر کہا
” آپ بھی کبھی ذہانت سے کام لے لیا کریں“
” میں آپ کو لینے آیا تھا۔“
”میں آپ کے ساتھ نہیں جاﺅں گی۔“
”میں دروازہ کھلا چھوڑ کر جا رہا ہوں۔“
اورنواب زادہ یہ کہہ کر موڑ گیا وہ آہستہ آہستہ چل رہا تھا اور نور بھی آہستہ آہستہ اس کے پیچھے چلتی ہوئی دروازے کے پاس آئی اور پھردروازے کواندر سے بند کر دیا۔
آقا قافا کو نواب منور مان یاد آیا اس نے ایک اور کھڑکی کھولی۔سامنے نواب منور مان اپنے ڈرائنگ روم میں بیٹھا ہوا تھا ٬ فون کی گھنٹی بجی۔ نواب منور مان نے فون کا رسیور اٹھایا۔دوسری طر ف سے آواز آئی
”مری آواز شاید اس وقت آپ نہ پہچان سکیں لیکن میرا نام آپ بھول نہیں سکتے ٬ سردار قراقرم بول رہا ہوں
نواب منور مان نے کہا ” لگتا ہے تمہارے آدمیوں نے تمہیں پورا واقعہ نہیں سنایا ان کے ساتھ جو سلوک ہوا ہے وگرنہ تمہیں“
سردار قراقرم نے جملہ کاٹتے ہوئے کہا
”میں نے اسی لیے فون کیا ہے کہ میرے آدمیوں کو کس جرم کی سزا دی گئی ہے۔ میں نے تو اپنے بیٹے کے لئے تمہاری بھتیجی نور کا رشتہ مانگا ہے تاکہ ہمارے درمیان تعلق اور زیادہ مضبوط ہو۔“
” اپنی گندی زبان سے میرے خاندان کی کسی بچی کا نہ لو۔ تمہیں ۔۔“
پھرسردار قراقرم نے جملہ کاٹتے ہوئے کہا
نواب منور مان پوری دنیا میں صرف میں ایک چشم دید گواہ ہوں ۔وہ تمہاری بھائی کی گولیوں سے چھلنی لاش۔۔۔۔۔
”اب ایک نہیں گولیوں سے چھلنی دو لاشیں٬ تمہاری بیوی اپنے سہاگ کا ہی نہیں٬ اپنی جوان اولاد کا بھی ماتم کرے گی۔“
نواب منور نے غصہ میں رسیور سیٹ پر زورسے دے مارا۔
آقا قافا نے فوراً ایک نئی کھڑکی کھولی اور سردار قراقرم کی آواز کے وساطت سے اس کا تصور کیا اس نے دیکھا کہ سردار قراقرم نے اپنے بیٹے ارقم کو آواز دی ۔وہ آیا تو سردارقراقر م نے اس سے کہا
”آج میں نے تم سے ایک بہت اہم بات کرنا ہے بیٹے۔
بیٹاسوالیہ نظروں سے باپ کو دیکھنے لگا۔قراقرم بولا
”محبت کا جواب نفرت سے دیا گیا ہے،دوستی دشمنی میں بدل گئی ہے۔“
”میں سمجھا نہیں بابا“
”میں نے تمہارے لئے نواب منورمان کی بھتیجی نور کا رشتہ مانگا تھا“
” بابا آپ نے یہ کیسے سوچ لیا کہ نواب منور مان اپنی بھتیجی کا رشتہ آپ کے بیٹے کو دے دے گا۔“
”نور کے باپ نواب انور مان کا قاتل خود نواب منور مان ہے اور میں اس وقوعہ کاواحدچشم دید گواہ ہوں۔“
”بابا تمہاری زندگی خطرے میں ہے۔“
” میری نہیں بیٹا، تمہاری زندگی خطرے میں ہے۔ میرے ساتھ آﺅ۔“
دونوں باپ بیٹا چلتے ہوئے ایک کمرے میں گئے ۔سردار قراقرم نے وہاں پڑی ہوئی تجوری کھولی۔ اس میں سے کچھ رقم نکالی اور اپنے بیٹے کودیتے ہوئے کہا
” تم فوراً یہ ملک چھوڑ دو٬ تمہاری زندگی خطرے مےں ہے۔“
”بابا آپ کی زندگی بھی۔۔۔“
” یہ مرا حکم ہے۔“
آقا قافا نے تیزی سے کھڑکیوں کی طرف ہاتھ کیا یہ سوچتے ہوئے کہ اب انہیں ختم ہو جانا چاہئے اور کھڑکیاں غائب ہوگئیں۔ اس کے دماغ کے گھڑیال نے گھنٹی بجادی تھی کہ کلاس میں جانے کا وقت ہوگیا وہ سادھو بابا کی غار میں پہنچ گیا۔ کلاس شروع ہوئی ۔سادھو نے کہا”آج ہم اس موضوع پر بحث کریں گے کہ روح کیا ہے ؟۔کہاں سے آتی ہے اور کہاں چلی جاتی ہے۔اس کی ماہیت کیسی ہے ۔ روح فانی ہے یا غیر فانی ۔روح کی معرفت تک کیسے پہنچا جاسکتا ہے ۔جسم اور روح کا تعلق کیسا ہے ۔کیا ارواح میں کوئی وحدت بھی موجود ہے ۔
روح حرکت کاآغاز ہے۔زندگی کا احساس ہے۔بھگوان کی حکمیہ آواز ہے ۔ایک مسلسل عمل ہے۔روحِ کل کی جھلک ہے ۔ایک خدائی قانون ہے ایک غیر کائناتی اصول ہے ۔اس کا ماخذ روحِ کل ہے ۔وہ اپنے ماخذ سے مکمل طور پر جدا ہونے کے باوجود اس سے الگ نہیں۔ہاں اپنے ماخذ اس کے تعلق کی کئی سطحیں ہیں ۔جو روح کی بالیدگی اور پاکیزگی سے بنتی اور بگڑتی ہیں ۔جسم کے نکلنے کے بعداپنے ماخذ میں لوٹنے کا تعلق بھی روح کی انہی سطحوں سے ہے ۔روح کی موجود گی کا سب سے بڑا ثبوت لوگوں کا مختلف ہو نا ہے ۔تنوع کا ہونا ہے ۔ایک مادے کے اندر حرکات کا تنوع کسی غیر مادی شے کی موجودگی کا ثبوت ہے ۔اور اسی کو روح کہتے ہیں
اب آتے ہیں روح کی ماہیت پر ۔ روح ایک غیر مادی چیز ہے ۔غیرمادی چیز تقسیم سے مبرا ہوتی ہے۔غیر مادی چیز کےلئے زمانی اور مکانی فاصلے نہیں ہوتے۔اسے قید نہیں کیا جاسکتا۔اسے استحکام کےلئے سہارے کی ضرورت نہیں ہوتی۔وہ ازلی طور پر تقسیم شدہ ہے اور اپنے اصل سے جڑی ہوئی بھی ہے۔روح کی تقسیم اس طرح ہے کہ وہ ہر قبول کرنے والے مادی چیز سے تعلق رکھتی ہے اور غیر منقسم اس طرح ہے کہ ہرشے کے کل اور جزو پر حاکمیت رکھتی ہے۔اس کا حجم نہیں بھی ہے اور ہے بھی۔وہن تنہا بے حجم ہے مگرکسی کے ساتھ اس کے حجم کے مطابق ہے ۔وہ زمیں پر بھی ہے اور آسمان پر ۔وہ تخلیق کے ساتھ بھی ہے اور خالق کے ساتھ بھی۔تخلیق کے ساتھ اسکا تعلق ٹوٹنے والا ہے خالق کے ساٹھ ان ٹوٹ ہے۔وہ وحدت میں ہے اور کثرت میں بھی۔
اب اس سوال کی طرف آتے ہیں کہ روح پرموت ہے یانہیں ۔روح فنا نہیں ہوتی ۔اس اعتبار سے انسان بھی غیر فانی ہے ۔موت صرف جسم پر واقع ہوتی ہے۔حرکت کا احساس روح سے ہے ۔مادے کو حرکت روح سے ملتی ہے ۔تمام کائنات میں ایک روح کار فرما ہے جو اپنے طے شدہ قانون کے مطابق عمل رکھتی ہے ۔
ہم روح کی معرفت کیسے حاصل کر سکتے ہیں ۔اس کےلئے ہمیں دو سوالوں پر غور کرنا ہوگا ایک تو یہ روح کا حقیقی وطن کیا ہے
روح کا حقیقی وطن ہے جہاں سے وہ آتی ہے ۔یقینا جسم سے جدا کے بعد اس نے وہیں لوٹ جانا ہوتا ہے ۔دوسرا اس کا ظہور کس طرح ہوتا ہے ۔روح جب مادے کو اشکال سے آراستہ کرتی ہے تو اس کا اظہار ہوتا ہے۔
ایک سوال یہ بھی بہت اہم ہے کہ روح جب روح کل میں شامل ہوجاتی ہے تو اس ایک اکیلا وجود کیسے برقرار رہتا ہے۔ اس کا صرف جواب میرے نزدیک یہ ہیں کہ اعلیٰ درجہ کی روح روحِ کل سے مل کر ابدیت کے مقام ِ مسرت پر پہنچ جاتی ہیں لیکن روحیں جنہیں روحِ کل قبول نہیں کرتی وہ زمین پر مختلف شکلوںمیں واپس بھیج دیا جاتی ہیں۔“
اور پھر سادھو بابا نے کہا ”اب آپ سوال کر سکتے ہیں “آقا قانا نے سوال کیا
”مقامِ مسرت کیا ہے “
”جسے آپ مسلمان ”جنت کہتے ہیں“
”کیا یہ ممکن ہے کہ جو ارواح مقام ِ مسرت میں ہے وہ کسی روز جسم کے ساتھ اٹھائی جائیں۔“
”ہاں کیوں نہیں ۔جو بھگوان ایک بار زندگی دیتا ہے ۔وہ دوسری بار بھی دے سکتا ہے ۔دیکھوآقا قافا ۔میں تمہیں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ تم نے وہی عقائد رکھنے ہیں جو ایک مسلمان ہوتے ہیں ۔اسی لئے تمہیں مکمل طور پر اسلام کی تعلیم دلائی ہے ۔باقی تمام مذاہب کا بھی تم نے اپنے شوق سے مطالعہ کیا ہے ۔ یہاں میں جو تعلیم میں تمہیں دیتا ہوں اس کا تعلق قطعا ً ہندو مت یاکسی مخصوص مذہب سے نہیں ہوتا ۔ یہاں صرف میں وہی باتیں کرتا ہوں جن کو میری عقل نے درست سمجھاہے۔“پھر سادھو نے جلد کلاس ختم کردی ۔آقا قافا غار میں واپس آیا تو خیال آیا کہ نماز رعشاءکا وقت ہورہا ہے ۔ وہ نماز کےلئے کھڑا ہوا۔چار سنتیں پڑھیں تو خیال ہے کہ اب تو وہ مکہ مکرمہ اور مدنیہ منورہ بھی جاکر عبادت کرسکتا ہے ۔ اسکی روح تو ان دونوں مقامات سے سینکڑوں بار ہوکر آچکی تھی اور پھر وہ جسم کے ساتھ کعبة اللہ کے صحن میں تھا ۔اس نے نماز مکمل کی اور طوائف کرنے لگا۔سات طواف کر لینے کے بعد اس نے ایک کونے کو اپنے لئے منتخب کیا اور وہاں کھڑا ہو کر عبادت میں مصروف ہوگیا۔کئی گھنٹوں کے بعد اچانک اسے محسوس ہوا کہ اس کے ساتھ بیٹھا ہواآدمی مسلسل اسے دیکھ رہا ہے ۔ آقا قافا نے سلام پھیرا تو اس بوڑھے آدمی نے آگے بڑھ کر آقا قافا کے ہاتھ چوم لئے ۔ آقاقافا نے ہاتھ چھڑاتے ہوئے پوچھا ”تم کون ہو اور میرے ہاتھ کیوں چوم رہے ہو“اس ساٹھ ستر سالہ بزرگ نے کہا”میں پچھلے چار گھنٹوں سے دیکھ رہا ہوں کہ تم رکوع و سجود میں مسلسل مصروف ہو۔اس جوانی میں ایسی عبادت شاید ہی کسی کو عطا کی گئی ہو ۔اللہ کے حضور میں تمہاری بلندیاں دیکھ کر تمہارا ہاتھ چومنے کو دل کیا اور کوئی بات نہیں۔آقا قافا نے شرمندہ ہوکر کہا ”میں اللہ سے اپنے گناہوں کی معافی مانگ رہا تھا آپ بھی میرے لئے دعا کیجئے گا“بزرگ بولے ”میں اب مدنیہ کےلئے نکل رہا ہوں ۔ صبح کی نماز وہاں جا کر ادا کروںگا۔ اگر تم ہمارے ساتھ ساتھ آناچاہوتو مجھے بڑی خوشی ہوگی ۔“پھر اس نے ساتھ بیٹھی عورت کی طرف اشارہ کرکے کہا ” یہ میری بیوی ہے ۔“آقا قافا نے اٹھتے ہوئے کہا ”میں نے ادھر ہی جانا ہے “انہوں نے ایک کار ہائر کی ہوتی تھی ۔دونوں میاں بیوی پچھلی سیٹ پر بیٹھ گئے اور آقا قافا اگلی سیٹ پر ڈرائیور کے ساتھ بیٹھ گیا۔اُس بزرگ نے ڈرائیو سے فرمائش کی ہم صبح کی نماز مدنیہ جاکر پڑھنا چاہتے ہیں ۔اس نے انکار میں سرہلاتے ہوئے کہا ” پانچ گھنٹوں کا سفر ہے ۔ایک سو بیس کلو میٹر سے زیادہ گاڑی چلانا جرم ہے ۔جگہ جگہ سپیڈ کیمرے لگے ہوئے ہیںاور کم سے کم جرمانہ چار سو ریال ہے “بزرگ مایوس سا ہواتو آقافا بولا ” انشاللہ ہم صبح کی نماز دربارِ رسالت میں ادا کریں گے ۔ کار چل پڑی ۔تقریباً اڑھائی گھنٹے کار چلی تو ڈرائیونے ہڑ بڑاکر کار موٹر وے پر ایک طرف کرتے ہوئے روک دی اور کہنے لگا ”اللہ نے بچالیا ہے ۔ میں سو گیا تھا میری اب آنکھ کھلی ہے ۔“
وہ کار سے اترا اس نے ڈکی کھولی اس میں سے پانی کی بوتل نکالی اپنے چہرے پانی پھینکا اور پھر کار چل دی مگر جیسے موٹر وے پر پہلا سائن بورڈ اسے نظر آیا تو اس نے کہا ” ہم مدنیہ پہنچ گئے ہیں ۔“اور کار میں لگی ہوئی کھڑی کی طرف دیکھا تو وہاں ساڑھے چار بج رہے تھے۔ اس نے سوچا کہ شاید یہ خراب ہوگئی ہے اور پوچھا ” کیا وقت ہورہا ہے ابھی اتنا اندھیرا کیوں ہے ۔ صبح ہوجانی چاہئے تھی ۔ بزرگ نے کہا ”ابھی تو ساڑھے چار ہوئے ہیں ۔“ اس نے سوچا کہ شاید پچھلا سائن بورڈ اس نے درست طرح نہیںدیکھا تھامگر اگلے سائن بورڈ سے تو اسے مدنیہ کےلئے موٹر وے سے اترنے کے اشارے مل رہے تھے ۔وہ بہت پریشان ہو کر بزرگ کو شیشہ سے دیکھنے لگا ۔ مسجد نبوی کے باہر اس نے کار روکی ۔جب بزرگ نے اسے طے شدہ رقم دینا چاہی اس نے انکار کرتے ہوئے کہا ”میرے لئے یہی اعزاز بہت ہے کہ آپ نے میری کار میں سفر کیا ہے ۔ آپ بس میرے لئے دعاکردیجئے ۔آقا قافا یہ گفتگو سن کرجلدی سے ایک طرف چل پڑا اور ان کی نظروں سے اوجھل ہوگیا۔بزرگ نے حیرت سے ڈرائیو سے کہا ”تمہیں کیا ہوگیا ہے “تو وہ بولا ” جناب اڑھائی گھنٹوں میں کوئی کار مکہ سے مدنیہ نہیں پہنچ سکتی ۔ بس میرے لئے دعا کیجئے گا۔یہ کہہ کر ڈرائیو کار میں بیٹھ کر چلا گیا دونوں میاں بیوی ایک دوسرے کا منہ دیکھتے رہ گئے ۔بات ان کی سمجھ میں آگئی تھی کہ یہ اسی نوجوان کی کرامت تھی انہوں نے اسے تلاش کرنا شروع کیا مگر آقا قافا کہیں نظر نہ آیا۔
آقا قافا تھوڑی دیر ادھر ادھر گھوم کر مسجد میں داخل ہوا ۔جاکر وضو کیا ۔ویسے اسے وضو کی ضرورت نہیں تھی اسے تو اس شہر میں داخل ہوتے ہی جس پاکیزگی کا احساس ہوا تھااس میں وضووغیرہ بہت پیچھے رہ جاتے ہیں ۔فجر کی اذاں ہوئی اور آقا قافا نے اللہ کے گھر کی طرف نگاہ اٹھائی۔ اللہ کا ایک گھر تو مکہ میں ہے جسے حضرت ابراہیم علیہ اسلام نے آباد کیا تھامگر اللہ کا ایک گھر مدنیہ الرسول میں بھی ہے جسے محمد ِ عر بی نے آباد کیا تھا ۔آقا قافا اللہ کے اسی گھر یعنی مسجدِ نبوی میں نمازِ فجر کے لئے داخل ہوا تھا۔ابھی روشنی کم تھی ۔ فضامیں تقدس بھرا، مدہم مدہم اجالا تھاہر طرف نور کے دریا بہہ رہے تھے دنیا کے مختلف خطوں سے آئے ہوئے دریا ۔اپنے سمندر میں گرنے کےلئے اس لازوال سمندر میں گرنے کےلئے جہاں ہر شے کو ابدیت حاصل ہے ۔ وہ دریا ۔۔ وہ لوگوں کے ہجوم روضہ ءرسول کی طرف بڑھتے ہوئے ہجوم ۔
آقا قافا کے قدم چشمہ ءحیات یعنی آب زم زم کی طرف یہ سوچتے ہوئے اٹھے کہ وہ آب حیات جسے پی کر خضر علیہ اسلام عمرِ دوام پا گئے جسے سکندر ذولقرنین نے ہاتھوں میں اٹھا کر چھوڑ دیا تھا وہ یہی آب زم زم تھا ۔ جو لوگ یہ آب زمزم پی لیتے ہیں وہ کبھی نہیں مرتے ۔کیونکہ اسی کو پی لینے کے بعد وہ امت ِ محمدیہ کے دائرے میں آکھڑے ہوتے ہیں اورمحمد کی امت میں شمار ہو جانے والوں پر فنا پرلاحق نہیں ہوتی ۔وہ موت کا تلخ ذائقہ ضرور چکھتے ہیں مگر یہ تلخ ذائقہ تو اس ابدی وصال کا نام ہے جو عمل ِ کن فیکون سے بھی پہلے کا ہے اور اس کے بعد بھی رہے گا
کن تے کل دی گل ہے اساں پہلاں پریت لگائی
آقا قافا کو یوں محسوس ہوا جیسے وہ دریا کی لہروں میں گھل رہاہے۔ اس کامطمح نظر بھی یہی تھا وہ اپنے مرکز کے جتنے قریب تر ہو سکے اتنا قریب ہو جائے ۔وہاں تمام موجیں تمام لہریں اسی جستجو میں تھیں اِسی کوشش میںتھیں سو آقا قافاجہاں تک پہنچ سکا وہیں رک گیااس کے اندر اور آگے بڑھنے کی ہمت نہیں تھی اپنی تمام تر شکتیوں کے باوجود وہ کانپ رہا تھا ۔رو رہا تھا نماز کا وقت ہو گیا تھابارگاہ ِ قدوسِ ذوالجلال میں حاضری کی ساعتیں آگئی تھیں ۔قلب و جاں میں ایک عجیب کیفیت تھی رواں رواں خیال و خواب ِ محمد سے لبریز تھا اوروہ اللہ کی بارگاہ میں کھڑا تھا یقینا وہ اس کے کرم کا سزاوار تھا کہ اس کے محبوب کی محبت سے سرشار تھاوہ کائنات کا عظیم ترین رقیب اپنے محبوب سے محبت کرنے والوں کو بھی محبوب رکھتا ہے ۔نماز ادا ہوئی ۔ایک انتہائی سریلی آوازمیں امام ِ مسجد نبوی نے قرآت کی ۔دل میں گداز اور بڑھ گیا۔رگوں میں روشنی دوڑنے لگی۔ رکوع و سجدوں کے بعد ذکرمحمد ہوا، نماز خیال ِ محمد سے معطر ہوئی۔ نماز کے بعد تلاوتِ قرآن حکیم کا آغاز کیا تھا اس نیت کے ساتھ کہ اللہ کا یہ وہ پاکیزہ کلام ہے جو محمد کے برگزیدہ ہونٹوں سے طلوع ہواتھا۔دل و دماغ کاماحول تلاوت ِ قرآن کے بعدکچھ اور روشن ہو گیا تھا۔اس کے بعدآقا قافا نے شکرانے کے نفل پڑھے اور پھر عبادت شروع کردی اس وقت اللہ کی بارگاہ میں حمد وثنا کرتا رہاجب تک حمد وثنا کی اجازت تھی اس کے بعد اس قطار میں لگ گیا وہ قطارجو چشمہ ءکوثر کے باہر لگی ہوئی تھی ۔ وہ قطار جس میں کھڑے ہوئے لوگ ساقی ءکوثر کی طرف جا رہے تھے یعنی روضہ ءرسول کی طرف جاتی ہوئی قطار جہاں دورغے بھی موجود تھے ۔ جالیاں چھو لینے پر شرک کے نعرے بلند کرنے لگتے تھے ۔آقا قافا نے دل نے کہا کہ وہ انہیں کہہ دے کہ اے عقل کے اندھوں تم طاقت کے آگے سر بسجود ہوتے ہو تو شرک نہیں ہوتا ہم چارہ سازِ بیکساں کے مزار کی جالیاں چھو لیں تو مشرک ہو جاتے ہیں ۔آقا قافا کوروضہ ءرسول کے قریب سے گزرنے کی سعادت حاصل ہوئی ۔اس نے دعا مانگتے ہوئے اپنے ہاتھوں کا رخ روضہ ءرسول کی طرف رکھے اور سپاہی انہیں پکڑ کر ان کا رخ دوسری طرف کرتے رہے یعنی خانہ کعبہ کی سمت موڑ تے رہے آقا قافا نے ان سے پوچھنا چاہا کہ پتھر کے اُس کمرے میں جسے ابراہیم علیہ اسلام نے بنایا تھا وہاں تو خدا موجود ہے لیکن جہاں اس کا محبوب سو رہا ہے، وہاں نہیں ہے مگر کسی غیبی طاقت نے اسے روک دیا۔اچانک آقا قافا کو محسوس ہوا کہ کوئی اس کے پاﺅں سے چمٹ رہا ہے ۔ آقا قافا نے نیچے دیکھا تو وہی بزرگ تھا۔ آقا قافا نے اسے اٹھایا اور اس کے آگے ہاتھ جوڑتے ہوئے کہا ”تو نے مجھے تباہ کردیا ۔اس درباراقدس و اعظم میں تو مجھ کو حاجت روا جان رہا ہے ۔افسوس ہے تیری تربیت کرنے والے پر۔“وہ بزرگ بہت لجاکر اور رو کر بولا” میں تو تم سے اس دربار میں اپنی سفارش کرانا چاہتا ہوں۔ “ آقا قافا نے ٹھنڈی سانس لی اور اسے کہا”بابا میں اس قابل نہیں ہوں۔میری اتنی اوقات کہاں ۔ ذاتی طور پر تیری جو مدد کر سکا کر دیتا ہوں ۔“ یہ کہہ کر آقا قافا اسے باہر لے آیا اور پوچھا ”کیا چاہتے ہو“بزرگ بولا ”میں ایک اکلوتے بیٹے کا باپ ہوں اور اسے کینسر ہے ۔ڈاکٹروں نے کہہ دیا ہے کہ چند دن کا مہمان ہے۔“
آقا قافا نے پوچھا ”کہاں ہے تمہارا بیٹا“
”لاہور میں “ وہ بولا
”اچھا وہاں اپنے کسی عزیز کو فون کردیجئے کہ داتا دربار چلا جائے وہاں سونے کے دروازے کے پاس ایک سبز پوش بیٹھا ہوگا ۔اس کے سامنے آپ کا نام لے ۔تو وہ اسے ایک دوائی دے گا۔وہ دوائی بیٹے کو کھلا دیجئے “اللہ تعالی کرم فرمائے گا۔وہ بزرگ وہیں کھڑا آقا قاقافا کے چہرے کی طرف دیکھنے لگا ۔ آقا قافا بولے ”جا ئیے جلدی کیجئے “بزرگ جیسے جانے کے لیے مڑا ۔آقا قافا اپنی غار میں آگیا۔ وہاں اس نے ایک دیوار کی طرف ہاتھ کیا تو دیوار الماری کی طرح کھل گئی اس میں کئی چیزیں پڑی تھیں ۔آقا قافا نے ایک پتھر نما سبز رنگ کا خاصا موٹا روڑا اٹھا یا وہ نرم ساتھا ۔آقا قافا نے اسے ذرا سا توڑا پھر الماری سے ایک کاغذ سا اٹھا کر ایک پڑیا سی بنا لی ۔یہ سادھو باباکی دی ہوئی دوائی تھی ۔جسے کچھ دن خود آقا قافا نے استعمال کیا تھا جب وہ جسمانی طور پر بیمار پڑ گیا تھا۔ سادھو بابانے کہا تھا کہ یہ ہر بیماری کا علاج ہے ۔آقا قافا وہاں سے سیدھا داتادربار آیا ۔داتا کے مزار پر پائے اقدس کی طرف سے کھڑکی کو بوسہ دیا اور پھر جاکر سونے کے دروازے کے پاس بیٹھ گیا۔اسے یاد آیا کہ اس نے بزرگ کو کہا تھا کہ وہاں سبز پوش بیٹھا ہوگا اس نے اپنے کپڑوں کی طرف دیکھا تو وہ سفید تھے ۔ آقا قافا نے سوچا کہ انہیں سبز ہوجانا چاہئے اور وہ پھر وہ سبز ہوگئے ۔آقا قافا نے کچھ دیر ادھر ادھر دیکھا اور پھر مراقبے میں چلا گیا خاصی دیر کے بعد کسی نے اسے ہاتھ لگایا آقا قافا نے آنکھیں کھولیں تو ایک شخص اسے کہہ رہا تھا مجھے مدنیہ سے فون آیا ہے “آقا قافا نے جیب سے پڑیا نکالی اور اسے دیتے ہوئے کہا ”مریض سے کہنا کہ سات مرتبہ بسم اللہ شریف پڑھے ۔گنبدِخضراکو تصور میں لائے اور یہ کھا لے۔ اللہ نے چاہا تو کرم ہوجائے گا۔“
اُس شخص کے جاتے ہی آقا قافا واپس غار میں آگیا اسی طرح التی پالتی مار کر سوگیا۔آقا قافانے لیٹ کر سونا چھوڑ دیا تھا وہ صرف بیٹھ کر سویا کرتا تھا۔یعنی وہ یوگا کی حالت میں اپنی نیند پوری کرنے پر قادر ہوچکا تھا۔تقریباً ایک گھنٹے بعد اس کی آنکھ کھلی اسے مریض یاد آیا اس نے سوچا کہ دیکھوں بڑے سادھو کی دوائی نے کینسر کے ساتھ کیا ہے ۔اس نے انگلی کھڑکی بنائی اس شخص کا تصور کیا اور یا بصیراً پڑھ کر پھونک دیا کھڑکی میں ایک ہسپتال کے کمرے میں مریض کے ارد گرد تین لوگ کھڑے تھے۔دو ڈاکٹر ہیں اور ایک وہی آدمی ہے جو پڑیا لے گیا تھا۔بیمار بیٹھا ہوا تھا اور کہہ رہا تھا۔ ”مجھے کسی طرح کی کسی تکلیف کا احساس نہیں ہورہا میں اپنے آپ کو بالکل صحت مند محسوس کر رہا ہوں۔ایک ڈاکٹرنے دوسرے سے کہا ۔سر میں مکمل طور پر چیک کر چکا ہوں یہ اسوقت بالکل نارمل ہے۔میں نے ٹیسٹوں کےلئے خون بھجوادیا ہے ۔ایسا میری زندگی میں تو کبھی نہیں ہوا۔سینئر ڈاکٹر بھی اسے چیک کرنے لگا اور پھردونوں پریشان حال اپنے دفتر میں آگئے انہوں نے دو ڈاکٹر اور بھی بلا لئے ۔ خون کا ریزلٹ کا آگیا ۔آپس کی بحث کے بعد سنیئر ڈاکٹر نے اس شخص سے پوچھاکہ مریض کو کوئی اور دوائی بھی دی تھی تم نے لوگوں نے ”وہ شخص بولا ”جی مٹی تھی تھوڑی سی ایک پڑیا میں ۔داتا دربار پر ایک سبز پوش بزرگ نے مجھے دی تھی ۔وہی صبح کھلائی تھی ۔ڈاکٹر نے پوچھا وہ کاغذ کہاںہے جن میں مٹی تھی اُس شخص نے جیب سے نکال کر ڈاکٹر کویہ کہہ کردیا کہ میں نے اسے تبرک کے طور سنبھال لیا ہے۔ڈاکٹر نے عدسے کی مدد سے اُس کاغذ پر مٹی کے ذرات تلاش کرنے کی کوشش کی مگر ناکام رہا۔۔۔؛آقا قافانے اس کھڑکی ختم کردیااسے نور یاد آگئی تھی اس نے نئی کھڑکی کھولی اور نور کو دیکھنے لگا
نور محل مےں کسی بلندجگہ پر کھڑی افسردگی سے دریا میں ڈولتے ہوئے سورج کو دیکھ رہی تھی۔ نارو اس کے قریب آکر کھڑی ہوئی اور بولی
”ایک خبر ہے“
نور نے کہا ”یقینا : بری خبر ہوگی اچھی خبر کے آنے کا تو یہاں کوئی راستہ نہیں۔“
” سردارقراقرم نے اپنے بیٹے کے لیے تمہارا رشتہ مانگا ہے۔“
” یہ خبر بری سے زیادہ حیرت انگیز ہے،سردار قراقرم جیسے معمولی سردار کو یہ جرات کیسے ہوئی‘
”ہاں چھوٹی مالکن ہے تویہ سوچنے والی بات۔“
” کھوج لگانے کی کوشش کروکہ اس نے اتنی جرات کیسے کر لی۔“
” کھوجی تو آپ کے پاس ہے “
” آﺅ چلتے ہیں منشی کے پاس “۔
دونوں چلتی ہوئی ایک کمرے میں گئیںجس مےںبے شمار رجسٹر پڑے تھے۔ایک منشی نما آدمی ایک کرسی پر بیٹھا ہوا تھااور رجسٹر پر کچھ لکھ رہا تھا۔ نورکو دیکھ کر فوراًکھڑا ہوگیااور بولا
”چھوٹی مالکن ،آپ۔۔ خیریت ہے نا “
” سردارقراقرم“
منشی منہ پر انگلی رکھنے کا اشارہ کرتے ہوئے سرگوشی میں بولا
”مجھے معلوم ہے آپ بے فکر رہیں۔دراصل سردارقراقرم کا نواب منور مان سے ٹکراﺅ ہوگیا ہے ۔کیا آپ چاہتی ہیںمیں اس سے بات کروں “
”نہیں ،وہ کمزور آدمی ہے۔میں تو صرف یہ معلوم کرنا چاہتی ہو اس نے اتنی جرات کیوں کی ہے “
”میں بھی اسی بات پر حیران تھا“
آقا قافا نے ایک اور کھڑکی کھولی اور ناصر کو دیکھا وہ اپنے بنگلہ میں داخل ہورہا تھا
اور پھرآقا قافا نے نور کی کھڑکی میں دیکھانور اپنے کمرے میں واپس پہنچ چکی تھی اور نارو سے کہہ رہی تھی ”پتہ نہیں ناصر کہاں چلا گیا ہے ۔“
آقا قافا نے پھر ناصر کی کھڑکی میں دیکھا تووہ کمپوٹر کے سامنے بیٹھا تھا اور اس کی ڈور بیل بج رہی تھی ناصر نے اٹھ کر دروزہ کھولاسامنے مسٹر کے کے کھڑا تھااس نے کہا
”گد ایوننگ مسٹر ناصر“
” گڈ ایوننگ مسٹر کے کے۔۔“ناصرنے برا سا منہ بنا کر کہا
”سوری آنے سے پہلے فون اس لےے نہیں کیا کہ آپ کہیں ملنے سے انکار نہ کر دیں۔اور یہ بھی جانتا ہوں آپ جیسا خوش ذوق آدمی دروازے پر آئے ہوئے مہمان کو(اور پھر اپنا جملہ خود ہی کاٹتے ہوئے )میں حیران ہوں آپ نے ابھی تک اندر آنے کے لیے نہےں کہا؟“
ناصر نے پورا دروازہ کھول کر بڑے احترام سے ہاتھ کے اشارے سے مسٹر کے کے کو اندر آنے کی دعوت دی۔ مسٹر کے کے اندر داخل ہوا اور ناصرنے دروازہ بند کردیا۔مسٹر کے کے ناصر کے پیچھے چلتے ہوئے کمپوٹر روم میں آگیا اور خود صوفے پر بیٹھ گیا۔ کمپیوٹر سے رنگ ہورہی تھی۔ناصر مسٹر کے کے کو بھول کر تیزی سے کمپیوٹر کی طرف بڑھ گیا مگر کال نہ مل سکی٬ناصر نے تین ٬ چار بار کوشش کی مگر ناکامی نے اسکے چہرے کی جھنجھلاہٹ بڑھا دی۔ مانیٹر پر پھیلی ہوئی نور کی تصویر کو دیکھتے ہوئے ناصر نے ذرا سے تلخ لہجے میں کہا۔
”جی فرمائیے“
”آپ فارغ ہو لیں۔آپ مصروف ہیں اگر میں غلط نہیں تو آپ پریشان بھی ہیں۔میرا خیال ہے آپ ایک اور کوشش کرلیں٬ ممکن ہے کال مل جائے۔مجھے کوئی جلدی نہیں ۔ آپ کے کسی دوست نے بتایا ہے کہ آج کل آپ کی زندگی میں کسی دور سے آتی ہوئی آواز کا بڑا عمل دخل ہے۔
” تھینک یو“
ناصرنے دوبارہ کال ملانے کی ٹرائی کی اور کال مل گئی۔ ناصر بولا
”کیا بات ہے آج آپ کافی دیر کال اٹینڈ نہیں کر رہیں؟
”میں ذرا پریشان تھی کسی بات پر۔“نور بولی
” خیریت تو ہے نا ۔کس چیز نے پریشان کیا ہے“
”کوئی نئی چیز نہیں وہی پرانی چیزوہی الجھی ہوئی لکیریں وہی اندھیرے وہی دیواریں ہیں وہی بند دروازے۔بس کبھی کبھی پریشان ہوجاتی ہوں “
مسٹر کے کے صوفے سے اٹھا اور ناصر کے قریب آکر بولا
”میں آپ کی پراویسی میں مخل ہو رہا ہوں٬ ایک لفافہ چھوڑ کر جا رہا ہوں٬۔دیکھ لیجئے گا“
وہ ایک لفافہ میز پر رکھ کر کمرے سے نکل گیااور ناصر پیچھے سے بولا
” اوکے بائے “
اچانک آقا قافا کووہ لڑکی یاد آئی جو ناصر کو کلب لے گئی تھی۔ آقا قافا نے سوچا کہ وہ لڑکی بھی تو ناصر کی زندگی میں موجود ہے ۔نور اس بات کا بھی پتہ ہونا چاہئے اور پھر اسی لڑکی کو تصور میں لاتے ہوئے آقا قافا نے ایک کھڑکی اور کھول دی ۔
ایک خوبصورت اور بڑا ڈرائنگ روم میں نظر آیاجس میں ارم اور اسکا دادا مسٹر ران موجود تھے۔دادا کہہ رہا تھا
”: اٹ از گریٹ سرپرائز“
”آپ کے زور دار لافٹر سے تو میں یہ سمجھی
” اٹ از ا ے گریٹ جوک“
”: لگتا تو مجھے یہ جوک ہی ہے،لیکن اس میں سرپرائز بھی ہے٬ میرے دوست کا فون آیاہے٬ میں نے تمہیں اپنے دوست سردار قراقرم“
ارم نے جملہ کاٹتے ہوئے کہا
”یس گرینڈ ڈیڈ٬ ناٹ ونس بٹ ہنڈرڈ آف ٹائمز لیکن ایک بات سوچتی ہوں ٬ اس رات سردار قراقرم اگر ٹو منٹس لیٹ پہنچتا ٬ تو نہ وہ آپ کی جان بچا سکتا اور نہ آج میں ہوتی
” تمہاری ٹو منٹس فلاسفی از آ گریٹ ہومر۔ تمہاری ایڈین گرینی ٹو منٹس لیٹ ہوتی۔(مسٹر ران کا بھرپور قہقہہ)تو تمہارا باپ پیدا نہ ہوتا ، ایک گورا کا کالا بیٹا (اور پھر مسٹر ران کا قہقہہ) اور اگر تمہاری پاکستانی ماں کی فلائٹ ٹو منٹس لیٹ ہو جاتی تو آج ایک کالے انگریز کی گوری بیٹی مرے سامنے کھڑی نہ ہوتی۔(اور پھر دونوں کا بھرپور قہقہہ)
” میرا خیال ہے٬میں اپنے دوست کے بیٹے کے ویزے کا بندوبست کردوں کہیں وہ ٹو منٹس لیٹ نہ ہو جائے۔“یہ کہتے ہوئے مسٹر ران اٹھ کھڑا ہوااور بولا” پاسیبلی آنیو ہسٹری از ان دی میکنگ“اور پھر دونوں کے قہقہے بلند ہونے لگے
آقا قافا سردار قراقرم کے نام پرچونک گیا تھا اس نے فوراً ایک نئی کھڑکی کھولی اور نواب منور مان کو دیکھنے لگا۔اسے وہاں نور بھی دکھائی دی ۔آقا قافا کی ساری توجہ ادھر مبذول ہوگئی۔نواب منور مان کے ہاتھ کرسی کے بازﺅوں کو سختی سے پکڑ ے ہوئے تھے اور نور کہہ رہی تھی
” میں بابا کی قبر پر جانے کے لیے ایک بار پھر آپ سے اجازت مانگنے آئی ہوں۔‘ نواب منور مان کرسی کے بازﺅوں کوکچھ اور مضبوطی سے پکڑتے ہوئے کہا
” ایک سوال بار بار کرنے سے اس کا جواب نہیں بدل جاتا“
”میں بابا کی قبر پر جانے کی اجازت چاہتی ہوں۔“
” میں نے کہہ دیا ہے نا کہ نوابزادہ مصور کے ساتھ چلی جانا۔“ غصے کے ساتھ نواب منور بولا
”: اکیلی جانا چاہتی ہوں۔“ نواب منور مان غضبناک نظروں سے نور کی طرف دیکھنے لگااورنور نواب کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بولی
”کیا آپ کبھی میرے بابا کی قبر پر گئے ہیں؟“
”: دھن کوٹ اسٹیٹ کی تاریخ میں آج تک کسی عورت کو اتنی گستاخی کرنے کی جرات نہیں ہوئی۔“
”بابا کی قبرتک جانے سے اگر دھن کوٹ اسٹیٹ کی تاریخ بدلتی ہے تو اسے بدل دینا چائیے۔“
” کیاجاننا چاہتی ہو؟“
” میں یہ جاننا چاہتی ہوں کہ کیا کبھی آپ نے اپنے بڑے بھائی کی قبرپر فاتحہ پڑھی ہے؟“
”کھل کر بات کرو کیا جاننا چاہتی ہو؟“
”میں مصورکے ساتھ نہیں ، آپکے ساتھ باباکی قبر پر جانا چاہتی ہوں۔“
”دھن کوٹ اسٹیٹ کے نواب مرنے کے بعد قبرستان جایا کرتے ہیں“
یہ کہہ نواب غصے کے عالم میں باہر نکلا اورراہداری میں تیز تیز قدم اٹھاتا ہوا٬ غصہ سے بھرا ہو ا٬ پاﺅں ایک کمرے میں دا خل ہوا نوابزادہ مصوراور اس کا دوست شطرنج کھیل رہے تھے ۔ دونو ں کھڑے ہو گئے۔ مصور کا دوست نواب منور کا چہرہ دیکھتے ہی جھک کر سلام کرتا ہوباہر نکل گیا۔نواب نے اپنے بیٹے مصور سے کہا
”معاملہ میری برداشت سے باہر ہوگیا ہے۔میں او رانتظار نہیں کر سکتا۔“
”بابا آپ اسکے باپ کی قبر پر جانے کی اجازت نہیں دیتے اور چاہتے ہیں وہ مرے ساتھ شادی کر لے۔“
”وہ تمہارے ساتھ کیوں نہیں باپ کی قبرپر جا سکتی؟“
”وہ یہ سمجھتی ہے آپ اس پر اعتماد نہیں کرتے ،آپ کا خیال ہے کہ وہ کہیں فرار ہو جائے گی۔“
”تم اسے نہیں جانتے،اس سے کسی بھی بات کی توقع کی جاسکتی ہے۔“
”مگر ابھی میں نے دروازہ کھلا رکھا ہوا ہے“
” صرف دروازہ کھلا رکھنے سے کوئی اندرنہیں آ جاتا ٬ میں صرف یہی پوچھنے آیا تھا٬ مجھے اور کتنا انتظار کرنا ہے؟اس کے تیوربہت خراب ہیں اور تم جانتے ہو میرا غصہ اس سے کہیں زیادہ“
آقا قافانے تمام کھڑکیاں ختم کر دیں اور مراقبے میں چلا گیا مگر زیادہ دیر مراقبہ میں نہ رہ سکا کیونکہ کلاس میں جانا تھا اور آقا قافا اپنے ہم جماعتوں کے ساتھ سادھو بابا کے غار میں تھے ۔کلاس شروع ہوچکی تھی ۔انیس بوڑھوں میں ایک نوجوان طالب علم تھا۔ سادھو بابا کہہ رہا تھا
تم پوچھتے ہو ۔ہندوستان میں ہزاروں سادھو چلم پیتے ہیں ہمارے لئے کیوں ممنوع ہے ۔چلم میں تمباکو یا گانجا ہوتا ہے ۔یا کوئی اور نشہ اور شے ۔یہ تمام چیزیں ارتکازِذہن کےلئے مددگار ثابت ہوتی ہیں۔مگر سچے سادھوکا ارتکاز سہارے کے بغیر ہوتا ہے ۔وہی ارتکازمنزل کی سمت لے کرجاتا ہے جو اپنی لگن سے نمودار ہوتا ہے ۔ہاں تو آج کس موضوع پر بات کی جائے “آقا قافا بولا” سادھو بابا حسن کیا شے ہے “
”ہاں تمہارے لئے حسن کو سمجھنا بہت ضروری ہے ۔حسن کی چار اقسام ہیں ۔پہلی چشم و گوش سے متعلق ہے ۔دوسری کا تعلق کردار و عمل سے ہے ۔تیسری خیر اور سچائی سے عبارت ہے ۔چوتھی قسم حسن ِمطلق کے مادی اور غیر مادی ظہورکی سرگزشت ہے۔وہی حسن حقیقی ہے۔وہی جاوداں ہے۔وہی ازل سے پہلے سے ہے اور ابد کے بعد بھی رہے گا ۔حسن کی پہلی تینوں قسمیں اِسی حسن کا پرتو ہیں ۔عکس ہیں ۔“
آقا قافا نے پھر سوال کیا۔کیا توازن اور تناسب حسن کا سبب نہیں ہیں اور اگر ہیں تو پھر کیا یہ کہا جاسکتا ہے کہ حسن مطلق توازن اور تناسب رکھتا ہے “
سادھو بابا بولے”تمہیں کس نے کہا بد صورت چیزوں میں توازن اور تناسب نہیں ہوتا۔میرے خیال ہے تمہیں حسن کو سمجھنے کےلئے کچھ اور تصورِاسم اللہ ذات میں گم رہنے کی ضرورت ہے ۔حقیقت میں کارخانہ ءحسن دراصل عکسِ روحِ کائنات ہے اور انسانی روح نے زمین پر آنے پہلے اس کا جیسا جیسا مشاہدہ کیاتھاتو اشیائے ہستی کی کو دیکھ کر کر اسی یاد کے نقش مختلف اانداز سے ابھرنے لگتے ہیں۔“پھر سادھو بابا نے تمام کلاس سے پوچھا ”حسن کے بارے میں کسی نے کچھ بولنا ہے “ایک سادھو بولا ”اجازت ہو تو میں ایک نظم سنا نا چاہتا ہوں
”اجازت ہے “
اور پھراس نے نظم شروع کی
حسن بے شکل ہے ۔مگر دیکھنے والی آنکھ کہے تمام شکلیں حسن کی ہیں۔
حسن بے آواز ہے مگر سننے والے کان کہیں تمام آوازیں حسن کی ہیں
حسن کا کوئی موسم نہیں مگر سارے موسم حسن کے ہیں
حسن نہ ظاہر میں ہے نہ باطن میں ۔حسن کا نہ اول ہے نہ آخرہے ۔حسن اک گورکھ دھندہ ہے
ہم حسن سے نہیں مل سکتے جب تک وہ خود نہ چاہے
ہم حسن کا ذکر نہیں کرسکتے ۔وہ خودہماری زبان سے اپنا ذکر کراتا ہے
حسن ایک سفاک ، ہولناک اور خطرناک طاقت ہے
وہ جس وقت چاہے پاﺅں کے نیچے سے زمین کھینچ لے ۔جس وقت چاہے سر سے آسمان اتار لے
حسن کے کروڑ ہا رنگ ہیں۔جو دیکھنے والے کی کیفیت کے ساتھ بدلتے ہیں“
سادھو بابا آقا قافا سے کہنے لگے ”تمہارے خیال میں حسن کیا ہے“آقا قافابولا۔اگر مجھے ذرا سی لمبی بات کرنے کی اجازت دی جائے تو ممکن ہے میں اس کی وضاحت کر سکوں “
”اجازت “
ایک انگریز بزرگ نے کئی صدیوں پہلے کہا تھا۔اگر مجھ سے یہ سوال نہ کیاجائے کہ جمالیات کیا ہے تو کہہ سکتا ہوں کہ میں جانتا ہوں جمالیات کیا ہے لیکن اگر مجھ سے یہ سوال کیاجائے تو میں کہوں گا میں نہیں جانتا ۔اس لئے کہ میں جمالیات کی کسی مروجہ تعریف کو نہیں مانتا ۔ میرے نزدیک جمالیات اس تخیل ا ور حقیقت کا حصہ ہے جو عدم سے وجودمیں آتی ہے ۔جو مظاہر سے بھی متعلق ہے اور روحِ مظاہر سے بھی ۔اس حسنِ مطلق کا نام ہے جو فروغ کن کے عمل میں جاری و ساری ہے۔جو دکھائی نہیں دیتا مگر اس کے تاثرسے عالم محسوسات میں لطف و کیف کے فردوس آباد رہتے ہیں ۔وہ جمال صرف جنت میں نہیں دوزخ میں بھی دیکھا جاسکتااس کی جھلک خیر سے ہی نہیں شر کے جھروکے سے بھی دکھائی دے جاتی ہے۔جو احساسات کے دائرے میں بھی ہے اور اس سے باہر بھی۔میرے نزدیک سوال صرف یہی نہیں کہ جمال کا اصل کیا ہے اور انسانی جمالیاتی تجربے یعنی وجدان واحساسِ جمال سے علیحدہ اس کی کیا حقیقت ہے۔نہ مجھے قدیم جمالیات کی اس گفتگو سے کوئی شغف ہے جس میں دواطراف سے جمال کی موضوعیت اور معروضیت کے جملے آپس میں دست و گریباں نظر آتے ہیں اور نہ میں قدیم فلاسفہ جمالیات کی طرح انسانی تجربے کی اہمیت سے صرفِ نظر کر سکتا ہوں لیکن اس کے ساتھ ساتھ میں جمالی تصورات کی معروضیت کے حصار سے بھی نہیں نکل سکتاکیونکہ میرے خیال میں کوئی تصور کوئی تخیل اپنی اصل میں مجرد نہیں ہوتا۔ہمارے حواسِ خمسہ کی بے بضاعتی اسے مجرد بناتی ہے۔انسانی احساسات کی کج فہمی ایک مسلمہ حیثیت رکھتی ہے حسِ بصارت افق پر زمین و آسمان کے ملنے کی خبر دیتی ہے مگرحقیقت میں دیکھنے والے کو ایک سراب میں مبتلا کر رہی ہوتی ہے۔شاہدِ دیدہ جمال سے جو لطف و کیف اٹھاتا ہے اس کی سچائی پر یقین رکھا ہی نہیں جا سکتااس لئے احساسِ جمال یا جمالیاتی تجربے کی حیثیت بھی کسی طرح فلسفہ جمالیات میں مرکزی قرار نہیں دی جا سکتی ۔یہ وہ مقام ہے جہاں جدید فلسفہ جمالیات کی بنیاد میں بھونچال آنے لگتا ہے۔اصل میں قصہ یہ ہے کہ جرمن فلسفی بام گارٹن (Baum Garten)نے زندگی بھر یہی کوشش کی کہ وہ جمالیات کو ایسی بنیادیں فراہم کر جائے کہ جمالیات کا شمار سائنس میں ہونے لگے اس میں کوئی شک نہیں کہ اسی کے کام کے بعد جمالیات نے ایک مستقل شعبہ علم کی حیثیت اختیار کی لیکن جمالیات کو سائنس نہیں بنایا جا سکتا جمالیات کافروغ تو اس باطنی کیفیت سے ہو رہا ہے جو نغمہ شعور کے سکوت سے شروع ہوتی ہے ۔اس لئے جمالیاتی تجربے کے نفسیاتی تجزیوں کی تفصیلیں مجھے چڑیا خانے کی حکایات لگتی ہیں ۔میں جمالیات کے باب میں انفرادی ذوق(Taste) کو بھی نہیں مانتاکیونکہ جمالیات تو اجتماعی آنکھ کا ایساغیر مبہم مشاہدہ ہے جسے تجسیم نہیں کیا سکتا ، جس کے خدو خال کا بیان ممکن نہیں
۔تصورِجمال کیلئے کسی تعلیم و تربیت کی ضرورت نہیں اس باب میں شبانی سے کلیمی تک پہنچنے کیلئے کوئی شعیب نہیں چاہئے اور نہ کسی ماحول کی کوئی اہمیت ہے۔جمال دکھائی دے یا نہ دے ،کوئی اس سے لطف و کیف اٹھا سکے یا نہ اٹھا سکے ،کوئی اس کی روشنی اور خوشبوسے واقف ہو یانہ ہو، وہ موجود ہے۔ ایک ازلی سچائی کی طرح ۔وہ ایک جوئے رواں ہے جو ازل سے ابد تک بہتی جا رہی ہے ۔جمال چونکہ ہر شے میں ہو سکتا ہے ۔ وہ جلال میں بھی موجود ہوتاہے ۔دکھ میں بھی دکھائی دیتا ہے ۔آگ سے بھی ابھرنے لگتا ہے ۔موت کے تابوت سے نکل آتا ہے۔ذراتابوت سے نکلتا ہواجمال دیکھئے
موت ملائم ریشم جیسی اور سبک ہے اتنی
جیسے مرغابی کے پر
جیون کاٹھ کباڑ مکاں کا اور دکھوں کا گھر
موت ملائم ریشم جیسی اور سبک ہے اتنی
جیسے خوشبوں کا کھوج
جیون ایک پہاڑ سے بوجھل کون اٹھائے بوجھ
موت ملائم ریشم جیسی اور سبک ہے اتنی
یعنی ہر شے سے جمالیاتی تجربہ نکالا جا سکتاہے اس صورت حال میں جمال کی ہمہ گیریت صرف کائناتوں پر نہیں ان سے باہر بھی جو کچھ ہے اسے بھی اپنے محیط میں لے لیتی ہے ۔تخیل کی پرواز جہاں تک جا سکتی ہے وہاں تک تو جمالیاتی تجربہ ممکن ہے لیکن جمال اس سے آگے بھی موجود ہے جمال کے اول و آخر ہونے کے خیال کا تو ذہن انسانی احاطہ کر سکتا ہے لیکن جہاں دماغ کے کمپیوٹرمیں ڈالی گئی چپس کام کرنا چھوڑ دیتی ہیں جمال کے وہاں ہونے کا بھی کوئی انکار نہیں کر سکتا کیونکہ جمال اگر اپنی پوری شان و شوکت اور شکوہ کے ساتھ یہاں موجود ہے تو وہاں کیسے نہیں ہو سکتا۔“
سادھواوما رام بولا ” وہ بات جو سادھو بابا نے چار لفظوں کی تھی تم نے وہی چار سو لفظوں میں کی ہے ۔“اس کے لہجے میں معمول کے مطابق نفرت موجود تھی۔آقا قافا سادھو بابا سے اس کی کئی بار شکایت کرچکا تھا مگر وہ کہتے تھے ،نظر انداز کردیا کرو۔ہم اس کی فطرت نہیں بدل سکتے ۔
سادھو بابا فوراًبولے”مگر اس کی بات زیادہ خوبصورت تھی“اور پھر کلاس اختتام کو پہنچ گئی۔آقا قافا غار میں پہنچاراون اس کے استقبال کےلئے موجود تھا۔ آقا قافا نے بالوں میں ہاتھ پھیرا اور اپنی چٹان پر التی پالتی مار کر بیٹھ گیا۔
بیٹھتے ہی اس نے پھر نور کی کھڑکی کھولی۔
شام کی گہری گہری رنگت میں ہوا دھیمے دھیمے بھیرویں کررہی تھی۔ نور اور نارو دریا کے ساتھ چل رہی تھیں۔لہروں کے سرگم بھی ڈوبتے الاپوں جیسے تھے ۔سورج ڈوب چکا تھا۔محل کی لائٹس آن ہوچکی تھیں۔نور نارو پوچھ رہی تھی
”نارو کیا تم موت سے ڈرتی ہو؟“
نارو خوف زدہ ہوکر سینے پر ہاتھ رکھ کر بولی
” ہائے چھوٹی مالکن؟“اور نور نے کہا
”میں موت نہیں ڈرتی مگر آج تمہارا نواب منور مان موت کے ڈر سے ساری رات جاگتا رہے گا۔ مو ت کا خوف سب سے زیادہ قاتلوں کو ہوا کرتا ہے“
”چھوٹی مالکن ۔ مجھے توموت سے بہت ڈر لگتا ہے“
”نارو میں موت کے قریب کھڑی ہوں لیکن میری ماں نے اس قید خانے مےں میرے لیے ایک کھڑکی کھولی دی تھی۔
”کھڑکی کونسی کھڑکی چھوٹی مالکن؟“
کمپوٹر کی کھڑکی ۔ونڈو۔: تمہیں پتہ ہے نارو؟ کمپوٹر نے مجھے کیا کیاسکھا یا ہے؟وہ بڑی زبردست چیز ہے۔ اسی نے مجھے ذہنی طور پر ہر لمحہ چاک و چوبند رہناسکھایا ہے۔ رات کے اندھیرے میں اس محل کی دیواروں اور فصیلوں پر اڑتے ہوئے پرندوں کے پروں کی آواز اس کھڑکی سے مجھے سنائی دیتی ہے۔“
”چھوٹی مالکن بڑی بیگم تو اس طرح نہیں سوچتی تھی؟۔
”اندر چلتے ہیں“
”جی ممکن ہے کھڑکی پر ٹک ٹک ہورہی ہو“وہ دونوں کمرے میں آئیں تو واقعی کمپوٹر پر کال آرہی تھی
نارو بولی”میں نے ٹھیک کہا تھا ناکھڑکی پر دستک ہو رہی ہے۔“
”میں ابھی کھڑکی کھولتی ہوں“نور نے ہنستے ہوئے کہا
نور نے جاکر کال ریسو کی ۔دوسری طرف ناصر تھا نور بولی
”ہاں ناصر کہو“
” میں تم سے ایک مشورہ کرنا چاہتا ہوں۔“
” کھلی ہواﺅں میں اڑنے والا پرندہ مجھ سے مشورہ کرناچاہتا ہے؟ ایک قیدی سے ؟“
”میرے ہاتھ میں ایک بلینک چیک ہے ،اسکی قیمت مجھے میچ ہارکر ادا کرنا ہے۔“
” اس کا مطلب ہے٬ کہ تمہاری گیند اس مرتبہ سٹیڈیم کی اونچی فصیلوں سے باہر نہیں جائے گی؟“
”اور کیا کروں؟“
”میں تمہاری جگہ ہوتی تو اس بلینک چیک کے ٹکڑے ٹکڑے کر کے دینے والے کے منہ پر دی مارتی۔“
” مسٹر کے کے لفافے میں بند کر کے چھوڑ گئے تھے ۔میں نے اس وقت دیکھا ہوتا تو فوراً واپس کردیتا “
آقا قافانے فوراً نئی کھڑکی کھولی اور مسٹر کے کے کا تصور کیا ۔
یہ بکی مسٹر کے کے کا آفس تھا ۔مسٹر کے کے ، جمی اور مسٹر پیٹل بیٹھے ہوئے تھے۔دفتر میں مختلف کمپیوٹر اورٹیلی ویژن آن تھے جن کے اوپر مختلف کرکٹ اور فٹبال کے میچ چل رہے تھے ۔مسٹر کے کے ایک بڑی آفس ٹیبل کے پیچھے بیٹھا تھا۔ اس کے سامنے آٹھ دس فون پڑے تھے۔ اس نے ایک فون ایک کان سی لگا رکھا تھا اوردوسرا فون دوسرے کان سے۔مسٹر پٹیل بولا
”مسٹر کے کے تم نے پھر ہاف ملین آف پونڈ کی انوسٹمنٹ کر ا دی ہے؟اور تمہارے ناصر نے ابھی تک بنک سے چیک کیش نہیں کرایا۔“
” توقع تو یہی ہے کہ مسٹر ناصر پرانی غلطی نہیں کریں گے۔ ہر شے کی آخرایک قیمت ہوتی ہے۔“
آقا قافا نے دونوں کھڑکیاں بند کردیں ۔اس کی نظر راون پڑی تھی جو غار میں بے چین پھر رہا تھا ۔آقا قافا اٹھا اور اس نے راون کی کمر تھپتھپائی اور سمجھنے کی کوشش کرنے لگا کہ بات ہے۔اچانک راون تیزی ایک طرف لپکا آقا قافا اس سمت ایک سوراخ سے سانپ کو نکلتے دیکھا ۔آقا قافا نے زورسے کہا”راون ٹھہرو“کتا رک گیا ۔آقا قافا آگے بڑھا اک کوبرا ناگ اور آقا قافا آمنے سامنے تھے۔کوبرا پھن پھیلا کر کھڑا ہوگیا مگر آقا قافا کے آگے بڑھتے قدم دیکھ کر پیچھے کی طرف جانے لگا ۔اور پھر غار سے باہر نکل گیا ۔آقا قافا نے اچھی طرح اس سوراخ بند کیا جس سے سانپ بر آمد ہوا تھا ۔اورپھر اونچی آواز میں آیت الکرسی پڑھ پڑھ کر غار میں ہر طرف پھونکیں مارنے لگا ۔اس نے جب پوری غار میں اچھی طرح سے پھونکیں مار لیں توراون چین سے اپنے گدے پر جا بیٹھا۔آقا قافا کے ذہن میں یہ خیال لہرایا کہ مجھے اس غار میں کئی سال ہوگئے مگر آج تک یہاں کوئی سانپ نہیں آیا تھا یہ آج کیا ہوا ہے ۔آقا قافا نے اوما رام کا تصور کیا اور کھڑکی کھولی ۔ اوما اپنی غار میں تنہا نہیں تھا اس کے پاس ایک اورسادھو بھی موجود تھا ۔آقا قافا نے غور کیا تو یہ وہی مونا رام تھا جس نے تیاگ ماڑی میں اس کے ساتھ مقابلہ کیا تھا ”اوما اس سے کہہ رہا تھا
”کوبرا پلٹ آیا ہے “
”ہاں دیکھ رہا ہوں “
”کیا کوئی ایسی صورت نہیں کہ اسے مارے بغیر تمہاری شکتیاں تمہیں واپس مل جائیں “
”نہیں ۔۔ اس مسلے کی موت کے بغیر مجھے میری شکتی واپس مل سکتی ہے “
”اسے مارنا آسان نہیں ہوگا ۔پتہ نہیں سادھوبابااسے کیا کیا سکھا رہا ہے۔“
”اس سے کہیں زیادہ خطرناک میری شکتیاں ہیں۔جو مہا سادھو نے اسے بخش دی ہیں۔میں چاہتاہوں کہ اسے ان شکتیوں کا علم ہونے سے پہلے مار دیا جائے “
”یہ تم کیسے کہہ سکتے ہوکہ اسے ان شکتیوں کا ابھی علم نہیں ہوا ہوگا“
”وہ ساری شکتیاں منتروں سے ظاہر ہوتی ہیں اور نروار روام نے اسے منتر نہیں سکھائے “
”اس نے کتابوں سے خود پڑھ لئے ہیں “
”کیا مطلب “
”وہ ہندو مت کے متعلق ہم سے زیادہ جانتا ہے “
آقا قافا نے وہ کھڑکی بند کی اورسادھو بابا کے پاس پہنچ گیا۔انہوں نے سوالیہ نظروں سے اسے دیکھا تو آقا قافا بولا ”اومارام کے غار میں مونا رام موجود ہے اور دونوں مجھے قتل کرنے کی کوشش میں ہیں۔ایک کوبرا میرے غار میں پہنچ گیا تھا مگر راون کی بے چینی کی سبب اس سے بچ گیا“
سادھو بابا اٹھا اور کہا ”آﺅ“وہ دونوں اوما رام کے غار میں داخل ہوئے۔سادھو بابا مونارام سے بڑی محبت سے ملے اور کہا
” مجھے تمہاری آمد کا سبب معلوم ہوچکا ہے۔آقا قافا تمہیں اپنی شکتیاں واپس دینے کےلئے تیار ہے ۔اسے ان کی کوئی ضرورت نہیں “
مونا رام بولا ” نروار رام شکتیاں دو طرح ہوتی ہیں۔اپنی کوشش اور ہمت حاصل کی ہوئی اور دوسری کسی کی عطا کی ہوئی ۔یہ اپنی مرضی سے مجھے صرف وہ شکتیاں واپس کر سکتا ہے جو اپنی ریاضت سے حاصل کی تھیں ۔تمہیں حیرت ہوگئی کہ میں نے شکتیاں صرف دو دن میں دوبارہ حاصل کرلی ہیں مگر کسی کی عطا کی شکتیاں یہ مجھے خود بھی واپس نہیں کر سکتا وہ صرف اسی صورت میں مجھے مل سکتی ہیں کہ اس کی روح اس کے جسم سے ہمیشہ کے لیے پرواز کرجائے “
سادھو بابا خاموش ہوگئے اوما رام آہستہ آہستہ چلتا ہوا آقا قافا اور سادھو بابا کے پیچھے آکھڑا ہوا۔سادھو بابا بولے ”تم مہا سادھو کو راضی کرنے کی کوشش کیوں نہیں کرتے ۔“
”کی تھی مگر انہوں نے دھتکار دیا“
”ہمیں یہاں نہیں آنا چاہئے تھا ۔“سادھو بابا نے یہ جملہ کہا اور تیزی سے اپنا آقا قافا کے پیچھے کیا ۔اوما رام جو خنجر آقا قافا کی پشت میں اتارنا چاہ رہا تھا وہ سادھو بابا کے ہاتھ میں پیوست ہوا۔اوما رام کی طرف بھاگا ۔آقا قافا اس کے پیچھے لپکا مگر سادھو بابا نے قدم نے روک دئیے ”اسے جانے دو“
خنجر زمین پر گر چکا تھا خون سادھو بابا کے ہاتھ سے گر رہا تھا انہوں نے اسی طرح بغیر کسی تاثر کے مونا رام سے کہا ”اب اگر کبھی اس علاقے میں دکھائی دئیے تو تم اپنی موت کے ذمہ دار خود ہوگے“اور پھر آقا قافاسے مخاطب ہوئے ”آﺅ چلیں“تھوڑی دیر بعد وہ دونوں سادھو کی غار میں تھے ۔ سادھو بابانے ایک مرہم اور پٹی آقا قافا کہیں سے نکال کردی آقا قافا نے اچھی طرح ان کے ہاتھ مرہم لگا کر اوپر پٹی باندھ دی ۔سادھو بابا بولے
”اب تم جاﺅ “
”ایک سوال بابا اوما رام نے مونا رام کا اس قدر ساتھ کیوں دیا “
”وہ اسی کا چیلا تھا اسی کی سفارش پر میں نے درس میں اسے شامل کیا تھا“
اور پھر واپس اپنی غار میں آگیا۔رات خاصی ہوچکی تھی ۔
اس کی عبادت کا وقت ہوگیا تھا اس نے وہی جائے نماز بجھائی اور رکوع و سجود میں مصروف ہوگیا۔دو تین گھنٹوں کی عبادت کے بعد اس نے جائے نماز لپیٹ دی اور غار سے باہر نکل آیا ۔برف باری ختم ہوچکی تھی آسمان صاف تھا۔ چاندکی کرنیں برفیلے پہاڑوں پر پھیلی ہوئی تھیں ۔منظر جتنا خوبصورت تھا آقا قافا نے اپنی اندر اتنی اداسی محسوس کی ۔وہ واپس غار میں آیا۔نور کی کھڑکی کھولی کہ دیکھوں وہ آرام سے سو رہی ہے یا نہیں۔
یہاں رات خاصی بھیگی ہوئی تھی۔ تیز ہوائیں چل رہی تھی پردے ہل رہے تھے ۔کھڑکیاں بج رہی تھیں۔سوئی ہوئی نور اٹھ کر کھڑی تھی ۔اسے قدموں کی آواز بھی سنائی دی رہی تھیں ۔اس نے اپنے سرھانے کے نیچے بتیس بور کا خوبصورت سا پستول نکالا اس میں گولیاں چیک کی ۔پھر پستول ہاتھ میں پکڑ کر بڑے دھیان سے کھلی ہوئی کھڑکی کے پاس آئی اسے بند کیاپھر دروازہ کھول کر باہر نکل آئی۔باہرتیز ہوا کے سوا کوئی نہیں تھا۔اس نے دروازہ بند کیا۔وہ دروازہ اور بستر پر آکر بیٹھ گئی ۔شاید اس کے دماغ میں سے یہ الجھن نہیں نکل رہی تھی کہ کھڑکی کیسے کھلی رہ گئی تھی۔
آقا قافا نے نواب منور مان کا تصور کیا اور ایک اور کھڑکی کھولی ۔ نواب میں خواب گاہ میں بستر پر لیٹا ہوا تھا۔ایک کنیز اس کے پاﺅں دبا رہی تھی۔سٹیٹ کا مینیجر خواب گاہ اندر داخل ہوااور نواب نے کنیز سے کہا
”بس اب تم چلی جاﺅ“
کنیز کے نکلتے ہی منیجر بولا
” حضور منشی امان علی نے پوچھ گچھ کے دوران خود کشی کر لی ہے۔صرف اتنا معلوم ہو سکا ہے کہ چھوٹی مالکن نے اسے سردار قراقرم کی پاس بھیجا تھا۔
نواب غصہ کے عالم میں اٹھ کھڑا ہوا اور خواب گاہ چلنے لگا۔پھر کچھ سوچنے کے بعد نواب بولا
” بلالاﺅ اسے“
”حضور آدھی رات ہورہی ہے ۔وہ سوئی ہوئی ہوں گی“
”میں نے کہا ہے نا۔”اسے جگاﺅ اور یہاں لے آﺅ
مینیجرکے نکل جانے کے بعدنواب خود کلامی کی
” اس سے پہلے کہ کوئی بڑا فتنہ جنم لے ۔ اسے مر جانا چائیے“
آقا قافا نے نور والی کھڑکی پر ذہن مرتکز کیا تو وہاں دستک ہورہی تھی ۔نور اٹھ کر دروازے پہ آئی ۔پستول اس کے ہاتھ میں تھا اس نے پوچھا ”کون ہے “منیجر کی آوازآئی ”جی نواب صاحب نے بلایا ہے آپ کو “
”اس وقت ۔اتنی رات گئے “
”جی حکم تو یہی ہوا ہے “
”اچھامیں آرہی ہوں “
نور نے بڑی چادر اپنے اوپر لپیٹ لی پستول اندر میں چھپ گیا اور پھر دروازہ کھول کر باہر نکلی ۔منیجر پیچھے ہٹ گیا ۔نور چلنے لگی ۔منیجر پیچھے پیچھے بڑے احترام سے چل پڑا۔نور چلتی ہوئی نواب منور مان کی خوابگاہ میںداخل ہوئی نواب کی پشت نور کی طرف تھی۔اور وہ ٹہلنے کے انداز میں آگے بڑھتا جا رہا تھا۔ نور نے کہا
”اتنی رات گئے مجھے بلایا ہے آپ نے۔ خیریت تو ہے“
نواب نے چہرہ موڑ کرکے نور کی طرف دیکھااور پھر آگے بڑھ گیا۔ دو قدم آگے جا کر پھرمڑاور نور کی طرف بڑھنے لگا اس کے چہرے پر غصہ کے تاثرات بہت واضح تھے۔وہ چلتا ہوا نور کے پاس آیا اور نور کی آنکھوں میں تیز نظروں سے دیکھتا ہوا بولا۔
”تم نے منشی امان علی کوقراقرم کے پاس بھیجا تھا ؟“
نور اسی طرح نواب کی آنکھوں میں دیکھتے ہوئے بولی
”ہاں ۔۔۔۔بھیجا تھا۔“
”کیوں بھیجا تھا۔۔۔۔کیا واسطہ ہے تمہارا سردارقراقرم سے“
”میں یہ جا ننا چا ہتی تھی کہ قراقرم جیسے معمولی سردارنے اپنے بیٹے کے لئے ،نواب انورمان کی بیٹی کا رشتہ مانگنے کی
جرا ت کیوں کی“
”صرف یہی جاننا چاہتی تھی“
”نہیں میں یہ بھی جاننا چاہتی ہوں وہ اتنی بڑی جرات کے باوجود ابھی تک زندہ کیوں ہے“
”اس کی قبر کا چوکھٹا بن چکاہے‘کسی وقت بھی تصویر سجا دی جائے گی۔لیکن یہ بھی تمہیں معلوم ہے دہن کو ٹ اسٹیٹ میں اکثرقبروں کے چو کھٹے بنتے رہتے ہیں۔اپنی تصویر کا خیال رکھو نور “
”قبریں تو مجھے بہت اچھی لگتی ہے ،مگر آپ بابا کی قبر پرجا نے ہی نہیں دیتے“
بابا کی قبرکے ذکر پر نواب ذرا سا پیچھے ہٹ گیا اور بھیانک نظروں سے دیکھتا ہوا بولا
”تم جا سکتی ہو“‘
”بابا کی قبر پریا اپنے کمر ے میں“
”ابھی کمرے میں“
نورجیسے ہی کمرے سے نکلی منیجر اندر داخل ہوا ۔نواب نے کہا
”منان کو میرے پاس بھیج دو اور تم اب چلے جاو “
منیجر باہر نکلا دروازے پر موجود پہرہ داراور نواب صاحب کے خادم خصوصی سے کہا ”
”نواب صاحب بلا رہے ہیں “
منان اندر داخل ہوا ۔ نواب نے سو چتی ہوئی نظروں سے اسے دیکھا اور کہا
”آگ سراپا آگ بن چکی ہے تمہاری چھوٹی مالکن منان علی٬ اس سے پہلے کہ وہ دھن کوٹ کے پہاڑوں کو جھلسا دے اس کے لئے زمین میں کوئی ٹھنڈی سی آرام گاہ بنا دو۔باپ کی قبر کے ساتھ
منان نواب کے قدموں بیٹھتا چلا گیا اور ان کے پاوں دابتے ہوئے کہنے لگا‘
”حکم کی تعمیل ہوگی سرکار ۔۔۔۔۔مگر وہ اپنے نواب زادہ مصور مان۔۔۔“
” وہ ابھی بچہ ہے اور اگر بچے کا ایک کھلونا ٹوٹ جائے تو دوسرا لا دیا جاتا ہے“
”جی میں سمجھ گیا سرکار۔۔۔ ٹھیک ہے سرکار۔۔۔۔ سرکار ۔۔۔۔۔ کچھ دوست نما دشمن اس واقعے کو اچھالیں گے بہت“
”میں ان باتوں کو تم سے بہتر جانتا ہوں، بس یہ خیال رہے الزام مجھ پر نہیں آنا چاہئے“
” حضور کونسا طریقہ مناسب رہے گا “
”زہر دے دیا جائے اور کہہ دیا جائے کہ اس نے خود کشی کرلی ہے“
”حضور کا کیا خیال ہے۔ اس کام کے لئے یہ وقت مناسب ہے “
” وقت تو مناسب نہیں مگر مجھے اس سے خوف آنے لگا ہے۔۔۔۔ اس کے عزائم سے۔۔۔“
” حضور ایک نہتی اور کم زور لڑکی کے کیا عزائم ہو سکتے ہیں آپ جس وقت کہیں گے اس کے عزائم اس سے چھین لئے جائیں گے“
”تو تمہارا کیا مشورہ ہے کہ ابھی صبر سے کام لیا جائے“
”حضور حالات کا اچھی طرح جائزہ لے لیں۔ تمام سرداروں سے ملاقات مکمل کر لیں۔۔اس کے بعد اس کام میں کتنی دیر لگنی ہے“
آقا قافا نور کی کھڑکی میں دیکھتا ہے تو نور اندھیرے میں چلتی ہوئی کہیں جارہی ہوتی ہے۔پھر وہ ایک دروازہ پر دستک دے کرزور سے بولی” نارو“
نارو دروازہ کھول کر باہر نکلی آئی اور پریشانی بولی
”آپ اس وقت اور یہاں “
نورنے ا س کی آنکھوں میں دیکھ کے کہا
”منشی امان علی “۔
”جی ۔شاید انہیں مار دیا گیا ہے “
نور واپسی کےلئے مڑتے ہوئے بڑے سرد لہجے میں بولی
” ظالم مظلوموں کو مار دینے کے سوا اور کیا کر سکتے ہیں مگر نارو۔ ظالم اور مظلوم میں بہت کم فرق ہوتا ہے ۔وقت کے بدلنے میں دیر کتنی لگتی ہے“۔
پیچھے چلتی ہوئی نارو آہستہ سے بولی ”چھوٹی مالکن ۔۔ ۔وہ آ پکے وفا دا روں کوچن چن کر مار رہے ہیں ۔“
”ہاں مجھے خبر ہے۔ مرا وجود ان دنوں قربان گاہ بنا ہوا ہے۔مرے ہر وفا دار کی موت خنجر کی طرح دل میں پیوست ہو رہی ہے۔مگر میں اپنے زخم سنبھال کر رکھنا چاہتی ہوں “۔
”چھوٹی مالکن‘ سردار قراقرم سے ملنا اتنا بڑا جرم تو نہیں تھا‘ جس کی سزا موت ہوتی“۔
”مجھے لگتا ہے سردار قراقرم کے پاس نواب منور مان کاکوئی راز موجودہے اور تمہارا نواب نہیں چاہتا کہ راز مجھ تک پہنچے“
نارو نے نور کومحل کی عمارت کی چھت پر موجودمحافظ ہاتھ میں دور بین کی طرف متوجہ کیا نور بولی
”ہو نہہ۔۔ایک لڑکی سے ڈرا ہوا دھن کو ٹ کا نواب محافظوں کی آنکھ سے مجھے دیکھ رہا ہے۔مری نقل و حرکت کا جائزہ لینے کے لیے محل کی چھت پر ایک دور بین والے کی بھی ڈیوٹی لگادی ہے“۔
نور کے اپنی خواب گاہ میں داخل ہوتے ہی آقا قافا نے ہاتھ کے اشارے سے کھڑکی کو ختم کر دیااور معمول کے مطابق التی پالتی مار تصورِ اسم اللہ ذات میں گم ہوگیا۔
کچھ ایسا ہوا کہ وہ رات بھی تمام ہوگئی پھر اگلا دن بھی گزر گیا اس کے اگلی رات بھی بیت گئی۔صبح ہوئی آقا قافا تصورِ اسم اللہ ذات سے باہر آیا جیسے ہی باہر نکلا آقا قافا کی غارمیں ایک سادھو داخل ہوا۔ایک سادھو نے کہا”اب تم نے کہیں نہیں جانا سادھو بابا تم سے ملنے آرہے ہیں اور پھر بڑا سادھو بھی غار میں داخل ہواآقا قافا نے اٹھ کر استقبال کیا۔ انہوں نے آقا قافا کے قریب آکر پوچھا ”پچھلے دو دن میں کیاتم کسی نئے عمل سے گزرے ہو“ آقا قافا بولا ” نہیں کیوں کیا ہوا ہے “
”پچھلے دو دن سے کوئی بھی غار میں داخل نہیں ہوسکا حتی کہ میں نے بھی کوشش کی تھی ،تمہیں یہ سوچنا چاہئے کہ تمہارے علاوہ میں جاندار موجود ہے ۔جسے خوراک کی ضرورت ہوتی ہے ۔“
آقا قافا نے راون کی طرف دیکھا ۔راون اپنے گدے پر بیٹھا تھا۔سادھو کے ساتھ آیا ہوا چیلا اس کے سامنے کھانے کی کوئی چیز رکھ رہا تھا۔آقا قافا نے کہا
” میں نے کوئی نیا عمل نہیں کیابابا۔وہی جو آپ نے کہا تھا تصورِ اسم اللہ ذات۔جس کی اجازت حضور سلطان باہو نے عطا فرمائی تھی اس میں گم رہا “
”اس کامطلب یہ ہواکہ اس کا دائرہ بڑھ رہا ہے ۔پہلے وہ دائرہ صرف تمہاری ذات کے اردگرد بنتا ہے ۔ اب پورے غار میں اپنی لیپٹ میں لینے لگ گیا ہے “
”یقینایہی بات ہے “آقا قافا بولا
بڑے سادھو کے ساتھ جو دو اور سادھو تھے ان میں سے ایک پوچھا”یہ تصورِ اسم اللہ ذات کیا ہے “
آقا فاقا نے بڑے سادھو کی طرف سوالیہ نظروں سے دیکھا کہ کیا مجھے جواب دینے کی اجازت ہے یا نہیں ۔بڑے سادھو نے کہا ”ہاں ہاں انہیں بتاﺅ کہ تصورِ اسم اللہ ذات کیا ہے“
آقا قافا بولا ” تصورِ اسم اللہ ذات“دھیان کاوہ عمل ہے جواپنے آغاز سے ہی گیان کے ساتھ جڑاہوا ہے ۔اس میں ضروری ہے کہ سانس کے ساتھ اللہ کے شبدکو دل اور زبان سے مسلسل ادا کرتے رہنااوردھیان کی آنکھ کو اللہ کے پرایسے مرکوز رکھناکہ اپنی ذات کا وجود نہ رہے ۔“
دوسرے سادھو نے پوچھا ”کیا اس کا ذکر مسلمانوں کی الہامی کتاب میں موجود ہے “
آقا قافا بولا ”جی سورة مزمل میں اللہ حکم دیتا ہے کہ اے محبوب صلی اللہ علیہ والہ وسلم (یہ کہتے ہوئے آقا قافاہاتھوں کے دونوں انگھوٹھوں کے ناخنوں کو چوم کر آنکھوں سے لگاتا ہے )اپنے رب کے نام یعنی اسم اللہ کا ذکر کرواور سب سے ٹوٹ کر اسی کی طرف متوجہ ہوجاﺅ “
پہلا سادھو نے بڑے سادھو سے پوچھا”یہ آقا قافا نے اتنا علم کہاں سے حاصل کیا ہے “بڑا سادھو بولا ”پہلے دو سال اس نے صرف کتابیں پڑھی ہیں اور زبانیں سیکھی ہیں ۔“
آقا قافا بولا ” میرے مرشد کا فرمان ہے ”تصور ِ اسم اللہ ذات سے دل اس طرح زندہ ہوجاتا ہے جیسے بارش سے مردہ زمین “
اور پھر سادھوبابا اپنے چیلوں سمیت چلے گئے ۔ آقا قافاکو نور کی یاد آئی اس نے کھڑکی کھولی تو نور ابھی سو رہی تھی ۔اس نے دوسری کھڑکی کھولی اور ناصر کو دیکھا ”وہ گراونڈ میں نٹ پریکٹس کر رہا تھا ۔ آقا قافا کو ارم یاد آئی جس کے دادا نے سردار قراقرم کے بیٹے کا ذکر کیا تھا ۔اس نے ارم کا تصور کرکے کھڑ کی کھولی تو ایئر پورٹ کا منظر تھا۔ارم اور مسٹر ران ‘ ائیر پورٹ پرموجود تھے۔مسافر آرہے تھے۔ارم آگے بڑھ گئی جہاں بہت سے لوگ انہیں رسیو کرنے کے لیے کھڑے تھے‘کچھ لوگوں نے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے ۔ارقم بھی مسا فروں کے درمیان ارم سے بالکل قریب سے گزرگیا ‘ارم نے جو کارڈ اٹھا رکھا تھا اس پر لکھا ہوا ہے ،ویل کم مسٹرارقم‘مگرارقم کے چہرے پر کو تاثر نہیں ابھرا تھا اور وہ چلتا ہوا مسا فروں سے آگے لابی میں ایک جگہ جا کرکھڑا ہوگیاجہاں مسٹرران کھڑا تھا اور ادھر ادھر دیکھنے لگا۔اس کی کچھ سمجھ میں نہیں آرہا تھاکہ اسے رسیو کرنے وا لاکون ہے ۔ اسی وقت مسٹرران ‘ نے ارقم سے کہا)
”ہیلو ینگ مین ‘تم یقینا سردارقراقرم کے بیٹے ارقم ہو،مجھے ران کہتے ہیں۔“
اور اسے گلے سے لگا لیااور قہقہہ مار کر بولا
”یہ ران انگلش والا ہے اردو والی ران نہیں“
’آپ نے مجھے پہچان کیسے لیا“
”تم بالکل اپنے ڈیڈی کی ہو بہو کاپی ہو، (قہقہہ) فوٹو سٹیٹ کاپی“
اور پھرارم کی طرف اشارہ کر کے کہا( جس کے ہاتھ میں کارڈ بھی ہے۔)
”یہ میری پوتی ارم ران“۔
”گڈ مارننگ “۔ارقم بولا
ارم نے ہینڈ شیک کے لیے ہاتھ بڑھایااوربوکھلا کرارم کے ہاتھ کی طرف دیکھنے لگا ۔ جس پرارم کے چہرے پر شرمندگی کا تاثر ابھرامگر مسٹر ران کے بھرپور قہقہہ میں دم توڑ گیا، مسٹر ران قہقہہ لگا کر بولے
”ویل ڈن نیگ بوائے،ویل ڈن۔تم ایسٹ کے صحیح نمائندے ہو۔“
” گرینڈ ڈیڈ ۔ میں بڑی انسلٹ فیل کر ر ہی ہوں ، یہ اپنے آپ کو سمجھتا کیا ہے۔“ارم بولی
ارقم نے عجیب سی نظروں سے ارم کو دیکھا اور اسے سمجھنے کی کوشش کی۔ مسٹرران نے پھر ایک بھر پور قہقہہ لگایا اور کہا
” نونو۔ یو آر ٹو منٹس لیٹ۔یہ تو میں یہاں نہ کھڑا ہوتا تو تمہار ی نیو ہسٹری از فنشڈ“اور پھر قہقہہ
” گرینڈڈیڈ۔ یہ تو مجھے پاگل لگتا ہے۔ میں ادھر کارڈ اٹھائے کھڑی تھی اور یہ ادھر آگیا ہے۔
”معافی چاہتا ہوں، دراصل مجھے انگریزی زبان نہیں آتی۔ارقم بولا۔ارم نے اس بات کرنے کی جائے اپنے دادا سے کہا!
”گرینڈ ڈیڈ۔ اسے تو اتنی انگلش بھی نہیں آتی کہ اپنا نام پڑھ سکے ‘ یہ یہاں کیا کرے گا ۔“
”ٹو گریٹسٹ آ نیو ہسٹری اف لو“(اور پھر قہقہہ)
اور مسٹر ران سامان والی ٹرالی کو دھکا دینے لگا اور پھر تینوں باہر کی طرف چل پڑے۔
آقا قافانے یہ کھڑکی بھی بند کر دی ۔پھراٹھااور پتھر کی دیوار پر ہاتھ مارا،وہ الماری کی طرح کھل گئی ۔اس میں ایک مٹی کا برتن نکالا اور ایک شیشے کا مرتبان جس میں گہرے سبز رنگ کی کوئی چیز تھی ۔اس کے ساتھ پڑے ہوئے لکڑی کے چھوٹے سے چمچ کو اٹھا لیا ۔ مرتبان اور چمچ اس نے چٹان پر رکھ دئیے اور مٹی کا خالی برتن لے کر وہ غار کے دھانے پر آیا اس مٹی کے برتن میں برف بھری اور اندر اس مٹی کے برتن کو اس پتھر پر رکھ دیا جس سے مسلسل آگ نکلتی رہتی تھی اور غار روشن رہتا تھا۔آقا قافا نے مرتبان کھولا اور اس سبز خوراک کے جو گودے کی طرح تھی چار چمچ کھائے ۔پھر اٹھا اتنی دیر وہ برف پانی بن چکی تھی ۔آقا قافا نے وہ پانی پیا اور پھر تینوں چیز یں واپس الماری رکھ دیں اور پھر چٹان پر التی پالتی مار کر بیٹھ گیا ۔
اس نے پھر نور کا تصور کر کے کھڑکی کھولی۔
نور اپنے کمپیوٹر پر بیٹھی ہوئی ناصر سے گفتگو کررہی تھی
ناصر کی آواز آئی
”میں نے اس چیک کے بے شمار ٹکڑے کیے اور پھر انہیں مسٹر کے کے کے منہ پر دے مارا، نور ایسے کرتے ہوئے مجھے بڑا مزا آیا۔“
”یہ اختیار کا مزا ہے، اسی مزے کے لیے تو لوگ اقتدار حاصل کرتے ہیں۔“
” ایک اختیار کسی چاہنے والی کا بھی اپنے چاہنے والے پر ہوتا ہے۔“
”یہ محبت کا جذبہ میری سمجھ سے بھی بالا تر ہے۔ یہ کیا بات ہوئی کہ کوئی تم سے محبت کرتا ہے۔ تو تم بھی اس سے محبت کرنے لگو،میرے خیال میں لوگوں نے اپنی خواہشوں ،غرضوں اور حسرتوں کا نام محبت رکھا ہوا ہے۔“
” بات تو تمہاری ٹھیک ہے مگر محبت وہاں جنم لیتی ہے ، جہاں دونوں طرف سے خواہش ایک ہوجائیں، جب مجھے تمہارے ہاتھوں سچ مچ آﺅٹ ہوجانے پر خوشی ہوئی تھی تویقیناً تمہیں بھی مجھے کیچ کرنے کی خوشی ہوئی ہو گی۔“
”تم پھر خوابوں کی دنیا میں چلے گئے ہو،دیکھو ناصرمجھے چلتے پھرتے اور کھیلتے ہوئے خواب دیکھنا اچھا نہیں لگتا“
”خواب نہیں، میں بہت جلد وہ چھکا مارنے والا ہوں جو تمہیں اس محل کی اونچی فصیلوں کے اندر سے اڑاتے ہوئے مجھ تک لے آئے گا۔“
آقا قافا نے کھڑکی بند کردی اسے شاید دونوں کے درمیان ایسی گفتگو اچھی نہیں تھی ۔ ذہن ارم کی طرف گیا۔آقا قافا کو اس کا دادا مسٹرران بھی اچھا لگا تھا ۔ارم کا تصور کیا اور کھڑکی کھول دی ۔ ارم اور ارقم کار میں کہیں جا رہے تھے۔ارم ڈرائیونگ کرتے ہوئے بولی۔
”کیا تمہارے علاقے میں مرد عورتوں سے ہاتھ نہیں ملاتے؟“
”ملاتے ہےں۔“
”پھر تم نے مجھ سے ہاتھ کیوں نہیں ملایاتھا؟“ ارم نے پوچھا
”میں کسی لڑکی کو اچھی طرح سمجھے اور پرکھے بغیر کس طرح اس سے ہاتھ ملا سکتا ہوں؟“
”یہ کیا بات ہوئی؟“
”ہمارے علاقہ میں لوگ جس لڑکی سے ایک بار ہاتھ ملا لیتے ہیں پھر اسی لڑکی سے ہاتھ ملاتے ہیں، اور لڑکی بھی ساری زندگی صرف ایک ہی مرد سے ہاتھ ملاتی ہے۔“
”تم تو مجھے پاگل بنا کر رکھ دو گے، ہاتھ ملانا کوئی شادی کرنا تھوڑا ہوتا ہے۔“
” شادی سے پہلے بھلا لڑکا لڑکی سے کس طرح ہاتھ ملا سکتا ہے۔“
”حیرت ہے، یہ جو سسی پنوں، ہیر رانجھا،اور سوہنی مہینوال تھے، انہوں نے ساری زندگی ایک دوسرے سے ہاتھ تک نہیں ملایا تھا۔“
”میرا خیال ہے نہیں ملایا ہوگا۔“
ارم نے کسی پارکنگ میں کار روک دی۔ دونوں کار سے اترآئے اور ایک کلب کے دروازے کی طرف چل پڑے ۔ارم نے کہا
”یہ وہ جگہ ہے ، جہاں لڑکیاں اور لڑکے شادی سے پہلے ایک دوسرے کو تھام کر رقص کرتے ہیں، کرو گے مرے ساتھ رقص؟“
”: تمہارے دادا مسٹرران کواگر پتہ چل گیا تو“۔۔۔۔
”انہیں ہم دونوں کے اکٹھے رقص کرنے پر کوئی اعتراض تو نہیں ہو گا؟۔ہماری تہذیب میں یہ کوئی بری بات نہیں“
کلب کے اندر داخل ہونے سے پہلے پہلے آقا قافا نے یہ کھڑکی بھی بند کردی۔اسے نوابزادہ مصورمان یاد آیا اس نے اس کی طرف دھیان کیا اور کھڑکی کھولی
مصور مان اپنے کتے کے ساتھ جاگنگ کرتا ہوا آرہا تھا۔ وہ ایک خوبصورت سے بینچ پر بیٹھ کر اپنے کتے کی بیٹھ سہلانے لگا نازو آئی اور اس نے کہا
”جی چھوٹے نواب “مصور مان بولا
” اس پتھر کی چٹان میں کوئی دراڑ پڑی یا نہیں “
”میں نے جی بہت سمجھایا ہے کہ آپ اس کے ساتھ بہت محبت کرتے ہیں مگر وہ کہتی ہیں محبت کرنے والے زبردستی نہیں کرتے۔اگر وہ مجھ سے محبت کرتے ہیں تو محبت کا ثبوت فراہم کریں ۔ ممکن ہے میرے دل میں ان کے لیے کوئی جذبہ پیدا ہوجائے “
” دنیا میں میں نے صرف دو لوگوں سے محبت کی ہے(اپنے کتے سے پیارا کرتے ہوئے ) ایک یہ میرا پیاراجانی ہے اور دوسری تمہاری چھوٹی مالکن ہے۔دیکھ میں سارا دن اپنے اسی” جانی “ کے ساتھ ہوتا ہوں “
” چھوٹے مالک انسان اور کتے میں بڑا فرق ہوتا ہے “
”ہوتا ہو گا فرق مجھے تو کچھ خاص نہیں لگتا۔صرف یہی ہے کہ جانی کی زبان صرف میں سمجھتا ہوں اور کوئی نہیں سمجھتا۔لیکن تمہاری مالکن کی زبان تو مجھے بھی سمجھ نہیں آتی۔ کسی اورکو کیا آتی ہوگی“
”آپ نواب صاحب سے کہیں نا کہ وہ چھوٹی مالکن پر پابندیاں ختم کردیں “
” میرا خیال ہے لان میں گھاس بہت بڑھ گئی ہے ۔اب اسے کاٹنا ہو گا
”جی بابا کہا کرتا تھا گھاس بہت بڑھ جائے تو راستے مٹ جاتے ہیں “
آقا قافا نے یہ کھڑکی بھی بند کردی ۔اس کی عبادت کا وقت ہوگیا تھا۔اس نے سوچا کہ کئی دن ہوگئے ہیں میں اپنے مرشد کے دربار نہیں گیا ۔سو اس نے آنکھیں بند کیں اورکھولیں تو وہ سلطان باہو کے دربار کے سامنے کھڑا تھا اس نے سب سے پہلے دربار کے دروازے کی چوکھٹ کو چوما اور پھر اندر داخل ہوا ۔قبر پاﺅں کی جانب سے بوسہ دیا اور پھر دربار سے نکل کر احاطے میں رکوع و سجود میں مصروف ہوگیا۔عبادت کرتے ہوئے جب شام کاوقت ہوا تو ایک شخص نے آکر کہا
”آئیے آپ کا انتظار ہورہا ہے “
آقا قافا اس شخص کے پیچھے پیچھے چل پڑا ایک کمرے میں کئی لوگ بیٹھے ہوئے تھے۔ ان میں کچھ ملنگ تھے ایک دو مجذوب تھے ۔دو آدمی کلین شیو تھے ۔ سامنے دسترخوان بچھا ہوا تھا ۔اس پر کھانا لگا دیا گیا تھا۔ وہ سب آقا قافا سے ملے اور پھر خاموشی سے سب لوگ کھانے کھانے لگے ۔کھانے کھا لینے کے بعد سب لوگ اٹھے اور کمرے سے نکلنے لگے ۔ کمرے سے نکلتے ہوئے ایک کلین شیو آدمی نے آقا قافا کے کان میں کہا ”میں نے کہا ہے کہ آپ نے آقا قافا کو ہندو سادھووں کے پاس کیوں رکھا ہوا اپنے پاس کیوں نہیں بلا لیتے تو انہوں نے کہا ۔وہ ادھورا ہے ۔جب تک وہ مکمل نہیں ہوتا اس کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا “
آقا قافا وہاں سے نکلا تو سیدھا غار میں آگیا۔ اس کے دماغ میں یہ جملہ گونج رہاتھا ”وہ ادھورا ہے ۔“ اس نے پھر آنکھیں بند کیں اور بڑے سادھو کی غار میں پہنچ گیا ۔بڑا سادھو ایک چٹان پرالتی پالتی مار کر بیٹھا تھا ۔سانس نہیں آرہی تھی ۔ایسا لگ رہا تھا جیسے مہاتما بدھ کا بت رکھا ہوا ہے ۔آقا قافا چٹان کے نیچے بڑے سادھو کے سامنے التی پالتی مار کر بیٹھ گیا۔کافی دیر خاموشی رہی پھر غار میں بڑے سادھو آواز گونجی مگر ان کے لب نہیں ہلے”کیا بات ہے “آقا قافا بولا
”سادھو بابا میں ادھورا ہوں “
”کیا یہ بات تیرے اندر سے ابھری ہے “
”نہیں کسی نے کہا ہے “
”فکر نہ کر تُو جلدی مکمل ہوجائے ۔کچھ عرصہ کے بعد تجھے سات سمندر پارجانا ہے ۔تم نے وہیں مکمل ہونا ہے مگر بابا کی یہ بات یاد رکھنا کہ تیرے لیے ادھورا پن زندگی ہے “
”یعنی مجھے مکمل نہیں ہونا چاہئے“
”مگرمکمل ہونا تیری قسمت میں لکھا ہواہے ۔“
”بابا قسمت بدلی بھی تو جاسکتی ہے۔“
”میری یہی اکھشا ہے کہ تُو اتنا اونچا ہوجائے کہ جب چاہے پرت پر لکھے شبد مٹادے“
”بابا اس کے لیے مجھے کیا کرنا ہوگا “
”جتنا کچھ میں جانتا تھا اتنا کچھ تُو حاصل کر چکا ہے مگر وہ منزل مجھے دکھائی دیتی ہے لیکن میں اُس کے پاس نہیں جاسکتا“ بھگوان نے چاہا تو تُو ضرور پہنچ جائے گااُس منزل تک “
آقا قافا اٹھ کھڑا ہوا چلتا ہوا غار کے دھانے پر آیا ۔پھر وہاں اپنی غار کے دھانے پر آکر کھڑا ہوگیا۔رات ہو چکی تھی چاندنی آج بھی پھیلی ہوئی تھی ۔برف کی رنگت ہلکی ہلکی سنہری ہورہی تھی ۔وہ اس بات پر حیران تھا کہ اس نے سات سمندر پار جانا ہے اور وہیں مکمل ہونا ہے پھر آہستہ آہستہ چلتا ہوا غار کے اندر اپنی چٹان تک آیا اور سوچنے لگا کہ اس میں کیسا ادھورا پن ہے۔بظاہر تو اسے اپنی ہر شے مکمل دکھائی دیتی تھی ۔ظاہر اور باطن دونوں ۔
اس نے ناصر کا تصور کیا اور کھڑکی کھولی ۔سات سمندر پار کے ایک کسینو کا منظر سامنے آگیا۔ناصریک کسینو میں رولٹ ٹیبل پر کھڑا تھا ۔اسے وہاں مسٹر ران بھی دکھائی دیا ۔ مسٹر ران جیتنے والے ٹوکن اپنی طرف کھینچ رہا تھا۔مسٹرران کی نظر ناصر پر پڑی تواس نے حیرت سے چونک کر ناصر کو دیکھا اور بولا
”مسٹرناصر تم؟ تم بھی؟“ اور پھر ایک بھرپور قہقہہ مارا
”مجھے گیمبلنگ کا کوئی شوق نہیں میں تو آپ سے ملنے یہاں آیا تھا۔“
”اوکے اوکے
اور مسٹر ران نے اپنے ٹوکن اٹھا ئے اور جیبوں میں بھر لیے پھر دونوں چلتے ہوئے کلب کے اندر ایک صو فے پر آکر بیٹھ گئے اورمسٹر ران نے ناصر سے کہا۔
”اچھا ہوا تم مل گئے۔ وہ ارم نے تمہیں ارقم سے ملانا تھا“
” ارقم؟“
” تم نہیں جانتے ، تمہیں وہ سردار قراقرم کی کہانی سنائی تو تھی میں نے ۔ارقم اسی کا بیٹا ہے۔میری جان بچانے کے صلہ میں اس نے مجھ سے کچھ نہیں لیا تھامگر اب۔ (قہقہہ) وقت بیچارہ، وقت۔ میری مٹھی میں سمٹ آیا ہے،(قہقہہ)“
ناصر نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا
”میں اسی سردار قراقرم کے سلسلہ میں توآپ سے بات کرنا چاہتا ہوں۔“
’کرو“
’دراصل مجھے اس کی مدد کی ضرورت ہے
(حیرت سے سوچتے ہوئے سوالیہ انداز میں)اس کی مدد کی ضرورت ہے تمہیں ؟(کچھ وقفہ دے کر)اگر اس کے لیے ممکن ہوا تو وہ ضرور تمہاری مدد کرے گا۔تم کل لنچ پر میرے ہاں آجانا پہلے اس کے بیٹے سے پوچھ لیتے ہیں کہ کیا وہ تمہاری مدد کر بھی سکتا ہے۔ مجھے سمجھ نہیں آرہی کہ ان پتھروں میں تمہیں کیا کام پڑ گیا ہے “
”میری زندگی وہیں کسی پہاڑی چٹان کے نیچے کراہ رہی ہے۔
ایک بھرپور قہقہے کے ساتھ”یہ تو کوئی سنگین معاملہ لگتا ہے۔تم یہاں ہو اور تمہاری زندگی وہاں ہے۔ یہ تو لگتا ہے محبت کی کوئی نئی داستان لکھی جارہی ہے “
”آپ تو سمجھتے ہیں کہ محبت کیا ہوتی ہے“
ہاں جانتا ہوں مشرقی محبت رولٹ کی میز ہوتی ہے جہاں کبھی کوئی جیت نہیں جا سکتا“
”مسٹرران ہر مشرقی محبت تو ناکام نہیں ہوتی “
”مشرق میں محبت میں کامیاب ہونے والے کو عاشق نہیں شوہر کہتے ہیں (ایک بھرپور قہقہ)
”مسٹرران آپ نے خود بھی ہندوستانی لڑکی سے شادی کی تھی ۔پھر اپنے بیٹے کی شادی بھی لاہور کی کسی لڑکی کے ساتھ کی اور زیادہ تر آپ کی دوستیاں بھی برصغیر کے لوگوں سے ہیں “
”میں نسلاً انگلش ہوں مگر میری روح انگریز نہیں “اور پھر ایک بھرپور قہقہہ
آقا قافا کو کھڑکی میں ممنون نظر آیا جو مسٹر ران سے ہاتھ ملا کر ناصر سے یہ کہتا ہوا آگے نکل گیا ۔”جانا نہیں میں ابھی آرہا ہوں “
آقا قافا نے اپنا دھیان دانیال کی طرف مرکوز کیا اور اسے دوسری سمت جاتے ہوئے دیکھا ۔آقا قافا نے دیکھا کہ ممنون اسی مسٹر کے کے سے ہاتھ ملارہا ہے جس کے چہر ے پر ناصر نے چیک ٹکڑے ٹکڑے کر کے پھینکا تھا
وہ دونوں ایک میز بیٹھ گئے ۔ممنون نے میزپر بیٹھتے ہوئے مسٹر کے کے کے کسی سوال کے جواب میں کہا
”ناصرشاید محبت کی کوئی نئی تاریخ لکھ رہا ہے“
”ایسا لگتاہے وہ کہیں پاسٹ میں رہ رہا ہے ۔
۔”دراصل پاسٹ اور پریزنٹ کوآپس میں جوڑتے ہوئے ذہنی طور پر الجھ گیا ہے۔“
”کیا اُس لڑکی کے بارے میں کچھ پتہ چل سکتا ہے جس سے وہ محبت کرتا ہے۔“
””وہ لڑکی ہزاروںمیل دور کہیں اونچی فصیلوں میں قید ہے اور ان فصیلوں میں اس کے لیے کھلی ہوئی صرف ایک ونڈو ہے اوروہ ہے انٹر نیٹ ۔“
”حیرت ہے ‘جس لڑکی کے پاس انٹر نیٹ کی سہولت موجود ہے‘ وہ قید کیسے ہے۔“
” آزادی اور قید کے ان معاملات کا تعلق وہاں کے اندھے رواجوں سے ہے۔ ناصر بھی حریت پسندی اور قدامت پرستی کے اسی دوراہے پر کھڑا ایب نارمل ہوتا چلاجارہا ہے ۔“
”میرا مسئلہ صرف اس لڑکی تک پہنچنا ہے ۔ کوئی رابطہ کر سکیں گے آپ“اور ممنون نے کہا
”کہ آپ کو اس کا ای میل ایڈریس مل جائے گا۔“
آقا قافا کے لیے نور ایک مسئلہ بنتی جارہی تھی وہ دیکھ رہا تھا کہ ہر طرف اسی کا سلسلہ چل رہا ہے ۔آقا قافاکو اس بات کا احساس ہوچکا تھا کہ وہ شدت سے اس کے عشق میں گرفتار ہے ۔ آقا قافا نے سوچا کہ چلیں اس کے چچا کو دیکھیں کہ اس وقت وہ کیا چاہ رہا ہے ۔آقا قافا نے وہ کھڑکی ختم کی اور نواب منور کو دھیان میں رکھ کر نئی کھڑی کھول لی ۔یہاں نواب منور مان کی اپنے مصور مان سے گفتگو چل رہی تھی۔مصور مان اپنے باپ سے کہہ رہا تھا
”بابا میں کچھ نہیں جانتا ، آپ نور پر عائد کردہ تمام پابندیاں ا ٹھا لیں
”اگر وہ کہیں نکل گئی تو بڑی شرمندگی ہوگی۔ تم جانتے ہو کہ ان دنوں دارالحکومت میں بھی اپنے مراسم بہتر نہیں ہیں“
” وہ کہیں نہیں جائے گی“
” اگرتمہیں اتنا یقین ہے تو میں تو سوچتا ہوں۔۔۔۔۔اور ہاںوہ یاد آیا کہ پرسوں صبح میری دارالحکومت میں سکریٹری داخلہ کے ساتھ میٹنگ ہے میں نہیں جا سکتا میری جگہ تم چلے جاﺅ ۔کل صبح ہی چلے جاو
”بابا آپ فکر نہ کریںمیں کل کسی وقت شام کو نکل جاﺅ ں گا“مگر آپ پابندیاں ختم کردیں
”صبح میں خودہی اس کے پاس جاﺅں گا اور بتادو ںگاکہ مصور کے کہنے پرتم پر لگی ہوئی تمام پابندیاں ختم کردی گئی ہیں۔“مصور خوش ہو کر باپ کے کمرے باہر نکلاتونواب منور نے آواز دے اپنے خادم خصوصی منان کو بلا کر کہا
”کل جیسے ہی مصور دارالحکومت کے لیے نکلے۔ اس کے بعد کسی بھی کھانے والی شے میں ملا کر نور کو زہر دے دینا“منان کچھ کہنا چاہتا تھا مگرنواب نے ہاتھ سے روک کراسے کہا ”بس یہی فائنل ہے “اور منان خاموشی سے باہر نکل آیا۔
آقا قافا نے سر جھٹکااور نور کی کھڑکی کھولی ۔وہ سو چکی تھی ۔آقا قافا کچھ دیر پریشان رہا اور کھڑکی ختم کردی اور اونچی آواز میں کہا ”سلطان العارفین نور کی حفاظت کرنا “یہ جملہ کہہ کر آقا قافا اس طرح مطمئن ہوگیا ۔جیسے واقعتا نور محفوظ ہوگئی ہو اور گہرے مراقبے میں چلا گیا ۔تقریباً بارہ گھنٹے بعدآقا قافا اپنے مراقبے سے نکلا ۔اس نے فورا کھڑکی کھولی ۔ نور اپنے بیڈ روم میں موجود تھی ۔ آقا قافا نے دوسری کھولی تو مصور مان ایک کار میں سفر کررہا تھا۔وہ ایک پہاڑی سڑک تھی ۔آقا قافا فوراً غار سے نکلا اور اس سڑک پرکار سے کافی آگے پہنچ گیا اور پھر اس نے بڑی سی چٹان کو دھکا کر سڑک پر لڑھکا دیا یہ چٹان اتنی بڑی تھی کہ بیس آدمی مل کر بھی اسے نہ ہلا سکتے ۔ راستہ بند ہوگیا ۔ نوابزادہ مصور مان کی کار وہاں آکر رک گئی ۔ اس کے ڈرائیور نے نیچے اتر کر چٹان کو دیکھا پھر نوابزادہ بھی اتر آیا ۔یہی طے پا یا کہ کرین کے بغیر یہ چٹان نہیں ہٹ سکتی ۔اس نے ڈرائیو رسے کہاواپس چلو اور سوچا کہ بابا نور کو بتا چکے ہونگے کہ تم پر پابندیاں ختم ہوچکی ہیں ۔ چل کر اس سے ملتا ہوں اسے ہٹانے میں دوچار گھنٹے لگ جائیں گے ۔
آقا قافا نے نور کی کھڑکی کی طرف دیکھاتو نارو ہاتھوں میں ایک بڑا تھال لئے اندر داخل ہوئی۔تھال میز پر رکھا ۔اس میں کھانا سجا ہوا تھااس نے رو دینے والی آواز میںکہا
”کھانے میں زہر ملا ہوا ہے “
”تمہیں کس نے بتایا ہے “
” باروچی نے “
” اس کا مطلب یہ ہوا کہ ایک اور جانثار مجھ پر قربان ہو گیا ہے “
”کس چیز میں زہر ہے “
”سالن میں “
”جاﺅ اور اسے کہو کہ فوراًغائب ہو جائے ۔اس سے پہلے کہ منور مان کے کتے اس تک پہنچ سکیں “
نارو کمرے سے نکلی تو ادھر مصور مان اپنے کتے کے ساتھ کمرے میں داخل ہوا۔نور نے تیز نظروں سے دیکھتے ہوئے کہا
” آپ جانتے ہیں میں پسند نہیں کرتی کہ بغیر اجازت کوئی میرے کمرے میں آئے“
”دروازہ کھلا ہوا تھاسو جسارت کرلی ۔ معافی چاہتا ہوں “
” کہیے کیسے آنا ہوا“
” آپ کو یہ بتانا تھا کہ بابانے آپ سے تمام پابندیاں اٹھا لی ہیں “
”ہاںمجھے علم ہے کہ انہوں ہر طرح کی قید سے رہائی کا حکم دے دیا ہے میرے لئے “
” میں سمجھا نہیں “
”چھوڑئیے اس بات کو ۔کھانا کھائیں گے“
مصور مان کے چہرے پر خوشی بکھر بکھر گئی اوراُس نے لہک کر کہا
”کھانا اور پھر آپ کے ساتھ۔اسی دن کے تو میں انتظار میں تھا“
نور نے کھانا کا تھال مصورمان کے آگے کردیا اور کہا
”لیجئے شروع کیجئے“
مصور مان روٹی کا نوالہ توڑا سالن میں ڈالا اور پھر منہ کی طرف لے جانے لگا تونور مصور مان کا ہاتھ پکڑ لیا
”نہیں نہیں ۔ لقمہ نیچے رکھ دو“
مصور مان نے حیرت سے نور کی طرف دیکھا اور لقمہ تھال میں رکھ دیا۔ نور نے سالن سے ایک بوٹی اٹھائی اور مصور کے کتے کی طرف پھینک دی۔مصور نے پوچھا
”ٹھیک ہیں نا آپ “
اور پھر اپنے کتے کی طرف دیکھ کر بولا
”یہ جانی کیا ہو رہا ہے“شاید کھانے میں زہر ہے۔“
کتے کے منہ سے خون بہتا ہے اور وہ دم توڑ دیتا تھا
”کوئی بہت ہی تیزی سے اثر کرنے والا زہر تھا“
مصورمان مکمل طور بات سمجھ چکا ہوتا تھا ۔اس نے خاموشی سے مردہ کتے کو ہاتھوں پر اٹھایا اوریہ کہتے ہوئے کمرے سے باہر نکل گیا
”یہ جو زندگی تم نے مجھے خیرات دی ہے۔یہ کتنی ہولناک ہوگی۔ اس کا اندازہ مجھے ہورہا ہے ۔ کاش میں نے وہ نوالہ کھالیا ہوتا“
آقا قافا نے سوچا کہ اب اس محل سے نور کو نکالنا ضروری ہوگیا ہے اور یہ کام ناصر ہی کرسکتا ہے۔ سو اس نے ناصر کی کھڑکی کھول لی۔ناصر اس وقت مسٹرران کے گھرمیں تھا اورناصر سے مسٹر ران کہہ رہاتھا
”یہ مسٹر ارقم ہیں میرے دوست سردار قراقرم کے بیٹے “
”تم تو جانتے ہو نگے ۔ یہ کرکٹ کے بہت بڑے کھلاڑی ناصر ہیں ۔“مسٹرران نے ارقم سے کہا
”جی میں جانتا ہوں“
” ان کا تمہارے باپ سے کوئی کام ہے ۔“
”جی ممکن ہوا توابا حضور ضرور کریں گے “
”لیکن انہیں کرکٹ سے کوئی دلچسپی نہیں ہے“مسٹرران نے ایک بھرپور قہقہے کے ساتھ کہا
”جی وہ اس زمانے لوگ ہیں جب لوگ کرکٹ نہیں ”اٹی ڈنڈا “ کھیلا کرتے تھے “
ارقم نے ناصر سے پوچھا”کیاآپ بتانا پسند کریں گے کہ آپ کا کیا کام ہے “
” میں نے وہاں سے ایک قیدی لڑکی کو نکلوانا ہے “
”قیدی لڑکی ۔۔۔اور ہمارے علاقے میں ۔یہ ممکن نہیں ہم عورتوں کو اغوا کر کے قید نہیں کیا کرتے “
” وہ دھن کوٹ کے نواب انور مان کی بیٹی ہے۔ نور اس کا نام ہے ۔ “
ارقم حیرت سے ناصر کو دیکھنے لگا اور پھر بے چینی سے اٹھ کر یہ کہتے ہوئے لیونگ روم سے نکل گیا
” نہیں میرے خیال میں اباحضور اس سلسلے میں آپ کی کوئی مدد نہیں کر سکتے۔“
”مجھے تو یوں لگا ہے جیسے تم نے مسٹر ارقم کی کسی سلگتی ہوئی رگ پر ہاتھ رکھ دیا ہے “مسٹرران بولا
ناصر نے کہا”مجھے بھی حیرت ہوئی ہے ۔ لگتا ہے اس معاملہ سے اس نوجوان کا بھی کوئی گہرا تعلق ہے “
”میں کسی وقت اکیلے میں کریدنے کی کوشش کروں گا“
”مسٹرران اس کے لیے میں لاکھوں پونڈ بھی خرچ کر سکتا ہوں پلیز میری مدد کریں ۔ کوئی ایسا شخص تلاش کریں جو اس کام کی اہلیت رکھتا ہو“
” ایک شخص ہے میری نظر میں ۔ میں اس سے بات کر کے تمہیں بتاﺅں گا“مسٹرران نے کہا
آقا قافا کے لیے بھی ارقم کا رویہ حیرت انگیز تھا ۔ آقا قافا نے اس پر توجہ دی۔ وہ گھرسے باہر سڑک کے کنارے پر ایک بنیچ پر بیٹھا ہوا تھا۔ایک کار اس کے پاس آکر رکی ۔ اس میں سے ارم اتری اور اس نے پوچھا
”تم یہاں کیا کر رہے ہو“
ارقم بولا” درختوں سے گرتے ہوئے پتے گن رہا ہوں “
”تمہارا چہرہ کہہ رہا ہے کہ تمہیں کوئی پریشانی ہے “
” ”نہیں تو ۔ بس ذراتازہ ہوا کے لیے باہر نکل آیا تھا“
”کوئی تو بات ہوئی ہے کہ تمہیں گھر کے اندر گھٹن محسوس ہونے لگی ہے ۔ ہاں یاد آیا وہ ناصر نے آنا تھا“
” وہ آکر جا بھی چکا ہے “
آﺅ اندر چلتے ہیں “اور ارقم کار میں بیٹھ گیا
”کیا کام تھا ناصر کا “
”وہ کسی لڑکی کو اغوا کرانا چاہتا ہے “
ارم نے حیرت سے کہا۔ ”ناصر اغوا کرانا چاہتا ہے۔ نہیںوہ ایسا نہیں ہے یقینا تمہیں غلط فہمی ہوئی ہے“
” ہو سکتا ہے مگر بابا اس کی کوئی مدد نہیں کر سکتے اس سلسلے میں “اورکار پورچ میں پارک ہو چکی تھی۔
آقا قافا کی سمجھ میں کچھ نہیں آرہا تھا کہ وہ نور کے سلسلے میں کیا کرے۔کیسے کرے ۔آقا فاقافا نے پھر مصورمان کا تصور کیا اور کھڑکی کھولی۔نوابزادہ مصور مان دروازے سے کان لگائے کھڑا تھا اس کے اردگرد پہردار بھی موجود تھے ۔وہ اسے حیرت سے دیکھ رہے تھے ۔اس کے کانوں میں منان کی آواز آئی
”موت کی خبر پہنچنے ہی والی ہے۔“
”نوابزادہ چلا گیا ہے نا ؟“
”جی آپ کے حکم کے مطابق ناشتہ میں بھی نشہ آور دوا ملا دی تھی۔ نواب زادہ صاحب گاڑی میں بھی سوتے ہوئے جائیں گے وہاں بھی باورچی کی ڈیوٹی لگادی ہے۔وہ ایک دودن دارالحکومت میں آرام سے سوتے رہیں گے۔
مصور دروازہ کھول کر اندر داخل ہوگیا۔نواب منور مان نے اسے دیکھ کر حیرت اور پریشانی سے کہا
”تم ۔تم گئے نہیں“مصور بولا۔”باباحضور ! اب جانے کی ضرورت نہیں رہی ۔نشہ آور نیند نے تو میری آنکھیں کھول دی ہیں۔“
”کھل کر بات کرو“
”نور کے کھانے میں زہر کس کے حکم سے ملایا گیا ؟“
”کیا ؟ زہر کھایا ہے اس نے ۔ خود کشی کر لی ہے ؟“
” نہیں بابا حضور ۔ وہ ابھی زندہ ہے۔ زہر ملا کھانا نور نے نہیں میرے کتے نے کھالیا ہے اور وہ مر گیا ہے۔
”مجھے تمہارے کتے کی موت کا افسوس ہے۔“
”بابا نور اور کتے میں بڑا فرق ہے۔ میں نورجہاں سے محبت کرتا ہوں یا نہیں مگر میں اسے زندہ دیکھنا چاہتا ہوں۔ بابا حضور میں صرف یہ کہنے آیا ہوں ۔ نور کی موت صرف آپ کے اکلوتے بیٹے کی موت نہیں ۔ دھن کوٹ کی تباہی کا سبب بن سکتی ہے۔“
یہ کہہ کر مصورمان کمرے سے نکل گیا ۔نواب منور مان نے منان سے پوچھا
” نور کو کیسے پتہ چلاکہ کھانے میں زہر ملا ہوا ہے۔“
منان نے کانپتے ہوئے کہا”حضور شایدباورچی نے دیکھ لیا ہو مجھے زہر ملاتے ہوئے۔
”باورچی ۔۔۔۔ پکڑ لاﺅ اسے۔“
اور منان تیزی سے کمرے سے نکل گیا۔آقا قافا نے نور کی کھڑکی میں دیکھا تو مصور مان اندر داخل ہواتھا۔نورنے سوالیہ نظرون سے دیکھتے ہوئے مصور سے کہا
”مجھے یقین ہے کہ اب آپ یہ کہنے آئے ہیں کہ کھانے میں زہر ملانے کا حکم آپ کے باپ نے نہیں دیا تھا۔“
” نہیں ۔۔ مجھے علم ہو چکا ہے ۔ بابا آپ کی جان کے دشمن ہو گئے ہیں۔ مگر وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔ میں آپ سے وجہ پوچھنے آیا ہوں۔“
” وجہ ؟ ۔۔ وجہ صرف تم ہو اور یہ دھن کوٹ کی جاگیر ہے۔“
”کیا میں اتنا برا ہوں کہ آپ موت قبول کرنے پر تیا ر ہیں مگر میرے ساتھ شادی نہیں کرنا چاہتی۔“
” ہاںکچھ ایسی ہی بات ہے “
” مجھ سے اتنی نفرت کی یقیناکوئی وجہ ہوگی آپ کے پاس۔
”ہاں وجہ ہے ۔ سننا چاہتے ہیں آپ ؟“
” میں تمہاری محبت میں پاگل ہوتا جا رہا ہوں۔تمہیں کیسے یقین دلاﺅں ۔ اپنی محبت کا تجھے ۔کچھ سمجھ نہیں آرہا۔ اگر تمہاری کوئی شرط ہے تو بتاﺅ۔میں تمہارے لئے کچھ بھی کر سکتا ہوں
”کیا اپنے باپ کو قتل کرسکتے ہو“
مصور مان نے حیرت اور پریشانی سے کہا ”یہ کیا کہہ رہی ہیں آپ؟کبھی کسی بیٹے نے بھی اپنے باپ کو قتل کیا“
” اگر بھائی بھائی کا قتل کرسکتا ہے تو بیٹا باپ کو کیوں نہیں؟“
”میں سمجھا نہیں۔“
”تمہارے باپ منور مان نے دھن کوٹ اسٹیٹ کے اقتدار کی خاطر اپنی بھائی اور میرے باپ نواب انورمان کا قتل کیاہے۔کیا تم مجھے اور اقتدار دونوں کے لےے میرے باپ کے قاتل کو قتل نہیں کرسکتے؟“
مصور مان یہ فقرہ بے یقینی کے عالم میںسنااس کے چہرے پر کئی رنگ آئے کئی گئے اور پھر وہ خاموشی کے ساتھ کمرے سے نکل گیا
مصورمان نے باپ کو جو دھمکی دی تھی۔اس سے آقا قافا کچھ مطمئن ہوگیا تھا کہ اب کچھ دنوں کےلئے نور کی محفوظ ہوگئی ہے
آقا قافا نے ناصر کی کھڑکی کھولی کہ دیکھو ں وہ کچھ کررہا ہے یا نہیں۔ناصر اپنے دوست ممنون کے ساتھ تھا۔اوراس سے کہہ رہا تھا ۔
”لوگ خدا سے محبت کرتے ہیں‘ کیا کسی نے دیکھا ہے خدا کو۔ میں نے تو نور کو دیکھا ہے۔ اس سے گفتگو کی ہے“
”پتہ نہیں یہ نور تمہارے کمپیوٹر میں کہاں سے درآئی ہے“۔ممنون بولا
”میں تو صرف اتنا جانتا ہوںکہ اُس نے خوابوں میں کہیں مجھے کہا میں آگئی ہوں۔ محبت کی ایک نئی بنیاد رکھنے کے لیے
” حیرت ہے تم پر‘ تم نے بیسویں صدی میں یورپ میں جنم لیا ہے‘ مگر تمہارا محبت کافلسفہ سن کر لگتا ہے‘ جسے تم قبل مسیح کے زمانے میں جی رہے ہو‘ شاید محبت کا یہ فلسفہ اس سے بھی پرانا ہو۔“ممنون نے کہا
کار رکی‘ دونوں اترے ناصر نے کار کا دروازہ لاک کرتے ہوئے کہا
”محبت نہ تو قدیم ہوتی ہے‘ اور نہ جدید۔“
” تو پھر کیا ہوتی ہے؟“
بنگلو کے دروازے کا لاک کھولتے ہوئے ناصر نے کہا
”محبت تو ایسی کیفیت کا نام ہے ۔ جو ہوا کی طرح ازل سے سفر میں ہے۔“
دونوں اندر داخل ہوئے ‘ ممنون بولا
”تم سچ مچ ایب نارمل ہوتے جارہے ہو‘ ‘
کمپیوٹر پر رنگ آرہی تھی، ناصر یہ کہتے ہوئے کمپوٹر کی طرف لپکا
”وہ مجھے محبت پکار رہی ہے۔“
”ہیلو نور
”ہاں ناصر ‘ کیسے ہو؟
” مجھ سے نہ پوچھو ‘ ہجر کے قصے ‘ اپنی کہو ‘ تم کیسی ہو؟“
”تمہاری کوششیں کہاں تک پہنچیں؟
”میں نے مسٹر جوزف کو تمہارا تیار کردہ پلان دے دیا ہے‘ وہ بہت پر امید ہے‘ ایک ذرا سا مسئلہ ہے‘ ہو جائے گا حل وہ بھی“
”کیسا مسئلہ ہے؟“
”بس تم اسے رہنے دو۔“
”نہیں مجھے بتاﺅ۔“
”: کوئی مسئلہ نہیں۔“
”تم تو بہت غصہ والی ہو‘ اللہ خیر کرے‘ ‘
”مسئلہ بتاﺅ“
”: اس سلسلے میں مسٹر جوزف کودو لاکھ پو نڈ ادا کرنے ہیں ‘ ہو جائے گا بندوبست‘ پریشان نہیں ہونا۔ تم دھن کوٹ میں رہتی ہو‘ مگر میں جہاںہوں ‘ یہ اصلی دھن کوٹ ہے۔ یہاں زندگی پونڈز یعنی دھن کی گردش سے شروع ہوتی ہے اور اسی کے ساتھ ختم ہو جاتی ہے۔
”دو لاکھ پونڈ کے بندوبست کرنے میں کتنا وقت لگے گا؟“
”تقریبا ایک ہفتہ۔“
”نہیں ناصر‘ میں یہاں ایک ہفتہ زندہ نہیں رہ سکتی“
”کیا کہہ رہی ہو؟“ناصر نے حیرت اور پریشانی سے کہا
” تمہیں میں نے نہیں بتایا مجھے زہر دینے کی کوشش کی گئی ہے‘ جو اللہ کرم سے ناکام ہوگئی‘ مگر دشمن کچھ بھی کر سکتا ہے۔“
”: تم حوصلے کے ساتھ زندہ رہنے کی کوشش کرو ‘ یاد رکھنا نور ‘ تم نے ہر حال میں زندہ رہنا ہے‘ مےں جا رہاہوں مسٹر جوزف کی طرف۔
ناصراٹھا اورممنون کو کہا” تم بیٹھو میں آرہاہوں“کار اسٹارٹ کی اور پھر تھوڑی دیر کے بعد وہ مسٹر جوزف کے پاس موجود تھا۔ناصرنے اسے بتایا کہ صورت حال بہت نازک ہے ۔ مجھے فوری طور پر نورکو وہاں سے نکالنا ہے۔ میں نے اپنی ایک پراپرٹی فروخت کر دی ہے مگر اس کی رقم مجھے ایک ہفتے کے بعد ملے گی۔مگر مسٹر جوزف نے انکار کردیاکہ یہ رقم پہلے وصول کئے بغیر نہیں ہوسکتا۔آپ جا سکتے ہیں۔ پریشان حال ناصرکمرے سے نکلااور واپس اپنے گھر آگیا اورممنون سے کہنے لگا۔
”مجھے کل صبح دو لاکھ پونڈز ضرورت ہیں۔کسی قیمت پر بھی “
اور بیل بجی ۔ ناصر نے اٹھ کر دروازہ کھولا تو باہر مسٹر کے کے کھڑا تھااس نے ناصر سے کہا
”مجھے مسٹر جوزف نے بھیجا ہے کہ تمہیں میری مدد کی ضرورت ہے “
ناصر کچھ دیر اسے دیکھتا رہااور بولا
”ڈیل منظور ہے‘ مجھے نور چاہئےے۔ زندہ نور ۔“
مسٹر ناصر‘ آپ کی تمام پریشانیاں دورہو جائیں گی ۔آپ کی نور ‘ دو دن کے بعد آپ کے پاس ہوگی۔ میچ ختم ہونے سے پہلے پہلے ۔وہ آپ کی نظروںکے سامنے ہوگی‘ یہ میرا وعدہ ہے‘ بلکہ آپ کے آﺅٹ ہونے سے پہلے۔آپ مسٹر جوزف سے کنفرم کر سکتے ہیں۔“اور مسٹر کے کے وہیں کھڑے کھڑے ناصر سے ہاتھ ملایا اور چلا گیا۔
ناصر لیونگ روم میں آیا تو ممنون نے پوچھا ”کون تھا “
ناصر ہنس پڑا اور اس نے کہا ”نور تھی“
ممنون اٹھتے ہوئے
”مجھے لگتا ہے تمہاری ذہنی حالت خاصی خراب ہوگئی ہے ۔“میں جارہا ہوں “ناصر نے اسے روکنے کی کوشش نہیں کی اور دروازہ بند ہوتے ہی مسٹر جوزف سے فون ملانے لگا۔
”ہیلو میں ناصر بول رہا ہوں ۔میرے مسٹر کے کے کے ساتھ معاملات طے ہوگئے ہیں“
ادھر سے آواز آئی ”ایک گھنٹے کے بعد تمہیں فائنل پلان بھیج دیا جائے گا“
”کتنی جلدی ہوسکے “
”مسٹر ناصر صرف دو دن “
”آج کے دن کے ساتھ دو دن “
”نہیں مسٹر اب تو شام ہونے والی ہے “
ناصر فون بند کر کے کمپیوٹر کی طرف آیا اور نور سے سکائپ پر کال ملائی
”ہیلو نور“
”ہاںکیا ہوا؟“
”تم دو دن کے بعد یہاں پر پہنچ جاﺅ گی۔“
”ترسوں ٹھیک آٹھ بجے اگر ہیلی کاپٹر محل کی چھت پر پہنچ جائے‘ تومیں وہاں موجود ہو سکتی ہوں۔“
” اس پروگرام میں کوئی تبدیلی ہوئی تو میں تمہیں بتا دوں گا۔ انشاءاللہ سب کچھ طے شدہ پروگرام کے مطابق ہو جائے گا۔جیسے فائنل پروگرام کی تفصیل مجھے ملے گی میں وہی ای میل تمہیں فاروڈ کر دوں گا“
”میں ای میل کا انتظار کر رہی ہوں اوکے ناصر“
”او کے نور“
نور اٹھی اس نے پستول بھی آج کل ہاتھ میں رکھنا شروع کردیا تھا ۔ اس نے چادر لپیٹ لی تاکہ پستول دکھائی نہ دے دروازہ کھول کر باہر نکلی تو باہرمصور مان کھڑا تھا نور نے اسے عجیب نظروں سے دیکھا ۔نورکے چہرے پر اس وقت کسی طرح کا کوئی تاثر موجود نہیں تھا۔ چند لمحے خاموشی رہی اور پھر نور نے کہا ”
”یہاں کیوں کھڑے ہو “
”میری مرضی “
نور ہنس پڑی اور بولی ” تم میری حفاظت کے لیے یہاں کھڑے ہو ۔مگر میں ابھی اپنی حفاطت خود کر سکتی ہوں۔باقی اپنی شرط میں نے تمہیں بتادی ہے“
”: نہیں‘مجھ میں اتنی ہمت نہیں‘ کہ میں اپنے باپ کو قتل کر سکوں،نور“
”چھوٹی چھوٹی ہمدردیاں مجھے بھی نہیں چاہئیں“
”نور میں تم سے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ دنیا بہت بری چیز ہے ۔بہت ناپاک ہے۔آﺅ اس ظالم دنیا سے ۔کہیں بہت دور چلے جائیں ‘ اللہ کی زمین بہت وسیع ہے‘ بھاگ جاتے ہیں دھن کوٹ سے۔“
”میں آپ کی اس آفر پر بھی غور کروں گی مگر جب تک میںتجھے بلاﺅں نہ۔۔ اس وقت تک یہاں مت آنا“
مصور کے چہرے پر مسکراہٹ پھیل گئی ۔وہ پیچھے مڑااور ایک طرف چلا دیا۔نور شاید کہیں جانے کے لیے باہر نکلی تھی مگر اس نے اپنا ارادہ تبدیل کردیا اور واپس کمرے میں چلی گئی ۔
آقا قافا نے سو چا کہ مصور کے باپ کو دیکھا جائے کہ وہ اب کیا سوچ رہا ہے ۔کھڑکی کھولی تو وہاں بہت بزرگ لوگ بیٹھے ہوئے تھے۔ ایک شخص کہہ رہا تھا
”نواب صاحب‘ اس وقت حاضر ہونے کی وجہ وہ افواہیں ہیں‘ جن کی وجہ سے آپ کی شخصیت بہت متاثر ہو رہی ہے۔“
”میں سمجھا نہیں۔#´“
ایک بزرگ نے کہا
”سنا ہے نواب انور مان کی بیٹی کو کسی نے زہر دینے کی کوشش کی ہے؟“
”ہاں یہ وقوعہ ہوا ہے اور مجرم فرار ہو گیا ہے‘ اس لیے یہ علم نہیں ہو سکا کہ سازش کے پیچھے کون بد بخت ہے؟“
اور بزرگ بولا”:دھن کوٹ کے لوگ اور تمام سردار چھوٹی مالکن کے حوالے سے بہت پریشان ہےں۔ وہ آپ سے توقع رکھتے ہیں کہ آپ انکی مرضی کے بغیر کوئی بات ان پر زبردستی مسلط نہیں کریں گے۔“
”یہ آپ کیسی باتیں کرنے لگے ہیں؟ ‘ وہ مرے بھائی کی بیٹی ہے ۔‘ میری عزت ہے‘ اور یہ مرے گھر کا معاملہ ہے۔“
” نواب صاحب ہم بھی اسی گھر کے فردہیں‘ اب دھن کوٹ ایک گھر ہی تو ہے ‘ آپ ہمارے سربراہ ہیں‘ مگرکچھ حیثیت ہماری بھی ہے۔مصورمان ہمارا بھی بیٹا ہے‘ مگر زبردستی۔۔ ٹھیک نہیں ہوتی۔“
ایک اور بزرگ جو مسلسل خاموش تھا اس نے کہا۔” آپ ہماری درخواست سمجھ گئے ہونگے‘ ہمیں اب اجازت دیں۔“
وہ سب اٹھے نواب صاحب انہیں باہر تک الوداع کہنے آئے۔جیسے ہی وہ گاڑیوں میں بیٹھے تو نواب صاحب نے ملازم سے پوچھا ۔”مصور کہاں ہے “
”: شکار گاہ کی طرف گیا ہے جی “
”اس وقت “
”جی ابھی یہی کہہ کر نکلا ہے ۔گھوڑے پر گیا ہے جی“
”اچھا جیپ نکالو ۔وہیں چل کر اس سے بات کرتے ہیں “
نواب جیپ خود ڈرائیو کرتا ہوا شکارگاہ میں اپنے لکڑی کے کاٹج کے باہر پہنچا تو مصور مان جیپ کی آواز سن کر باہر نکلا
نواب منور نے جیپ سے اترتے ہی مصور سے کہا
”میں نے تو تم سے بہت سی امیدیں وابستہ کر رکھی ہوئی ہیں بیٹے‘ تم ایک لڑکی کے لئے سب کچھ بربادکرنے پر تلے ہوئے ہو؟ پتہ ہے آج سردار وزیر خان اور ابراہیم خان آئے تھے‘ اور مجھے دھمکی دے کر گئے ہےں کہ نواب انور مان کی بیٹی کوکچھ ہوا تو ہمارے مجرم آپ ہونگے۔
”ہونہہ“
”نورکا معاملہ بہت خراب ہو گیا ہے‘ اب ہمیں نور کو ہر صورت میں شادی کے لیے رضا مند کرنا ہوگا۔“
” یہ ممکن نہیں بابا حضور۔
نواب منور تیز لہجے میں بولے ” کیوں ممکن نہیں؟
” ایک بیٹی اپنے باپ کے قاتل کے بیٹے سے کس طرح شادی کر سکتی ہے؟“
”کیا بکواس کررہے ہو؟“
”آپ کے بھائی نواب انور مان کا قاتل کون ہے؟“
” تمہیں کس نے کہا ہے کہ اس کا قاتل میں ہوں؟“
”آپ کے رویے نے ‘ آپ نے آج تک چچا حضور کے قتل کے سلسلہ میں کوئی اقدام نہیں کیا‘ حتی کہ قاتلوں کی تلاش کے لئے بھی حکم جاری نہیں کیا؟“
” نہیں‘ صرف یہ بات نہیں‘ تمہیں کیا کہا ہے کسی نے؟‘ تمہیں بتانا ہوگا مجھے ‘ ۔۔کیا نور نے کہا ہے؟“
مصور خاموش رہا۔نواب منور نے خود کلامی سی کی ”اب اسے زندہ نہیں چھوڑ ا جا سکتا‘ اب یہ ناگن کسی لمحے بھی ڈس سکتی ہے۔“
اس نے جیپ واپس موڑی‘ اور مصور مان اپنے گھوڑا کی طرف لپکا۔تھوڑی دیر بعد گھوڑاجیپ کے پیچھے تیزی سی دوڑرہا تھا۔نواب منور اپنے کمرے میں چلا گیااور مصور مان نے نور کے دروازے پر دستک دی ۔نور نے پوچھا ”کون “مصور نے کہا ” تمہاری زندگی خطرے میں ہے‘ کسی وقت بھی کوئی گولی آپ کو چاٹ سکتی ہے۔ جب تک میں نہ کہوں نہ دروازہ کھولنا ہے اور نہ باہر نکلنا ہے “
یہ کہہ کر ناصر تیزی سے منیجر کے دفتر میں داخل ہوا۔منیجر اٹھ کھڑا ہوا ۔ مصور نے کہا ”منان کو بلاﺅ ۔منیجر باہر نکل گیا ۔ مصور مان کمرے میں بے چینی سے ٹہلنے لگا۔ منیجر منان کے ساتھ اندر داخل ہوا۔مصور مان نے کہا ”میری بات کان کھول سن لو۔میرے بوڑھے باپ نے نجانے کتنے دن اور زندہ رہنا ہے‘ مگر اس کے بعد اس اسٹیٹ کا وارث مےںہوں ‘ تم یہ جانتے ہو؟
منیجرنے کہا ”چھوٹے سرکار‘ کوئی غلطی ہوگئی؟
” بولومت‘ میری بات سنواور اسے قرآن کا حرف سمجھواگر نور کو کچھ ہو گیا تو تم دونوںکو میں اپنے ہاتھ سے قتل کردوں گا‘ اور اس کی خبر بابا حضور تک نہیں پہنچنی چاہیے۔منان مجھے علم ہے کہ نور کے کھانے میں زہر تم نے ملایا تھا۔میں کچھ نہیںجانتا ۔بس اتنا یاد رکھناکہ نور کی موت تم دونوں کی موت ہوگی“
یہ کہہ کر مصور مان کمرے سے نکل گیا
آقا قافا نے نواب منور کی کھڑکی کھولی کہ وہ کیا کرنے لگا ہے ۔نواب منور ایک شخص سے کہہ رہا تھا
”میں کوئی رسک نہیں سکتا‘ اسکی لاش یوں غائب ہوجانی چاہیے جیسے دنیا میں موجود ہی نہیں تھی‘ خون کا کوئی داغ کوئی دھبہ نظر نہیں آنا چائےےے۔ اگر کوئی سراغ رہ گیا تو پھر لوگ میری اس کہانی پر یقین نہیں کریں گے کہ نور محل سے فرار ہو گئی ہے۔
” حضور اگر اتنی احتیاط کا معاملہ ہے تو پھر آج رات اس کے لیے موزوں نہیںہے۔“
”کیوں؟
”حضور: پوری پلاننگ کرنی پَڑے گی۔کم ازکم مجھے کمرے سے خون صاف کرنے کے لئے اور لاش غائب کرنے کے لئے دو آدمی بھی چاہیئں۔قابل اعتماد آدمی۔“
”وہ بھی تمہیں مل جائیں گے۔“
”: حضور میں پوری طرح مطمئن ہو کر واردات کرنا چاہتا ہوں ۔ محل میں چھوٹی مالکن کے بہت وفادار موجود ہےں۔
”چلو کوئی بات نہیں‘ ایک رات اور سہی ‘یہ سچ ہے جو جتنی زندگی لے کر آتا ہے‘ دنیا مےں اتنی ہی گزار کر جاتا ہے۔“
آقا قافا واپس اپنی غار میں آگیا۔کچھ دیر تک سوچتا رہا پھر اپنی غار سے نکل کر بڑے سادھو کے غار کی طرف گیا ۔بڑا سادھو کے باہر موجود تھا آقا قافا نے کہا
”وہ جس لڑکی کا میں نے ذکر کیا تھا اس کی زندگی میں خطرے میں ہے ۔ میں معاملات میں مداخلت کی اجازت مانگتے آیا ہوں “
”نہیں۔تم صرف اسے دیکھ سکتے ہو ۔ اسے کوئی چیز کوئی پیغام بھیج سکتے ہو۔اس سے زیادہ آگے جانے کی تمہیں قطعاً اجازت نہیں دی جاسکتی“
”بابا میں بہت مجبور ہوں “
سادھو بابا چند لمحے سوچتے رہے اور پھر بولے ۔”لڑکی کو کچھ نہیں ہوگا ۔یہ میرا تمہارے ساتھ وعدہ ہے “
آقا قافا وہاں سے بھی مطمئن ہوکر واپس آگیا ویسے اسے یہ بھی معلوم تھا کہ نور پرقاتلانہ حملہ کل رات کیا جائے گا ۔اس نے سوچا کہ پیر و مرشد کے دربار پر حاضری دی جائے ۔آقا قافا وہیں سے سلطان باہو کے دربارپر آگیا۔چونکہ رات کے وقت مزار شریف بند کر دیتے ہیں اس لئے وہ مزار کے دروازے کے سامنے ہی بیٹھ کر اللہ کی عبادت میں مشغول ہوگیا۔کوئی تین چار گھنٹے گزرے ہونگے آقا قافا کے جی میں آیا کہ کچھ کھایا جائے۔آقا قافا فوراً اس خیال کو ذہن سے جھٹک دیا اور مراقبے میں چلا گیا ۔تھوڑی ہی دیر گزری تھی کہ کسی نے اس کا کندھا پکڑ کر ہلایا اور بڑی تلخی سے کہا”تُو رات کو کھانا نہیں مانگ سکتا تھا ۔ مجھے سوئے اٹھا یا گیا ہے۔“آقا قافانے کہا ” بھیا تمہیں غلط فہمی ہوئی ہے ۔ میں نے نہیں مانگا کھانا “ اس نے بڑ بڑاتے ہوئے اور بازو سے پکڑ کر زبردستی اٹھاتے ہوئے کہا ”چل اٹھ ۔تو نے نہیں مانگا کھانا ۔مجھے خواب میں باقاعدہ تیرا چہرہ دکھایا ہے کہ اسے جاکر کھانا کھلاﺅ“ خواب کا ذکر سُن کر آقا قافا خاموشی اٹھ کھڑا ہوا اور اس کے پیچھے پیچھے چل پڑا۔وہ اسے ایک کمرے میں لے گیا جہاں باقاعدہ کھانا لگاہوا تھا ۔آقا قافا نے وہاں بیٹھ کر خاموشی سے کھا لیا ۔ اٹھ کر جب باہر جانے لگا تو اسے احساس ہوا کہ اس آدمی نے جاتے ہوئے باہر سے کنڈی لگادی ہے۔ آقا قافا نے اندر سے دستک دی تو وہی آدمی باہر بولا ”اب اسی کمرے میں سو جاﺅ “مجھے پیر صاحب کا حکم ہے کہ جب بھی تم نظر آﺅ تمہیں جانے نہ دیا جائے۔اب تم صبح ہی یہاں سے نکل سکتے ہو ۔پیر صاحب کی آمد کے بعد “آقا قافا بولا ”تمہیں غلط فہمی ہوئی ہے “میں پیر صاحب کو نہیں جانتا اور وہ بھی مجھے نہیں جانتے۔انہوں نے تمہیں کسی اور آدمی کے بارے کہا ہوگا “وہ بولا ”تمہیں یہاں سب جانتے ہیں ۔تمہارے اچانک غائب ہوجانے کی وجہ سے ۔کسی کو یہ پتہ نہیں چلتا کہ تم کہاں سے اچانک دربار پر آجاتے ہو اور پھر اچانک غائب ہوجاتے ہو۔اسی لیے پیرفرقان صاحب نے یہ حکم دیا ہے کہ جیسے ہی تم نظر آﺅ تمہیں ان سے ملایا جائے ۔اس وقت وہ سو رہے ہیں ۔اس لئے اب صبح تک تم بھی سو جاﺅ“
آقا قافا بولا۔” اچھا۔ ٹھیک ہے میں پیر صاحب سے صبح ضرور ملوں گا ۔خدا حافظ “آقا قافا نے اندر سے کنڈی لگائی اور واپس اپنی غار میں آگیا۔کچھ دیر آرام کیا ۔صبح کی نماز وقت جاگا ۔ نماز سلطان باہو کے دربار با جماعت پڑھی اور پھر اسی کمرے میں آگیا جس میں بند کیا گیا تھا۔ کنڈی کھول دی اور درود شریف پڑھنا شروع کریا ۔تھوڑی ہی دیر گزری تھی ۔پیر صاحب نے دروازہ کھولا ان کے پیچھے مریدوں کا ہجوم بھی تھا ۔آقاقافا اٹھ کر کھڑا ہو گیااس نے پیر صاحب سے بڑی عزت کے ساتھ ہاتھ ملایا۔ پیر صاحب نے بھی بڑے احترام سے کہا ”تشریف رکھیں ۔“
اور آقا قافا کے قریب بیٹھتے ہوئے کہا ”میں نے سوچا آج ناشتہ آپ کے ساتھ کیا جائے “
ان کے مریدین بھی آکر ادھر ادھر بیٹھ گئے ۔پیر صاحب کچھ دیر خاموش رہے کہ شاید آقا قافا کوئی بات کہے اور پھر کہا ”آپ ابھی آئے ہیں اس کمرے میں ۔میں صبح کی نماز سے پہلے یہاں آیا تھامگر یہ خالی تھا ۔پھر پچھلی دیوار میں الماری کے ساتھ ایک چھوٹے دروازے کی طرف اشارہ کرکے کہا کہ ”میں اس طرف سے آیا تھا۔اس دروازے کی اندر سے کنڈی ہے ہی نہیں کہ کوئی لگا سکے “
آقا قافا نے اندازہ کرلیا تھاکہ پوری پھنس گیا ہوں ۔پیر صاحب اس کے بارے میں بہت کچھ جان چکے ہیں۔وہ خاموش رہا ۔پیر صاحب نے کہا ”آپ بولتے کیوں نہیں“
آقا قافا نے کہا ”جی بس ناشتہ کا انتظار کررہا ہوں “پیر صاحب نے پوچھا ”یہ روحانی مقام تمہیں کیسے ملا “آقا قافابولا ”جی میں سگِ سلطان باہو ہوں “پیر صاحب نے مریدوں سے کہا ”تم سب باہر جاﺅ اور دروازہ بند کردو“ جب تمام مریدین باہر نکل گئے تو پیر صاحب بولے ”کچھ کرم نوازی اِس غریب پر بھی کیجئے “آقا قافا بولا ”سگِ سلطان باہو بن جائیے ان کے دربارپر آنے والوں کے پاﺅں چاٹنے شروع کردیجئے ۔آپ بھی ہوا میں اڑنے لگ جائیں گے “پیر صاحب بولے ” مجھے مرید اپنے پاﺅں نہیں چاٹنے دیں گے ۔کوئی اس سے آسان راستہ۔“آقا قافا بولا ”اپنی ساری جائیداد ، ساری دولت ، سارے ملبوسات ان دو کپڑوں کے سوا ہر چیز غریبوں میں بانٹ دیجئے ۔اپنی بیوی اولاد کو بتادیجئے کہ میں آج تک جو کچھ تمہیں حلال کھلایاہے وہ میری محنت کا کمایا ہوا نہیںتھا اس لئے تم پر حلال نہیں تھا۔ان حرام کے لقموں کے لیے مجھے معاف کردو اور پھر مزار پر آکر بیٹھ جائیے ۔سلطان العارفین تو ایک لمحے میں اپنے طالب کو عارفوں کا عارف بنا دیتے ہیں “
پیر صاحب کہنے لگے ” یہ بھی بہت مشکل ہے مگر ناممکن نہیں ۔“ایک مرید نے دروازہ تھوڑا سا کھول پوچھا ”ناشتہ لگا دوجی “آقا قافا بولا ”نہیں اب پیر صاحب اپنے دولت کدے پر ناشتہ کریں گے اور اٹھتے ہوئے پیر صاحب سے آہستہ سے کہا ”میں کل پھر آﺅں گا آپ آرام سے سوچیے گا۔“آقا قافا نے جوتے پہنے دروازہ کھولا اور باہر نکل آیا ۔پیر صاحب اسے جاتے ہوئے دیکھتے رہے اور پھر چند لمحوںبعد آقا قاقا اپنی غار میں موجود تھا۔
اس نے سوچا کہ دیکھوں نواب منور مان کیا کررہا ہے ۔ اس نے کھڑکی کھولی تونواب منور مان کے پاس منیجر اور منان دونوں موجود تھے، اسے بتا رہے تھے کہ نوابزادہ مصور مان نے ہمیں کیا دھمکی دی ہے۔ نواب منورمان نے انہیں کہا
”مجھے احساس ہوگیا ہے کہ میں غلطی پر تھا۔مصورمان تم نے جو کچھ کہا ہے ۔وہی درست بات ہے “
دونوں حیرت زدہ نظروں سے نواب صاحب کو دیکھتے ہیں۔ نواب منور بولا ”بس جاﺅ تم دونوں “
دونوں باہر نکلے تو منان نے منیجر سے کہا” مجھے کچھ دال میں کالا لگتا ہے “
منیجر آہستہ سے بولا ”ساری دال ہی کالی ہے “
آقا قافا نے نور کی کھڑکی تو اس کے بیڈ پر اسلحہ پڑاتھا ۔نورایک کلاشن کوف کو اٹھا کر اسے چیک کررہی تھی ۔نارو نے کہا”یہ کلاشن کوف نوابزادہ مصور مان نے بھجوائی ہے “
نور نے کہا ۔ ”یہ رائفل اور پستول “
”یہ منیجر نے دئیے ہیں ۔ “
نور نے حیرت سے کہا ”منیجر نے“
”جی۔ساتھ یہ کہا ہے میرا نام آئے وگرنہ نواب صاحب مجھے بھی مروا دیں گے“
”اور موبائل فون “
”یہ لیجئے نارو نے کہا “اس نے موبائل فون اپنے دوپٹے میں باندھا ہوا تھا
آقا قافا نے ایک نئی کھڑکی کھولی اور ناصر کو دیکھنے لگا۔ناصر ایک لیونگ روم میں بیٹھا تھا وہاںارم اور ارقم اور مسٹرران موجود تھے ۔ناصر کہہ رہا تھا
”میں آج صرف آپ کے مہمان سے معذرت کرنے آیا ہوں اس دن انہیں میری بات ناگوار گزری تھی“
ارقم بولا”نہیں نہیں ایسی تو کوئی بات نہیں ۔دراصل نور ہمارے لئے بہت زیادہ قابل عزت ہے “
مسٹر ران نے کہا ”ہاں ناصر تمہارے کام کیا ہوا“
”ہوگیا۔نور ایک دن بعد یہاں پہنچ جائےگی“
ارقم بولا ”یہ آپ کی غلط فہمی ہے
”ممکن ہے میری غلط فہمی ہو ۔مگر اس کا فیصلہ تو ایک دن کے بعد ہوگا“
” نور کو وہاں سے نکالنا آسان کام نہیں۔“
ناصر نے اٹھتے ہوئے کہا ” میرا خیال ہے کہ اب مجھے جانا چاہئے ۔نور کے پہنچنے سے پہلے میں نے بہت کام کرنے ہیں‘ ‘ ناصر سب سے ہاتھ ملاکر لیونگ روم سے نکل گیا ۔ارم بولی
”تم کیسے کہہ سکتے ہو کہ ناصر اسے یہاں منگوانے میں ناکام رہے گا“
”شیر کی کچھارسے کچھ اٹھا لانا آسان نہیں ہوتا“
”اگر وہ یہاں پہنچ گئی “
تو ناصر جیسے معمولی شخص سے ہرگز شادی نہیں کرے گی۔“
”ناصر کوئی معمولی شخص نہیں ۔
” معروف کھلاڑی ہونا‘ نور کے لئے کوئی بڑ ی بات نہیں ہو سکتی‘ اس کے لیے سب سے اہم ناصر کا خاندانی پس منظر اور اسکی مالی حیثیت ہے اور ان حوالوں سے میرا خیال ہے ،ناصر ایک معمولی آدمی ہی لگتا ہے“۔
”مگر وہ اس کے لیے اتنا کچھ کر رہا ہے؟“
” نور اس کی قیمت ادا کردےگی۔ ایسے بے شمار لوگ اسکے باپ دادا سے ان کے پاس ملازم چلے آرہے ہےں‘ جو ان کے ایک اشارے پر جان کی بازی لگا دیتے ہیں۔ یہ نواب لو گ صرف جان کی قیمت ادا کرتے ہیں۔“
”تم نے تو نور کا بہت خوفناک نقشہ کھنچا ہے۔“ارم نے کہا
مسٹر ران تھوڑی دیر کے بعد بولا”
”ایک اچھی خبر یہ ہے کہ میچ فکس ہو ہی گیا ہے۔ اس مرتبہ گیمبلنگ کا مزا آ ئے گا۔
ارقم نے کہا: مسٹرران آپ بھی جوا کھیلتے ہیں؟“
مسٹر ران نے ایک بھرپور قہقہہ لگا کر کہا ”نیگ مین‘ رسک ہی تو لائف ہے۔“
ارم نے پوچھا”میچ فکس ہونے آپ کا کیسے یقین ہے“
مجھے پتہ چلا ہے کہ ناصر مسٹرجوزف کے آفس میں دیکھا گیا ہے اورجوزف اینڈکے کے۔ناٹ ٹو پرسن۔
”گرینڈ ڈیڈ۔ناصر ایسا نہیں ۔ میں اسے اچھی طرح جانتی ہوں“
مسٹر ران بولا ”آئی سی ناصر آئیز۔وہ اپنی محبت کے لیے کچھ بھی کر سکتا ہے۔“ارقم نے اٹھتے ہوئے
”میں آتا ہوں “
اور گھر سے باہر نکل کر موبائل سے کال کرنے لگا ۔اس نے اپنے باپ سے کہا!
”یہاں کسی کو یقین ہے کہ ایک دن بعد نوریہاں پہنچ جائے گی“
”بیٹے فکر نہ کرو ۔ تمہاری پہلی اطلاع پر میں نے اپنے آدمی ہر طرف پھیلا دئیے ہیں ۔اگر وہ محل سے نکلی تو پھر سمجھو کہ ہمارے پاس پہنچ گئی ۔“
آقا قافانے اسی کھڑکی میں ارقم کو چھوڑ کر اس باپ سردار قراقرم پر اپنی توجہ مبذول کردیں۔ وہاں ایک شخص نے سردار قرارم سے کہا
”: سردار تمام لوگ پہنچ گئے ہیں۔ بس آپ کا انتظار ہو رہا ہے۔“
”: کسی کا تعاقب تو نہیں کیا گیا؟“
”: نہیں سرکار ۔۔ دور دور تک کسی پرندے کے پیچھے کوئی گدھ نظر نہیں آیا۔“
سردار قراقرم اٹھا پتھروں سے بنی ہوئی ایک راہداری تنگ سی راہداری سے جھک کر گزرتا ہوا ایک پہاڑی درے میں داخل ہو ا اور پھر درے کے قریب ایک مکان کی طرف بڑھتا چلا گیا۔ مکان کے صحن میں چار پائیوں پر بہت سے محافظ بیٹھے تھے۔ سردار کو دیکھ کر سب کھڑے ہوگئے۔سردار قراقرم سب کوبیٹھنے کا اشارہ کیااورایک کرسی پر بیٹھتے ہوئے کہنے لگا
”ساتھیو ! کیسا ہیں میرے شیروں کا حوصلہ“
ایک محافظ نے کہا
” سردار ۔۔ اس وقت تک توپتھروں کو نچوڑتے رہیں گے جب تک ان میں سے پانی نہیں بہہ نکلے ۔نور اگرساتھ دے جاتی تو ہمارا کام بہت آسان ہوجاتا۔“
”میں کہا تھا اسے دوبارہ میری طرف پیغام بجھوا دو۔“
”ادھر کوئی مثبت جواب نہیں آرہا سردار۔“
”اچھا میری بات غور سے سنو۔ مگر کچھ لوگ ہمارے راستے سے کانٹے چن رہے ہیں۔ ہمیں اس سے کوئی مطلب نہیں کہ وہ کون ہیں۔ وہ نور کو اغوا کرنا چاہتے ہیں۔محل سے نکلنے والے ہر راستے پرتم موجود رہو۔وہ نورکو لے کر جدھر سے بھی گزریں تم آگے موجود ہو“
آقا قافا ان کی قسمت پرہنس پڑا اور وہ کھڑکی ختم کردی ۔اور نوابزادہ مصور مان کا تصور کرکے کھڑکی کھولی ۔وہ اپنے بیڈ روم بہت اداس اور غمگین تھا ۔اکیلا اور اقبال باہو کی آواز سلطان باہو یہ دوہڑا سن رہا تھا
”ایہہ دنیا زن حیض پلیتی ، ہرگز پاک نہ تھیوے ہو
جیں فقر گھر دنیا ہووے،لعنت اُس دے جیوے ہو
حب دنیا دی رب تون موڑے،ویلے فکر کیچوے ہو
سہہ طلاق دنیا نوں دئیے باہو جیکر سچ پچھوئے ہو“
آج نوابزادہ مصور مان آقا قافا کو اچھا لگا ۔آقا فا نے یہ کھڑکی بند کردی اور پھر گہرے مراقبے میں اتر گیا۔کئی گھنٹوں کے بعدآدھی رات کو اچانک اسے محسوس ہوا کہ نور نے اسے آواز دی ہے ۔آقا قافا مراقبہ سے باہر آگیا ۔کھڑکی کھولی تو نور پستول ہاتھ میں پکڑ کر کھڑی تھی ۔ناروبھی اس کے پاس موجود تھی اس کے ہاتھ میںبھی پستول تھا۔وہ دونوں دیکھ رہی تھیں ۔ڈریسنگ روم میں روشندان سے ایک شخص اتر رہا ہے۔وہ دونوں پردے کے پیچھے تھیں ۔جگوآگے بڑھا اس کے ہاتھ میں پستول تھا ۔ نور نے کہا
”پستول پھینک دے ۔تُونشانے پر ہے “
جگو کے آواز کی سمت فائر کردیاجواباً نور کے پستول سے نکلی ہوئی گولی اس کی پیشانی میں پیوست ہوگئی ۔جگو کا کیا ہوا فائر نور اور نارو کے درمیان میں دیوار پر لگا تھا ۔ایک اور نور کا وفادار ملازم ارمان علی جو لیونگ روم میں رائفل اٹھائے پہرہ دے رہا تھا۔وہ تیزی سے اندرآیا اس نے جگو کی لاش کو دیکھتے ہوئے کہا
“میرا خیال ہے چھوٹی مالکن اب آپ کا اس کمرے میں رہنا ٹھیک نہیں‘ ‘
تم لاش ٹھکانے لگا دو۔ میں ابھی یہیں ٹھیک ہوں۔
ارمان جائزہ لینے کےلئے باہر کا دروازہ کھولا تو پھر باہر دو آدمی کھڑے تھے۔ اندر داخل ہونے کےلئے بالکل تیار۔انہوں نے جیسے ہی ارمان علی کو دیکھاتوبوکھلاکر پوچھا ”فائروں کی آواز آئی ہے ۔چھوٹی مالکن ٹھیک ہے نا“
”ہاں ٹھیک ہے ۔مگر تم اب یہاں نظر نہ آﺅ“
اور تیزی سے مڑ گئے ارمان علی نے دروازہ بند کیاتو نور نے پوچھا
”کوئی تھا“
”نواب صاحب کے دوکتے ادھر بھی موجود تھے “
”تم ٹھیک ہو اب اس کمرے میں رہنا خطرناک ہے“
پھرتینوں وہاں سے نکل پڑے۔‘ کافی عجیب و غریب اور پراسرار راستوں سے گزر کر ایک تہ خانے کی سیڑھیاں اترنے لگے‘ تہہ خانے میں پہنچ کرارمان علی سے کہا
”تمہیں پورا یقین ہے کہ اس تہہ خانے کے بارے مےں نواب منور کچھ نہیں جانتا؟“
”جی چھوٹی مالکن آپ جانتی میں آپ ابا حضور کا خاص خادم تھا ‘ آپ کے بابا حضور نے خود مجھے کہا تھا تمہارے اور میرے علاوہ اس تہہ خانے کا کسی کو علم نہیں۔“
”چلیں اگر پتہ ہوا بھی تو دیکھیں گے ۔
”چھوٹی مالکن جو خزانہ ‘ ہیرے اور جواہرات یہاں پڑے ہوئے ہےں‘ اگر نواب منور کو اس کا علم ہوتا تو انہیں کبھی کا نکال کر لے جا چکے ہوتے۔“نور نے نارو اورارمان سے کہا
” تم دونوںجاﺅ‘
نارو بولی ”
نہیں چھوٹی مالکن میں نہیں جاﺅں گی ۔اور پھرارمان سے نارو نے کہا ”تم جاﺅ کہیں کسی کو تم پر شک نہ ہوجائے “
نور خاموشی رہی اور ملازم تہہ خانے کی سیڑھیاں واپس اوپر چڑھنے لگا۔تو نور نے پیچھے سے آواز دی ۔
”مت جاﺅ ۔ تمہیں وہاں وہ دو لوگ دیکھ چکے ہیں “ملازم نے پلٹتے ہوئے کہا
”جی چھوٹی مالکن میرا باہر جانا درست نہیں ۔ چھوٹی مالکن اس تہہ سے ایک راستہ محل سے باہر بھی نکلتا ہے ۔ آپ فکر نہ کریں ۔“
”آﺅ مجھے دکھاﺅ“
وہ تینوں ایک سمت بڑھنے لگے ۔وہاں الماری تھی ۔ ملازم نے الماری کو کھولا الماری خالی تھی اس کے اندر لگی ہوئی ایک میخ کو باہر کے سمت کھینچا تو الماری کا پچھلا حصہ ہٹتا چلا گیا ۔یہ ایک سرنگ سی تھی ۔اندھیری ڈوبی ہوئی سرنگ ۔ملازم نے سرنگ کے آغاز میں بنے ہوئے خانے سے ایک بڑی سی ٹارچ اٹھائی اسے جلایا اور پھر تینوں چل پڑے۔ خاصا فاصلہ طے کرنے کے بعدآگے سرنگ بند دکھائی دی ملازم نے پھر ویسے ہی وہاں لگی ہوئی میخ کو کھینچا تواتنی جگہ بن کے ایک آدمی گزر کے باہر جاسکتا تھا نور باہر نکلی پھر ملازم اور نارو بھی باہر نکلے ۔نور نے چاروں طرف دیکھا اسے معلوم ہوگیا کہ محل کے قریب جوچھوٹی سی کنول جھیل ہے وہ اس وقت اس کے کنارے پر کھڑے ہیں نور نے پوچھا ”یہ بند کیسے ہوتا ہے دروازہ “ ملازم نے ایک ابھرے پتھر کو دبایا تو دروازہ بند ہوگیا ۔ دروازے بالکل ایسا رنگ تھا جیسے وہ چٹان ہی ہو“نور نے کہا ”اب کھولو“ ملازم نے اب اس سے نیچے والے پتھر کو دبایا تو دروازہ کھل گیا وہ واپس تہہ خانے میں آگئے ۔آقا قافا نے مصور مان کا تصور کرکے کھڑکی کھولی ۔وہ اس وقت نور کے بیڈروم میں کھڑا تھا ۔جگو کی لاش کے پاس ۔ منان اور منیجر بھی موجود تھے۔ مصور نے کہا
”میں نے دو فائر کی آواز سنی ہے“
منان دیوار میں لگی ہوئی گولی دکھاتے ہوئے
”میرے خیال پہلے جگو نے فائر کیا ہے ۔ پھر چھوٹی مالکن نے اسے ماراہے ۔یہاں جگو کی گولی لگی ہے۔“
”مگروہ خود کہاں ہے اس وقت“
میں جب یہاں آیا تو کمرے میں کوئی نہیں تھا۔ صرف جگو کی لاش پڑی ہے۔میرا خیال ہے نواب صاحب کو وقوعہ کی اطلاع دینی چاہئے“
”حیرت ہے ان فائروں پر ان کی آنکھ نہیں کھلی ۔ان کی نیند تو بہت کچی ہے ۔ ذرا سی آہٹ پر جاگ پڑتے ہیں“ مصور بولا۔منیجر اور منان علی نے یہ جملہ سن کرسر جھکا دئیے۔پھر تینوں چلتے ہوئے نواب منورمان کی خواب گاہ کے باہر پہنچ گئے ۔مصور نے ہلکی سے دستک دے کر کہا ”بابا حضور آپ جاگ رہے ہیں “
”ہاں آجاﺅ “
تینوں اندر داخل ہوگئے ۔ نواب منور مان کرسی پر بیٹھے ہوئے تھے ۔بستر بتارہا تھا کہ ابھی تک کوئی اس کے پاس نہیں آیا نواب منور مان نے کہا
” بیٹے خیریت ہے نا، وہ فائر کیسے تھے“
منان بولا ”جگو مارا گیا ہے۔“
منورمان کرسی سے اٹھ کھڑے ہوئے
” یہ کیسے ہو ا“مصور مان بولا
” ہاں، بابا حضور وہ تو کسی کو مارنے گیا تھا، خود کیسے مارا گیا“
”تم نے قتل کیا ہے جگو کو؟“نواب منور نے مصور سے پوچھا
” نہیں۔شاید اسے خود نور نے گولی ماری ہے۔“
”وہ تنہا جگو کو قتل نہیں کر سکتی ، یقیناً یہ تمہارا ہی کارنامہ ہے۔“
”آپ کی مرضی بابا حضور، ویسے میں اسکا قاتل نہیں ہوں۔“
منور مان نے منیجر سے کہا
”نور کو فوری طور پرمیرے سامنے پیش کیا جائے۔“
منان بولا” وہ کمرے میں نہیں ہیں، کچھ پتہ نہیں چل رہا کہ چھوٹی مالکن کہاں ہےں۔“
”جاﺅ،اور سارے محل کی تلاشی لو ۔لائٹس آن کردو ۔ پہرداروں کو کہہ دو کہ کوئی محل سے نکلنے کی کوشش کرے۔ اسے گولی مار دی جائے ۔۔ جاﺅمجرم جہاں بھی اسے یہاں لے آﺅ۔“
منیجر اور منان کمرے سے نکل گئے تو مصور نے کہا
”بابا وہ مجرم کیسے بن گئی۔ اس نے یقیناً اپنی جان بچانے کے لیے جگو کو قتل کیا ہے۔“
”تم میرے قہر کو آواز دے رہے ہو، مصور مان، میں تمہیں سمجھا چکا ہوں٬ کہ مجھے اولاد سے زیادہ دھن کوٹ عزیز ہے۔“
” مگر بابا، آپ میرا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔“
” پاگل ہو گئے ہو، کیوں مرے ہاتھوں مرنا چاہتے ہو؟“
” آپ مجھے ماریں گے بابا حضور؟“
”کیوں؟کیا میں تمہیں نہیں مار سکتا“
” ایک تو میں آپ کا بیٹا ہوں اور دوسرے اکلوتا بیٹا ہوں۔ اگر میں مر گیا ،تو آپ بھی میرے ساتھ مر جائیں گے۔دنیا مےں آپ کا نام میری وجہ سے رہ سکتا ہے۔ صرف مجھ سے آپ کی نسل چل سکتی ہے۔“
”تم اتنی بڑی سچائی جاننے کے باوجود اپنے باپ سے ٹکرانے کی کوشش کر رہے ہو؟“
”بابا حضور، میں بھی آپ کا بیٹا ہوں،میری رگوں میں بھی آپ کا خون دوڑ رہا ہے۔“
”ایک بار پھر تمہیں میں معاف کر رہا ہوں، مگر یہ یاد رکھنا، دھن کوٹ کے نواب رحم سے عاری ہوا کرتے ہیں۔“
آقا قافا نے نور والی کھڑکی میں دیکھا۔نورتہہ خانے میں موجود بیڈ پر بیٹھی تھی اور ارمان علی بتا رہا تھا
” میں نے یہاں پانی کاکولراور کھانا وغیرہ بھی لا کر رکھا ہوا ہے ۔جو کم از کم دو دن تک ہم تینوں کے لیے بہت ہے “
”میں کل شام آٹھ بجے محل سے نکل جاﺅں گی۔ اس وقت تک تم لوگوں نے مری حفاظت کرنی ہے۔ کل شام آٹھ بجے مرا محل کی چھت پر ہو نا ضروری ہے۔اس وقت محل کی چھت سے پہرہ داروں کوکسی طرح ہٹاناپڑے گا“
”چھت سے آپ کیسے جائیں گی “
”ہیلی کاپٹر سے اور ہاں مجھے کسی پہرے دار کی وردی بھی چاہئے
”سب کچھ ہوجائے ۔ مگر آج رات اس تہہ خانے سے نکلنا ، خطرناک ہو سکتا ہے۔“
”نہیں نہیں ۔اب نہیں صبح نکلنا“
نور نے موبائل فون نکالا اور ناصر کو فون کیا ”ناصر کے پاس صبح کا وقت تھا ۔ بیل بجی ۔ناصر نے فون اٹھایا ”ہیلو ناصرمیں نور بول رہی ہوں۔ میں اپنے کمرے سے نکل آئی ہو ۔ جیسے ہیلی کوپٹرکے چھت پر پہنچنے سے دس منٹ پہلے مجھے اسی فون اطلاع کردینا“
”شکر ہے تم موبائل حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہو “
”بس اب کل بات ہوگی “
ملازم تہہ خانے میں کچھ ڈھونڈتا پھر رہا تھا۔ ایک الماری سے کچھ بارودی بم نکال کر نور کے پاس لے آیا اور کہنے لگا ”اگر ”میں ان سے محل کی دیوار کے پاس دھماکہ کروں تو سارے پہرے دار ادھر بھاگ پڑیں گے“
”لیکن تم واپس تہہ خانے میں کیسے پہنچو گے ۔“
”جیسے آپ ہیلی کاپٹرمیں پہنچیں گی“
نور نے نارو سے مخاطب کر کہا
تم دونوں تہہ خانے سے نکل کر شہر چلے جاﺅگے ۔ میں تمہیں خاصی رقم دے جاﺅں گی اور یہ موبائل بھی تمہارے پاس ہوگی اسے گم نہیں ہونا چاہئے کیونکہ صرف نمبر ہمارے درمیان کا وسیلہ رہ جائے گا۔
”چھوٹی مالکن آپ بے فکر رہیں۔“
نور اٹھی اس نے تمام ہیرے جواہرات دیکھے وہ خاصی بڑی تعداد تھے ۔نور بولی ”ان کے لیے بیگ چاہئے ایسا بیگ جو میں اپنی پشت پر باندھ سکوں۔“ملازم بولا ۔ میرے بھتیجے کا بستہ آپ کے کام آسکتا ہے ۔“
”ہاں ویسا ہی بیگ چاہئے“
اور پھر نور تہہ خانے کی تلاش لینے لگی اس تلاشی میں اس کے ہاتھ اپنے باپ کی ایک ڈائری لگی ۔نور اُس ڈائری کو پڑھنے میں مصروف ہوگئی۔ آقا قافا نے نواب منور مان کی کھڑکی پر توجہ دی۔منیجر کہہ رہا تھا
”حضور ہم نے رات محل کا کونہ کونہ چھان مارا ہے مگر چھوٹی مالکن کا کچھ پتہ نہیں چلا۔ “
”نوابزادہ مصور مان کے کمرے کی تلاشی بھی لی ہے؟“
”جی حضور“
”وہ کوئی جن بھوت تو ہے نہیں کہ نظر نہ آئے میں کیسے مان لوں کہ وہ ہوا بن کر محل سے نکل گئی ہے“
”حضور ،کچھ سمجھ میں نہیں آرہا۔“
”تمام ملازموں کو اطلاع دو کہ نور کی خبر دینے والے کو اتنا بڑا انعام دیا جائے گا۔ جس کا کوئی تصور بھی نہیں کر سکتا۔“
”ابھی سب کو بتادیتاہوں جی۔“
” وہ محل کے اندر ہے اور جس نے اسے چھپنے میں مدد دی ہوگی اسکی موت یقینی ہوگی۔ میں کسی غدار کو بھی زندہ نہیں چھوڑوں گا۔“
”یہ تو میں نے پہلے ہی سب کو کہہ دیا تھا۔
”نارو کو ٹٹولو۔ وہ صرف اسکی ملازمہ ہی نہیں سہیلی بھی ہے۔“
” جی وہ بھی نہیں مل رہی “
”اس کی ماں کو بلا لاﺅاورچھوٹے نواب پر بھی نظر رکھو٬ اسے بھی علم ہو سکتا ہے۔“
منیجر احکامات سن کر چلا گیا اور منان اندر داخل ہوا۔نواب صاحب نے پوچھا
”ہاں تیرے پاس کیا اطلاع ہے “
”حضور ایسا لگتا ہے کہ سارا محل نور کا ساتھ دے رہا ہے ۔‘
”یہ تمہیں کیسے محسوس ہوا ہے “
”نور کے کمرے سے ایک کلاشن کوف ،ایک رائفل اور بہت سی گولیاں ملی ہیں ۔یہ چیزیں اس کے پاس کیسے پہنچ سکتی ہیں۔“
”اس کے علاوہ“
”محل میں ہر شخص خوش دکھائی دیتا ہے کہ نور نکل جانے میں کامیاب ہوگئی ہے “
”نہیں ۔وہ محل کے اندر موجود ہے ۔ میں نے کوئی ایسا رخنہ نہیں رہنے دیا جہاں سے وہ نکل سکے “
منیجر کے ساتھ نارو کی ماں اندر داخل ہوئی ۔جھک کر نواب صاحب کو سلام کیا اور نواب منور بولا
”تم نارو اور اپنی چھوٹی مالکن کا پتہ بتا دو ۔ جو مانگو گی تمہیں دوں گا۔وگرنہ دوسری صورت میں تمہیں میرے قہر کا اندازہ ہے“
”حضور کنیز کو صرف اتنا علم ہے کہ وہ جو کمپیوٹر چھوٹی مالکن کی کمرے میں پڑا ہے چھوٹی مالکن اور نارو اسی کے ذریعہ محل سے باہر نکل گئی ہےں۔“
”وہ کمپیوٹر ہے کوئی جادو کا اڑن کھٹولا نہیں“
”جی چھوٹی مالکن کہا کرتی تھیںمیرے پاس یہ جو کمپیوٹر کی کھڑکی ہے میں اس میں سے کسی وقت بھی محل سے فرار ہو سکتی ہوں۔وہ اس کھڑکی سے لوگوں سے باتیں بھی کیا کرتی تھیں۔“
”نور سے تو تمام فون لے لئے گئے تھے ۔نواب صاحب منیجر سے مخاطب ہوئے
منیجر بولا ”جی اس کے پاس نہ ٹیلی فون رہنے دیا گیا تھا نہ موبائل فون“
”وہ کمپوٹر کیسا ہے، جو اس کے کمرے میں ہے“
” حضور وہاں جو کمپیوٹر پڑے ہیںمیں ان کے متعلق بھی کچھ نہیں جانتاوہ تو نواب انورمان کے دور سے چلتے آرہے ہیں۔البتہ اس کمپیوٹر کا ہر مہینے بل ضرور آتا ہے۔“
” کمپیوٹر کا بل کیسے آ سکتاہے؟“ نواب نے غصے سے کہا
”یہ تو کوئی کمپیوٹر انجینئر ہی بتا سکتا ہے جی “
آقا قافا نے معمول کے مطابق سادھو باباکے پاس کلاس میں جانا تھا ۔وہ وہاں پہنچ گیا۔سادھو بابا نے آقا قافا سے کہا ”آج تمہارے ہم جماعت لوگ تم سے کچھ سوال کرنا چاہتے ہیں اسلام کے بارے میں ۔آج میں صرف سنوں گا۔ان کے سوال اور تمہارے جواب “آقا قافابولا ”جی جتنا جانتا ہوں اتنا بتا سکتا ہوں “
پہلے سادھو نے سوال کیاخضر نے بچے کو قتل کردیا تھا کہ یہ بڑا ہوکر قاتل بنے گا ۔کیا جرم کرنے سے پہلے کسی کو سزا دی جاسکتی ہے اور پھر بچے کا قتل تو بہت ہی خوفناک بات ہے “آقا قافا بولا
”ایسی بات نہیں ہے یہ غلط تراجم کی بناپر ابہام پیدا ہوا ہے۔ قرآن حکیم میں غلام کا لفظ استعمال ہوا ہے ۔ غلام کا مطلب جوان لڑکا ہوتا ہے اور اسے قتل اس لیے کیا گیا کہ وہ پہلے قاتل تھا۔اس پر اب بہت تحقیق ہوچکی ہے “
دوسرے سادھو نے کہا
”ایک حدیث میں ہے کہ سورج رات کوعرش کے نیچے اتر جاتا ہے اور صبح فرشتے اسے دھکے دے کر باہر نکالتے ہیں سورج تو غروب ہی نہیں ہوتا “
آقا قافا بولا”آپ کو سورج کے بارے میں غلط فہمی ہے ۔سائنس کے تحت سور ج کی تین گردشیں ہیں ۔
سورج اپنی ایک گردش اٹھارہ کروڑ سال میں کہکشاں کی طرف مکمل کرتا ہے- دوسری گردش ایک سو پچاس میل فی سیکنڈ کی رفتار سے سولر ایپک کی طرف ہے ،جسے عرش کہتے ہیں اور سورج کی تیسری حرکت وہ ہے جس کا ہم شب و روز دیکھتے ہیں - “
تیسرا سادھو بولا
”اسلام میں زکوٰة ادا کرنے کا جو نصاب ہے ،اس کے مطابق گھر میں 53تولے چاندی جو چند ہزار روپے کی بنتی ہے اور ہو تو زکوٰة دینا پڑتی ہے ۔لیکن اگر سات تولے سونا جو کئی لاکھ روپے کا بنتا ہے وہ گھر میں پڑا ہو تو زکات نہیں لگتی ۔یہ کیسا نصاب ہے “
آقا قافا نے جواب دیا
”یہ مرد کا نہیں عورت کا نصاب ہے کہ وہ ساڑھے باون تولے چاندی اور ساڑھے سونا رکھ سکتی ہے۔ اپنے پاس اپنی زیبائش کے لیے ۔مرد تو ایک تولہ بھی رکھے تو اسے اس پر زکات دینا ہوگی“
چوتھے سادھو نے سوال کیا
”قرآن حکیم میں آیا ہے حضرت یعقوب جو اللہ کے پیغمبر تھے ۔وہ اٹھارہ سال اپنے بیٹے کے غم میں روتے رہے اور آنکھیں بھی ضائع کردیں ۔کیا پیغمبر کی یہ شان ہو سکتی ہے “
آقا قافا نے کہا
”وہ جس بیٹے کے غم میں اٹھارہ سال روتے رہے وہ حضرت یوسف علیہ اسلام تھے ان کے چہرے میں نورِ محمدی تھا وہ دراصل اسی نور کے بچھڑنے کے غم میں روتے روتے آنکھیں بھی گنوا بیٹھے “
اب سادھو بابا بول پڑے
”میرا خیال ہے سوال و جواب کا یہ سلسلہ اب ختم کیا جائے۔ آقا قافا کے اندر میں بڑی بے چینی دیکھ رہا ہوں ۔آج کی کلاس ختم ہوئی اورپھر آقا قافا فوراًاپنی غار میں پہنچ گیا ۔نورکا دھیان میں لایا اور کھڑکی کھول دی ۔نور تیار ہوچکی تھی ۔اس نے ایک پہرے دار کا لباس پہن رکھا تھا۔ہیروں سے بھرا بیگ وہ پشت پر باندھ رہی تھی ۔اس کے باپ کا ملازم ِ خصوصی اندر آیا اور اس نے کہا کہ وہ بم لگاآیا ہے ۔میں آٹھ بجنے سے پانچ منٹ پہلے دھماکہ کروں گا جیسے پہرے دار چھت سے اتر کر ادھر آئیں گے ۔آپ سڑھیوں سے اوپر چلی جائیں گی۔پھر تھوڑی دیر تینوں نے وہیں انتظار کیا۔وقت ہوگیا ہے ۔ملازم نکل گیا ۔نور نے نارو کو گلے لگایا اورکہا
”میں کہیں بھی ہوں تمہیں بھولوں گی نہیں ۔کوشش کروں گی کہ تم جلد میرے پاس پہنچ جاﺅ“
نارو کی آنکھوں میں آنسوآگئے اور پھر دھماکہ ہوا۔پہرے داراُس طرف بھاگ پڑے جہاں دھماکہ ہوا تھا ۔چھت پر موجود پہرے دار بھی بھاگتے ہوئے سیڑھیوں سے اترے اور اُسی سمت چلے گئے جس طرف سے دھماکہ کی آواز آئی تھی ۔نور تہہ خانے سے نکلی مختلف سنسان راہداریوں سے گزرتی ہوئی چھت کی سڑھیوں کی طرف جانے لگی ۔ نوابزادہ مصور مان بھی کمرے سے نکلا یہ دیکھنے کےلئے کہ کیسا دھماکہ ہوا ہے ۔اچانک اس کی نظر نور پر پڑی مصور مان تیزی سے ایک طرف ہوگیا کہ کہیں نور اسے دیکھ نہ لے اورنور جیسا ہی سڑھیوں کی سمت گئی وہ بھی آہستہ آہستہ سڑھیوں کی طرف بڑھنے لگا نورجب سیڑھیاں چڑھ کر چھت پر پہنچی تو مصور بھی دبے قدموں سے سیڑھیاں چڑھنے لگا ۔چھت پر کوئی پہرے دار موجود نہیں تھا۔نور چھت کے درمیان میں کھڑی آسمان کی طرف دیکھنے لگی ۔مصور نے چھت پر پہنچ کیا نور اسے دیکھتے ہی کہا
’’مصور آگے بڑھنا ۔ میں فائر کردوں گی‘‘
مصور مان رک گیا اور کہنے لگا ’’جو پہلے سے مر چکے ہیں انہیں کیا مارو گی مگر تم چھت پر کیوں آگئی ہو ۔یہاں تو ابھی پہرے دار لوٹ آئیں گے ‘‘
نور بولی ’’میں ان کے آنے سے پہلے جا چکی ہوں گی ‘‘مصور مان ہنس کر پوچھا
’’کیا آسمان کی طرف پرواز کرنی ہے ‘‘نور بولی
’’ہاں کئی نئے آسماں میرے منتظر ہیں ۔ میں تمہاری دنیا چھوڑ کر کسی اور دنیا میں جارہی ہو ۔آزاد اور خود مختار دنیا میں ۔‘‘مصور مان بولا
’’دنیا چھوڑنے کا میں بھی سوچتا ہوں مگر کہتے ہیں خود کشی ہمارے مذہب میں حرام ہے ‘‘
اچانک ہیلی کاپٹر کی آواز آئی ۔ مصور مان اسے محل کی طرف آتے ہوئے دیکھا اور حیرت سے پوچھا
’’کیا یہ تمہیں لینے آرہا ہے ‘‘نور بولی
’’ہاں یہی سب سے محفوظ طریقہ تھا یہاں سے نکلنے کا‘‘اور ہیلی کاپٹرچھت کے اوپر پہنچ گیا اس سے سیڑھی لٹکائی جانے لگی ۔نور کبھی اوپر کی طرف دیکھتی تھی جہاں آہستہ آہستہ سیڑھی نیچے آرہی تھی اور مصور مان کی طرف ۔جیسے ہی سیڑھی نیچے پہنچی نور نے سیڑھی کوپکڑااور اس پر چڑھنے لگی۔ پہرے دار ہیلی کاٹر کو دیکھ کر چھت کی طرف بھاگے ۔انہوں نے نور کو سیڑھی چڑھتے ہوئے دیکھاتھا۔انہوں نے فائر کرنے کےلئے رائفلز سیدھی کیں تو مصورمان نے زور سے کہا ”کوئی فائر نہیں کرے گا“
اتنی دیر میں کچھ پہرے داروں کے ساتھ نواب منورمان خود سیڑھیاں چڑھ کر اوپر آگئے ۔اور پہردے داروں سے کہنے لگے
” فائر کرو اس پر“
پہرے داروں نے رحم بھری نظر وں سے نوابزادہ مصور مان کی طرف دیکھا مصور مان بولا
”ادھر رائفلیں مجھے دے دو “اور آگے بڑھ کر پہرے داروں سے رائفلیں لینے لگے ۔ منور مان نے ایک پہرے دار سے رائفل کی اور خود فائر کرنے لگا تومصور مان اپنے باپ کی رائفل کو پکڑ کر نیچے کرتے بولا ”بابا حضور عقل سے کام لیجئے ،یہ ہیلی کاپٹر دارالحکومت کے سوا کہیں سے نہیں آسکتاہے ۔آپ کا اقتدار خطرے میں ہے۔‘‘اور اتنی دیرنور ہیلی کاپڑ کے اندر پہنچ چکی تھی ۔“
منورر مان رائفل چھٹکا دے کر کہا ”ہٹ جاﺅ آگے سے“ مصور مان بولا
” بابا حضور جانے دیں اسے“ نواب منور مان نے کہا
”بے غیرت، اپنے عزت ، اپنی منگیتر کو کسی کے ساتھ بھیج رہا ہے، تُومیری اولادنہیں ہو سکتا ۔“
مصور مان بولا
”آپ مجھے اپنا بیٹا تسلیم کریں یا نہ کریں نور تک پہنچنے کے لئے آپ کو میری لاش پر سے گزرنا ہوگابابا۔ میرے جیتے جی آپ نور کو قتل نہیں کرسکتے ‘‘
نواب منور نے غصہ کے عالم میں کہا ’’تم نور بچاتے رہو ۔ اقتدار میرا نہیں تمہارا ہونے والا ہے ۔ میرا کیا ہے میں زندگی گزار چکا ہوں ۔میرے بعد تم نے اور تمہاری نسلوں حکمرانی تھی ۔ اب اگر دارالحکومت میں پہنچ کر اس نے ہمارے خلاف وراثت کا مقدمہ دائر کردیا ۔ جو وہ یقیناً کرے گی۔ اور لوگ جو اسے نکال کر لے گئے ہیں وہ کوئی چھوٹے موٹے لوگ نہیں ہوسکتے ۔اس ملک میں ہیلی کاپٹر تک رسائی آسان نہیں۔‘‘مصور مان بولا
’’بابا مجھے یقین ہے وہ آپ کے خلاف کچھ نہیں کرے گی ‘‘نواب منور مان کہنے لگا
’’تم اندھے ہوچکی ہو وہ ناگن سے زیادہ خطرناک ہے ۔اسے جیسے ہی موقع ملاوہ سب سے پہلے مجھے ڈنگ مارے گی ‘‘ مصور کہنے لگا
’’بابا کیا واقعی چچا کو آپ نے قتل کرایا تھا ‘‘ نواب منور مان انتہائی غصہ کے عالم چیخا ’’بکواس بند کرو ۔دور ہوجائو میری نظروں سے ۔الو کے پٹھے‘‘اور مصور مان سر چھکائے سڑھیوں کی طرف بڑھ گیا اور نواب منور مان نے اپنے موبائل فون پر کسی کا نمبر ڈائل کر کے کہا
’’نواب منور مان بول رہا ہوں ۔کرنل راشد ‘‘
کرنل راشد بولا ۔’’جی نواب صاحب ۔ کیسے مزاج ہیں بڑے دنوں کے بعد یاد کیا ہے ۔ ‘‘
نواب منور مان کہنے لگا ۔’’اس وقت ایک ایمر یجنسی ہے ۔ مجھے فوری طور پر کچھ معلومات درکار ہیں ‘‘
کرنل راشد نے کہا ۔’’جی بتائیے ‘‘نواب منور مان بولا ’’تقریبا ً تین منٹ ہوئے ایک ہیلی کاپڑ میرے محل کی چھت سے سیڑھی کے ذریعے میرے کسی مجرم کو بھگا لے گیا ہے ۔ مجھے پتہ کرانا ہے کہ وہ ہیلی کاپٹر کس کا تھا کہاں لینڈہوا وغیرہ وغیرہ ‘‘
کرنل راشد ۔’’کیا اُس شخص کے بارے میں کچھ بتانا پسند کریں گےجسے وہ لے گیا ہے ‘‘
نواب منور بولا ۔’’وہ لمبی بات ہے ملاقات پر بتائوں ابھی یہ کام کرو‘‘
کرنل راشد نے کہا ’’ جی ہوجاتا ہے ‘‘
آقا قافا نے نور کی طرف توجہ دی ۔نور ہیلی کاپٹر میں بیٹھ چکی تھی اس نے بیگ پشت سے اتار کر ساتھ سیٹ رکھ دیا تھا بیلٹ باندھ لی تھی ۔ ہیلی کاپٹر میں پائلٹ کے علاوہ ایک اور آدمی اور تھا وہ نورسے کہہ رہا تھا
”ابھی ڈیڑھ گھنٹے میں اسلام آباد لینڈ کریں گے ۔وہاں سے گیارہ بجے آپ نے پی آئی اے فلائٹ پر مانچسٹر روانہ ہوجائیں گی ۔ یہ آپ پاسپورٹ ہے اور یہ آپ کا ٹکٹ۔“
نور نے اپنا پاسپورٹ کھول کر دیکھا ۔اس میں تصویر نور کی تھی مگر وہ پاسپورٹ کسی روزنیہ انجم کا تھا ۔نور نے کہا
”تو اب میرا نام روزنیہ انجم ہے “
آدمی بولا ”جی آپ نے اسی نام سے سفر کرنا ہے ۔اگر آپ کے بیگ میں کوئی اور لباس موجود ہے تو آپ ایئر پورٹ پرکپڑے تبدیل کرسکتی ہیں ۔وگرنہ اس وقت آپ کے لیے لباس فراہم مشکل ہوجائے گا “
”نہیں کپڑے میں نے پہنے ہوئے ہیں ۔ یہ پہرے داروں کی وردی میں نے لباس کے اوپر پہنی ہوئی ہے ۔جیسے ہی ہیلی کاپٹر لینڈ کرے گا میں اسے اتار دوں گی “
اور پھر دیڑھ گھنٹے کے بعد ہیلی کاپٹر اسلام آباد ایئرپورٹ کے ہی ایک حصے میں اترا۔ نور نے پہرے داروں والی وردی ہیلی کاپٹر میں اتار دی اور اپنا بیگ اٹھا کرباہر آگئی ۔وہ آدمی اسے وی آئی پی لاونج لے آیا۔نور سب سے پہلے اپنے بیگ سیمت باتھ روم میں گئی ۔ بال وغیرہ درست کئے ۔ہونٹوں پر لپ ا سٹک لگائی اور پھر بڑے وقار سے باہر آکر بیٹھ گئی ۔تھوڑی دیر کے بعد اسی آدمی نے اسے بورڈنگ کارڈ لا دیا اورپاسپورٹ اور ٹکٹ بھی دیااور کہا ”اس میں واپسی ٹکٹ بھی موجود ہے ممکن ہے مانچسٹر ایئرپورٹ آپ کو اس کی ضرورت پڑے ۔ کبھی کبھی وہ پوچھ لیتے ہیں کہ آپ کا واپسی ٹکٹ کہاں ہے “
تھوڑی دیر بعد مسافروں کے جہاز پر جانے کا اعلان ہوا۔نور نے اپنا سکریننگ کرنے والی مشین پر رکھا اور جب دوسری طرف سے اٹھایا توکسٹم کا ایک آدمی تیزی سے نور کے پاس آیا اور کہا
”جی میں چاہتا ہوں کہ اس بیگ کو کھول کر دیکھاجائے مگر فوراً پیچھے سے اسکا آفسر آیا اور بولا ”۔نہیں نہیں۔ آپ تشریف لے جائیے ۔یہ آپ کو نہیں پہچانتا تھا“
اور نور بیگ سمیت آگے بڑھ گئی ۔وہ شخص جو بیگ کھولنا چاہتا تھا ۔اس نے اپنے بڑے آفسر کے کان میں کہا ”بیگ ہیرے جواہرات سے بھرا ہواہے “
وہ آفسر اس کی بات سن کر اس آدمی کی طرف گیا جس کے ساتھ نور آئی تھی اور اس سے کہا ”اس کا بیگ ہیرے جواہرات سے بھرا ہوا ہے “وہ آدمی بولا ”بس تم اسے یہاں سے خیر خیریت سے نکال دو اور پھر موبائل پر اس نے کسی سے کہا ۔اس کا بیگ ہیرے جواہرات سے بھرا ہوا ہے۔ادھر سے آواز آئی ۔”اوکے فکر مت کرو ۔تمہارا حصہ تمہیں مل جائے گا “ آقا قافا نے اس آوازکا تصور کیا اور ایک نئی کھڑکی کھول دی ۔ایک کمرے میں آدمی بیٹھے ہوئے تھے ۔ایک کہہ رہا تھا
”اس مطلب ہے کہ خزانہ آرہا ہے “
”مگر یہ بات ہم دونوں تک محدود رہنی چاہئے ۔“
”بیگ گم ہونے کا مسٹر جوزف کو جب پتہ چلے گا تو پھر کیا کہیں گے۔انہیں پتہ چل جائے گا کہ بیگ ہم نے غائب کیا ہے۔
”اسے تم مجھ پر چھوڑ دو۔اب طے یہ ہوا کہ میں ریسو کروں گا تو یقینا بیگ میرے ہاتھ میں ہوگا ۔تم اچانک آنا اور میرے سے ہاتھ بیگ جھپٹ کر غائب ہوجانا۔اگر اس کے ہاتھ میں ہوا تو بس ایک جھپٹا مارنا اور غائب ہوجانا “
آقا قافانے نور کی کھڑکی طرف توجہ دی تو اس کا جہاز نے ٹیک آف کر رہا تھا۔ آقا قافا نے سوچا ابھی آٹھ گھنٹے ہیں ۔انہیں بھی دیکھ لوں گا۔پھرآقا قافاکو یاد آیا کہ اس نے پیر صاحب سے کہا تھا کہ میں اسے کل ملوں گا ۔اس نے سوچا رات کے گیارہ بج رہے ہیں ۔اس وقت تو یقیناً پیر صاحب سو رہے ہونگے ۔آقاقافا نے پیر صاحب کاتصور کیا اور کھڑکی کھولی “پیر صاحب دربار شریف ہی ایک میں جائے نماز پر بیٹھے تھے اور کچھ پڑھ رہے تھے ۔آقا قافا بھی دربار شریف میں پہنچ گیا ۔سلطان باہو کے مزار کے دروازے کو بوسہ دیا اور اس کمرے کی طرف چل پڑا جہاں پیر صاحب موجود تھے ۔کمرے کے دروازے پر مریدین کھڑے تھے آقا قافا آگے بڑھتا چلاگیا۔ مریدین نے اسے راستہ دیا۔دروازے پر پہنچ کر آقا قافا نے دستک دی اندر سے آواز آئی ”آجاﺅ “آقا قافا داخل ہوا۔پیر صاحب اٹھ کھڑے ہوئے آقا قافا کو گلے لگایا اور پاس بٹھا کر بولے
”اس وقت اس خانقاہی نظام کو کسی تمہارے نوجوان کی اشد ضرورت تھی۔“آقا قافا بولا ”
تو آپ نے اس راستے پر چلنے کا پرگروام ملتوی کردیا ہے“
”جی تو بہت چاہتا ہے مگرممکن نہیں لگتا۔میں نے اپنی بیگم صاحبہ سے مشورہ کیا تھا کہ میں اپنا سب کچھ اللہ کی راہ دینے کے بارے میں سوچ رہا ہوں ۔تمہارا کیا خیال ہے ۔اس نے جاکر بیٹوں کو بتادیا۔وہ چاروں میرے پاس آئے اور انہوں نے کہا ”ابا جان آپ کی ذہنی حالت خاصی تشویشناک ہے ۔آج سے آپ دربار کے احاطے سے باہر نہیں جا سکتے اور اگر جانا چاہتے ہیں تو ساری جائیداد پہلے ہمارے نام منتقل کردیں ۔اس وقت بھی ان کے لوگ میرے ارد گرد پہرہ دے رہے ہیں۔ایسی صورت حال میں بتاﺅ ۔میں کیا کرسکتا ہوں “
”آپ کے یہ مریدین “
”یہ بہت کمزور لوگ ہیں ۔ غریب لوگ ہیں ۔ یہ کچھ نہیں کر سکتے “
”چلئے آج رات میرے ساتھ گزارئیے ۔مجھے مہمان نوازی کا موقع دیجئے “یہ کہتے ہوئے آقا قافا نے ان کا ہاتھ پکڑ لیا پیر صاحب اٹھ کھڑے ہوئے آقا قافا نے کہا ”آنکھیں بند کر لیجئے“۔پیر صاحب نے آنکھیں بند کیں تو آقا قافا بولا ”آنکھیں کھول دیجئے “
پیر صاحب نے آنکھیں کھولیں اور پریشان ہو کر ادھر ادھر دیکھا اور پوچھا
”ہم کہاں ہیں “
ہمالیہ کے ایک غار میں ۔آپ ذرا ادھراس چٹان پر بیٹھیں ۔ میں آپ کے بستر کو بندو بست کرلوں “
اور پھر چٹان کے دھانے کی طرف بڑھنے لگا۔ دھانے پر آکر اس نے سوچا کہ پیر صاحب کا اپنا بستر ہی یہاں لے آیا جائے ۔آقا قافا اسی پیر صاحب کے بیڈروم میں داخل ہوااور وہاں سے ان کا پورا بیڈ روم اٹھا یا اور غار میں آکر رکھ دیا۔پیر صاحب حیرت سے غار کے ایک حصے میں اپنے بیڈروم کو دیکھنے لگے ۔آقا قافا بولا
”یہ لیجئے جب تک جی چاہے یہ یہاں قیام فرمائیے ۔آپ یہاں کسی چیز کی کمی محسوس نہیں کریں گے ۔ دیکھتے ہیں آپ کے بیٹے کیا کرتے ہیں“
پیر صاحب نے پوچھا ”آپ کہاں آرام کرتے ہیں “
”اِسی چٹان پر جہاں آپ بیٹھے ہوئے ہیں “
”کیا یہاں آپ کو نیند آجاتی ہے “
”نیند کے بارے میں میرا رویہ تھوڑا مختلف ہے ۔میں اپنی نیند چلتے پھرتے ہوئے بھی پوری کر لیتا ہوں “
پیر صاحب وہاں سے اٹھے۔ انہوں نے نیچے سے ایک چھوٹا سا پتھر اٹھایا اور اپنے پشت پردے مارا ۔آقا قافا حیرت سے آگے بڑھا اوران کے ہاتھ دیکھتا ہوا بولا ”آپ نے یہ کیا ہے “ان کے ہاتھ خون نکل رہا تھا۔آقا قافا نے دیوار کھولی اور اس میں ایک مرہم نکالی اور اس زخم پر لگادی اور پھر پوچھا ”کچھ بتائیے یہ آپ نے کیا کیا ہے “تو پیر صاحب بولے ”میں صرف یہ یقین کرنا چاہ رہا تھا کہ میں خواب تو نہیں دیکھ رہا ہوں۔ “
”میرا خیال ہے۔ اب آپ آرام سے سو جائیے “آقا قافا نے پیر صاحب کو جاکر اپنے بیڈ پر لٹادیا اور خود اسی چٹان پر التی پالتی مار کر بیٹھ گیا اور پھر چند لمحوں بعد گہرے مراقبے میں چلا گیا لیکن زیادہ دیر مراقبے میں نہیں رہ سکا ۔اسے احساس ہوا کہ کوئی غار میں چل رہا ہے۔ آقا قافا نے آنکھیں کھولیں تو پیر صاحب غار کے دھانے کی طرف جارہے تھے ۔ راون ان کے ساتھ ساتھ چل رہا تھا۔پیر صاحب غار سے باہر نکلے چاندنی رات تھی برف تھی اور بلند و بالا پہاڑ اور لہو کو جما دینے والی سرد ہوا۔پیر صاحب فوراً غار کے اندر آگئے اور چلتے ہوئے دوبارہ اپنے بستر کے پاس جانے لگے۔ میری آنکھیں کھلی دیکھ کر میرے پاس آئے اور بولے ”مجھے ایسا لگتا ہے جیسے تم ہندو سادھو کی طرح زندگی گزار رہے ہو “آقا قافابولا
”جی میں مسلمان سادھو ہوں ۔مگر مجھے اس منزل تک گیتا کو ماننے والے سادھو وںپہنچایا ہے۔ جہاں تک ہندو ہونے کا تعلق ہے تو ہندو تو ہم سب ہیں جو برصغیر میں رہتے ہیں ۔ ہند کوئی منزل نہیں برصغیر کا قدیم جغرافیائی نام ۔اسے انگزیزوں نے اپنے دور میں ان لوگوں کے مخصوص کیا یعنی ہندوازم کی اصطلاح نکال لی “
”اس کا مطلب یہ ہوا کہ یہ سب روحانیت نہیں ایک فریب ہے ۔ہزاروں خداﺅں کوپوچنے سے جو چیز حاصل ہوتی ہے ۔وہ کافری ہی ہے ۔“
”میں نے جس سادھو سے تعلیم حاصل کی وہ ایک بھگوان کو مانتا ہے کیونکہ ان کی تمام کتابوں میں یہی درج ہے کہ بھگوان صرف ایک ہے “
”کیا مطلب ۔تم یہ کہنا چاہتے کہ ویدوں میں صرف ایک بھگوان کا ذکر آیا ہے “
”جی رگ وید میںلکھا ہوا ہے کہ بھگوان ایک ہے ۔نہ اسے کسی نے جنا ہے اور نہ اس نے کسی کوجنا ہے اور اس کی کوئی شکل نہیں ۔ویدوں میں یہ بھی لکھا ہے کہ وہ لوگ اندھیرے میں داخل ہورہے ہیں جو مظاہرِ فطرت کی پوجا کرتے ہیں اور جو ہاتھ سے بنائی چیزوں کی پوجا کرتے ہیں اور گھور اندھیروں میں داخل ہو رہے ہیں۔“
پیر صاحب بولے ”میں تمہارے بارے میں تشکیک کا شکار ہوگیا ہوں“آقا قافا نے کہا ”ابھی آپ سوجائیں صبح کی نماز کے بعد اس موضوع پر بات کریں گے “اور پھر پیر صاحب اپنے بیڈ کی طرف گئے اور اس پر لیٹ گئے ۔ انہیںسچ مچ نیند آگئی ۔ابھی سوئے ہوئے انہیں زیادہ دیر نہیں ہوئی تھی کہ آقا قافا نے انہیں جگایا اورکہا”اٹھیے صبح کی نمازپڑھنے کےلئے“۔پیر صاحب نے اپنی گھڑی پر نظر ڈالتے ہوئے کہا” ابھی صبح کی نماز میں تین گھنٹے رہتے ہیں“آقا قافا بولا ”آئیے تو سہی ابھی وقت بدل جائے گا “پیر اٹھے اور آقا قافا کے ساتھ ساتھ چلنے لگے آقا قافا بولا”آنکھیں بند کر لیجئے“ابھی پیر صاحب دو قدم ہی چلے تھے آنکھیں بند کر لیں کہ انہیں آقا قافا نے کہا”آپ یہاں وضو وغیرہ کرلیں “۔پیر صاحب نے آنکھیں کھولیں تو وہ حرم شریف میں کھڑے تھے ۔پیر صاحب کچھ کہنے لگے تو آقا قافا نے انہیں روکتے ہوئے کہا ”جلدی جلدی وضو کرلیں وگرنہ نماز نکل جائے گی“اور پھر تھوڑی دیر بعد دونوں حرم شریف باجماعت نماز پڑھ رہے تھے۔نماز ختم کرنے بعد اچانک دو لوگ پیر صاحب کے جاننے والے انہیں مل گئے اور مجبور کرنے لگے کہ ہمارے ساتھ چلیے ۔پیر صاحب بھی پریشان ہوگئے۔ آقا قافا کو بھی معاملہ نازک محسوس ہوا کہ اگر پیر صاحب یہاں سے اچانک غائب ہوگئے توایک کہانی اور بن جائے گی ۔ آقا قافا نے پیر صاحب سے کہا ”کوئی بات نہیں آپ ان کے ساتھ چلے جائیے ۔ شام کی نماز پر پھر یہیں ملاقات ہوگی ۔ایک آدمی بولا”آپ بھی ساتھ چلئے “آقا قافا ”میرا کوئی ضروری کام ہے “دوسرے آدمی نے کہا ”آپ ہمیں اپنا پتہ بتا دیجئے ۔ہم خود پیر صاحب کو آپ کے پاس لے آئیں گے “پیر صاحب بولے ”نہیں نہیں ۔ انہیں جانے دیجئے ۔بس شام کی نماز کے وقت مجھے یہیں پہنچا دیجئے گا“اور آقا قافا تینوں سے مل کر ایک طرف چل پڑا اور جیسے ہی اوٹ ہوا ،واپس اپنی غار میں آگیا ۔اس نے ہاتھ کا اشارہ کیا اور پیر صاحب کا بیڈروم غائب ہوگیا پھر وہ اسی طرح التی پالتی مار کر اپنی چٹان پر بیٹھ گیا۔اس نے کھڑکی کھولی اور نور کو دیکھنے لگا ۔نور جہاز کی سیٹ پرسو رہی تھی ۔جہاز کی لائٹس آف تھیں۔زیادہ ترلوگ سو رہے تھے۔ نور کھڑکی کے ساتھ والی سیٹ پربیٹھی تھی اور اس کے ساتھ والی سیٹ پر ایک بوڑھی عورت بیٹھی ہوئی تھی ۔وہ جاگ رہی تھی ۔پیچھے والی دونوں سیٹیں بھی خالی تھیں ۔اچانک آقا قافا پیچھے والی سیٹ پر بیٹھ گیا۔اس نے اگلی سیٹ کی پشت پر بنے ہوئے خانے میں کوئی صاف کاغذ ڈھونڈنے کی کوشش کی ۔اسے ایک لفافہ مل گیا آقا قافا اسے لفافے کو کھول کر کاغذ کی طرح سیدھا گیا۔پھر درمیانی راہداری سے دوسری طرف بیٹھے ہوئے آدمی کی طرف دیکھا اس کے جیب میں پین موجود تھا ۔آقا قافا نے اس سے پین مانگا تو اس نے دے دیا۔ آقا قافا نے اس کاغذ لکھا۔
نور۔۔
تمہارے ریسو کرنے والوں کوعلم ہوچکا ہے کہ تمہارے بیگ میں ہیرے جواہرات ہیں ۔انہوں نے ایئرپورٹ سے نکلتے ہی تم سے تمہارا بیگ چھین لینے کا منصوبہ بنا رکھا ہے ۔میں تمہارے ساتھ موجود ہوں مگر ابھی تمہاری سامنے آکر مدد نہیں کر سکتا۔واسلام ۔آقا قافا“
آقا قا فا نے خط کو تہہ کیا اور نور کے ساتھ بیٹھی ہوئی خاتون سے کہا ”یہ جب جاگیں یہ خط انہیں دے دیجئے گا “ خاتون نے خط ہاتھ میں لیا نور شاید جاگ رہی تھی اس نے آنکھیں کھولیں اور خاتون کی طرف دیکھا خاتون نے خط نور کی طرف بڑھاتے ہوئے کہا کہ ”اِنہوں نے یہ خط تمہارے لئے دیا ہے “نور ادھر دیکھتے ہوئے پوچھا ”کس نے “ عورت نے مڑ کے دیکھا اور کہا ”ایک لمحے پہلے تو یہیں تھا“۔ نور نے تہہ کیا ہواخط کھولا۔اسے پڑھا اور پھر اٹھ کر اپنے بھاری بھرکم بیگ نیچے اتارا۔تمام چیزیں درست تھیں ۔اس نے وہ خط بھی اسی میں رکھ دیا۔اب نورمسلسل جاگ رہی تھی کہ کہیں جہاز میں کوئی اس کا بیگ نہ اٹھا کرلے جائے ۔تھوڑی دیر کے بعد اس نے اپنا پاسپورٹ نکالا ۔ اس سے اپنی تصویر اتاری پھر چادر کے نیچے پاسپورٹ کے ٹکڑے کرنے شروع کئے تاکہ ساتھ بیٹھی ہوئی عورت کو معلوم نہ ہوسکے کہ وہ کیا کررہی ہے وہ سارے ٹکڑے اس نے چادر کے پلو سے باندھ لئے اور اٹھ کر ٹائلٹ کی طرف چل گئی جب واپس آئی تو چادر کے پلو کے ساتھ کچھ بندھا ہوا نہیں تھا۔ یہ چادرپی آئی اے کی طرف سے دی گئی تھی جو تمام مسافروں کو جہاز کا درجہ ءحرارت کم ہونے پر جاتی ہیں ۔آخرکار جہاز لینڈ کر گیا نور اپنا بیگ اٹھائے ہوئے باہر نکلی چلتے چلتے آگے دو لائنیں بن گئیں ۔ایک برٹش پاسپورٹ رکھنے والی کی اور دوسری غیر ملکی پاسپورٹ رکھنے والوں کی۔نور برٹش پاسپورٹ رکھنے والی لائن میں کھڑی ہو گئی جب اس کا نمبر آیا تو نورنے بالکل انگلش سٹائل میں انگریزی بولتے ہوئے کہا ”کہ اس کا پاسپورٹ گم ہوچکا ہے “فوراً سیکورٹی دو لوگ پہنچ گئے اور نور کو ایک کمرے میں لے گئے ۔نور کا انٹرویو شروع ہوگیا
”تمہارے پاس کیا ثبوت ہے کہ تم برٹش ہو ۔
”نورنے بیگ سے ایک کاغذنکا ل کر انہیں دیا اور کہا۔یہ میرے میرے ابو کے اور میری امی کے پاسپورٹ کی تفصیلات ہیں ۔انٹر ویو لینے والا وہ کاغذ لے کر باہر چلا گیاتقریباً آدھے گھنٹے بعد واپس آیا اور کہنے لگا”تمہاری جو تصویر ہمارے ریکارڈ میں ہے وہ دس سال پرانی ہے ۔اس تصویر سے تجھے پہچاننا مشکل ہے ۔ ہمیں تمہارے انگلیوں کے نشان چاہئیں اور پھر اس نے نور سے اس کی انگلیوں کے نشانات لیے اور باہر چلاگیا۔ ایک گھنٹے کے بعد واپس آیا اور کہنے لگا کہ”یہ تو ثابت ہوگیا ہے کہ تم برٹش ہو لیکن تم نے غیر قانونی طور پرپاسپورٹ کے بغیر سفر کرنے کا جرم کیا ہے ۔اس کے سلسلے میں تمہارے اوپر مقدمہ درج ہوسکتا ہے ۔اگر تم اس سلسلے میں کوئی بہتر دلیل دے سکتی ہو تویہ میرے اختیار میں ہے کہ مقدمہ درج کیا جائے یا نہیں “
نور بولی ”مجھے آپ کو اپنی کہانی سنانے پڑے گی ۔جس کی تصدیق ممکن ہے “وہ بولا ”سنائیے“نور کہنے لگی ۔میری ماں انگلش خاتون تھی۔ وہ میرے باپ نواب انور مان کے ساتھ آکسفورڈ میں پڑھتی تھی۔وہیں دونوں شادی کرلی ۔میں بھی یہیں پیدا ہوئی ۔تقریباً چار سال کے بعد جب تعلیم کرلی تو ہم لوگ اپنی ریاست ”دھن کوٹ چلے گئے ۔ہمارے وہاں پہنچتے ہی میرے دادا کا انتقال ہو گیا اور میرے باپ کو دھن کوٹ کا سربراہ بنادیا گیا ۔پھر میں امی اور ابو کے ساتھ تقریباً ہرسال یہاں آیا کرتی تھی ۔میں جب چودہ سال کی ہوئی تو میری امی بیمار ہوکر فوت ہوگئیں۔اس کے بعد میں برطانیہ نہیں آئی ۔تقریبا چھ ماہ پہلے میرے باپ کو قتل کردیا گیا اور یہ راز مجھے معلوم ہے کہ ان کا قتل ان کے سگے بھائی نے کیا جو اس وقت دھن کوٹ اسٹیٹ کو سربراہ ہے ۔وہ چاہتا تھا کہ میں اس کے بیٹے سے شادی کرلوں مگر جب میں نے انکار تو اس نے مجھے قتل کرانے کی کوشش کی ۔میں خوش قسمتی سے بچ گئی اور اپنے کچھ ہمدردوں کی مدد سے اس وقت یہاں موجود ہوں۔“
اس نے پوچھا ” تم اس وقت کہاں جاﺅ گی “
نور نے کہا ” لیڈز میں میرا ایک دوست ہے ۔ معروف کرکٹر ہے ناصر“
”ہاں میں اسے جانتا ہوں “
” میں نے اسی کے پاس جانا ہے ، کیا فون پر اس سے میری بات کراسکتے ہیں “
”نمبر ہے تمہارے پاس“
نور کوناصر کا نمبر زبانی یاد تھا ۔نور نے نمبر بتادیا اس نے ڈائل کیا اورپوچھا کہ ”کیا آپ مسٹر ناصر بول رہے ہیں “
ناصر نے یس کہا تو اس نے پوچھا ”کیا آپ کسی نور نام کی لڑکی کا انتظار کر رہے ہیں “ تو ناصر بولا” بڑی بے چینی سے “اس نے کہالیجئے ”بات کیجئے “
ناصر نے پوچھا ”تم اس وقت کہاں ہو “ نور بولی
”تمہیں علم نہیں
”نہیں میرے ساتھ یہ طے ہے کہ ان لوگوں نے آج شام تک تمہیں میرے پاس پہنچا دیناہے “
نور بولی ” میں اس وقت مانچسٹر ائیر پورٹ پرہوں اور میری اطلاعات کے مطابق مجھے ریسو کرنے والے مجھے لوٹنے کا پروگرام بنا کر بیٹھے ہیں “
ناصرنے کہا ”تم جہاں ہو وہیں انتظار کرو۔ میں ایک سے ڈیڑھ گھنٹے کے درمیان تمہارے پاس ہونگا“
نور نے فون بندکر اس سے پوچھا ” کیا میں یہاں ایک گھنٹہ ناصر کا انتظار کر سکتی ہوں۔اس انگریز نے اردو میں کہا ”جو تمہیں لوٹنا چاہتے ہیں ۔تم اگر ہماری مدد کرو تو ہم انہیں گرفتار کر سکتے ہیں “
نور بولی ”پہلی خوشی تو آپ کے اردو بولنے پر ہوئی ہے ۔دوسری خوشی اس بات پر ہے کہ وہ لوگ اپنے انجام کو پہنچیں گے “اور پھر تھوڑی دیربعد وہاں پورا جال بچھا دیا گیا جیسے ہی نور باہر آئی تو ایک آدمی ”نور“ کے نام بورڈ اٹھائے کھڑا تھا ۔اس کے پاس گئی اس نے بیگ کی طرف بڑھایانور بولی ”نہیں میرے پاس رہنے دو“نور اُس آدمی کے ساتھ تھوڑا سا چلی تھی کہ پیچھے سے بندہ تیزی سے آیا نور بیگ پر جھپٹا مارا اور آگے کو نکل گیامگر آگے تیار کھڑے تین لوگوں نے اسے پکڑ لیا اور پھر نور کو ریسو کرنے والے کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔جیسے یہ تمام معاملات مکمل ہوئے تو نور نے دیکھا کہ ناصر بھاگتا ہوا آرہا ہے ۔نور نے ناصر کو گلے لگایا ۔ناصر نے بیگ اٹھا لئے ۔اس اردو بولنے والے انگریز سے نور نے ناصر کا تعارف کرایا اور پھر اس نے نور ایک لیٹر دیا کہ آپ اس لیٹر کے ساتھ اپنا پاسپورٹ اپلائی کریں گی تو فوراً بن جائےگا۔
نور ناصر کی گاڑی میں بیٹھ گئی کار چل پڑی۔ ناصر بولا ”میں آج بہت خوش ہوں نور“نور بولی
”تم واقعی عظیم بلے باز ہو۔ تم نے ایسا چھکا مارا ہے کہ خود دھن کوٹ سٹیٹ کی اونچی فصیلوں سے اڑتی ہوئی گیند سات سمندر پار یہاں آگری ہے۔“
” نور تم خوش ہو نا“
”ہاں میں خوش ہوں اور ایک دن تمہارا احسان ضرور اتاروں گی۔ ہمارے خاندان کی روایت ہے کہ جس نے ہمیں پانی پلایا ہم نے اس کے لیے دودھ کی نہریں بہا دی ہیں“
” احسان کیسا۔میں نے تم پر کوئی احسان نہیں کیا۔میری وساطت سے ان فصیلوں سے باہر نکل آئی ہو۔ تم یہ کام میرے بجائے کسی اور سے بھی لے سکتی تھی۔ میں یہ جانتا ہوں۔ تم انٹر نیٹ پر بیٹھی ہوئی تھی اور ساری دنیا تمہارے سامنے تھی“
”یہ کس طرح کی گفتگو شروع کر دی ہے تم نے“
”تم نے شروع کی ہے “
”اچھا ناصر ۔میں کسی ہوٹل میں ٹھہرنا پسند کروں گی “
ناصر نے حیرت اور پریشانی سے کہا ”کیوں جب میرا گھر موجود ہے تو“
”نہیں تم وہاں اکیلے رہتے ہو ۔اگر تمہاری فیملی بھی ساتھ رہتی ہوتی تو اور بات تھی“
”خواب خواب ہوتے ہیں آنکھ کھلتی ہے تو ٹوٹ جاتے ہیں “
”یہ نہیں ہوسکتا ۔تمہیں میرے ساتھ رہنا ہوگا “
”اچھا دیکھتے ہیں تم پہلے کسی ایچ ایس بی سی بنک کے باہر گاڑی روکو“
”وہاں کیا کرنا ہے “
”بنکوں میں لوگ کیا کرتے ہیں “
”اس میں تمہارا اکاونٹ ہے “
”ہاں ہے “
”یہ کیسے ممکن ہے “
”دیکھو تم نے ابھی تک صرف مجھے کمپوٹر کی مانیٹر میں دیکھا ہے ۔ ابھی مجھے سمجھنے کے لیے تمہارا تھوڑا وقت درکار ہے “
نور دیکھ رہی تھی کہ ناصر موبائل فون کی گھنٹی بجتی تھی اور وہ اسے بند کردیتا تھا یہ واقعہ اس تھوڑے سے ٹائم میں کئی مرتبہ ہوچکا تھا نور نے آخر پوچھ لیا“
”کیا بات ہے فون کیوں نہیں سنتے “
”آج ایک بہت اہم میج ہے ۔جو اس وقت شروع ہونے والا ہے ۔مگر میں وہاںنہیں پہنچ سکتا ۔اس لئے فون سننے کا کیا فائدہ “
کار ایم 62سے اتری اور لیڈز میں داخل ہوگئی ۔تھوڑی دیر کے بعد ایچ ایس بی سی بنک کی ایک برانچ دکھائی دی ناصر نے گاڑی آہستہ کی تو نور نے کہا ”یہاں نہیں۔ کسی بڑی برانچ میں جانا ہے “
ناصر کی سمجھ میں کچھ نہیں آرہا تھا کہا اسے نوراس کی توقعات کے برعکس ثابت ہورہی تھی ۔کچھ دیر کے بعد ناصر نے ایچ ایس بی سی بنک کی مین برائچ کے باہر کار روکی اور اور نیچے اترنے لگا تو نور کہا ”تم کار میں بیٹھو میں ابھی آئی ۔“نور نے پچھلی سیٹ سے بیگ اٹھایا اور بنک کی عمارت میں داخل ہوگئی ۔ناصر اسے حیرت اور پریشانی سے جاتے ہوئے دیکھتا رہا۔
نور نے اندر جاکر کہا کہ” میں بنک منیجر سے ملنا چاہتی ہوں یا کسی بہت ذمہ دار فرد سے “
اسے ایک اسسٹنٹ منیجر سے ملادیا گیا ۔ نورنے اسے بتایا کہ یہ اس کے اکاونٹ نمبر ہے۔ بچپن میں میرے ماں باپ نے کھلوایا تھااور اس میں خاصی بڑی رقم جمع کرائی تھی ۔بنک منیجر نے اکاونٹ چیک کیا اور پوچھا”آپ کے ماں باپ اس وقت کہاں ہیں “نور نے کہا ”دونوں فوت ہوچکے ہیں ۔“بنک منیجر بولا ”اس کا مطلب تو یہ ہوا کہ ان کے اکاونٹس کی وارث بھی آپ ہیں ۔ میرے ساتھ آئیے ۔“وہ منیجر کے پاس لے گیا ”اور اسے بتانے لگا کہ اس کے اپنے اکاونٹ کے علاوہ اس کے ماں باپ کے اکاونٹس ملینز پونڈ پڑے ہیں “ منیجر بولا۔”اس کا اپنا اکا ونٹ ری اوپن کردو ماں باپ کے اکاونٹس کےلئے انہیں کورٹ جانا پڑےگا ۔“ نور بولی ” میرے ساتھ مسئلہ یہ ہے کہ میرے بہت ہی قیمتی ہیرے جواہرات ہیں، مجھے انہیں رکھنے کےلئے فوری طور پر ایک لاکر چاہئے ۔“اور پھر آدھے گھنٹے میں نور کے پاس موجود ہیرے جواہرات ایک بڑے لاکر میں منتقل ہوچکے تھے ۔ چند ہیرے نور نے اپنے پاس رکھ لئے تھے ۔ نور جب بنک سے باہر نکلی تو اس نے دیکھا کہ ناصر کار کے پاس کھڑا ہے اور اس چہرے پر غصہ اور پریشانی پھیلے ہوئے ہیں ۔کار میں بیٹھتے ہی ناصر نے کہا ” میں نے سوچا ہے ”تمہیں ہوٹل میں ہی ٹھہرنا چاہئے “ نوربولی ”تھینکس ناصر “تم نے کتنی بڑی پریشانی ختم کردی ہے “
”لیکن نور میں اتنا امیر آدمی نہیں کہ تمہیں مسلسل کسی ہوٹل میں ٹھہرا سکوں “ نور بولی ”پیسوں کی پروا مت کر ”میرے اکاونٹ میں ملین پونڈ موجود ہیں ۔ میں نے وہاں تمہارا ایڈریس دیا ہے ۔کارڈ وغیرہ اور بنک سٹیٹمنٹ وہیں آئیں گی ۔ اور ہاںمیں تمہیں آسانی ہاف ملین پونڈدے سکتی ہوں “
”تمہارے بیگ میں واقعی ہیرے جواہرات تھے “
”ہاں میں وہ بنک کے لاکر میں رکھ آئی ہوں “
”میری سمجھ میں نہیں آرہا کہ اس میں تمہارا اکاونٹ کیسے کھل سکتا ہے “
”ناصر اِس موضوع پر بھی شاید ہمارے درمیان کبھی بات نہیں ہوئی کہ میں ڈوئل نیشنلٹی رکھتی ہوں ۔ میں برٹش ہوں “
”مجھے تمہارے بارے میں پھر سے غور کرنا پڑے گا “
”اسی لئے میں تمہیں کہا تھا کہ مجھے سمجھنے کےلئے تمہیں تھوڑا وقت چاہیے “
”چلو پہلے گھر چلتے ہیں پھر دیکھتے ہیں کونسا ہوٹل تمہارے لئے موزوں ہے “
اور پھر کچھ دیر کے بعد دونوں ناصر کے بنگلو میں موجود تھے۔ناصرنے نور کی آمد پر اسے بہت خوبصورتی سجایا تھا ۔اس نے نور کو اس کا بیڈروم دکھائے ہوئے کہا ”یہ میں نے خود تمہارے لئے سیٹ کیا ہے ۔“
”تمہارے ذوق کی داد دینا پڑے گی“
”یہ الماری کھول کر دیکھو“
”اوہ تو تم نے میرے کپڑے بھی خرید رکھے ہیں “
” میں نے تمہارے ساتھ زندگی گزارنے کی پلانگ کر رکھی ہے“
”یہیں مسئلہ خراب ہوجاتا ہے ۔دیکھو ناصر ہم بہت اچھے دوست ہیں۔ رہیں گے مگر میں تمہارے ساتھ شادی نہیں کروں گی “
ناصر بولا ”اللہ نے چاہا تو ایک دن تم خود کہو گی کہ میں نے تمہارے ساتھ شادی کرنی ہے“
”چلو دیکھتے ہیں اللہ کیا چاہتا ہے ۔اچھا اس بیڈ کو دیکھ کر مجھے نیند آنے لگی ہے ۔میں دو راتوں کی جاگی ہوئی ہوں ۔ اب تم جاﺅ میں کچھ دیر سولوں “
”کچھ کھالو “
”نہیں سو کر اٹھوں گی تو دیکھوں گی “
ناصر کمرے سے نکل آیا ۔نور نے دروازہ لاک کیا اور گھوڑے بیچ کر سو گئی ۔آقا قافا نے کھڑکی ختم کردی اور اٹھ کر غار میں چہل قدمی کرنے لگا ۔نور کو مطمئن دیکھ کر آقا قافا بہت خوش تھا ۔آقا قافا کا آج اپنی غار میں دل نہیں لگ رہا تھا ۔مگر اس وقت کلاس میں جانے کا وقت ہو چکا تھا۔بلکہ وہ لیٹ ہو چکا تھا جیسے ہی کلاس پہنچا تو ایک سادھو بڑے سادھو سے پوچھ رہا تھا ’’روح کیا ہے ‘‘ بڑا سادھو بولا ۔’’میرا خیال ہے یہ بات آقافاقا پوچھتے ہیں اور پھر آقا قافا یوں گویا ہوئے ۔
’’یہ بہت بڑا موضوع ہے میں اسلامی نقطہ ء نظر سے روح پر روشنی ڈالنے کی کوشش کروں گا۔ قرانِ حکیم میں آیا ہے کہ۔’’اے محبوب ! یہ آپ سے پوچھتے ہیں کہ روح کیا ہےتو کہہ دیجئیے کہ یہ میرے پروردگار کا ایک امر ہے ‘‘
دو سو بیس قبل میسح کا ایک فلسفی ہے ۔فلوطینس ۔اُس کی فلاسفی کی بنیادپرعیسائیت کی عمارت ابھی تک اپنے وجود کو برقرار رکھے ہوئے ہے ۔ فلوطینس نے روح کے بارے میں کہا تھاکہ انسانی روح ، روح کل کا زیریں حصہ ہے ۔اس کا تعلق اپنے بالائی حصے کے ساتھ جتنا مضبوط ہوتا چلا جاتا ہے ، روح اتنی توانا ہوتی چلتی جاتی ہے ۔
یعنی ماضی میں انسانی روح کو واضح طور روح ِ کل کا حصہ سمجھا جاتا تھا ۔اسلام نے اس فلسفے کی مطلقاً نفی کی نہیں ۔بلکہ صاحبانِ عرفان نے اس فلسفے کی تائید فرمائی اور روح کو ایک علحیدہ مخلوق کے طور دیکھا گیا ۔ حضرت علی علیہ اسلام سے جب پوچھا گیا کہ کیا جبرئیل روح ہے تو انہوں نے فرمایا’’نہیں یہ جبرئیل اور میکائیل سے عظیم تر ایک مخلوق ہے‘‘
حدیثِ قدسی میں آتا ہےکہ میں ایک مخفی خزانہ تھا میں نے چاہا کہ پہچاناجائوں پس میں مخلو ق کو پیدا کیا۔اور اس کے بعد نور کے پردےسے قدرت کےدو ہاتھ ظاہر ہوئے۔دایاں ہاتھ اور بایاں ہاتھ۔اللہ تعالی نے باِئَیں ہاتھ کی طرف جلال اور قہربھری نگاہ ڈالی تو اس طرف شیطان کی آگ کی نےجنم لیاپھر بائیں ہاتھ کی طرف اللہ تعالی نے لطف وکرم ، رحمت و شفت اورجمعیت و التفات بھری نگاہ کی تو رحمتِ دوعالم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا نورِ مقدس ظاہر ہوا۔جو سورج سے کہیں زیادہ روشن تھا۔اس کے بعد اللہ تعالی نے کُن کہا کن کہتے ہی کل اور جزو۔تمام موجودات ومخلوقات کی روحیں درجہ بہ درجہ گروہ در گروہ صف بہ صف اللہ کے حکم سے اسی جانب متوجہ ہوکراپنی جگہ پر ادب کےساتھ کھڑی ہوگئیں۔کیونکہ روح امرحکم ہے۔اس کے بعد اللہ تعالی نے ارشاد فرمایا۔کیا میں تمہارا رب نہیں ہوں تو تمام بہتر و کہتر روحوں نے یک زبان ہو کر کہا۔ہاں بےشک تُو ہمارا رب ہے۔بعض روحوں نے اپنے اس اقرار سے دل میں انکار کیا اور پشیمان ہوئیں۔یہ کافروں کی روحیں تھیں ، مشرکین کی ارواح تھیں۔منافقوں اور جھوٹ لولنے والوں کی روحیں تھیں اور بعض روحیں آوازِالست سن کر خوش اور مسرور ہوئیں۔اس کے بعداللہ تعالی نے فرمایا۔اے روحو۔جو کچھ چاہتی ہو مجھ سے مانگ لو۔میں تمہیں دے دوں گا۔تمام روحوں نے کہا۔اے خداوند ہم تجھ سے تجھ ہی کو مانگتی ہیں اس کے بعد ذاتِ باری تعالی نے بائیں جان سےکافروں کی روحوں کے سامنے دنیا دکھائی۔دولت کی چکاچونداور زینت و آرائش کا دنیاوی تماشا دکھایا تو سب سے پہلے شیطان نفس امارہ کی توفیق سےدنیا اور اس کی نمائش گاہِ میں داخل ہوا۔ وہ جب دنیا میں داخل ہوا تو اس نے سب سے پہلے چوبیس بلند آواز میں بانگیں دیں۔شیطان کی بانگیں اتنی بلند اور اتنی خوش آواز تھیں کہ انہیں ارواح کے نو حصے اس کی طرف چلے گئےاور سلسلہ ء شیطانیت میں داخل ہوگئے۔‘‘
اہل علم سمجھتے ہیں ’’بصیرت روح کی آنکھ ہے ‘‘ اب اس جملے سے روح میں ایک اورحیثیت سامنے آتی ہےکہ وہ جان جو انسان بھی ہوتی ہے اور حیوان میں بھی وہ روح نہیں ہے بلکہ روح وہ ہےجو علم و آگہی سے لبریز ہے ۔ جس کے وجود کی آنکھ انسانی بصیرت ہے۔یہی وہ روح ہے جو اللہ ہے وگرنہ تو باقی اشیاء بھی اللہ کے حکم سے وجود میں آئی ہیں۔
حضرت امام جعفر صادق فرماتے ہیں کہ ’’روح مخلوقاتِ خدا میں سے ہے ۔روح کی ماہیت کو سمجھنے کےلئے دیکھنا ہوگاکہ کیا روح کسی لحاظ سے تقسیم ہوسکتی ہے۔کیا روح کےلئے مکانی یا زمانی فاصلے کی حیثیت ہے۔کیا روح کو مکان یعنی جسم کی ضرورت ہے
کیا روح منتشر ہو یا یکجا وہ کسی اور چیز میں قید ہو سکتی ہے۔کیا اس کے استحکام کےلئے کسی مادی بنیاد کی ضرورت ہے ۔کیا وہ ہمیشہ سے غیر تقسیم شدہ ہے اورتمام متعلقہ ہستیوں میں مشترک ہے
لغت کے اعتبارسے ”روح“ کے معنی دیکھے جائیں تو ”روح“ ”نفس“ اور ”دوڑنے“ کے مفہوم میں ہے، بعض لغات میں یہ بھی کہا گیا ہے ”روح“ اور ”ریح“ (ہوا) ایک ہی معنی سے مشتق ہیں اور روح ِ انسان جو مستقل اور مجرد گوہر ہے اسے یہ نام سے اس لئے دیاکیا گیا کہ یہ تحرک، حیات آفرینی اور ظاہر نہ ہونے کے لحاظ سے نفس اور ہوا جیسی ہے۔مگر مفہوم کے اعتبار سے نفس اور روح آپس میں متضاد ہیں
روح زمان و مکاں کی قید سے آزاد ہے ۔خلقتِ آدم سے متعلق آیات میں بیان ہوا ہے
”اس کے بعد اسے برابر کرکے اس میں اپنی روح پھونک دی ہے“۔
اس سے مراد یہ ہے کہ خدا نے انسانوں کو ایک عظیم اور الٰہی مقدس روح بخشی ہےکہ یہ وہی عظیم روح ہےجو انسان کو حیوانات سے جُدا کرتی ہے
مادہ پرست روح کو مادی اور دماغ کے مادی خواص اور نسوں کے خلیے (Nerve Calls) میں سمجھتے ہیں اس کے علاوہ ان کی نظر میں روح کچھ نہیں ہے، ہم یہاں زیادہ تر اسی نکتے پر بحث کریں گے بقائے روح کی بحث اور تجرد کامل یا تجرد مکتبی کی گفتگو کا انحصار اسی مسئلے پر ہے، لیکن پہلے اس نکتہ کا ذکر ضروری ہے کہ انسانی بدن سے روح کا تعلق ایسا نہیں ہے جیسا کہ بعض نے گمان کررکھا ہے، روح نے بدن میں حلول نہیں کررکھا ہے اور نہ یہ مشک میں ہوا کی طرح انسانی جسم میں موجود ہے بلکہ بدن اور روح کے مابین ایک قسم کا ارتباط ہے اور یہ ارتباط روح کی بدن پر حاکمیت، تصرف اور اس کی تدبیر کی بنیاد پر ہے، بعض افراد نے اس ارتباط کو لفظ اور معنی کے مابین تعلق سے تشبیہ دی ہے، جبکہ ہم استقلال روح کے مسئلہ میں بحث کریں گے تو یہ بات بھی واضح ہوجائے گی۔ مگر میرے نزدیک روح ازورائے عقل و نقل بے مثل و بے مانند اور بے نظیر و بے نمونہ ہے۔ ‘‘
اور بڑے سادھو نے کلاس کے اختتام کا اعلان کردیا ۔ آقا قافا واپس اپنی غار میں آگیا
غار میں داخل ہوتے ہی اسے نور یاد آگئی ۔ نور اسے بھولتی ہی نہیں تھی۔وہ بار بار سوچتا تھا کہ دیکھے کہ نور سے تعلق رکھنے والے لوگ اب کیا کر رہے ہیں۔اس نے سوچا کہ نواب منور خان کو دیکھا جائے ۔پھر مصور مان کا خیال آیا ۔پھر اسے نارو اور اسکا ساتھی ملازم بھی یاد آئے ۔پھر وہ سردار قراقرم کے بارے سوچنے لگا۔پھر ذہن میں کرکٹ میچ لہرا گیا ۔مسٹر کے کے یاد آیا ۔پھر ارم ،ارقم اور مسٹرران کا خیال آیا۔اسے یوں محسوس ہورہا تھا جیسے یہ سارے کردار اس کی زندگی کا حصہ ہیں۔اسے دنیا اچھی لگنے لگی تھی۔
آقا قافا جاکر چٹان پر بیٹھ گیا اور لائن میں کھڑکیاں کھولتا چلا گیا ۔
پہلی کھڑکی میں اس نے دیکھا ارم اور ارقم اپنے لیونگ روم میں تھے ارقم کہہ رہا تھا
”ارم ناصرسے نہ ملا جائے “
” مل لیتے ہیں۔ تم تونور سے ملنا چاہتے ہونا‘
” نور سے ملنا نہیں چاہتا ، اسے بس دیکھنا چاھتا ہوں“
” دیکھنا چاہتے ہو میںسمجھی نہیں“
” میں نے اسے نہیں دیکھا ہوا۔ جو باتیں میں نے تمھیں اس کے متعلق بتائی ہیں،وہ ساری سنی ہوئی تھیں“
” ایک جگہ پر رہ کربھی تم نے اسے نہیں دیکھا“
” وہاں کی اپنی روایات ہیں کوئی غیر مرد وہاں کسی عورت کو نہیں دیکھ سکتا ، عورتیں پردہ کرتی ہیں“
” پھر تو نور سے تمہاری ملاقات دلچسپ ہوگی’“
اتنے میں مسٹرران داخل ہوئے اوروہی بھرپور قہقہہ لگا کر کہا)
”میں سوچ رہا ہوںنور اور ناصر کی دعوت کی جائے۔ آخران دونوں کی وجہ سے مجھے لاکھوں پونڈ جیتنے کا موقع ملا ہے“
”لیکن وہ میچ کھیلنے ہی نہیں گیا “ارم نے کہا
”اس کا نہ کھیلنا ہی تو اس کی ٹیم کے ہارنے کاسبب بنا ہے “
”آپ نے میچ پر کتنے پونڈ لگائے تھے “ارقم نے پوچھا
”جب تم گیمبلنگ شروع کرو گے تو بتاﺅں گا“
ارم بولی” گرینڈ ڈیڈہم ادھر جانے کا پروگرام بنا رہے ہےں آپ چلنا چاہیں تو چلیں ہمارے ساتھ “
” نہیں۔ تم لوگ دعوت دو۔۔ بل میں ادا کروں گا (قہقہہ) سناہے پرسوںدونوں کی انگیجمنٹ سرمنی ہے۔“
آقا قافا نے نواب منور مان کی کھڑکی کی طرف دھیان دیا
نواب منور مان کوملازم کہہ رہا تھا
” حضور ۔ چھوٹے سرکار قید خانے سے فرار ہو گئے ہیں۔
’کس نے غداری کی ہے“
” ارشاد نے جی اور وہ بھی ان کے ساتھ بھاگ گیا ہے“
”تلاش کرو نوابزادہ مصور کواور اسے پیغام دوکہ اس کے باپ نے اسے ۔ معاف کر دیا ہے۔ وہ واپس آجائے۔۔ اسکی ہر بات مان لی جائے گی۔“
آقا قافا نے مصور مان کی کھڑکی پر غور کیا تو وہ اس وقت کسی بزرگ کی درگاہ کے باہر بیٹھا ہوا تھااور ایک آدمی سے کہہ رہا تھا
” یہ دو لاکھ اٹھا لو اور جہاں جی چاہے چلے جاﺅ۔بس مجھے اب تنہا چھوڑ دو۔“
” نہیں چھوٹے سرکار، آپ مجھ پر اتنا ظلم مت کیجیے، مجھے خود سے دور مت کیجیے۔ مجھے نہیں چاہیے یہ دو لاکھ روپے۔“
” تم مرے ساتھ کہاں دھکے کھاتے پھرو گے؟“
” اللہ نہ کرے آپ دھکے کھائیں۔ آپ جہاں جائیں گے مےں آپ کے ساتھ جاﺅں گا ۔ اب میری زندگی کا کوئی اور مقصد نہیں رہا۔“
”میں انسانوں میں نہیں رہنا چاہتا۔ میں جنگلوں کی راہ لینا چاہتا ہوں۔مجھے سکون کی تلاش ہے،میں خدا کو ڈھونڈنا چاہتا ہوں۔ اس سفر میں پتہ نہیں میں اپنا بوجھ بھی سہار سکوں یا نہیں ، تمہارابوجھ کیسے اٹھاﺅں گا؟“
” حضور میں دھن کوٹ وہاں واپس نہیں جا سکتا ۔ نواب صاحب مجھے گولی مروا دیں گے ۔اب اس دنیا میں آپ کے سوا میرا کون ہے؟ میں آپ کے ساتھ ہوں۔“
” تم میرے ساتھ بھٹکو گے۔“
” اب جینا یا مرنا آپ کے لیے چھوٹے سرکار۔“
”مت کہو مجھے چھوٹے سرکار، میرا نام مصور ہے، اگر مرے ساتھ رہنا ہے تو پھر تم مجھے مصور ہی کہو گے۔
” اپ اپنے ساتھ رہنے کی اجازت دیں،آپ جو کہیں گے وہیں کروں گا“
”ٹھیک ہے ، آئندہ مجھے آپ نہیں کہنا تم نے تم کہہ کر مخاطب کرنا ہے۔“
”: بڑی مشکل میں ڈال دیا ہے آپ نے ، تم نے۔“
”رفتہ رفتہ عادت پڑ جائے گی،جاﺅ سب سے پہلے یہ دو لاکھ روپے غریبوں میں تقسیم کرکے آﺅ۔“
”اچھا جی“
”اور ہاں باقی بنک میں باقی جتنے پیسے بچے ہےں وہ بھی نکلوا کر غریبوں میں تقسیم کر دو۔ تا کہ اس گندگی سے جان چھوٹ جائے لاﺅ چیک بک ۔میںدستخط کردوں۔“
مصورنے اس سے چیک بک لے کرایک چیک پر دستخط کر کے اسے دے دئیے۔ وہ دو لاکھ روپے اٹھا کر چلا گیا۔مصور اس فقیر کی طرف متوجہ ہوگیا جو تمبورے پر گا رہا تھا۔
سجنا اساں موریوں لنگھ پیوسے
بھلا ہویا گڑ مکھیاں کھادا اساں بھن بھن توں چھٹیوسے
ڈھنڈ پرائی کتیاں لکی، اساں سر نہ منہ دھتوسے
کہے حسین فقیر نمانڑاںاساں ٹپن ٹپ نکلو سے
سجناں اساں موریوں لنگھ پیوسے
آقا قافا کو آج مصور مان بہت اچھا لگا اس نے سوچا کہ اس راستے پر اس کی مدد کرنی چاہئے اور پھر آقا قافاارقم کی کھڑکی کی طرف توجہ د ی ۔ارم اور ارقم ایک کار میں جا رہے تھے ارم نے کار چلاتے ہوئے ارقم سے پوچھا
” ٬ اب کیا خیال ہے تمہارا ، نور تو ناصر کے ساتھ شادی کر رہاہے“
”جب شادی ہو جائےگی پھر میں مانوں گا“
”’تم سن نہیں رہے تھے گرینڈ ڈیڈ کہ رہے تھے کہ پرسوں ان دونوں کی انگیجمنٹ سرمنی ہے۔“
” انگیجمنٹ سر۔۔۔منی بھلا کیا ہوا“
””منگنی کی تقریب ۔۔ یہ بتاﺅ۔میں تمہیں کیسی لگتی ہوں“
” منگنی کی تقریب سے بات تم تک کیسے آگئی“
”منگنی “ کا تعلق ایک دوسرے کے چاہنے اور لگنے سے ہوتا ہے“
”تم مجھے اچھی لگتی ہو“
”تم بھی مجھے اچھے لگتے ہو“
”تو بتاو۔۔۔ پھر کیا کیا جائے“
(قہقہہ لگا کر)”انگیجمنٹ سرمنی“
اور ارقم شرما گیا۔ارم نے کار ناصر کے بنگلو کے سامنے روکی ۔دونوں اترے ،ارم نے بیل بجائی مگر جواب ندارد۔دو تین مرتبہ بیل کی مگر کوئی جواب نہ آیا۔ارم بولی
”میرا خیال ہے گھر پر نہیں ہیں “
دونوں واپس کار میں بیٹھنے لگے تو نیند سے جاگی ہوئی نور نے دروازہ کھولا۔ارم بولی
”سوری ہم نے آپ کو ڈسٹرب کیا ہے ۔“نور نے کہا
”ناصرصاحب موجود نہیں ہیں“
”آپ نور ہیں نا“
”جی مجھے نو ر کہتے ہیں“
”میں ارم ہوں اور یہ ارقم ہیں ہم آپ سے ملنے آئے ہیں“
”آجائیے اندر“
”مسٹر ناصر ہمارے بہت اچھے فیملی فرینڈ ہیں، ایک عرصہ سے ہم ان سے آپ کا ذکر سنتے چلے آرہے ہیں۔ آپ سے ملنے کا بہت اشتیاق تھا “
”آپ دونوں“
”ارم نے جملہ کاٹتے ہوئے کہا ”ابھی صرف دوست ہیں۔سردار ارقم کا تعلق بھی آپ کے علا قہ سے ہے“
”آپ کہاں کے رہنے والے ہیں“
”دھن کوٹ کا‘
”کس کے بیٹے ہیں“
”قراقرم خان“
نورنے عجیب نظروں سے ارقم کو دیکھاتوارم بولی
”آپ شاید پریشان ہو گئی ہیں۔۔ مسٹر ارقم بڑے اچھے نوجوان ہیں“
”مجھے افسوس سے کہنا پڑرہا ہے کہ میں انہیں اچھا نہیں سمجھتی ۔۔۔ آپ انہیں لے جائیے یہاں سے“
ارقم کہنے لگا”چھوٹی مالکن۔۔ میں آپ کا بہت احترام کرتا ہوں۔ جہاںتک رشتہ مانگنے کی بات ہے۔تو اس میں میری کوئی خواہش نہیں تھی ،وہ بابا کی خواہش تھی۔ میں تو ارم کے ساتھ بہت جلد شادی کرنے والا ہوں“
”چلیں بیٹھیں۔آپ لوگ کیا پئیں گے“نور نے رویہ بدلتے ہوئے کہا
دونوں بیٹھ گئے تو نور نے ارقم سے پوچھا
”کیا تم میرے یہاں آنے کی اطلاع اپنے ابوکو دے چکے ہو “
”نہیں ابھی نہیں بتایا ۔میں نے سوچا تھا کہ اگر آپ نے اجازت دی تو انہیں بتادوں گا“
”یہ اچھا کیا ہے ۔ابھی کچھ دن میں نہیں چاہتی کہ وہاں کسی کو اس بات کا علم ہو کہ میں برطانیہ پہنچ گئی ہوں “
اتنی دیر میں ناصر بھی آگیا ۔کہنے لگا
”اچھا ہوا تم لوگ آگئے ۔“
ارم بولی ”ہم تو رات کے ڈنر کی دعوت دینے آئے ہیں۔ وہ گرینڈ ڈیڈ کہ رہے تھے کہ پرسوں فنکشن ہے
نور بولی ”کیسا فنکشن“ناصر بولا
”میں نے تمہاری آمد پر ایک تقریب رکھی تھی مگر اب اسے ملتوی کردیاہے “
آقاقافا نے یک دم ساری کھڑکیاں ختم کردیں اور پھر چٹان پر التی پالتی مار کر بیٹھ گیا اور مراقبے میں جانے کا سوچا مگر اس نے اپنے اندر بے چینی سی محسوس کی اسے یاد آیا کہ وہ پیر صاحب کو مکہ چھوڑ آیا تھا ۔اس نے کھڑکی کھولی تو پیر صاحب ایک کمرے میں نماز جائے نماز بیٹھے ہوئے تھے اور کوئی نہیں تھا۔آقا قافا فوراً وہاں پہنچ گیا۔ پیر صاحب اٹھے آقا قافا نے کہا ”آنکھیں بند کیجئے “اور پھر جب پیر صاحب نے آنکھیں کھولیںتو وہ اپنے بیڈروم میں تھے ۔آقا قافا نے ان سے اجازت مانگی تو پیر صاحب نے کہا
”اتنا تو بتاتے جاﺅ یہ سب کیا تھا “
”کیا کیا تھا “
”یہ میرا بیڈ روم تمہاری غار میں کیسے پہنچ گیا تھا“
”جیسے تختِ بلقیس سلیمان علیہ اسلام کے دربار میں پہنچ گیا تھا پلک جھپکنے سے پہلے “
پیر صاحب کچھ اور پوچھنے لگے تھے مگر آقا قافا نے انہیں بات کرنے کا موقع نہ دیا اور کہا ”ابھی میں ذرا جلدی میں ہوں اللہ نے چاہاتو آپ سے دوبارہ ملاقات ہوگی “ اوروہ واپس غار میں آگیا۔کلاس کا وقت ہوگیا تھا آقا قافا بڑے سادھو کے پاس پہنچ گیا۔بڑے سادھو کی گفتگو شروع ہوچکی تھی آج اس کا موضوع کیمسٹری اور فزکس تھا ۔جب سادھو بابا کی گفتگو مکمل ہوئی تو آقا قافا نے کہا’’سادھو بابا سائنس اس وقت اسے کہیں آگے بڑ ھ چکی ہے ۔خاص طور پر فزکس میں ‘‘سادھو بابا نے کہا ’’مجھے بہت خوشی ہوگی تم میری معلومات میں اضافہ کرو ۔آقاقافا نے گفتگو شروع کی اور سادھووں سے مخاطب ہوا ۔اس نے اس طرح طاہر کیا جیسے سادھو بابا سے کچھ نہیں رہا ۔
’’کبھی تم نے کوانٹم انٹینگلمنٹ کانام سنا ہے۔یقینانہیں سنا ہوگا۔کوانٹم میکانکس میں کوانٹم انٹینگلمنٹ اس صورت حال کو كہتے ہیں جب دو پارٹیکلز ایک دوسرے کے ساتھ ایسا جسمانی جوڑا بنا لیں کہ ان کو الگ کرنے پر بھی ان دونوں کی صورت میں ایک کوانٹم تعلق برقرار رہے. اگر ان میں سے ایک پارٹیکل کی کسی كوانٹم خصوصیت کو بدلا جائے تو دوسری چیز عین اسی لمحے اس سے برعکس خصوصیت اختیار کر لیتی ہے. مثلا اگر دو الیكٹرانوں میں کوانٹم انٹینگلمنٹ پیدا کر کے انہیں ایک دوسرے سے ميلوں دور کر دیا جائے اور پھر ان میں سے ایک کو ایک رخ پر گھمایا جائے تو دوسرے کا گھماؤ عین اسی لمحے اس کے برعکس ہو جائے گا
سائنس یہ ثابت کر چکی ہے کے کسی الیکٹران میں اس وقت تک سپن یقینی نہیں ہوتا جب تک اس کا مشاہدہ نہ کیا جائے. اس کا مطلب یہ ہوا کے کسی نامعلوم عمل کے ذریعہ دوسرے الیکٹران کو معلوم ہو جاتا ہے کہ پہلے الیکٹران پر اسپن کا مشاہدہ کیا گیا ہے.
یعنی کسی تیسرے کردار کے دیکھتے سے دو کردار میں عمل شروع ہوتا ہے۔مثال طور پرمیں الیکڑان بھی ہوں پروٹان بھی ہوں نیوٹران بھی ہوں اورتین سمتوں میں رواں رواں بھی ہوں ۔ موجودگی اور غیر موجودگی کے ہر شعبہ میں مسلسل چل رہا ہوں اور شاید ہمیشہ چلتا رہوں گا۔‘‘
آقا قافا نے بڑی سادھو سے مخاطب ہوکر کہا ’’بابایہ صرف کچھ میں نے اپنے کھوجنے کے دوران پڑھا ہے ۔‘‘سادھو بابا نے پریشان ہو کرکہا’’۔تجھے اس بات کا کیسے احساس ہوا کہ تیرا کوئی اور حصہ بھی ہے ‘‘ آقافاقا بولا ۔’’بابا مجھے تو ایسا لگتا ہے جیسےمیں مثلث ہوں ۔جوتخلیقِ آدم سے پہلے وجود میں آئی تھی ۔یعنی خدا ، ابلیس اورمیں ۔یہ مثلث کہاں نہیں موجود۔حتیٰ کہ عدم اور وجود کے درمیان بھی ایک تیسری شے کا گمان موجود ہے ۔یہ تیسری چیزایک باریک سے پیازی پردہ ہے جو عدم کو وجودآمیز عدم میں تبدیل کرتا ہے اور وجود کوعدم آمیز وجود میں بدلتا ہے بالکل اسی طرح کا پیازی پردہ جو روشنی اور اندھیرے کے درمیان ہوا کرتا ہے جس سے تاریکی، روشن تاریکی میں بدلتی ہے اور روشنی، تاریکی آمیزروشنی میں تبدیل ہوتی ہے۔ایک مثلث جہانِ فانی ،موت اور جہانِ جادوانی کی بھی ہے۔جنت اور دوزخ کے درمیان ایک تیسرے مقام کی موجودگی بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ، ایک تثلیث کائناتِ خارجی ، کائنات ِ باطنی اور آدمی کے درمیان بھی موجود ہے ،ہندو مت میں تری مورتی کے بھی تین جزو ہیں براھما،وشنو اور شو۔براھما تخلیق کا خدا ہے ، وشنوربوبیت اوررحمت کی صفات رکھتا ہے اور شوجبروتی اور قہاری صفات کا حامل ہے اور یوم آخرت کا مالک ہے ۔شو کی بھی آگے تین شکلیں بیان کی جاتی ہیںگنیش،کالی اور بھولے ناتھ۔اسی طرح عیسائیت بھی نظریہ تثلیت پر قائم ہے۔ایک مثلث بحر اوقیانوس میں بھی ہے، جس کے اسرار کو ابھی سائنس نہیں جان سکی یہ ایک مقام ہے جہاں بے شمار بحری اور فضائی جہاز غائب ہو چکے ہیں اسے مثلث برمودا کہتے ہیں ۔بہت سی مثلیں اور بھی ایسی موجود ہیں جنہیں ہم سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں اور نہیں سمجھ سکتے ۔زندگی مثلثوں کی ایک بستی ہے جہاں ہر مکان کے تین کواڑ ہوتے ہیں ،
مجھے لگتا ہے کہ میں زندگی کے ادھورے سچ کو پوری طرح بیان کرنے کی ایک سائینسی کوشش ہوں۔ میں سچ ہوں اور نہیں بھی ہوں۔میں موجود بھی ہوں اور نہیں بھی ہوں ۔میں ایک تاریخ بھی ہے اور حال کی سرگزشت بھی ہے مستقبل کا ایک قصہ بھی ہے میرے متعلق کوئی بات بھی حتمی طور پر نہیں کہی جا سکتی کیونکہ میں زندگی ہوں اورزندگی شے ہی ایسی ہے ممکن ہیں ہم وجود رکھتے ہیں اور ممکن ہے یہ صرف ایک خواب ہوجس میں ہم رہ رہے ہیں۔کیا خبر کہ یہ کائنات ایک ساحراعظم کا کوئی معمولی سا کرشمہ ہے یا واقعی ایک ہمیشہ رہنے والی حقیقت۔
میرےہزاروں کردار ہیں ۔ان کی تعداد اتنی زیادہ اس لیے ہے کہ میں نے ایک بھرپور زندگی گزاری ہے ۔ ہزاروں کرداروں میں سانس لیا ہے ۔وہ کردار جو صدیوں پہلے مر گئے تھے وہ بھی میرے ہی کردار تھے ۔میں زندہ ہوں تو وہ بھی زندہ ہیں ۔۔ہاں! زندگی کی شکلیں بدلتی رہتی ہے۔فنا دراصل شکل بدلنے کو کہتے ہیں ۔موت یا فنا عدم کا نام نہیں ۔ ‘‘
آقا قافاکی گفتگو جیسے جیسے لمبی ہوتی گئی ۔سادھو بابا مطمئن ہوتے گئے۔ اور انہوں نے کہا ’’ میرا خیال ہے وہ وقت آگیا ہے ۔جب تمہیں اپنے دوسری پارٹیکل کی طرف روانہ ہونا ہے ۔تم نے اس دن کہا تھا کہ نا میری دلچسپی دنیا سے بڑھتی جارہی ہے۔ اب وقت آگیا ہے جب تمہیں دنیا میں رہنا ہے ‘‘سادھو بابا یہ کہہ کر خاموش ہو گیااس نے اپنےسامنے رکھی ہوئی کتاب کھولی ۔اسے دیکھتا رہا۔کچھ دیر کے بعد بڑا سادھو اٹھ کھڑا ہوا۔ اس نے ایک طرف دیوار پر ہاتھ ماراتو ایک تابوت جتنی چٹان باہر آگئی جو اندر سے خالی تھی ۔ بڑے سادھونے آقا قافا سے کہا ”اس میں لیٹ جاﺅ اور سانس روک لو۔دنیا میں جانے سے پہلے ضروری ہے کہ تم نے حبس دم کی لمبی مشق مکمل کر لی ہو“آقا قافا کسی روبوٹ کی طرح چلتا ہواچٹان پرلیٹ گیا۔چٹان والا تابوت پھر غار کی دیوار میں چلا گیا۔کئی گھنٹے آقا قافا سانس روک کر وہاں پڑا رہا۔ پھر اس نے کوشش کی کہ جسم کو یہیں چھوڑ کر میں باہر نکل جاﺅںمگر ناکام رہا۔ پھر اس نے جسم سمیت کہیں اور جانے کی کوشش کی مگروہ بارور ثابت نہ ہوئی ۔آقا قافانے اسمِ اللہ کا ورد شروع کردیا اور ذہن کو اسم اللہ ذات پر مرتکز کردیا ۔رفتہ رفتہ پتھر کے تابوت میں اجالا پھیلنے لگا پھر اجالا اتنا بڑھا کہ تابوت گم ہوگیا ۔آہستہ آہستہ ایک ایسا وقت آیا کہ آقا قافا کو یوں محسوس ہونے لگا کہ وہ نور کے بےکران میدان موجود ہے اور خود بھی نور ہے ۔اب اس کے پاس وقت کا تصور ختم ہوچکا تھا ۔پتہ نہیں کتنا عرصہ گزر گیا تو اسے ایک آواز سنائی دے اور خیال آیا کہ یہ آواز سلطان باہو رحمتہ اللہ علیہ کی ہے ۔انہوں نے کہا ”جا تجھے بلایا جارہا ہے “
اور پھر آہستہ آہستہ نور ختم ہوتا گیا گہری تاریکی میں اسی تابوت کا احساس ہونے لگا۔پھر آقا قافا نے محسوس کیا کہ تابوت حرکت کر رہا ہے اورتابوت دیوار سے باہر آگیا تھا۔آقا قافا کی نظر بڑے سادھو پر پڑی ۔وہ تابوت کے قریب آئے اور آقا قافا کواٹھانے کےلئے تابوت پر جھکے تو آقا قافا بولا”سادھو بابا ”میں خود اٹھ جاتا ہوں “ اور آقا قافا اٹھ کر تابوت سے باہر آگیا ۔باہر کچھ اور سادھو بھی موجود تھے۔ سادھو باباسمیت تمام سادھو بڑی حیرت اور پریشانی سے آقا قافا کودیکھ رہے تھے۔آقا قافا نے بڑے سادھو سے پوچھا ”میں نے اس تابوت میں کتنا عرصہ گزارا ہے “وہ بولے ”چالیس دن “
ٓایک سادھو نے آکر آقا قافا کی جلد کو ہاتھ لگا کر دیکھا۔پھر اس کے ناخنوں کو غور سے دیکھااور کہا
”یہ تسلیم نہیں کیا جا سکتا کہ اس نے چالیس دن اس دیوار میں گزارے ہیں نہ تو اس کی جلد کی نرمی میں کوئی فرق آیا ہے نہ ہی اس کے ناخن بڑے ہوئے ہیں ۔“
بڑا سادھو بولا ” میں خود حیران ہوں “
آقا قافا نے دیکھا کہ غار میں ایک چٹان میز کی طرح ابھری ہوئی تھی۔اس کے اردگرد زخموں پر لگانے والی مرہم ایک برتن میں پڑی تھی۔بڑے سادھو نے آقا قافا سے کہا ” پہلی بار چالیس دن تک حبس دم کا مظاہرہ کرنے والوں کو جب باہر نکالنے کے بعد اپنے پاﺅں پرکھڑا کرنے کےلئے کئی دن تک ان کے جسموں پرہری بوٹی کی مرہم کا لگانانا پڑتا ہے۔تمام جسم پر شیر کی چربی کے تیل سے مالشیں کرنا پڑتی ہے مگرتم بالکل ایسے باہر آئے ہو جیسے ابھی اندر گئے تھے ۔اس کی وجہ بتا سکتے ہو“
آقا قافابولا ”میں نے ذہن کو صرف اسم اللہ ذات پر مرتکز رکھا ہے ۔“
سادھو بابانے آقا قافا سے کہا ”جو کچھ ممکن تھا میرے لئے وہ میںنے تمہارے لئے کیا ہے ۔اب تمہارے زندگی دوسرا دور شروع ہورہا ہے ۔اس کےلئے میں سات سمندر پاربھیج رہا ہوں ۔تمہارا اصل موجود ہے ۔جس سے مل کر تم نے مکمل ہونا ہے ۔۔بہر حال یہ یاد رکھنا کہ یہ غار تمہاری واپسی کا انتظار کریں گے “
”میں وہاں کہاں جاﺅں گا“
”تم برطانیہ جاﺅ گے ۔وہاںمان رام تمہارے میزبان ہونگے۔“
اس کے بعد بڑے سادھو نے کوئی خاص قسم کی غذاآقا قافا کو کھلائی اور مشروب پلایا۔باقی تمام سادھو چلے گئے ۔کچھ دیر کے بعد آقا قافا سادھو باباکے ساتھ لندن کے بہت بڑے محل میں مان رام کے پاس موجود تھے ۔ سادھوبابا نے مان رام سے کہا ”یہ آقا قافا ہے یہ سمجھ لو کہ میں تمہارے پاس اپنے بیٹے کو چھوڑ کر جا رہا ہوں ۔اسے وہ تمام سہولیات حاصل ہونے چاہئیں جو تمہارے بیٹوں کو حاصل ہیں ۔مان رام بولا ”میں بڑی شدت سے آپ کی ضرورت محسوس کر رہا تھا بھگوان کا شکر ہے کہ آپ آگئے ۔میرے لئے یہی بہت بڑی بات ہے ۔ٹھہرئیے۔پہلے میں آقا قافا کو صنم کے حوالے کردوں ، مان رام نے بٹن دبایا ایک بہت خوبصورت لڑکی اندر داخل ہوئی ۔ مان رام نے آقا قافا سے کہا ”یہ صنم ہے میری سیکریٹر ی ہے ۔ “اور پھر صنم سے بولا ”یہ آقا قافا ہے ۔میں تیسرا بیٹا۔اسے ساتھ لے جاﺅ۔ہماری ملاقات رات کے کھانے پر ہوگی۔ اس وقت یہ ہمارے جیسا ہو جانا چاہئے ۔یہ اب تمہاری ذمہ داری ہے ۔“آقا قافا صنم کے ساتھ کمرے سے باہر آگیا۔پھر چند گھنٹوں بعد آقا قافا برطانوی باشندہ لگ رہا تھا۔آقا قافا نے پہلی شیو کرائی ۔داڑھی کے بغیر اسے اپنا چہرہ اجنبی اجنبی لگ رہا تھا ۔ مونچھیں اس نے نہیں کاٹنے دی تھیں ۔ اس نے آرمانی کا سوٹ پہن رکھا تھا۔مہنگی ترین ٹائی لگا رکھی تھی۔انتہائی قیمتی گھڑی باندھی ہوئی تھی ۔اسے گوچی کی عینک پسند آئی تھی ۔اس کےلئے صنم نے ہیرالڈ میںیوں شاپنگ کی تھی جیسے آقا قافا کوئی عرب شہزادہ ہو۔ایک انتہائی مہنگا موبائل فون اس کے ہاتھ میں تھا ۔جس میں صنم نے تمام ضروری نمبرز فیڈ کردئیے تھے آقا قافا آئینہ کے سامنے کھڑا ہو کر خود کو دیکھ رہا تھا ۔اسے اپنا آپ اچھا لگ رہا تھا اس کے جی میں آیا کہ میںنور کے سامنے جاﺅں۔پھر خیال آیا کہ چالیس دن گزار چکے ہیں پتہ نہیں نور کن حالات میں ہوگی ۔اس نے صنم سے پوچھا
” میں نے قیام کہاں کرنا ہے ۔میں کچھ دیر آرام کرنا چاہتا ہوں ۔ اب تم میرے لئے باقی خریداری خود کرتی رہنا “
وہ مجھے ہائیڈپارک کے پاس مینڈرن اورینٹل ہوٹل کے ایک سویٹ میں لے گئی ۔آقا قافا کو وہ سوویٹ دیکھ کر خیال آیا کہ یہاں یقینا بادشاہ قیام کرتے ہونگے ۔اس نے صنم سے پوچھا
”کیامیں نے یہیں قیام کرنا ہے “
”یہ آپ کی اپنی پسند ہے ۔ہمارے پاس رہائش کےلئے سب بہتر جگہ یہی ہے “
صنم آقا قافا کو وہاں چھوڑ کر چلی گئی ۔ آقا قافا نے نور کا تصور کیا اور کھڑکی کھولی۔
نور اور ناصر دکھائی دئیے ۔ نور کہہ رہی تھی
’میں یہ زیورات نہیں پہنتی ۔ مجھے یہ اچھے نہیں لگتے۔“
’اب تو میں لے آیا ہوں ۔ اب انہیں رکھ لو“
”رکھنے کا کیا فائدہ۔ جب انہیں پہننا ہی نہیں ہیں“
”بس آج شام والی تقریب میں پہن لینا “
اسی لمحے وہاں ارم ارقم بھی آگئے ۔ارم نے ہنس کر کہا
”اس تقریب کےلئے میں اسے خود تیار کروں گی“
”اتنی کیا اہمیت ہے اس تقریب کی “
ناصر بولا ”آخر تمہارے اعزاز میں ہورہی ہے “
ارم کے موبائل کی گھنٹی بجی ۔”اس نے ہیلو کہا اور پھرناصر سے پوچھا۔“اُس جگہ کا ایڈریس کیا ہے جہاں تقریب ہے “ ۔ ناصر نے ایڈریس بتایا اور ارم موبائل پر کسی کو بتانے لگے ۔ایڈریس آقا قافا نے بھی نوٹ کرلیا۔آقا قافا کے جی میں آیا کہ آج اسے بھی اس تقریب جانا چاہئے “اس نے موبائل سے صنم سے کال ملائی اور کہا ”مجھے لیڈز پہنچا ہے ۔ کوئی اچھی کار بھی چاہئے “
صنم بولی ”لیموزین “
”نہیں فراری “ میں نے خود ڈرائیو کرنا ہے “
”آپ وہاں کتنے بجے پہنچنا چاہتے ہیں ۔“
”پانچ بجے
”بریڈ فورڈمیں مان ہاﺅس ہے، وہاں فراری بھی موجود ہے ۔بریڈفورڈ سے لیڈز سے دس پندرہ منٹ کی ڈرائیو ہے مگر اس وقت تین بج رہے ہیں۔پلین یا ہیلی کاپٹر سے پانچ بجے سے پہلے پہنچا جاسکتا ہے “
آقا قافاکہنے لگا تھاکہ میں وہاں پہنچ جاﺅںگا مگرپھر خیال ہے کہ اس طرح تو اس کی شخصیت پہلے دن ہی پراسرار بن جائے گی ۔آقا قافا بولا ” جیسے تم بہتر سمجھو“
صنم بولی ”اچھا میں آرہی ہوں ۔آپ تیار رہیے بس ابھی نکلنا ہوگا “
پھر تھوڑی کے بعد آقا قافا صنم کے ساتھ ایک ہیلی پیڈ پر پہنچا وہاں سے دونوں ہیلی کاپٹر میں سوار ہوئے۔تقریباً ایک گھنٹے کے بعد ہیلی کاپٹر ایک بڑے محل نما مکان کے ہیلی پیڈ پر اترا ۔پھر وہ صنم کے ساتھ مکان کے اندر آگیا ۔ صنم نے فوری طور پر ملازموں کو فراری نکالنے کا حکم دیا اور آقا قافا سے پوچھا ”آپ نے جہاں پہنچنا ہے اس جگہ کا ایڈریس کیا ہے ۔“آقا قافا نے ایڈریس والا کاغذ اس کی طرف بڑھا دیا ۔ پھر دونوں کار میں آکر بیٹھ گئے ۔آقا قافا ڈرائیو سیٹ پر بیٹھااورصنم نے نیوی گیشن سسٹم میں ایڈریس فیڈ کردیا اور کہا ”پندرہ منٹ کا فاصلہ ہے ۔ کیا آپ اکیلے جائیں گے “ آقا قافا بولا ۔تم لوگ انتظار کرو میں دوتین گھنٹوں میں واپس آجاﺅں گا ممکن ہے اس سے بھی جلدی آجاﺅں ۔“صنم کار سے اتری اور آقا قافا نے کار آگے بڑھا دی ۔آقا قافا کئی سال کے بعد گاڑی چلا رہا تھا۔ پندرہ منٹ کے بعد آقاقافا کی کار اسی ریستوران کی پارکنگ میں کھڑی تھی جس میں فنکشن تھا۔
آقا قافا نے کار کے اندر بیٹھے ہوئے نور کا تصور کیا اور کھڑکی کھول لی ۔بہت سے لوگ اپنی اپنی کرسیوں پر تھے۔ ناصر نور کا ہاتھ پکڑ کر اسے سٹیج پر جارہا تھا ۔نور بہت خوبصورت لگ رہی تھی ۔ناصر نے سٹیج پر جاکر مائیک اپنے ہاتھ میں ہاتھ لیا اور کہا
” دوستو وہ لمحے آگیاہے جس کا آپ سب کو انتظار تھا۔یہ نور ہےں میری ہونے والی وائف اور آج کی یہ تقریب ہماری انگیجمنٹ سرمنی کی تقریب ہے۔“
پورے ہال میں تالیاں بجنے لگیں نور کا چہرہ لال سرخ ہو گیا۔اس نے ناصرکے ہاتھ سے مائیک لے لیا اور جیسے ہی تا لیاں ختم ہوئیں تو اس نے کہا
ٍ” معزز خواتین و حضرات مےں مسٹرناصرکے ساتھ شادی نہیں کررہی مسٹر ناصرکسی غلط فہمی کا شکار ہو گئے ہیں۔ اگر مجھے اس بات کا علم ہوتا تو میں کبھی اس تقریب میں شرکت ہی نہ کرتی۔ میں کسی اور خیال سے تقریب میں شریک ہوئی تھی۔ مسٹر ناصرمیں آپ سے بھی سوری کرتی ہوں اور آپ سب لوگوں سے بھی۔“
یہ کہہ کے نورنے مائیک ایک طرف رکھ دیا اور تیزی سے سٹیج سے اتر کر باہر نکلتی چلی گئی ۔ہال میں سناٹا چھا گئی مسٹرناصر کچھ دیر تو حیران و پریشان اسے جاتے ہوئے دیکھتا رہااور پھر مائیک اٹھا کربولا
”دوستو یہ میری پہلی محبت تھی جس نے مجھے ٹھکرادیا ہے ۔مگر اس ہال میں میری دوسری محبت بھی موجود ہے۔دیکھتے ہیں وہ میرے ساتھ کیا سلوک کرتی ہے۔”وہ ہے ارم ران “ارم کا چہرہ خوشی سے کھل جاتا ہے اور اس نے پاس بیٹھے ہوئے ارقم سے کہا”سوری ارقم یہ میری زندگی کی سب بڑی خواہش تھی “اور اٹھ کر سٹیج پر آگئی ۔آقا قافا نے نور کی طرف توجہ دی وہ سڑک پر چلتی جارہی تھی۔ آقا قافانے تیزی سے کار نکالی اور نور کے پاس پہنچ کر کہا
”آئیے گاڑی میں تشریف رکھیے ۔مجھے آقا قافا کہتے ہیں
نور نے ذہن پر زور دیتے ہوئے کہا
”کون آقا قافا “
”وہی جس نے جہاز میں آپ کو ایک خط بھیجا تھا جس خط کو آپ نے ہیروں کے ساتھ بنک کے لاکر میں رکھ دیا ہے “نور خاموشی سے کار میں بیٹھی گئی۔اس نے دراصل آقا قافا کی آنکھوں میںدیکھاتھا او سحرزدہ سی ہوگئی تھی۔کار آگے بڑھ گئی چند لمحے بالکل خاموشی رہی۔پھر نور نے پوچھا ”آپ کون ہیں “آپ کو کیسے علم ہوا کہ میں نے وہ خط بھی لاکر میں رکھ دیا تھا “مجھے تو یہاں تک معلوم ہے کہ تہہ خانے میں ہیرے جواہرات کے ساتھ جو آپ کو اپنے ابو نواب انور مان کی ڈائری ملی تھی وہ بھی آپ نے اسی لاکر رکھ دی ہے حالانکہ اس کی آپ کو یہاں ضرورت ہے “
نور بولی ” آپ کہاں جا رہے ہیں “
”جہاں آپ کہیں گی “
”اب میری کوئی منزل نہیں ۔میں وہاں واپس نہیں جانا چاہتی جہاں رہ رہی تھی “
”آپ کے لیے میرے پاس خبر بھی ہے “
”نور کیا“
”جیسے ہی ہال سے نکلیں تو ناصر کہا کہ یہ میری پہلی محبت تھی جس نے مجھے ٹھکرادیا ہے مگر ہال میں میری دوسری محبت بھی موجود ہے اور اس نے ارم کے ساتھ منگنی کرلی ہے “
نور بولی ”چلو میرے ذہن سے ایک بڑا بوجھ اتر گیا مگر بیچارہ ارقم “
آقا قافا نے کار ایک طرف روک کر صنم کو فون کیا اور اس سے ایڈریس پوچھاکر نیوی گیشن میں فیڈ کیا اور پھر پندرہ منٹ کے بعد فراری وہیں پہنچ گئی جہاں سے چلی تھی ۔صنم استقبال کےلئے باہر موجود تھی۔آقا قافا نے نور سے تعارف کراتے ہوئے کہ ”یہ صنم ہیں ۔میرے میزبان کی سیکریٹری ہیں اور یہ پرنسس نور ہیں ۔“نور واقعی شہزادی لگ رہی تھی ۔ صنم نے کہا ” کیا ممکن ہے کہ ہم ابھی لندن چلے جائیں ۔کچھ دیر میںموسم خراب ہونے کا خدشہ ہے “آقا قافا بولا ”چلو ابھی نکل پڑتے ہیں ۔وہ تینوں باہر آگئے۔ نور سحر زدہ سی ساتھ ساتھ چلتی ہوئی ہیلی کاپٹر میں بیٹھ گئی ۔ پھر کچھ دیر کے بعد دونوں اسی ہوٹل کے سویٹ موجود تھے ۔جہاں آقا قافا کا ٹھہرایا گیا تھا ۔آقا قافانے صنم سے کہا ”پرنسس کی رہائش کا بندوبست کیا جائے۔فوری طور پرپرنسس کوتمام ضروری سامان بھی فراہم کیا جائے ۔صنم نے نور سے کہا” آئیے پرنسس“۔آقا قافانے نور کو مخاطب ہوکرکہا ”ڈنر پر ملاقات ہوگئی“ اورپھر صنم سے کہا” ہاں اپنے باس کو بتادیجئے گا کہ ان کے ساتھ میںہم کل لنچ کریں گے “
آقا قافا قالین پر التی پالتی مار کے بیٹھ گیا اس نے سوچا کہ مرشد کے دربار پر حاضری دینی چاہئے۔یہ سارا اسی کا کرم ہے کہ آج میں نور سے ہمکلام ہوا ہوں ۔وہ سلطان باہو کے دربار پر پہنچ گیا ۔ مزار پر حاضری دی اور پھر باہر آکر بیٹھ گیا
اچانک اس کی نظر مصورمان پر پڑی وہ بھی دربار پر ایک طرف سر جھکائے بیٹھا تھا۔ آقا قافا کو یاد آیا کہ اس نے سوچا تھا کہ روحانیت کے راستے پر اس کی ضرور رہنمائی کروں گا ۔آقا قافا اٹھ کر اس کے قریب جا بیٹھا ۔مصور مان کی آنکھیں بند تھیں ۔اس نے دیوار سے ٹیک لگا رکھی تھی ایک ملنگ اس کے پاس سے گزرا اور کہنے لگا
اٹھ جاگ گراڑنے مالی نئیں ایک دو پل تینوں دکار نئیں
تیں سیتا عمراں لنگھائی دے۔ ایہ سونڑا ں تیر اشعار نئیں
مصور نے آنکھیں اوربولا” بابا کچھ بتاﺅ ، کہاں جاﺅں“
” اتھے جا جتھے بولن کھاون سوون تینوں کم نہ ہوند ے ہون“
ملنگ یہ کہہ آگے بڑھ گیا۔اتنی دیر میں تین چار لوگ مصور مان کے آس پاس آکر کھڑے ہوگئے۔ ان میں سے ایک بولا”چھوٹے سرکار، نواب صاحب آپ کو لینے کے لیے ہمیں بھیجا ہے۔“
” زبردستی“
”: نہیں چھوٹے سرکار ، ہمیں حکم دیا گیا ہے کہ اگر آپ خود ہمارے ساتھ آنا چاہیں تو تشریف لے آئیں ورنہ آپ کو ان کا پیغام پہنچا دینا ہے انہوں نے کہا ہے کہ میرے بیٹے کہنا ۔دھن کوٹ کا نواب نہیں ایک باپ بیٹے کو بلا رہا ہے “
” بابا حضور سے کہناکہ مصوراللہ سے معافی مانگنے نکلا ہوا ہے۔ اگر اللہ نے معاف کر دیا توضرور آپ سے ملے گا۔“
” حضور نواب صاحب ، آپ کے لیے بہت پریشان ہیں۔“
” کون پریشان نہیں ہے بھیا“
”جی آپ نے مجھے بھیا کہا ہے؟“
” ہاں، کیوں کیا تم میرے بھائی نہیں ہو، تم سب میرے بھائی ہو۔ہم سب ایک آدم کی اولاد ہیں، کوئی بڑا کوئی چھوٹا نہیں،سب برابر ہیں،کوئی چھوٹا بڑا ہے تو اللہ کے نزدیک ہے۔ جاﺅ میرے بھائیو ،بابا کو بولو وہ لمبے سفر پر نکل گیا ہے۔ روشنی کے سفر خوشبو کے سفر۔۔“وہ لوگ چلے جاتے ہیں تومصور سے ایک ملنگ نے پوچھا ”تم نواب منور مان کے بیٹے ہو “ مصور نے ہاں میں سر ہلا دیا ۔ ملنگ بولا
” کونسی شے تمہیں ہماری دنیا میں کھینچ لائی ہے؟“
”ملنگ بابا،،، سکون کی تلاش میں ہوں۔“
”سکون تو موت کا نام ہے بیٹے“
”پھر شاید میں موت کی تلاش میں نکلا ہواہوں
”کیا چاہتے ہو؟“
”شاید کچھ بھی ، صرف اللہ کی رضا۔“
”بیٹے ایک مشورہ دوں اگر برانہ مانو تو؟“
”کہو ملنگ بابا“
”لوٹ جا،جدھر سے آیا ہے ادھر لوٹ جا
”نہیں بابا،واپسی کا کوئی راستہ موجود نہےں۔۔۔۔واپسی کا راستہ۔۔۔ میں نے اپنی آنکھوں سے ہیلی کاپٹر میں سوار ہوتے ہوئے دیکھاہے۔نہیں بابا جس دنیا میں بھائی کو بھائی قتل کردے میںاُس دنیا میں واپس نہیں جاسکتا۔“
آقا قافا نے اس سے بات کرنے کا ارادہ ترک کردیا ۔سوچا کہ ٹھیک جگہ پر پہنچ چکا ہے اور واپس کمرے میں آگیااور مراقبے میں چلا گیا
کچھ دیر دروازہ پر کسی نے ہلکی سی دستک دی ۔آقا قافا نے دروازہ کھولا تو سامنے نور اور صنم موجود تھیں ۔صنم بولی
”ڈنر کا وقت ہوگیا ہے“
آپ لوگ تشریف رکھیں ۔میں تیار ہوکر آتا ہوں “
اور پھر آقا قافا باتھ روم چل گیا ۔تھوڑی دیر کے بعدایک ٹیبل پر آقا قافا اور نور اپنے سامنے بیٹھے ہوئے تھے ۔صنم اجازت لے کرجا چکی تھی ۔ ویٹر کھانا لگا رہا تھا ۔نور نے آہستہ پوچھا “آپ آج اس ملک میں آئے ہیں“
”لگتا ہے صنم سے میرے بارے میں پورا انٹرویو کرچکی ہیںآپ “
”مگر وہ تو آپ کے بارے میں کچھ نہیں جانتی “
”آپ کیا جاننا چاہتی ہیں“
”میرا دل کیوں چاہتا ہے کہ میں آپ پر مکمل اعتماد کرسکتی ہوں ۔ آپ کا میری زندگی سے کیا تعلق ہے “
”افسوس ان سوالوں کا ابھی میرے پاس جواب نہیںہیں “
”پھر بھی اپنے بارے میں کچھ بتائیے تو سہی “
”میں ایک روحانی آدمی ہوں۔کچھ روحانی لوگوں نے مجھے یہاں روحانیت کی ترویج کے لیے بھیجا ہے “
”مگر اس روحانیت میں میں آکہاں سے آگئی ہوں “
”تمہارے اندر بھی کوئی ایسی روحانیت ضرور ہے جس کا علم شاید ابھی تمہیں نہیں ہے “
”کیا آپ نے صنم کو یہ بتایا تھا کہ میرا تعلق دھن کوٹ سے ہے “
”نہیں قطعاً نہیں ۔ کیوں اس نے کوئی ایسی بات کی ہے “
”ہاں ابھی جب آئی ہے تو پوچھتی تھی کہ آپ دھن کوٹ کی پرنسز نور ہیں “
”حیرت انگیز۔ان لوگوں کو بھی دیکھنا پڑے گا ۔چلیں کھانا کھائیں “آقا قافا بولا۔اور پھر دونوں خاموشی کھانا کھانے لگے ۔کھانا ابھی ختم ہوا تھا کہ نور کے موبائل کی گھنٹی بجی ۔دوسری طر ف سے ارم تھی اس نے کہا
”نور میں ارم بول رہی ہوں “
”انگیجمنٹ کی مبارک ہو“نور نے فوراً کہا
”تھینکس ۔ ناصر کو بھی مبارک دے دو “
ناصر کی آواز آئی ”ہیلو نور “
”ہاں ناصر سچ مچ تمہیں بھی مبارک ہو۔ تم نہیں سوچ سکتے کہ اس خبر سے مجھے کتنی خوشی ہوئی ہے اور ہاں اٹھو۔اٹھونا اور میرے کمرے میں جاﺅ ۔“
”جارہا ہوں“
”پہنچ گئے۔ “
”ہاں پہنچ گیا ہوں “
”شیلف کی آخری دراز کھولو “
”کھول لی ہے “
”یہ نیلی کی رنگ ڈبیا نظر آرہی ہے ۔اسے اٹھا ﺅ اورواپس چلو۔ ارم کے پاس “
”یہ وہی چار ہیرے ہیں “
”ہاں یہ ارم کو دے دو۔ اور اسے موبائل دو“
”مگر نور یہ ہیرے دو ملین پونڈ کے ہیں “
”میں نے کہا ہے نا۔ارم سے بات کراﺅ“
ہیلوارم ۔ایک چھوٹا سا تحفہ پیش کررہی ہوں ۔امید ہے تم قبول کرو گی “
”میرے لیے اعزاز کی بات ہے نورکہ آپ نے مجھے تحفہ دیا “
”اچھا ہاں اب میرا کام بھی کرنا ہے ۔ کل میرا تمام سامان پیک کرکے اس ایڈریس پربھجوا دینا ہے “
پھر نورنے ارم کو ہوٹل کا ایڈریس لکھوایا تو صوفیہ نے حیرانگی سے پوچھا
”تم لندن پہنچ گئی ہو“
”ہاں لندن میں ہوں ۔اچھا خدا حافظ ۔ ناصر کا خیال رکھنا “
آقا قافااور نور پھر ہوٹل سے نکلے اور سڑک پر چلنے لگے ۔تقریباً دو گھنٹے گھومتے رہے ۔جتنی باتیں ممکن تھیں ایک دوسرے سے کیں اور پھر نور اپنے سویٹ میں چلی گئی اور آقا قافا اپنے سویٹ میں آگیااور بہت دیر پانی کے ٹب میں لیٹا رہا۔ پھر التی پالتی مار کر قالین پر بیٹھ گیا ۔مصور مان کا تصور کیا اور کھڑکی کھول لی ۔آقا قافا سچ مچ اس کی مدد کرنا چاہتا تھا ۔
مصور مان اس وقت کسی اور درگاہ پر موجود تھا۔ایک ملنگ اسے کہہ رہا تھا
”چل آ قوالی سنتے ہیں “۔ مصور ، ملنگ کے ساتھ چل پڑا۔آدھی رات کا وقت تھا۔کچھ دور قوالی ہورہی تھی ۔قوال گا رہے تھے ۔ان کے سامنے ‘ ایک بہت ہی خوبصورت لڑکا مسلسل ناچ رہا تھا۔درگاہ پر آئے ہوئے بہت سے لوگ قوالی سن رہے تھے۔ مصور قوالی سے زیادہ اُس لڑکے کودیکھ رہا تھا جب لڑکا ناچ ناچ کر تھک کر ایک طرف بیٹھ گیا تو مصور اس کے پاس گیا اور کہا
”کیا تمہیں ناچنے سے سکون ملتا ہے؟“
” ہاں مجھے ناچنا بہت اچھا لگتا ہے“
”کیا محسوس کرتے ہو، ناچتے ہوئے؟“
”مےں صرف اسی وقت ناچتا ہوں جب میرامن ناچ رہا ہواور جب من ناچتا ہے‘ تو ساری دنیا ناچتی ہوئی محسوس ہوتی ہے۔“
”مجھے بھی یہ ناچنا سکھا دو
”تم ناچ سیکھنا چاہتے ہو؟ کیا کرو گے ناچ سیکھ کر؟“
”ناچنے سے سکون تو مل جائے گا؟“
”میں تمہیں کہیں لے جاﺅں گا‘ وہاں تم خود ناچنے لگو گے۔ تمہیں سیکھنے کی ضرورت ہی نہیں پڑے گی۔
” کب لے جاﺅ گے؟“
” ابھی جاتے ہیں ساتھ ہی ہے۔وہاں صبح کی نماز سے پہلے محفل لگتی ہے ۔ تمہارا نام کیا ہے؟“
”مصور:۔ اور تمہارا؟“
”مجھے قیس“ کہتے ہیں
وہ وہاں سے نکلے اور قریب کی ایک مسجد میں داخل ہوگئے ۔مسجد کے ہال میں ”اللہ ہو“ کا ورد جاری تھا۔چار آدمی ایک لائن میںبیٹھے ہوئے تھے اور ان کے سامنے بہت سارے لوگ بیٹھے تھے۔ وہ ان پر اپنے ہاتھوں کی حرکت سے نوازشات بکھیر رہے تھے ۔قلب جاری کیے جارہے تھے ۔کچھ لوگ حال میں آئے تھے ‘ تڑپ رہے تھے۔ ایک عجیب و غریب کیفیت جاری تھی۔ مصور نے قیس سے کہا
”مجھے تو کچھ نہیں ہو رہا“
ٍ”میں بھی کافی عرصہ سے آ رہا ہوں مجھ پر بھی کوئی اثر نہیں ہوا۔ مجھے لگتا ہے ہمارے اندر کالے ہیں۔ گناہوں سے لتھڑے ہوئے ہیں۔ “
”اندر کو پاک کیسے کیا جاتا ہے؟“
”بابا کہا کرتے تھے‘ اندر کی غلاظتیں آنسووں سے ‘ ندامت کے آنسووں سے دھل جاتی ہیں۔“
”مگر رونا تو مرد کی شان نہیں۔ یہ تو عورتوں کا کام ہے“
”کہتے تو تم بھی ٹھیک ہو‘ میرا خیال ہے جہاں جس کو سکون ملے ۔ اس کے لیے وہی عمل بہتر ہے“
”میرا خیال ہے تمہیں ناچنا چاہیے‘ کیونکہ تمہیں ناچنے سے سکون ملتا ہے اور مجھے ‘ مجھے ابھی بھٹکنا چاہئے ۔شاید یہی بھٹکنا میری منزل ہے “
”آﺅ کہیں اور جاتے ہیں۔ وہ وہاں آگئے جہاں کچھ ملنگ بھنگ پی رہے تھے۔رات بھر کی جلی ہوئی شمع بجھنے والی تھی بس دوتین ملنگ ہوش میں تھے باقی سب ادھر ادھر سو چکے تھے۔ قیس نے مصور سے پوچھا ”چرس یا بھنگ پیو گے؟
”نہیں قیس ‘ نشہ حرام ہے“
”تو پھر یہ ملنگ کیوں پیتے ہیں؟“
”دکھوں کی آگ بجھانے کاسب سے آسان راستہ یہی ہے قیس اور میں آسانیوں سے منہ موڑ کر ادھر آگیا۔“
ساتھ ہی کوئی ملنگنی کے گانے کی آواز آنے لگی تھی۔
”مائے نی میں کنوں آکھاں‘ درد وچھوڑے دا حال“
مصور گیت سننے لگ گیا۔اسکی آنکھو ں میں آنسو بھر آئے جنہیں دیکھ کر قیس نے کہا
” تمہاری آنکھ میں آنسوہیں“
”مجھے لگ رہا ہے کہ رفتہ رفتہ مجھے اندر سے کوئی پگھلا رہا ہے “
” تم تو کہتے تھے رونا عورتوں کا کام ہے“
”ہاں کمزور ہوتی ہیں مجبور ہوتی ہیں جلد روپڑتی ہیں
”کیا عورت کمزور ہوتی ہے؟“
”ہاں ‘ اگر وہ نور نہ ہو تو“
”نور ؟“
”ایک سنگ دل تھی۔ موت کے سامنے بھی میں نے اسکی آنکھ میں آنسو نہیں دیکھا ۔“
”مرگئی “
”میرے لئے “
اچانک قیس کی نظر ایک ملنگنی پر پڑتی ہے ۔قیس نے مصور سے کہا ”تم یہی بیٹھو میں ابھی آیا“ قیس ادھر ہی چل پڑا جدھروہ ملنگنی گئی تھی۔مزارکے پچھلی طرف ایک خیمہ لگا ہوا تھا۔ اس میں کچھ ملنگ سو رہے تھے اوروہ ملنگنی شاید ابھی جاگی تھی۔ قیس نے خیمے مےں داخل ہو کراسے کہا
”ادھر آ میری بات سن ۔ میں تجھے ڈھونڈتا پھرتاہوں
”کیا بات ہے ۔ خیریت تو ہے۔اتنی صبح “
”مری علیحدگی میں بات سن“
وہ قیس کے ساتھ خیمے سے باہر آگئی۔ قیس نے اسے کہا
”ایک نواب کا بیٹا میرا یار بن گیا ہے۔ محبت مےں ناکام ہوا ہے اور دنیا چھوڑ دی ہے۔ تو اگر اسے پھانس لے تو وارے نیارے ہو جائےں گے“
”دیکھ کسی ایسے ویسے چکر میں نہ ڈال دینا“
”میں تم سے کیوں جھوٹ بولوں گا۔ مگر بالی یاد رکھنا مجھے بھولنا نہیں اور وہاں اسے یہ معلوم نہیں کہ مجھے پتہ ہے ۔وہ کسی نواب کا بیٹا ہے۔“
”تجھے کیسے پتہ چلا“
”اسکی تلاش میں کچھ لوگ آئے ہوئے تھے۔ میری ان سے ملاقات ہوئی تھی۔
”کہاں ہے دکھا تو سہی“
”تو ان ملنگوں کو خیمے سے نکل‘ میں اسے لے کر آتا ہوں“
اور پھر تھوڑی دیر قیس مصور کے ساتھ اس خیمے میں داخل ہوا ۔وہاں اکیلی بالی موجود تھی۔ قیس نے بالی کی طرف اشارہ کرکے کہا
”یہ بالی ہے جوانی میں میں اللہ لوگ ہوگئی ہے۔ اللہ کا بھی اس پر بڑا کرم ہے ‘ اس کے آس پاس سکون ہی سکون ہوتا ہے۔
اور پھر قیس نے بالی کو مخاطب کرکے کہا
”بالی جی۔یہ مصور ہے‘ سکون کی تلاش میں بھٹکتا پھرتا ہے۔“
”سکون‘ یہ تو وہ نعمت ہے ‘ جو اللہ جسے چاہتا ہے۔ اسے عطا کرتا ہے۔ آ مرے پاس آکر بیٹھ جا۔ اللہ تجھ پر بھی کرم کر دے گا۔ میں دم پڑھتی ہوں“
مصور آہستہ آہستہ اسکے بہت قریب ہوگیا تھا۔بالی نے اس کی کمرپر ہاتھ پھیرنا شروع کردیا تھا۔اچانک مصور وہاں سے ہٹ کر دوسری طرف ہوگیا اور بولا
”بالی جی بے شک سکون تو آرہا ہے مگر آپ ایک غیر محرم کوہاتھ لگا رہی ہیں ۔ ہم دونوں گناہ گار ہو رہے ہیں۔
”محرم اور غیر محرم ان کے لےے ہوتے ہیں مصور۔ جن کے دل روشن نہیں ہوتے ۔ وہ آنکھیں سینے سے پارنہیں دیکھ سکتیں۔ میں تو دیکھ رہی ہوں کہ اس وقت میرے سامنے کوئی نواب زادہ بیٹھا ہوا ہے ۔جسے محبت نے فقیر بنادیا ہے ۔“
مصور اسے عقیدت اورحیرت سے دیکھنے لگا ‘ اورپھر اس کے قریب ہوگیا ۔وہ بولی ”آمیرے زانو پر سر رکھ کے لیٹ جا ۔آتجھے سکون سے بھر دوں“مصور اس کے زانو پر لیٹنے والا ہی تھے کہ آقا قافا خیمے میں داخل ہوااور کہنے لگا
”مصور مان ۔یہ عورت فراڈہے ۔یہ لڑکا قیس بھی فراڈ ہے۔ قیس نے تجھے لوٹنے کے لیے بالی کے ساتھ پروگرام ترتیب دیا ہے ۔مصورنے پلٹ کر قیس کو دیکھاتو اس نے آنکھیں جھکا لیں ۔مصور مان تجھے اگر سچ مچ حق کی تلاش ہے ۔سلطان باہو کے دربار پرواپس جا۔وہیں ڈیرے ڈال ۔مگر حق کی تلاش میں نکلنے سے پہلے علم کے رختِ سفر کو پشت پر ضرور باندھ لے وگرنہ عمر بھر بھٹکتا پھرے گا۔یاد رکھ قدرت تجھے تیرے باپ کے گناہوں کی سزا نہیں دے گی ۔پرنسس نور نے تو تجھے جدائی کا غم دیا ہے مگروہ اللہ تعالی ہے ۔وہ تیرادامن اپنی رحمتوں سے بھردے گا۔اور یہ بھی یاد رکھ کہ جو روحانیت دنیا میں سچائی پر قائم رہنے سے حاصل ہوتی ہے وہ جنگلوں اور پہاڑوں کی بھٹکنے سے نہیں ملتی۔جا دھن کوٹ واپس جا اور اپنے باپ کا مردانہ وار مقابلہ کر۔پھر اپنے چاروں طرف لیلیٰ القدر کی روشنیاں بکھرتے دیکھ۔“
آقا قافا یہ کہہ کر وہاں سے واپس اپنے کمرے میں آگیا اور کھڑکی کھول کر مصور مان کو دیکھنے لگا۔آقا قافا کے یوں آنے اور چلے جانے پر مصور حیرا ن تو مگروہ اسے اپنے لیے غیبی امداد سمجھ رہا تھا۔آقا قافا کے نکلنے کے بعد مصور مان نے بالی اور قیس کی طرف دیکھا بھی نہیں اور چلتے ہوا قریب کی دکانوں کے پاس پہنچ گیا۔اس نے ایک دکاندار سے کہا میں نے ایک فون کرنا ہے ۔صرف ایک منٹ کا پلیز ذرا اپنا موبائل دیجئے “دکاندار نے موبائل مصور کے ہاتھ میں پکڑا دیا۔مصور نے فون کیا اور اپنے پتہ بتاتے ہوئے کہا”یہاں گاڑی بھیج دو“۔ادھر سے جواب ملا۔ جی آپ کے محافظ آپ کے اردگرد موجود ہیں ۔ صرف پانچ منٹ انتظار کیجئے اور پھر پانچ منٹ میں محافظ گاڑی سمیت پہنچ چکے تھے ۔ مصور مان نے گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھتے ہوئے کہا ”اس دکاندار کو بیس ہزار روپے دو اور کہو کہ کوئی اچھا سا موبائل خرید لے ۔کیا خبر کس وقت کون مانگ لے “
آقا قافا نے مصور مان کی کھڑکی ختم کی اور کچھ دیر کے لیے بستر پر آکر سوگیا۔دستک پر آنکھ کھلی اٹھا تو گیارہ بج رہے تھے ۔دروازے پر نور تھی وہ دروازے ہی سے یہ کہہ کر پلٹ گئی”صنم پورے بارہ بجے ہمیں لینے آئے گی ۔میں نے سوچا کہ آپ کو جگادوں ۔جلدی سے تیار ہوجائیے “
اور پھر بارہ بجے نور اور آقا قافا لیموزین میں بیٹھ کر جارہے تھے ۔ٹھیک ساڑھے بارہ وہ مان رام کے آفس میں پہنچ گئے ۔مان رام نے دفتر سے باہر آکر ان کاستقبال کیا۔اس نے آقا قافا سے ہاتھ ملاتے ہوئے آقا قافا کے ہاتھ پر بڑے احترام سے بوسہ دیا ۔وہ ایک کانفرنس میں آگئے ۔جہاں مان رام دو بیٹے اور دو وکیل موجود تھے۔
مان رام نے گفتگو شروع کی اور کہا
”آقا قافا بڑے سادھوکی روحانی اولاد ہیں اوردنیا بھرمیں میرا اور میرے بیٹیوں کا جوکچھ ہے ۔وہ سب بڑے سادھو کی عطا ہے ۔یہ انہی کا ہے ۔سو یہ سب کچھ آقا قافا کا ہے ۔ایک اور حیرت انگیزبات میں آپ کو ضرور بتانا چاہوں گاکہ آقا قافا ہندو نہیں مسلمان ہیں۔یہ کیا راز ہے۔ یہ بھگوان ہی جانتا ہو گا یا بڑے سادھو جانتے ہیں ۔
اور یہ پرنسز آف دھن کوٹ پرنسز نور ہیں ۔ہم پچھلے کئی ہفتوں سے جن کی تلاش میں تھے ۔ یہ بات یقینا پرنسز کےلئے باعث ،حیرت ہوگی۔ میں پرنسز کو ایک اچھی خبر یہ دینا چاہ رہا ہوں کہ ان کے نانا سر جان ڈکن اور ان کی نانی پرنسزمارتھا کی تمام جائیداد کی وارث ان کی وصیت کے مطابق پرنسز نور ہیں۔ان کے وکیل یہاں موجود ہیں ۔خاص طور پر پرنسز سے ملنے آئے ہیں اور اب ہم پرنسز کو کیوں تلاش کررہے تھے ۔ہم نے سنٹرل لندن ایک عمارت کی تعمیر کا کام شروع کیا تھا۔ اس کے ساتھ والی بلڈنگ کے نیچے گہرے تہہ خانوں کے سبب کام روک دینا پڑا ۔ہمارے لئے ساتھ والی بلڈنگ کو خریدنا ہمارے لئے انتہائی ضروری ہوگیاہے ۔اس بلڈنگ کی مارکیٹ ویلیو پچاس ملین کے قریب ہیں ،ہم اس کے ساٹھ ملین پونڈ بھی دینے پر تیار ہیں۔اگر پرنسز نور ہماری آفر تسلیم کرلیں کیونکہ اس بلڈنگ کی مالک پرنسز نورہیں۔“
نور کے چہرے پر کوئی تاثر نہیں ابھرا ۔نورنے آقا قافا کی طرف دیکھا اور کہا ”دنیا بھر میں میری جتنی بھی جائیداد ہے حتیٰ کہ پوری دھن کوٹ اسٹیٹ تک ۔میں سمجھتی ہوں کہ ان سب کے مالک آقا قافا ہیں ۔اس لئے جب دونوں طرف سارا کچھ آقا قافا کا ہے تو پھرلین دین کی تو کوئی بات رہتی ہی نہیں ۔ہاں میری ایک چھوٹی سی شرط ہے کہ میری نانا اور نانی کی جو جائیداد اور جوبزنسز مجھے ورثے میں ملے ہیں۔وہ تمام آج سے آپ ہی کی کمپنی رن کرے گی اور اس کام کے سلسلے میں جو مناسب سمجھے گی فیس وہ بھی وصول کرے گی “
مان رام نے کہا ”اس بات کی مجھے کتنی خوشی ہوئی ہے آپ اس کا تصور بھی نہیں کرسکتیں کہ آپ بھی آقا قافا کو اسی نگاہ سے دیکھتی ہیں جس طرح میں دیکھتا ہوں۔میری آقا قافا سے ایک چھوٹی سی فرمائش ہے میں اور میرے دوست ان سے کچھ من کی باتیں سننا چاہتے ہیں“آقا قافا بولا ”کب “
”جب آپ مناسب سمجھیں “
”کل کسی وقت “
”کل رات کیا مناسب رہے گی “
آقا قافا نے اٹھتے ہوئے کہا ”تو پھر ہمیں اجازت دیجئے ۔کل رات کو ملاقات ہوگی“
چلتے ہوئے نور نے ایک ٹیلی فون نمبر مان رام کو دیتے ہوئے کہا ”اس نمبر پر پاکستان میں میرے دو ملازم موجود ہیں ۔میں چاہتی ہوں وہ یہاں آجائیں “
مان رام بولا ”بس سمجھ لیجئے کہ پہنچ گئے “
واپسی پر نور نے پوچھا ”کل آپ کیا گفتگو کریں گے “
”جو پوچھیں گے اس کا جواب ذہن میں آیا بول دوں گا “
”مجھے لگتا ہے کل وہاں خاصے لوگ ہونگے “
”سننے والا ایک آدمی ہو یا ہزار ہوں ۔بات تو ایک نے ہی کرنی ہوتی ہے “
نور نے کمرے میں داخل ہوتے ہی فون ملایا دوسری طرف نارو تھی
”جی چھوٹی مالکن ۔“
”کیا حالات ہیں “
”جی ابھی تک انہیں ہمارا سراغ نہیں مل سکا “
”اچھا ۔اسی نمبر پر تمہارے ساتھ کوئی رابطہ کرے گا اور پھرتم دونوں میرے پاس پہنچ جاﺅ گے ۔“
”ٹھیک ہے چھوٹی مالکن ۔اگر کوئی مسئلہ ہوا تو آپ نے اپنا جو نمبر دیا تھا میں اس پر فون کرلوں گی “
اگلے دن شام مان رام انہیں لے کر ایک داخل ہوا ہے۔یہ بہت شاندار اوروسیع و عریض تھا کم ازکم پانچ سو لوگ سامنے بیٹھے ہوئے تھے۔آقا قافا کاکوئی تعارف کرائے بغیر انہیں سٹیج پر کھڑا کردیا گیا۔نور سامنے والی نشستوں پر مان رام کے بالکل ساتھ بٹھائی گئی ۔آقا قافانے کہا
”مجھے نہیں معلوم کہ آپ لوگ کیا سننا چاہتے ہیں ۔ برائے مہربانی بتا دیجئے کہ مجھے کس موضوع پر بات کرنا ہے “
مان رام نے اٹھ کر کہا ”ہمیں بتائیے کہ ہم اپنے من کیسے شانت کریں “
”من کیسے شانت کیا جائے ۔پہلے تو یہ دیکھئے کہ من کیا ہے ۔من دل ہے ، من باطن ہے من اندرہے ،من لاشعورہے ، ۔من روح بھی ہے من نفس بھی ،من ضمیر بھی ہے اور سائیکی بھی ۔
من کے دریا سمندروں سے بھی گہرے ہیں ۔ان کی وسعتیں کوئی نہیں جانتا۔ہر شے اس کے اندر ہے۔چودہ طبق اس میں کسی شامیانے کی طرح ہیں ۔جو من کا محرم بن گیا اس نے بھگوان پالیا ۔ایشور سے تعلق جوڑلیا ۔اللہ کو پہچان لیا۔
آئیے من کی طرف چلتے ہیں۔اُس رستے پر قدم رکھتے ہیں جو باطن کی گہرائیوں کی طرف رواں دواں ہے ۔دیکھئے اردگرد کیا کیا موجود ہے ۔پہلے موڑپرپچھلے ایک سال میں جتنی باتیں جتنے دکھ جتنی حسرتیں جتنی نارضگیاں،جتنی مسرتیں ،جتنے خواب، جتنے خیال، جتنی آرزویں، جتنی تمنائیں، جتنے منظر ،جتنی فلمیں، جتنی کتابیں آ پ کی ہم سفر ہوئیں سب نظر آرہی ہونگی ۔وہ چیزیں جنہیں آپ بھلا چکے ہیں یا نظرا نداز کرچکے ہیں۔جن کی موجودگی غیر موجودگی میں بدل چکی ہے۔وہ سب دکھائی دیں گی
اُس ایک بات کو دیکھئے ، یہ بات بیس تیس سال پہلے ہوئی تھی ،پھر کبھی یاد ہی نہیں آئی ۔اس کی طرف دھیان ہی نہیں گیا ۔وہ بھی پڑی ہے ۔اِس راستے پر تھوڑا سا اور آگے چلئے ،بس چلتے جائیے ،ارد گرد دیکھتے جائیے ۔زندگی کے تمام سالوں کی تمام بھولی ہوئی مردہ باتیں یہاں زندہ ہیں ۔ان میں سے کچھ پھول بن کر کھل رہی ہیں ، کئی عفریت بن چکی ہیں ۔اُدھر دیکھئے من میں آپ کو آتے ہوئے دیکھ کر کئی ڈائینو سار جاگ پڑے ہیں ۔کئی عفریت اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔کئی کھلتی ہوئی کلیوں کو روندتے ہوئے آپ پر حملہ آور ہونے والے ہیں آگے سے کئی بھوت کئی چڑیلیں آپ کی طرف بڑھنے لگی ہیں ،۔آپ نے پیچھے کی طرف دوڑ لگادی ہے ۔
ابھی تم باطن کی میں داخل نہیں ہوئے تھے ۔ابھی تم من کے لاہوت کے دروازے تک بھی نہیں پہنچے تھے ۔یہ من کی کائنات کے باہر کا منظر تھا۔میں سمجھتا ہوں باطن کی وسعت کے سامنے یہ کائنات جس میں ہم رہتے ہیں کچھ بھی نہیں ہے
چلیں ہم نے ہمت کی ،باطن کی طرف بڑھے ۔راستے میں پھرتے ہوئے ناسوروں اور حسرتوں کے عفریتوں کو ہلاک کیا۔گناہوں کی خندقیں عبور کیں ۔گھپ اندھیرے میں دامن ِ عمرسے ڈھونڈھ ڈھونڈھ کر نیکیوں کے لالٹین جلائے اورمن کے دروازے تک پہنچ گئے ۔من کے شہر کادروازہ بند ہے مگر دروازے کے باہر بے پناہ سکون ہے ۔شانتی ہی شانتی ہے ۔آپ نے وہیں ڈیرے ڈال دئیے ۔مگر یہ شانتی اس وقت تک رہتی جب تک کوئی حادثہ نہیں ہوتا ۔کوئی دکھ جنم ہیں لیتا ۔کوئی تکلیف پیدانہیں ہوتی ۔کوئی نقصان نہیں ہوتا۔کوئی روگ نہیں لگتا ۔جیسے ہی کچھ ہوتا ہے ۔عفریت پھر زندہ ہوجاتے ہیں۔پھر اپنی جان بچانے کےلئے آپ کو وہاں سے بھاگ کر واپس آنا پڑتا ہے ۔
یہ سب کچھ کیوں ہوتا ہے ،اس کا سبب صرف اتنا ہے کہ آپ من کوجانتے ہی نہیں ۔باطن سے کبھی ملے ہی نہیں ۔اندر کی طرف کبھی گئے ہی نہیں۔سوچئیے کہ آپ نے کبھی خود سے ملاقات کی ہے ۔اپنے آپ سے ملے ہیں ۔ نہیں کبھی نہیں۔آپ نے اپنی ذات کے ساتھ کبھی وقت نہیں گزارا۔کبھی تنہائی میسر آبھی جائے تو آپ منتر کو جاپنے لگتے ہیں ۔کسی آیت کا ورد کرنے لگتے ہیں ۔بھگوان کی پوجا ہونے لگتی ہے۔ نمازیں ادا کرنے لگتے ہیں۔چرچ میں چلے جاتے ہیں ۔ مناجات میں دل لگالیتے ہیں ۔کسی مقدس شجر پر آنسوئوں کے ستارے ٹانکنے ہیں۔آپ نے ہر اچھی بری شے کے ساتھ وقت گزارا ہوگا۔اپنے ساتھ نہیں ۔نہ کبھی اپنے ساتھ سوئے ہونگے نہ کبھی اپنے ساتھ جاگے ہونگے ۔ہم دراصل ایک طے شدہ معاشرت میں جسم کے طے شدہ اصولوں کے ساتھ رہتے ہیں۔جو ہماری زندگی کو تین حصوں میں تقسیم کردیتے ہیں ، ایک حصہ ہم نے سو کر گزارنا ہونا ہے ۔دوسری حصہ میں ضروریاتِ زندگی کی تلاش پر مبنی ہے ۔تیسرا حصہ اپنی فیملی اپنے دوستوں ،اپنی مسرتوںاور دکھوں میں گزارتے ہیں ۔ہمارے پاس اپنے ساتھ گزارنے کےلئے کوئی وقت ہے ہی نہیں ۔
ہم سے کچھ لوگ من میں اترنے کےلئے اپنے مرشد اپنے گرو کا سہارا لیتے ہیں ۔میں اُس سہارے کی اہمیت سے انکار نہیں کرتا ۔ مگر مرشد یا گرو سے تھوڑی دیر کی ملاقات گرو یا مرشد کے ظاہر ی اعمال سے ہوتی ہے ۔اس سے بھی ذرا سا سکون مل جاتا ہے مگرباطن میں اترنے کےلئے توآپ نے مرشد یا گروکے وجدان میں جھانکنا ہے ۔یہ وہ ملاقات ہے یہ گرو کا وہ دیدار ہے جس کے بارے میں میرے مرشد کا فرمان ہے کہ مرشدکادیدار میرے لئے کئی لاکھ کروڑ حج کرنے کے برابر ہے ۔آپ کو یہ تو اندازہ ہوگا کہ باطن کے راستے میں کون حائل ہے ۔ سب سے بڑی رکاوٹ کون ہے ۔اصل قصہ یہ ہے کہ وہ رکاوٹ ہمیں اتنی اچھی لگتی ہے اتنی پسند ہے کہ ہم اس سے منہ نہیں موڑ سکتے ۔ وہی ہماری محبوبہ ہے ۔وہی ہمیں سب سے عزیز تر ہے ۔ہم اسی کے ساتھ زندہ رہتے ہیں اور اسی کے ساتھ مرجاتے ہیں ۔ہماری اُس محبوبہ کا نام دنیا ہے ۔میرے مرشد کا کہا تھا کہ آدھی لعنت دنیا پر اور ساری لعنت دنیاداروں پر ۔ہم سب دنیا دار ہیں ۔ہم اپنے باطن میں کیسے داخل ہوسکتے ہیں ۔یہ دنیاماہواری کے مردہ خون کی طرح ہے جو پاک نہیں ہوسکتامگر ہم اسے دھونے کی کوشش کرتے رہتے ہیں ۔اسے پاک کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔اس سے نجات حاصل کرنے کی کوشش نہیں کرتے اور تو اور ہم عبادت بھی دنیا کےلئے کرتے ہیں ،پوجا بھی دنیا کےلئے کرتے ہیں ۔لکشمی دیوی کے پاس جاتے ہیں کہ دولت ملےگی ۔داتا دربار پر جاتے ہیں کہ علی ہجویری اللہ سے ہماری سفارش کرے گا اور ہمارے گھر کے حالات بدل جائیں گے ۔ہمارے دکھ ختم ہوجائیں گے ہمیں سکھ ملے گا ہمیں خوشی نصیب ہوگی ۔ہم مکہ اور مدنیہ جا کر دنیا میں بہتری کی دعائیں مانگتے ہیں ہم کاشی اوردُرگاہ بھی اپنی خواہشوں کی تکمیل کےلئے جاتے ہیں ۔ہم مندروں ، مسجدوں ، سیناگاگوں ، کلیسائوں میں بھگوان ،اللہ یاگارڈ کےلئے نہیں اپنے لئے جاتے ہیں۔دنیا کےلئے جاتے ہیں۔ہمیں صرف اپنے سکھ سے مطلب ہے ۔ہمیں صرف اس دنیا کی خوبصورت زندگی چاہئے ۔
آپ نے مجھ سے من کی شانتی کا پوچھا ہے ۔من کو کیسے شانتی ملے ،من کے ساتھ رابطہ ،کوئی واسطہ کوئی تعلق ،کچھ بھی نہیں ، آپ من کبھی اترے ہی نہیں ،آپ نے ہمیشہ اپنے من میں بری بری چیزیں پھینکی ہیں ، جو کچھ آپ کرتے ہیں اُس من کو شانتی نہیں مل سکتی ،باطن پُرسکون نہیں ہوسکتا ۔من کی شانت کرنے کےلئے ہمیں من کے شہر کا بند دروازہ کھولنے کی ضرورت ہے ۔یہ دروازہ کھولنے کےلئے دوچیزیں تیاگنی انتہائی ضروری ہیں۔ ایک لالچ اور دوسرا خوف ۔کچھ حاصل کرنے کا لالچ اور کچھ چھن کا خوف ختم ۔جب نہیں ہونگی یہ دونوں چیزیں ختم ہوں گی آپ کو وہ کوڈ وہ اسم اعظم نہیں ملے گا جس سے من کے شہر کا دروازہ کھلتا ۔اس تیاگ کے بعد دنیا کے معاملات تو بہت پیچھے رہ جاتے ہیں۔ جنت و دوزخ کا لالچ اور خوف بھی ختم ہوجاتا ہے ۔
یقینا آپ سوچ رہے ہونگے کہ باطن کے شہر میں کیاہے ۔جس کے حصول کےلئے جنت بھی کوئی شے نہیں۔ یقینا وہ جنت سے کئی کروڑ گنا زیادہ خوبصورت ہے ۔جو جمال وہاں ہے اس کا انسانی ذہن تصور نہیں کرسکتا۔
باطن کا دروازہ کھولنے میں جب ہم کامیاب ہوجاتے ہیں ۔تو ہمیں وہ باتیں یاد آجاتی ہیں جو ہم نے ماں کے پیٹ میں سنی تھیں ۔ہم جیسے جیسے باطن میں آگے بڑھتے ہیں ہم اپنے ماں باپ کی گزاران سے آگاہ ہوتے چلے جاتے ہیں۔اب یہ صرف ہمارا باطن نہیں ہوتا اس سے کروڑوں باطن بھی جڑے ہوتے ہیں۔یعنی ہم اجتماعی لاشعور میں داخل ہوجاتے ہیں ۔ یہ سفر ہمیں ہزاروں سال پیچھے لے جاسکتا ہے ۔جب ہم اس سفر کی انتہا تک پہنچتے ہیں تو ہم روحِ کل میں شامل ہوچکے ہوتے ہیں اور یہ وہ لازوال مسرت ہے جو ازل سے پہلے تھی اور ابد کے بعد بھی موجود رہے گی ۔
میں جانتا ہوں باطن کی شانتی کا یہ سفر آپ لوگوں کے لیے ممکن نہیں ۔آپ نے سادھو نہیں بننا ۔آپ ولایت کے منصب فائز نہیں ہونا چاہتے۔آپ کو تو ایسی شانتی چاہئے جس دنیا وی فائدہ ہو۔جس سے آپ کے کام کرنے کی صلاحیت بہتر ہو ۔جو آپ کو اچھی اور گہری نیند سلا سکے ۔جو آپ کو ڈپریشن کے تاریکیوں میں اترنے سے محفوظ رکھے ۔اس سکون کے لیے اس شانتی کےلئے میرے نزدیک سب سے بہتر راستہ اپنے مرشد یااپنے گرو کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزاریں ۔
ایہہ تن میرا چشماں ہو وے مرشد ویکھ نہ رجاں ہو
لوں لوں دے مڈھ لکھ لکھ چشماں ہِک کھولاں ہِک کجاں ہو
اِتئیاں ڈِٹھیاں صبر نہ آوے ہور کِتے ول بھجاں ہو
مرشد دا دیدار ہے باہو لکھ کروڑاں حجاں ہو
آقا قافا نے گفتگو ختم کی تو ایک شخص نے اٹھ کر کہا
’’مجھے فاروق منور کہتے ہیں میرا سوال ہے کہ ہماری جدید تہذیب آپ کیسے دیکھتے ہیں ۔ہماری یہ تہذیب جو اِس وقت پوری دنیا پر حکمران ہے ۔‘‘
آقاقافا بولے ’’یہ کوئی زیادہ پرانی بات نہیں جب سرمایہ دارانہ تہذیب نےاپنے چہرے پر نئی پلاسٹک سرجری کرائی تھی اور نئے خدو خال کے ساتھ تاریخ کے سکرین پر نمودار ہوئی تھی۔ بڑے عظیم اور دانشورانہ دعوےتھے۔یقیناًوہ اس یقین کے ساتھ زیرو گراونڈ پر آئی تھی کہ انسانیت کے تمام زخموں کی بیڈج اس کے پاس ہے وہ ہر درد کی چارہ گری کرے گی۔اس نے ہر کرب کی مسیحائی سیکھ لی ہے۔وہ انسان کے سینے میں طمانیت بھر دے گی۔پریشان حال ذہن کو امن وسکوں سے ہمکنار کر دیگی۔ دنیاکی خوبصورتی کواپنے خوبصورت تر عمل سے
خوبصورت ترین بنادے گی۔ انسان کی اجتماعی سوچ نے گڈمارننگ کہتے ہوئے اس تہذیب سے مصافحہ کیا۔بے شک اس تہذیب کے ماتھے پربے مثال مادی ترقی کی صبحیں درج تھیں اور اس کا اعلان تھا کہ عالمِ انسانی میں اب رات کی سپرمیسی ختم ہوجائے گی۔اندھیرا کہیں نہیں رہیگا ہر طرف لائٹس ہوگی ، نور ہوگا اور انسان رو شنیوں کا سفر شروع کر یگااور اس کے ہر قدم پر ایک کہکشاں ہوگی مگر ہم نے دیکھ لیا کہ اس تہذیب نے ایک ہی صدی میں انسانیت کو دوعالمی جنگوں کے دوزخ میں جھونک دیا ، اس کے بعد بھی اسکی قہرمانی ختم نہ ہوئی اور آج تک کسی نہ کسی زمین پرجہنم کے شعلے انسانی آبادیوں کو راکھ کرتے چلے آرہے ہیں۔درد کی یہ مسلسل فلم بڑی خوفناک ہے۔ہیروشیما اور ناگاساکی سے لے کر ہولوکاسٹ کے ایپی اسوڈ تک اس میں ایسے ایسے سین موجود ہیں جنہیں ایک بار بھی دیکھا نہیں جا سکتا۔اس
تہذیب نے بلا شبہ اْس سائنس کو بھی رواج دیا جس نے شہر جگمگا دئیے۔فاصلوں کو کھینچ لیا۔دنیا مٹھی میں سمیٹ دی۔عمر میں اضافہ کیا۔ بیماریوں کے علاج دریافت کئے۔ انسان کو آسانیاں اور سہولیات عطا کیں۔ مشینوں نے قوتِ کار میں بے پناہ اضافہ کیا زرعی پیداوار اور صنعتی پیداوار کے اضافے نے زمانہ بدل دیالیکن دوسری طرف اسی سائنس نے ہلاکت خیزیوں میں بھی بے پناہ اضافہ کیا۔ انتہائی خطرناک جنگی سامان بنا یاگیا، ہائیڈروجن بم اور ایٹم بم جیسی اندھی قوتوں کا رواج ہوا اور آدمی آدمی کے شکار میں بہت زیادہ بے باک ہوتا گیا۔ اکیسویں صدی کا آغاز بڑی روشن امیدوں کے ساتھ ہوا تھا انسان کا خواب تھا کہ اب بہت زیادہ حکمت و دانش آگئی ہےقومیں تعلیم یافتہ ہوگئی ہیں پہلے کی سی جہالت اور ہوس زرگری کے مظاہرے نہیں ہونگے مگر اسکی ابتداء ہی بڑے خونی حادثات سے ہوئی دہشت گردی عام ہوئی ، ورلڈ ٹریڈ سنٹر ہی پر موقوف نہیں دنیا کے ہر گوشے میں تباہی کا بازار گرم ہواامریکہ جیسے انتہائی مہذب اور ترقی یافتہ ملک نے یوروپ اور باقی دنیا کی قوموں کو پکارا اور سب غیظ و غضب میں بےسوچے سمجھے افغانستان اور عراق پر ٹوٹ پڑے اور جو حشرسامان ہلاکت خیزیاں ہوئیں یا ہورہی ہیں ان کا کیا ذکر کروں کیونکہ یہ تو روزمرہ کا معمول ہیں کوئی آدمی اپنے گھر بیٹھ کر بھی کسی لمحے اپنے آپ کو محفوظ خیال نہیں کرتا۔ٹیلی ویژن کی شریانون سے لہو بہہ کر ڈرائنگ روم کے کارپٹ کا سیاناس کردیتا ہے ۔ ان ہلاکت خیزیوں کے اسباب کچھ بھی ہوں ایک چیز سےانکار نہیں کیا جاسکتا کہ کہیں کوئی بنیادی خرابی رہ گئی ہے ،اس تہذیب کے قصر کی اساس میں کوئی اینٹ ٹیڑھی رکھدی گئی ہے کہ عمارت ثریا تک پہنچ گئی مگر اسکی کجی ہر دیکھنے والی آنکھ کو چبھ رہی ہے ۔‘‘
ایک اور شخص نے اٹھ کر سوال کیا ’’کیا میں آپ سے آپ کی قومیت اور مذہب کے متعلق پوچھ سکتا ہوں ‘‘
آقاقافا بولے ۔’’کیوں نہیں ،میراوطن کائنات ہے ۔ میری قومیت آدمیت ہے۔ میرا مذہب انسانیت ہے۔میری زبان محبت ہے ۔۔ میں ایک انسان ہوں ۔صرف انسان اور ہرانسان کو آسودہ دیکھنا چاہتا ہوں
تقریب کے اختتام پر دونوں واپس ہوٹل میں پہنچ گئے ۔نور ابھی آقا قافا کے کمرے میں کچھ دیر اور بیٹھنا چاہتی تھی مگر آقا قافا نے یہ کہہ کر اسے اپنے کمرے میں بھیج دیا کہ میں تھوڑی سی عبادت کرلوں۔وہ کمرے سے نکلی ۔آقا قافا نے لاک لگایا اور آقا قافا التی پالتی مار کر بیٹھ گیا ابھی چند ہی لمحے گزرے تھے کہ خود بخود دروازہ کھلا اور سادھو بابا کمرے میں آگئے ۔آقا قافا اٹھ کھڑا ہوا ۔سادھو بابا اس کی کمر تھپتھاتے ہوئے بولے ”بہت اچھے بولے ہو “
”آپ بھی سن رہے تھے “
”ہاں میں وہاں موجود تھا ۔اچھا سنو ۔آج کی رات تمہاری زندگی کی اہم ترین رات ہے ۔آج میں نے تمہارے دماغ میں پڑی ہوئی تمام گرہیں کھولنی ہیں۔آج سے خود بخود ان تمام سوالوں کے جواب مل جائیں گے۔جو تم مجھ سے اکثر پوچھا کرتے ہوکہ میرے ماں باپ کون ہیں، کہاں ہیں وغیرہ وغیرہ۔پیدائش لے کر آج تک۔ہروہ عمل جس میں سے تم گزرے وہ تمہیں یاد آجائے گا۔میں چاہوں گا کہ میرے جانے کے بعد تم ایک طویل عرصہ اپنے ساتھ گزارو ۔اپنے اندر ایک بار کھوجو۔تاکہ تمہارے یادداشت تازہ ہو ۔پھر تم نے اپنے اصل سے ملنا ہے۔وہ یہیں ہے اور ایک مخصوص وقت تک اس سے جدا رہنا ہے پھر اسی میں مل کراس تجربے کو کامیاب کرنا ہے جس کی انسانی تاریخ میں کوئی مثال موجود نہیں۔ تمہارا اصل کا نام منصور آفاق ہے ۔وہ بریڈفورڈ میں مقیم ہے ۔“اور پھر سادھو بابانے ایک کھڑکی کھولی ۔جس میں ایک نوجوان لیونگ روم میں بیٹھا ہوا ٹیلی ویژن پر کچھ دیکھ رہا تھا ۔وہ میں تھا۔سادھو بابا نے آقا قافا سے کہا ”اسے غور سے دیکھ لو تاکہ تمہیں پہچاننے میں دقت نہ ہو “آقا قافا بولا ”اب یہ چہرہ مجھے نہیں بھول سکتا “سادھو بابا نے وہ کھڑکی ختم کردی اور آقا قافا سے کہا ”یہاں لیٹ جاﺅ۔“آقا قافا قالین پر لیٹ گیا ۔سادھو بابا نے ہاتھ کی انگلی اس کے اردگرد کچھ پڑھتے ہوئے سات دائرے بنائے پھراس کی طرف پھونک ماری ۔اور کہا ”تم سو رہے ہو “تم گہری نیند میں چلے گئے ہو ۔تقریباً ایک گھنٹہ سادھو بابا سوئے ہوئے آقا قافا پر مختلف عمل کرتا رہا ۔پھر اسے ہاتھوں پر اٹھا کر بیڈ پر لٹا دیا اور اس کے ماتھے پر الوداعی بوسہ دے کر کمرے سے نکل گیا۔
دروازے پر بہت تیز دستک نے آقا قافا کی نیند میں خلل ڈالا ۔ آقا قافا اٹھا اس نے اٹھ کر دروازہ کھولا سامنے نور کھڑکی تھی ۔نور بولی ۔”میں صبح سے تیسری بار دستک رہی ہوں آج آپ لگتا ہے ۔ وہ بہت گہری سو ئے تھے ۔ “آقا قافا نے پوچھا”کیا ٹائم ہو گیا ہے ۔ “نور بولی ”ایک بج رہا ہے ۔آپ نے ناشتہ نہیں کیا ۔چلیں چل کر لنچ تو کرلیں “آقا قافا نے کہا ”آپ بیٹھیں میں بس تیارہوا“اور وہ باتھ روم کی طرف بڑھ گیا۔
لنچ کرتے وقت صنم بھی پہنچ گئی اور اسے کہا ”میں چاہتا ہوں کہ نور اور میں بریڈفورڈ میںرہیں ۔وہی مکان جس میں گئے تھے ۔اسی میںہمارا قیام مناسب رہے گا۔ تم نور کو ساتھ لے کر بریڈفورڈ چلی جاﺅ میں ایک دو دن تک تمہارے پاس پہنچ جاﺅں گا “ نور نے پوچھا ”آپ کہاں جارہے ہیں “آقا قافا بولا ”میں تھوڑا سا وقت اپنے ساتھ گزارنا چاہ رہا ہوں “
وہ ڈائینگ ہال سے اٹھے۔ صنم نور کے ساتھ اس کے کمرے میں چلی گئی آقا قافا اپنے کمرے میں داخل ہوا اور پھر اگلے لمحے وہ ہمالہ کے پہاڑوں میں اپنی غارکے اندر موجود تھا۔اس نے کچھ راون کو پیار کیا اور پھر اسی چٹان پر التی پالتی مار کر بیٹھ گیا اور اپنے ماضی پر غور کرنے لگا ۔وہ باتیں جن پر غور کرتے ہوئے پہلے ذہن میں سناٹے گونجنے لگتے تھے۔ آج اسے وہ سب مناظر آئے ۔ماں باپ بہن بھائی ، بچپن کے سب واقعات ایک ایک کر کے آنکھوںسے گزرنے لگے ۔اسے آج پہلی مرتبہ احساس ہوا کہ اس کا نام آقا قافا نہیں منصور آفاق ہے ۔ آقا قافا اس کا نام سادھو بابا نے رکھا تھا۔آقا قافا کئی گھنٹے اپنے ماضی کو دیکھتا اور سوچتا رہا ۔پھر اس نے پرواز کی اور میانوالی پہنچ گیا۔سب سے پہلے قبرستان میں جا کر اس نے اپنی والدہ ،والد ایک بھائی اور ایک بہن کی قبر پر فاختہ پڑھی اور پھران قبروں کے قریب سلطان ذکریا کے مزار چلا گیا کافی دیر مزار کے اندر رہا ۔اس مزار میں ایک لمبی قبر تھی اس کی لمبائی تقریباً پچیس تیس فٹ ضرور ہوگی ۔پھر آقا قافا اس قبر کے اوپر لیٹ گیا اور اس نے دعوت پڑھنے کا عمل کیا ۔یہ عمل کشف القبور میں صاحب ِ قبر کے ساتھ ہمکلام ہونے کے لیے پڑھا جاتا ہے ۔یکایک آقا قافا کی آنکھیں چندھیا گئیں وہ ایک ایسی جگہ آگیا جہاں روشنی ہی روشنی تھی ۔نور ہی نور تھا ۔اسے ایک بزرگ دکھائی دیا۔بزرگ آقا قافا سے کہا ”ہاں بچے کیسے آئے ہو “آقا قافا بولا ”آپ کی قبر دیکھ کر میں تجسس میں مبتلا ہوگیا تھا کہ یہ اتنی لمبی کیوں ہے ۔“بزرگ بولے ”میرے ساتھ میرے نیزے کو بھی دفن کیا گیا تھا “آقا قافا نے کہا ”مگر آپ تو ایک فقیر تھے فقیروں کا نیزوں سے کیا واسطہ “
”جو مجاہد نہیں ہوتا وہ فقیر نہیں ہوسکتا ۔فقیر صرف اپنے اندر مجاہدہ نہیں کرتا اسے اپنے باہر بھی مجاہدہ کرنا ہوتا ہے “
”مگرزیادہ تر فقیروں نے صرف محبت کی زبان سے سچائی پھیلائی ہے “
”بنیادی مقصد سچائی کافروغ ہے اور اس کے لیے محبت کی زبان سب سے بڑا ہتھیار ہے لیکن کچھ ابوجہل بھی ہوتے ہیں جن کے لیے تیزوں اور تلواروں کی ضرورت پڑتی ہے “بزرگ کی یہ بات سن کر آقا قافا نے کہا ”مجھے کوئی نصیحت کیجئے “ بزرگ بولے”اپنے مرشد سلطان باہو سے اجازت لئے بغیر آئندہ کسی مزار پر دعوت مت پڑھنا۔میں نے تمہاری والدہ اور تمہارے بھائی کے سبب تمہیں ملاقات کا وقت دیا ہے ۔تمہاری والدہ بڑی نیک خاتون تھیں ۔بارگاہ ایزدی میں انہیں بڑے بلند درجات حاصل ہیں اور تمہارا بھی بڑا صاحبِ مرتبہ نوجوان تھا اس سے میری اکثر ملاقات رہتی ہے “
آقا قافا مزار سے باہر نکل آیا اس کے چاروں طرف قبریں ہی قبریں تھیں ۔تھوڑا سا شہر کی طرف چلا تو اس کی نظر ایک قبر کے کتبے پر پڑی اس پر لکھا ہوا تھا ”حضرت عطامحمد (مجذوب )اور اسے عطو مجذوب یاد آگیا ”اس کے ہونٹوں میں خود بخود وہ گیت گونجنے لگا جو عطو مجذوب سڑکوں چلتے ہوئے زور زور سے گایا کرتا تھا۔
لوک کریندن اللہ اللہ
میں آکھاں میاں محمد بخش
یا میاں محمد بخش یا میاں محمد بخش
پھر اسے یاد آیا اس مشرکانہ گیت پر اسے کتنی تکلیف ہوتی تھی ۔وہ سوچتا تھا کہ قیامت کے روز بارگارہ ایزدی میں اس گیت کے سبب عطو مجذوب کو تو جو سزا ملے گی ملے گی ۔میاں محمد بخش بھی اللہ کے حضور اسی گیت کی وجہ سے شرمندہ ہونگے ۔جب مجھے پہلی محبت میں ناکامی ہوئی تو ایک دوست کے کہنے پر عطو مجذوب کے پاس دعا کےلئے گیا تو وہ اس کی کار میں بیٹھ گیا اور کہا”چل مجھے کھڑی شریف لے جا “پانچ گھنٹوں کے مسلسل سفر کے بعد آقا قافا کی کار میاں محمد بخش کے دربار پر پہنچی ۔ ابھی جا کر مزارات پر دعا مانگی تھی کہ عطو نے کہا ”چل واپس چلیں “آقا قافا نے اسے سمجھانے کی بہت کوشش کی کہ رات ہوچکی ہے ۔میں بہت تھک چکا ہوں ۔ کوئی سونے کی جگہ ڈھونڈتے ہیں ۔کل واپس جائیں گے ۔مگر وہ آکر کار میں بیٹھ گیا اور سختی کے ساتھ کہا کہ گاڑی چلاﺅ ۔آقا قافا نے کار اسٹارٹ کی اور اس نے قرآن حکیم کی تلاوت شروع کردی۔وہ اتنی خوش الحانی سے سورة رحمان کی تلاوت کرنے لگا کہ آقا قافابس تلاوت میں گم ہو کر رہ گیا تقریباً ایک گھنٹہ تک اسے صرف تلاوت سنائی اور دکھائی دیتی رہی ۔اچانک عطونے تلاوت ختم کی اور آقا قافا کویاد آیا کہ وہ تو کار چلا رہا ہے اس نے سڑک کی طرف دیکھا اپنے ارد گرد نظر ڈالی تو پریشان ہوگیا کیونکہ وہ میانوالی پہنچ چکا تھا۔یہ عطو مجذوب کی ایک ایسی کرامت تھی جس نے اس کے بارے میں مشہور تمام حکایاتوں کی تصدیق کردی کہ لوگ جو کہتے ہیں وہ کہانیاں نہیں حقیقت ہے ۔عطو مجذوب نے پھرہی گیت گانا شروع کردیا تھا۔لوک کریندن اللہ اللہ ۔میں آکھاں میاں محمد بخش ۔
آقا قافا نے اسے بڑے احترام کے ساتھ کہا ”یہ جوآپ گیت کاتے ہیں یہ بڑا مشرکانہ ہے تو وہ آہستہ بولا ”تم نہیں جانتے یا محمد بخش یا ہو یا خدا ہے یا محمد ہے یا علی ہے یا حسین ہے “آقا قافا اورپریشان ہو گیا اور اس نے کہا ”آپ نعوذباللہ میاں محمد بخش کو خدا کہہ رہے ہیں رسول کہہ رہے ہیں ۔علی مرتضیٰ قرار دے رہے ہیں انہیں امام حسین کہہ رہے ہیں ۔عطو نے اس کی بات کا جواب دینے کی بجائے غصے سے کہا ”گاڑی روکو “اس نے بریک لگائی عطو نے فوراً دروازہ کھولا اور باہر نکل کر قریب کی ایک گلی میں مڑ گیا ۔
آقا قافا گھر گیا اور اپنے بڑے بھائی کو یہ سارا قصہ سنایا یہ وہی بھائی مرحوم بھائی تھے جن کاذکر ابھی سلطان ذکریا نے کیا تھا ۔اس کے بھائی نے اس کی بات سنی ان سنی کردی اور کہا میں اس پر پہلے غور کرچکا ہوں کہ اس گیت کا مفہوم کیا ہے ۔ تم علم اعداد کے بارے میں جانتے ہونا یہ سارا علم اعداد کا چکر ہے ۔علم اعداد کی رو سے میاںعدد بھی گیارہ ہیں محمد عدد بھی گیارہ ہیں بخش کے عدد بھی گیارہ ہیں یا کے عدد بھی گیارہ ہیں علی کے عدد بھی گیارہ حسین کے عدد بھی گیارہ ہیں ہو کے عدد بھی گیارہ ہیں ۔ غور کر میاں کے عدد ایک سو ایک بنتے ہیں یعنی گیارہ۔ محمد کے عدد بانوے ہیں یعنی نو اور دو گیارہ ۔بخش کے عدد نو سے دو بنتے ہیں یعنی وہی گیارہ ۔یا میاں محمد بخش میں چار مرتبہ گیارہ آتا ہے ۔گیارہ کے عدد کی جلوہ گری میں محمد اور علی کے تعلق پر غور کرو محمد کے عدد بانوے یعنی گیارہ علی کے عدد ایک سو دس یعنی گیارہ ۔محمد کی میم اور علی کی عین کا ملایا جائے تو پھر ایک سو دس بن جاتے ہیں یعنی گیارہ حمد اور لی کو ملایا جائے تو پھر بانوے بن جاتے ہیں وہی گیارہ۔یوں یا میاں بخش میں یا محمد بھی آتا ہے یعنی علی ۔ہو کے عدد بھی گیارہ ہیں اس لئے یاہو بھی شامل ہے۔ خدا کے عدد بھی گیارہ ہیں ۔ خالق کے عدد بھی گیارہ ہیں ۔رزاق کے عدد بھی گیارہ ہیں۔ مکہ کے عدد بھی گیارہ ہیں کرسی کے عدد بھی گیارہ ہیں قل ہواللہ احد میں دو مرتبہ گیارہ آتا ہے ۔اس آیت کے حروف بھی گیارہ ہیں۔آقا قافا خیالوں کی دنیا سے نکل آیا اس نے عطو مجذوب کی قبر پر فاتحہ خوانی کی اور آگے بڑھ گیا۔تھوڑا سا چلا تو ایک چوک آگیا ایک کونے مویشیوں کا میلہ لگا ہوا تھا ۔سامنے سیدھی سڑک بازار کی طرف جاررہی تھی ۔وہ وہاں بائیں طرف مڑ گیا ۔اسے یاد تھا کہ یہ سڑک گھر کی طرف جاتی ہے ۔تھوڑ سا چلا تو پھر ایک چوک آگیا دائیں طرف والے دوسرے کونے پر عید گاہ کی عمارت تھی جس میں خاصی تبدیلیاں رونما ہوچکی تھیں ۔وہ وہاں سے دائیں طرف مڑا اور پھر چلتے چلتے اپنے گھر کے دروازے پر پہنچ گیا ۔اسے سامنے جامعہ مسجد کا اکلوتا اونچا مینار دکھائی دے رہا تھا۔
آقا قافا نے اپنے گھر کے دروازے پر دستک دے دی ۔بڑے بھائی نے دروازہ کھولا اور پوچھا ”جی کس سے ملنا ہے “آقا قافا کو فوراًخیال آیا شکل و صورت میں تو وہ منصور آفاق جیسا نہیں اس لئے گھر والے اسے کیسے پہچان سکتے ہیں اس نے کہا ”مجھے منصور آفاق سے ملنا ہے “تو بڑے بھائی بولے ”آپ کون ہیں کیا آپ کو علم نہیں کہ وہ برطانیہ میں مقیم ہیں ۔آقا قافا بولا ”سوری دراصل بہت عرصہ پہلے امریکہ چلا گیا ہے ابھی واپس آیا ہوں ۔ منصور میرا دوست ہوا کرتا تھا ۔میں نے سوچا اس کا پتہ کروں ۔کیا مجھے اس کا فون نمبر مل سکتا ہے “بڑے بھائی اسے بیٹھک میں بٹھا یا ۔زبردستی چائے پلائی کہ تم منصور دوست ہو اور پھر یوکے کا فون نمبر بھی دے دیا۔
آقا قافاکی کیفیت بڑی عجیب تھی وہ جس جگہ بیٹھا تھا وہیں وہ بڑا ہوا تھا اسی بیٹھک میں اس نے سینکڑوں رات دوستوں کے ساتھ جاگ کر گزاری تھیں ۔اس نے دیوار پر لگی ہوئی اپنے ابو کی تصویر دیکھی اس کا جی چاہا کہ جا کر اس تصویر کو چوم لوں مگر رک گیا کہ بھائی جان کیا کہیں گے ۔اسے ہر شے سے اپنی خوشبو آرہی تھی ۔وہی فرنیچر تھا۔ وہی کتابیں شیلف میں پڑی تھیں ۔حتی کہ دس سال پرانا وہی نمک کا بنا ہوا ایش ٹرے میز پر پڑا تھا جسے وہ کالاباغ سے خرید کر لایا تھا۔اس بیٹھک میں زندگی رکی ہوئی تھی ۔یعنی کوئی تبدیلی نہیں آتی تھی ۔
وہ بہت افسردہ بہت غمگین گھر سے نکلا۔اور بلو خیل روڈ پر چلنے لگا۔ عصر کی نماز کا وقت ہورہا تھ وہ جامع مسجد میں داخل ہوا با جماعت نماز پڑھی۔بہت سے جانے پہچانے چہرے دکھائی دئیے مگر آقا قافا سب کےلئے اجنبی تھا۔کسی نے اس کی طرف توجہ نہیں دی ۔وہ مسجد سے نکلا اسے دائیں طرف گرلز ہائی سکول دکھائی دیا ۔جہاں اس کی امی ٹیچر تھیں ۔قدموں کے ساتھ ساتھ یادوں کی فلم بھی چل رہی تھی ۔چلتے چلتے وہ کمیٹی چوک میں پہنچ گیا۔ وہاں وہ پھر رک گیا اس کی نظر ٹاون ہال کی طرف اٹھی ۔وہ چلتا ہوا ہال کے دروازے کے پاس آکھڑا ہوا۔اسے بیڈمینٹن کورٹ دکھائی دیا۔یہاں وہ بیڈمینٹن کھیلا کرتا تھا۔کمیٹی چوک سے وہ دائیں طرف ریلوے روڈ پر چلنے لگا۔ ریلوے اسٹیشن پر پہنچ گیا۔وہ بھی ویسا ہی تھا۔شاید ماڑی انڈیس ٹرین گزر چکی تھی ۔اس لئے ویران ہو چکا تھا ۔پلیٹ فارم پرایک سکوت مضمحل پھیلا ہوا تھا ۔آقا قافا پلیٹ فارم کے ایک بنچ پر بیٹھ گیا،آج پہلی بار اسے اپنا ادھورا لگ رہا تھا۔
فہرست پر واپس